Tag: پاک افغان میچ

  • ٹرائی سیریز: آج پاک افغان میچ میں دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر

    ٹرائی سیریز: آج پاک افغان میچ میں دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر

    یو اے ای (29 اگست 2025): ٹرائی سیریز کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوگا پر امن انعقاد کے لیے دونوں شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یو اے ای میں ایشیا کپ سے قبل ٹرائی سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ شارجہ کے میدان میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہوں گے۔ ماضی کے ناخوشگوار واقعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کے پر امن انعقاد کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    شارجہ میں 2022 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان سے جیتا ہوا میچ ہارنے کے بعد اپنی ٹیم کی شکست پر افغان شائقین آپے سے ایسے باہر ہوئے کہ ڈنڈوں اور کرسیوں سے پاکستانی فینز پر حملہ کر دیا تھا اور نازیبا جملے کسے تھے، جس کے بعد افغان فینز پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

    یہ وہ میچ تھا جس میں افغانستان کو تاریخی فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی لین نسیم شاہ نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے دو چھکے مار کر نہ صرف پاکستان کو فتح یاب کرایا تھا بلکہ افغان فینز پر بجلیاں بھی گرا دی تھیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ جب افغان ٹیم نے پاکستانی شائقین پر حملہ کیا ہو۔ اس سے قبل 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سے شکست کے بعد افغان شائقین کرکٹ نے پاکستانی ٹیم اور کھلاڑیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔

    افغان پرستاروں نے چیمپئینز ٹرافی کے دوران نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کی کرسیاں توڑ دی تھیں۔

    ان واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے شارجہ انتظامیہ نے میچ کے انعقاد کو پر امن بنانے کے لیے آج اور اگلے پاک افغان میچ کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب بات کی جائے کہ دونوں ٹیموں میں سے کس کا میدان میں پلڑا بھاری ہے تو ٹی 20 فارمیٹ میں گرین شرٹس افغان ٹیم پر حاوی ہیں۔ اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں سے قومی ٹیم 4 میں کامیاب رہی ہے۔ شارجہ میں تین دو سے پاکستان کو برتری حاصل ہے۔

    تاہم یو اے ای میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں جب بھی آمنے سامنے آئی ہیں۔ فینز کو ہائی وولٹیج مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں اور اس بار بھی شائقین کو کانٹے دار مقابلے کی امید ہے۔

    ٹرائی سیریز کی تیسری ٹیم میزبان یو اے ای ہے۔ تینوں ٹیمیں اس سیریز میں ایشیا کپ کے لیے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔ ایشیا کپ ٹرائی سیریز کے بعد یو اے ای میں ہی کھیلا جائے گا۔ پہلی بار اس میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

    سیریز کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔

  • شارجہ: پاک افغان میچ میں تماشائیوں کا تصادم روکنے کیلئے اہم فیصلہ

    شارجہ: پاک افغان میچ میں تماشائیوں کا تصادم روکنے کیلئے اہم فیصلہ

    کراچی: شارجہ حکام نے پاک افغان میچ کے درمیان ہونے والے متوقع سنسنی خیز مقابلوں سے قبل اسٹیڈیم میں سخت سیکیورٹی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شارجہ میں ٹرائی نیشن ٹی20 سیریز کا رواں ماہ کے آخر میں آغاز ہوگا، جس میں میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بھی شریک ہے۔

    شارجہ حکام کی جانب سے یہ فیصلہ ماضی میں دونوں ٹیموں کے میچوں کے دوران ہونے والے ہنگامہ آرائی کے واقعات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ اس بار اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جاسکے۔

    منتظمین کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے شائقین کو الگ الگ اسٹینڈز میں بٹھایا جائے گا اور ان کے لیے علیحدہ انٹری پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔ ٹکٹوں کی فروخت بھی قومیت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ ہر ٹیم کے سپورٹرز اپنے مخصوص حصے میں رہیں۔

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی گنجائش 16 ہزار ہے اور سیریز کے تمام میچز شارجہ میں ہی کھیلے جائیں گے، حکام توقع کررہے ہیں کہ ہاؤس فل ہوگا، اس لیے سیکیورٹی کے یہ اقدامات بروقت اور اہم سمجھے جا رہے ہیں۔

    لیجنڈز لیگ: پاکستان چیمپئنز کے مالک کا پی سی بی کی پابندی پر ردعمل سامنے آگیا

    ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی۔ پہلے میچ میں 29 اگست کو شام 7 بجے پاک افغان میچ کا انعقاد ہوگا۔

    سیریز کا شیڈول:

    29 اگست – افغانستان بمقابلہ پاکستان
    30 اگست – یو اے ای بمقابلہ پاکستان
    1 ستمبر – یو اے ای بمقابلہ افغانستان
    2 ستمبر – پاکستان بمقابلہ افغانستان
    4 ستمبر – پاکستان بمقابلہ یو اے ای
    5 ستمبر – افغانستان بمقابلہ یو اے ای
    7 ستمبر – فائنل

