Tag: پاکپتن

  • پاکپتن میں انسانی جانوں سے کھلواڑ: غلط خون چڑھانے سے بچی جاں بحق، اتائی ڈاکٹر گرفتار

    پاکپتن میں انسانی جانوں سے کھلواڑ: غلط خون چڑھانے سے بچی جاں بحق، اتائی ڈاکٹر گرفتار

    پاکپتن: پنجاب کے ضلع پاکپتن میں انسانی جانوں سے کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے، آج ایک اتائی ڈاکٹر نے غلط خون چڑھا کر 8 سالہ بچی کو جان سے مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں نجی اسپتال میں غلط خون چڑھائے جانے سے ایک بچی کی جان ضائع ہو گئی، اے آر وائی کی خبر پر اتائی ڈاکٹر عمران کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پاکپتن میں دو دن میں صحت کے اداروں کی غفلت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گزشتہ روز بھی دل کی مریضہ علاج نہ ہونے کے باعث دم توڑ گئی تھی۔

    آج ایک نجی اسپتال میں آٹھ سال کی آرزو فاطمہ کو غلط خون چڑھا دیا گیا جس کے باعث وہ اپنی جان سے گئی، اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا۔

    نجی اسپتال کے اتائی ڈاکٹر عمران کو پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس نے بچی کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ چک بیدی میں درج کرلیا۔

    شناختی کارڈ کا تقاضا:  لڑکی نے ویل چیئر پر دم توڑا


    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اٹھارہ سالہ لڑکی ویل چئیر پر تڑپتی رہی، جب کہ اسپتال انتظامیہ پرچی اور شناختی کارڈ کا تقاضا کرتی رہی، دل کی مریضہ کا علاج ایک گھنٹے بعد شروع کیا گیا جس کے باعث وہ دم توڑ گئی۔

    دوسری طرف انتظامیہ ورثا پر مصالحت کے لیے دباؤ ڈالتی رہی، موت کے بعد علاج کے کاغذات پر زبردستی انگوٹھے لگوائے، اے آر وائی نیوز کی رپورٹ پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا۔

    تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ بھجوا دی ہے، ڈی سی کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، عملے اور ورثا کے بیانات بھیجوائے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کسی کو بھی ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا، انتظامیہ نےاسپتال عملے کو بچانے کے لیے گول مول رپورٹ بھجوائی، اسٹریچر یا ایمبولینس نہ دینے پر کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کسی اہل کار کے خلا ف کارروائی کی سفارش بھی نہیں کی گئی۔

  • چیف جسٹس پاکستان کی دربار بابا فرید آمد، ملک کے لئے خصوصی دعا

    چیف جسٹس پاکستان کی دربار بابا فرید آمد، ملک کے لئے خصوصی دعا

    پاکپتن: چیف جسٹس پاکستان نے دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور ملک کیلئے خصوصی دعا کی جبکہ قدیمی مسجد اولیا میں نوافل ادا کئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاکپتن میں اپنی فیملی کے ہمراہ دربار حضرت بابا فرید پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور قدیمی مسجد اولیاء میں نوافل بھی ادا کیے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیم بنانے نکلے ہیں، دعا کیجئے گا میں ڈیم بنانے میں کامیاب ہوجاؤں۔

    چیف جسٹس اور ان کی فیملی کو محکمہ اوقاف کی طرف سے تبرکات بھی پیش کیے گئے۔

    ان کی پاکپتن میں آمد کی خبر سن پر شہری دربار کے باہر جمع ہو گئے، اس موقع پر صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری اظہر محمود نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شدید احتجاج کرتے ہوئے دربار بابا فرید کے شرقی گیٹ کی بندش کے متعلق چیف جسٹس کو آگاہ کیا کہ اس گیٹ کے بند ہونے کے باعث تاجر مالی خسارے سے دوچار ہیں، انہوں نے گیٹ کھولنے کا مطالبہ کیا۔

    دوسری جانب دیوان فیملی اور محکمہ اوقاف کی 72 مربع اراضی کے متاثرین نے اویس عابد کی قیادت میں احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ دیوان فیملی سے یہ 72 مربع زمین خریدی گئی جس کو سپریم کورٹ نے غیر فعال قرار دیا ہے ، جس سے آدھے شہر کی آبادی مالکانہ حقوق سے محروم ہو گئی۔

