Tag: پاک افغان تعلقات

  • افغانستان کا دورہ مفید رہا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی

    افغانستان کا دورہ مفید رہا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد پہنچ گئے، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا دورہ مفید رہا، دو طرفہ تجارتی امور کے سلسلے میں مشترکہ اقتصادی کمیشن بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کوششوں کی ابتدا افغانستان سے ہو گئی ہے، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔

    افغانستان دورے میں وزیرِ خارجہ نے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی، ملاقا ت میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور وفد کے دیگر ارکان بھی شریک تھے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

    کابل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ دورۂ افغانستان مفید رہا، پاک افغان چیلنجز مشترکہ ہیں اس لیے مل کر ان سے نمٹنا ہوگا۔ اس موقع پر افغان وزیرِ خارجہ صلاح الدین ربّانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن پورے خطے کا امن ہے۔


    کابل: شاہ محمود قریشی کی اشرف غنی اور افغان ہم منصب سے ملاقات


    افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور افغان ہم منصب صلاح الدین ربّانی کے ساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارتی امور، پاک افغان امن و استحکام کے لیے ایکشن پلان اور بارڈر منیجمنٹ پر گفتگو کی گئی۔

    وزیرِ خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں مذاکرات کا اگلا دور ہوگا، جب کہ افغانستان کا اقتصادی کمیشن اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔

  • پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں، افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ

    پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں، افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ

    کابل : افغانستان کے چیف ایکزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں، امریکا اور طالبان کے درمیان رابطوں کا مقصد طالبان پر افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ نے کہا ہے کہ امن و استحکام سے متعلق عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں، پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں۔

    افغان چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ امید ہے مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، مخلصانہ تعاون کے ذریعے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔

    افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان رابطے ہوئے ہیں، رابطوں کا مقصد طالبان پر افغان حکومت سے مذاکرات کے لئے دباؤ ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ کہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے، افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکا کے سفارتی وفد سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔‘

    انھوں نے کہا کہ امریکا سے بھی افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، یہ خوشی کی بات ہے، کیوں کہ جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