  • ورلڈکپ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹاکرا آج ہوگا

    ورلڈکپ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹاکرا آج ہوگا

    آسٹریلیا سے شکست کھانے کے بعد پاکستانی ٹیم آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں اپنا پانچواں اور اہم ترین میچ آج افغانستان کیخلاف چنئی میں کھیلے گی۔

    میگا ایونٹ میں واپسی کے لئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر افغان بولر راشد خان کا جادو چلے گا، یا شاہینوں کا پیس اٹیک میچ بچائے گا؟ صورتحال آج واضح ہوجائے گی۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین میچ میں شائقین اپنے موبائل فونز اور کیمرے ساتھ نہیں لاسکیں گے۔

    تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ورلڈکپ میں مذکورہ میچ کے حوالے سے تماشائیوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

    ٹی این سی اے نے جاری اعلامیے میں کہا کہ تماشائی ہینڈ بیگ، لیپ ٹاپ، آئی پوڈ، کیمرہ اور فون ساتھ نہ لائیں۔ چارجر، پاور بینک، لائٹر، تمباکو، بوتلیں، بینرز لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

    افغان ٹیم کے خلاف آج ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

    آسٹریلیا کیخلاف کھیلنے والی ٹیم آج افغانستان کیخلاف بھی میدان میں اترے گی۔ اوپنرفخر زمان نے بھی نیٹس میں بیٹنگ کرنا شروع کر دی ہے تاہم وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

  • افغانستان کیخلاف میچ سے متعلق افتخار احمد کی دلچسپ پوسٹ وائرل

    افغانستان کیخلاف میچ سے متعلق افتخار احمد کی دلچسپ پوسٹ وائرل

    پاکستان نے افغانستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

    ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 301 رنز کا ہدف پاکستان نے 49.5 اوورز میں 9 وکٹوں پر حاصل کرلیا، نسیم شاہ نے چوکا لگا کر پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔

    نسیم شاہ نے 5 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پاکستان کو فتح دلوائی، شاداب خان کو 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    شاداب خان نے 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، انہیں فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی نے ’منکڈ‘ آؤٹ کیا تاہم میچ جیتنے کے بعد نسیم شاہ نے اپنی اننگز شاداب کے نام کی۔

    دوسری جانب دوسرا ون ڈے جیتنے کی خوشی میں قومی ٹیم کی جانب سے ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے، اسی طرح قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی افتخار احمد نے بھی دلچسیپ پوسٹ شیئر کی ہے۔

    آل راؤنڈر افتخار احمد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر شاداب خان کی ’منکڈ‘ کی تصویر شیئر کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے ٹیم کو مبارک دیتے ہوئے شاداب خان کو ٹیگ کیا ہے۔

  • شاہین شاہ آفریدی نے آتے ہی دھوم مچا دی، وکٹیں لینے کی ویڈیوز

    شاہین شاہ آفریدی نے آتے ہی دھوم مچا دی، وکٹیں لینے کی ویڈیوز

    برسبین: پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آتے ہی دھوم مچا دی، افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں 2 وکٹیں لے کر حریف ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔

    آج قومی ٹیم دوسرے وارم میچ میں افغانستان کے خلاف مد مقابل ہے، قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بولرز نے شان دار پرفارمنس دکھائی۔

    افغانستان کے 6 کھلاڑی 119 رنز پر آوٹ ہو چکے ہیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے خلاف شان دار بولنگ کا آغاز کیا اور شروعات ہی میں افغانستان کی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    شاہین شاہ نے افغان کرکٹر رحمان اللہ گربز کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا، جس کے بعد شاہین حضرت اللہ زازئی کو صرف 9 ہی رنز پر پویلین بھیجنے میں کامیاب ہو گئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    افغانستان کی تیسری وکٹ فاسٹ بولر حارث رؤف لینے میں کامیاب ہو گئے، افغان بیٹر دروش 7 رنز پر حارث کی گیند پر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے، جس کے بعد افغانستان کی چوتھی وکٹ محمد نواز نے لی اور نجیب اللہ کو 6 رنز پر واپسی کی راہ دکھائی۔

    حارث رؤف نے بھی 2 وکٹیں لیں، جب کہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

    واضح رہے کہ وارم اپ میچ میں بابر اعظم ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، فخر زمان کے سوا تمام کھلاڑی میچ میں‌ حصہ لے رہے ہیں، فخر زمان ری ہیب میں شامل اپنی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

  • ایشیا کپ ناخوشگوار واقعے میں ملک سے فرار ہونے والے شہری ملوث ہیں: ذبیح اللہ مجاہد