    چیف جسٹس نے ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کروائی اور متاثرین سے فائل بھی موصول کی۔

    گوجرانوالہ سے آئی خاتون اختر سلطانہ نے روتے ہوئے درخواست کی کہ گوجرانوالہ پولیس نے اس کے بھائی کو جھوٹے قتل کے مقدمہ میں ملوث کیا، جس پر چیف جسٹس نے خاتون کا فون نمبر لے لیا۔

    بعد ازاں چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار ملتان روانہ ہوگئے۔

  • مسلم لیگ ن کے رہنما نے پارٹی کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے پارٹی کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا

    پاکپتن: مسلم لیگ ن کے رہنما سردار منصب ڈوگر نے پارٹی کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سردار منصب ڈوگر نے حلقہ این اے  145 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مسلم لیگ کی جانب سے ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث اپنی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ٹکٹ کروڑوں روپے کے عوض فروخت کیے جارہے ہیں،  پارٹی کے ساتھ 25 سال گزارے مگر اُس کا صلہ نہیں دیا اور اعلیٰ قیادت نے دوسرے لوگوں کو ٹکٹ دے دیا۔

    مسلم لیگ ن کی جانب سے منصب ڈوگر کو پی پی 193 سے ٹکٹ دیا گیا تھا جو انہوں نے واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے 145 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت سے انتخابات لڑنے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں: سابق صوبائی وزیر عبدالغفور میو نے بھی ن لیگ سے بغاوت کردی

    واضح رہے کہ دو روز قبل 24 جون کو  مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور میو نے مسلم لیگ ن سے بغاوت  کا کرتے ہوئے اپنی پارٹی کو   خدا حافظ کہہ دیا تھا۔

    عبد الغفور میو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ختم نبوت ﷺ کے قانون میں ترمیم کر کے اسلام اور  پاک فوج کے خلاف سازش کر کے ملک کو کمزور کیا، مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپنی کرسیاں بچانے کے لیے سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف سے بھی ملاقات کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: زعیم قادری کی ن لیگ سے بغاوت، آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

    قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما زعیم قادری نے بھی اپنی پارٹی کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے شہباز شریف اور اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو للکارا تھا، اُن کا کہنا تھا کہ لاہور کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ نے کے لیے میدان میں اتروں گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکپتن : تیزرفتارٹریکٹرٹرالرنےموٹرسائیکل کوکچل دیا‘ خاتون جاں بحق

    پاکپتن : تیزرفتارٹریکٹرٹرالرنےموٹرسائیکل کوکچل دیا‘ خاتون جاں بحق

    پاکپتن : صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر نے موٹرسائیکل پرسوار خاندان کو کچل دیا،حادثے کے نتیجے میں ماں جاں بحق اور باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے محلہ سید جلال کے رہائشی چالیس سالہ ریاض اپنی بیوی بشریٰ بی بی اور چھ سالہ بیٹے احمد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ نیو ریلوے پھاٹک کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا۔

    حادثے کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کے بیٹا شدید زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں کو ساہیوال کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بشریٰ بی بی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے چالیس سالہ ریاض اور ان کے بیٹے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔


    فیصل آباد: ٹریکٹر ٹرالی اور ویگن میں تصادم‘ 5 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ 29 ستمبر کو صوبہ پنجاب کے شہرفیصل آباد میں ڈجکوٹ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اورویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    کامونکی میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکرسے3افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 6 فروری 2017 کو صوبہ پنجاب کے شہر کامونکی میں ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکرسے ماں بیٹے سمیت تین افرادجان کی بازی ہارگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بائیک پر طویل سفر کر کے فرائض کی انجام دہی کرنے والی معلمہ

    بائیک پر طویل سفر کر کے فرائض کی انجام دہی کرنے والی معلمہ

    لاہور: آج دنیا بھر میں جہاں اساتذہ کا عالمی دن منایا جارہا ہے وہیں ایک پاکستانی خاتون استاد آج کے دن سے بے نیاز اپنے فرائض کی انتھک تکمیل میں مشغول ہیں۔

