Tag: پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز

  • کینگروز نے پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا

    کینگروز نے پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں رنز کا سیلاب پاکستانی بولرز کو بہا لے گیا، آسٹریلیا نے پہلی اننگز 589 رنز پر ڈکلیئر کر دی، وارنر نے اپنے کیریئر کی پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ٹرپل سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست 335 بنائے۔ وارنر ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔

    آسٹریلوی بلے باز لبوشین نے بھی مسلسل دوسری سنچری بنائی، اور اس دوران پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی لگائی، قومی بولرز آسٹریلیا میں وکٹ لینا ہی بھول گئے، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    قومی بولرز نے رنز دینے میں سنچریاں بنائیں، یاسر نے 197، عباس نے 100، موسیٰ نے 118 رنز دیے، شاہین آفریدی کے علاوہ کوئی بھی بولر وکٹ نہ لے سکا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز پانچ سو نواسی رنز تین وکٹ پر ڈکلیئر کر دی۔

    دوسری طرف پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز ہی نقصان سے کر دیا ہے، پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گر گئی، امام الحق 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ہیں۔

  • پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریزکیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریزکیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں کوئی ردوبدل نہیں کی گئی ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔

    چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اتوار کو کراچی میں اپنے ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت کے بعد پیر کو کپتان مصباح الحق سے بھی ملاقات کی جس میں کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق پایا گیا۔

    آسٹریلیا کے دورے کے لیے محمد حفیظ اور کامران اکمل کی ممکنہ شمولیت پر کافی دنوں سے ذرائع ابلاغ میں قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن محمد حفیظ قائد اعظم ٹرافی میں قابل ذکر کارکردگی دکھا کر اپنی واپسی کے امکانات روشن کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

    کامران اکمل قائد اعظم ٹرافی میں چار سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 826 رنز بناچکے ہیں اور انہوں نے صرف بیٹسمین کے طور پر کھیلنے کی خواہش بھی ظاہر کررکھی ہے لیکن چھ سال قبل اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے کامران اکمل کی ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اوسط 30 ہے اور اس وقت پاکستانی بیٹنگ لائن میں ان کی جگہ بھی نہیں بنتی دکھائی دیتی۔

    آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مصباح الحق ( کپتان ) اظہرعلی۔ سمیع اسلم۔ اسد شفیق۔ یونس خان۔ سرفراز احمد۔ بابراعظم۔ شرجیل خان۔ محمد رضوان۔ وہاب ریاض۔ محمد عامر۔ سہیل خان۔ راحت علی۔ عمران خان۔ یاسر شاہ اور محمد نواز۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں ہوگا جبکہ سڈنی تین جنوری سے ہونے والے آخری ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