    ایشیا کپ ناخوشگوار واقعے میں ملک سے فرار ہونے والے شہری ملوث ہیں: ذبیح اللہ مجاہد

    کابل: امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے بعد پیش آنے والے ناخوش گوار واقعات پر کہا ہے کہ افغان عوام سنجیدہ قوم ہے جو ایسی حرکتوں پر یقین نہیں رکھتی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں پاک افغان میچ کے بعد گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم کے حوالے سے جب امارت اسلامیہ کا مؤقف پوچھا گیا تو ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ ناخوش گوار واقعہ ایسے کچھ لوگوں کی جانب سے پیش آیا ہے جو امارت اسلامیہ کی آمد کے بعد ملک چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا افغان عوام سنجیدہ قوم ہے جو ایسی حرکتوں پر یقین نہیں رکھتی، سوشل میڈیا پر اس نفرت انگیز مہم کے پیچھے ہماری تحقیق کے مطابق کچھ فیک اکاؤنٹس کار فرما ہیں۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا امارت اسلامیہ نے سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس اور افغان نوجوانوں کے نام کچھ دن قبل ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا تھا جس میں انھیں شائستگی اور اخلاقی رویہ اپنانے کی تلقین کی گئی تھی۔

    پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں‌ اڑ گئیں!

    بدھ 7 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاک افغان میچ کے بعد ہنگامہ آرائی کے بعد امارت اسلامیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں پاکستان کے عوام کے خلاف سوشل میڈیا مہم کو افغانی اور اسلامی کلچر کے خلاف قرار دیا گیا تھا۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ’گزشتہ دو دن سے جب سے کرکٹ میچ ہارنے کا واقعہ ہوا ہے کچھ افغان بھائی غیر شعوری طور پر اپنے اصول، اخلاق اور قلمی عفت سب کچھ بھول چکے ہیں، پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کی غمی و خوشی میں شریک دو بھائی ہیں، ان کی ایک دوسرے سے بہت سی ضروریات وابستہ ہیں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ یہ سب کچھ نظر انداز کر کے توہین، تذلیل، تحقیر کا رویہ اختیار کرنا نہ امارت اسلامیہ کی پالیسی ہے نہ افغانی غیرت و حمیت کا تقاضا ہے، نہ ہی ہمارا دین اس کی اجازت دیتا ہے۔ ہر معاملے میں حد سے تجاوز اور عوام کو نفرت کی جانب بلانا اسلام دشمن قوتوں کا پروگرام ہے۔

    ہدایت کی گئی کہ اگرچہ ممکن ہے اُس جانب سے بھی ایسا کچھ ہوتا ہو مگر ہماری آپ کی اپنی ذمہ داری ہے، نفرت اور بیزاری کی باتیں نہ کریں، کھیل کھیل ہے کوئی جنگ یا سنجیدہ معاملہ نہیں، نہ اپنے کھلاڑیوں کو پریشان کریں، نہ دیگر ممالک سے اپنے تعلقات خراب کریں۔ نہ دیگر اقوام کو یہ تاثر دیں کہ ہم میں برداشت کی صلاحیت بالکل نہیں۔

    ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی تنبیہہ بھی کی گئی۔

  • پاک افغان میچ میں پاکستانی شائقین پر حملہ آور افغان شرپسندوں کی تصاویر جاری

    پاک افغان میچ میں پاکستانی شائقین پر حملہ آور افغان شرپسندوں کی تصاویر جاری

    لیڈز : پاک افغان میچ کے دوران پاکستانی شائقین پرحملہ کرنے والے افغان شرپسندوں کی تصاویر جاری کردی گئیں، ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے دوران پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے فوری بعد مشتعل افراد نے پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین پر حملہ کی کوشش کی تھی۔

    اس موقع پر مقامی سکیورٹی اہلکاروں نے چند افراد کو حراست میں لے لیا تھا، ویسٹ یارکشائر پولیس نے پاک افغان میچ میں پاکستانی شائقین پرحملہ آور افغان شرپسندوں کی تصاویرجاری کردی ہیں۔

    ویسٹ یارکشائر پولیس نے مزید9افغان شر پسندوں کی تصاویر جاری کی ہیں، پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ان افراد کی نشاندہی کی۔

    اس حوالے سے ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران بدنظمی کے چار واقعات پیش آئے تھے، ہلڑبازی، ہاتھاپائی اور اسٹیڈیم میں زبردستی گھسنے کے الزام میں چار افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کو اب باقی 9افراد کی تلاش ہے، ویسٹ یارکشائر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسا رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان بمقابلہ افغانستان، لندن پولیس کی چار افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق

    یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین لیڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اپنی ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی ایک بار پھر بپھر گئے اور پاکستانی شائقین پر حملہ کردیا۔