    سنہ 1994 سے آغاز کیے جانے والے اس دن کو منانے کا مقصد استاد کی عظمت کا اعتراف کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکو کے زیر اہتمام یہ دن اساتذہ کے نام کیا گیا تاکہ انہیں خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔

    پاکپتن سے تعلق رکھنے والی فریدہ پروین ایک مقامی اسکول میں معلمہ کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ لیکن ٹہریئے، بات اتنی سادہ نہیں جتنی نظر آرہی ہے، فریدہ ہر روز اپنے گھر سے اسکول پہنچنے کے لیے 35 کلو میٹر کا سفر طے کرتی ہیں، اور یہ سفر وہ موٹر سائیکل پر طے کرتی ہیں۔

    پاکستان میں جہاں بڑے شہروں میں کبھی کبھار خواتین بائیک چلاتی نظر آجاتی ہیں، وہاں ایک چھوٹے سے شہر میں خاتون کا بائیک چلانا ایک نہایت حیرت انگیز اور معیوب بات تھی۔

    مزید پڑھیں: بائیک پر ایسا سفر جس نے زندگی بدل دی

    فریدہ اور بائیک کا ساتھ کافی پرانا ہے۔ پاکپتن ڈاٹ سجاگ کے مطابق پاکپتن کے نواح میں واقع ان کے گاؤں بہاول میں موجود اسکول صرف پرائمری تک تھا لیکن اس کو جواز بنا کر فریدہ نے اپنی تعلیم کو خیرباد نہیں کہا۔ انہوں نے اپنے والد کی بائیک پر گاؤں سے دور ہائی اسکول جانا شروع کردیا۔ اسی طرح ایک لمبا سفر کر کے انہوں نے اعلٰ تعلیم حاصل کی۔

    فریدہ کو معلمہ بننے کا بچپن سے شوق تھا۔ وہ عام لڑکیوں کی طرح اپنی تعلیم مکمل کر کے گھر بیٹھ کر اسے ضائع نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ وہ یہ بھی چاہتی تھیں کہ اپنے نواحی گاؤں میں نئی نسل کی علم کی پیاس کو سیراب کریں۔

    فریدہ سنہ 2014 سے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول رام پور میں تدریس کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

    وہ بتاتی ہیں، ’موٹر سائیکل چلانے کی وجہ سے ابتدا میں لوگوں نے بہت باتیں بنائیں اور ہمارے گھرانے کو عجیب و غریب نگاہوں اور باتوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن میں نے ان تمام رویوں کو نظر انداز کیا۔ آج وہی لوگ اپنی بچیوں کو میرے پاس پڑھنے کے لیے بھیجتے ہیں‘۔

    فریدہ کے اس ان تھک سفر میں انہیں ان کے گھر والوں اور والدین کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

    مزید پڑھیں: صنفی تفریق کو للکارتی مصر کی خواتین بائیکرز

    ان کے والد خود تو مڈل پاس ہیں لیکن انہیں جنون ہے کہ ان کی اولاد تعلیم حاصل کرے۔ فریدہ کا ایک بھائی انٹر میڈیٹ جبکہ دوسرا بی ایس سی انجئینرنگ کا طالب علم ہے۔ ان کی سب سے چھوٹی بہن کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ڈینٹسٹ کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔

    فریدہ اپنی تنخواہ سے اپنے بہن بھائیوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے میں بھی اپنے والد کی مدد کرتی ہیں۔

    فریدہ کا عزم ہے کہ پاکپتن جیسے غیر ترقی یافتہ شہر میں وہ لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ وہ بھی بڑی ہو کر ایک اور فریدہ پروین بن سکیں۔

  • پاکپتن سے لاپتہ چینی انجینئر لاہور کی مسجد میں’ چلا کھینچتے‘ پایا گیا

    پاکپتن سے لاپتہ چینی انجینئر لاہور کی مسجد میں’ چلا کھینچتے‘ پایا گیا

    لاہور: لاپتہ ہونے والا چینی انجینئر لاہور کی ایک سے مسجد سے برآمد کر لیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق چینی انجینئر چلے پرلاہورگیاتھا،جہاں وہ ایک مسجد میں تبلیغی جماعت کی جانب سے جاری روحانی پروگرام میں شریک تھا.