    افغان تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی پرستاروں پر بوتلیں ماریں۔ بعد ازاں لندن پولیس نے پاکستان اور افغانستان کے میچ میں ہنگامہ آرائی کرنے والے چار افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق کردی تھی۔

    لندن کی ویسٹ ورکشائر پولیس نے اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے اور میچ کے دوران حالات خراب کرنے میں ملوث چار افراد کو موقع پرگرفتار کرلیا تھا۔

  • پاکستان کا افغانستان کے ساتھ میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہار تشویش

    پاکستان کا افغانستان کے ساتھ میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: پاکستان نے ورلڈ کپ 2019 کے لیڈز گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاک افغان میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کچھ تماشائیوں کے کھلاڑیوں پر دھاوا بولنے پر گہری تشویش ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ مخالفانہ پروپیگنڈے کے لیے کھیلوں کو استعمال کرنا نا قابل قبول ہے، اسپورٹس اور قانون نافذ کرنے والی اتھارٹیز سے واقعے کی جامع تحقیقات کی توقع ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، یہ معاملہ سفارتی سطح پر بھی اٹھایا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے آئی سی سی سے ٹیم سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ میں پاک افغان میچ کے دوران گراؤنڈ اور گراؤنڈ سے باہر صورت حال کشیدہ رہی، میچ سے قبل کئی افغان تماشائیوں نے ایک پاکستانی تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ میچ کے اختتام پر افغان تماشائی گراؤنڈ کے اندر داخل ہو گئے، انھوں نے پاکستانی ٹیم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    ادھر پاکستانی ٹیم کے سیکورٹی آفیسر نے لوکل آرگنائزنگ کمیٹی اور آئی سی سی اہل کاروں سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں گزشتہ روز کی صورت حال کے پیشِ نظر مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے۔

  • پاکستان نے آئی سی سی سے ٹیم سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کردیا

    پاکستان نے آئی سی سی سے ٹیم سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کردیا

    لیڈز: انگلینڈ میں گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کے میچ کے بعد ہونے والے ناخوشگوا ر واقعے کے بعد پاکستان ٹیم مینجمنٹ نےسیکیورٹی بڑھانےکامطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے سیکیورٹی آفیسرنےلوکل آرگنائزنگ کمیٹی اور آئی سی سی اہلکاروں سےملاقات کی، ملاقات میں گزشتہ روز کی صورتحال کے پیش نظر مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے۔

    پاکستانی ٹیم کے سیکیورٹی آفیشلز کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ پاک افغان میچ کےدوران سیکیورٹی صورتحال کی بنیادپرکیاگیاہے۔پاکستان ٹیم مینجمنٹ ورلڈکپ کے دوران سیکیورٹی انتظامات سےناخوش اور غیر مطمئن ہے۔

    پاک افغان میچ کےدوران گراؤنڈاورراونڈسےباہرکشیدہ صورتحال رہی، میچ سے قبل کئی افغان تماشائیوں نے ایک پاکستانی تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔میچ کے اختتام پر افغان تماشائی گراؤنڈ کے اندر بھی داخل گئے تھے، انہوں پاکستانی ٹیم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔اس لڑائی جھگڑے میں ملوث متعدد افراد کو مقامی سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑا، بعد ازاں اس واقعے پر آئی سی سی نے ہنگامہ آرائی میں ملوث افغان تماشائیوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 228 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے شدید دباؤ میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، فتح کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گیا ہے، جب کہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے قومی ٹیم کو اس میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی تھی۔

  • لیڈز: ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی بپھر گئے، پاکستانی فینز پر حملہ

    لیڈز: ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی بپھر گئے، پاکستانی فینز پر حملہ

    لیڈز: پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین لیڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے میچ میں اپنی ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی ایک بار پھر بپھر گئے اور پاکستانی فینز پر حملہ آور ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے ہاتھوں اپنی ٹیم کو منہ کی کھاتی دیکھ کر افغان تماشائی آپے سے باہر ہو گئے، افغان تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی پرستاروں پر حملہ کیا اور بوتلیں ماریں۔

    پاکستان نے عماد وسیم کی شان دار بیٹنگ کی بدولت آج سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

    میچ میں شکست کے بعد افغان تماشائیوں کی ہلڑ بازی پر پولیس نے کئی افغانوں کو پہلے بھی گراؤنڈ سے نکالا تھا، آئی سی سی نے بھی افغان تماشائیوں کی غنڈہ گردی کا نوٹس لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

    اس سے قبل بھی لیڈز گراؤنڈ کے باہر افغان شایقین اپنی ٹیم کی پے در پے گرتی وکٹوں پر آپے سے باہر ہو کر ایک پاکستانی پر حملہ آور ہوئے تھے اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    خیال رہے کہ آج کے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 228 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے شدید دباؤ میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، فتح کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گیا ہے، جب کہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے قومی ٹیم کو اس میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی تھی۔