    چینی انجینئر پاکپتن سے لاپتہ ہوا تھا جہاں وہ اپنے سسرال والوں سےملاقات کے لئے گیا تھا.

    پولیس کے مطابق چینی انجینئر محمدیوسف جس کاچینی نام یوہی ہے چلے کے لئے کسی کو بتائے بغیر لاہور چلا گیاتھا، چینی انجینئر کی بیوی سمیرا شہیدی محلے پاکپتن کی رہائش پذیر ہے.

    چینی انجینئر کی بیوی سمیرا کی جانب سے پاکپتن پولیس اسٹیشن میں اس کے شوہر کی اچانک لاپتہ ہوجانے کی درخواست نامعلوم اغواکاروں کے خلاف درج کروائی گئی تھی

    پولیس کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کی جانب سے چینی انجینئر کی تلاش کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ڈی ایس پی شاہدہ نورین ، ایس ایچ او سیف الرحمان، ندیم اقبال، سیکورٹی برانچ کے انچارج عبد المالک اور محمد خرم شامل تھے.

    یاد رہے چین پاکستان کا اہم اتحادیوں میں سے ایک ہے اور چینی انجینئرز ہزاروں کی تعداد میں پاکستان کے ایٹمی بجلی گھروں، ڈیموں اور سڑکوں سمیت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں کام کررہے ہیں.

    واضح رہے کہ  نومبر 2014 میں بیجنگ نے اسلام آباد کے لئے 42ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا جس میں زیادہ توجہ پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر ہے، توانائی کی کمی کی وجہ سے پاکستان کو معاشی سطح پر نقصان ہو رہاہے.

  • حضرت بابا فرید گنج شکر کا 773 واں عرس جاری

    حضرت بابا فرید گنج شکر کا 773 واں عرس جاری

    پاکپتن: حضرت بابا فرید گنج شکر کا 773 واں عرس جاری ہے، بہشتی دروازہ کھول دیا گیا جو 10 محرم کی رات تک کھلا رہے گا۔

    حضرت بابا فرید گنج شکر کے عرس میں ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند شریک ہیں، دربار کے سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے نماز عشاء کے بعد بہشتی دروازہ کھولا، جس کے بعد زائرین میں قلاوے بھی تقسیم کئے۔

    بہشتی دروازہ 10 محرم کی رات ایک سال کیلئے بند کر دیا جائے گا جبکہ نوری دروازے کو چہلم امام حسین تک بند رکھا جائے گا،عرس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 60 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ 1500 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

    زائرین کے رش کی وجہ سے بدانتظامی بھی دیکھنے میں آئی،پولیس نے زائرین اور میڈیا پر لاٹھی چارج بھی کیا، جس کے بعد ڈی پی او نے میڈیا کو بہشتی دروازہ کھلنے کی کوریج سے روک دیا، پولیس بدانظامی کی وجہ سے حالات کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آئی۔

  • پاکپتن: حضرت بابا فریدالدین گنج شکرکےعرس کی تقریبات جاری

    پاکپتن: حضرت بابا فریدالدین گنج شکرکےعرس کی تقریبات جاری

    پاکپتن:حضرت بابا فریدالدین گنج شکرکے سات سوبہترویں عرس کی تقریبات جاری ہیں، آج رات نمازعشاء کے بعد بہشتی دروازہ کھولا جائے گا۔

    پاکپتن میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکرکے سات سو بہترویں عرس کی تقریبات عقیدت و احترام سے جاری ہیں،  آج نمازِعشاء کے بعد بہشتی دروازہ کھولا جائے گا، بہشتی دروازہ دسویں محرم تک مسلسل پانچ راتیں کھلا رہے گا اور پانچ دن بعد نماز فجر کے وقت ایک سال کے لئے دوبارہ بند کردیا جائے گا۔

    عرس میں شرکت کیلئے بھارت سے درگاہ اجمیرشریف کے سجادگان بھی پہنچ گئے ہیں جبکہ پندرہ لاکھ سے زائد زائرین عرس میں شرکت کے لئے پاکپتن آئَے ہیں، ان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب کے زائرین بھی شامل ہیں۔

    عرس کے موقع پرمزار کے ارد گرد کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے، انتظامیہ نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