Tag: پاک افواج

  • پاک افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

    پاک افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

    راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،عسکری قیادت اور پاک افواج کی جانب سے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد کا پیغام دیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ آزادی ہماری قومی وحدت، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے،اس پرمسرت موقع پر ہم اپنے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں آزادی کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

    آج مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے دیرینہ خواب کی تعبیر کا دن ہے، مسلح افواج بانیان پاکستان کی بصیرت اور بہادر فوجیوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، مسلح افواج کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ ہے۔

    ارض پاکستان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کی مسلسل حمایت مسلح افواج کیلئے طاقت کا سرچشمہ ہے، قائد اعظم کے رہنما اصول ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔

    پاک افواج نے اپنے بیان میں اُن مدبر رہنماؤں، بزرگوں اور سپاہیوں کو بھی سلام عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور ایک خودمختار ریاست کا خواب حقیقت بنایا۔ یہ قربانیاں آج بھی ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اور افواجِ پاکستان کا ناقابلِ تسخیر رشتہ ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ آئیے اس یومِ آزادی پر ہم سب مل کر امن، ترقی اور اتحاد کے لیے اپنی کاوشیں تیز کریں اور "ایمان، اتحاد، قربانی” کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب بڑھیں۔

  • یومِ استحصال : پاک افواج کا کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی

    یومِ استحصال : پاک افواج کا کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی

    راولپنڈی : یومِ استحصال کے موقع پر عسکری قیادت کی جانب سے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق مسلح افواج اور اس کی قیادت کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

    یومِ استحصال کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس، نیول اور ایئرچیفس نے کشمیروں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    پاکستانی مسلح افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا، کشمیری عوام کا حق خودارادیت یو این کی قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، محاصرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابلِ قبول ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا بھارت کی سنگین چال ہے جو قبول نہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کا جنگی طرز عمل اور اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔

    پاکستانی مسلح افواج کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • پاک افواج ہر قسم کی جارحیت  کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں،  یوم تکبیر پر دشمن کو پیغام

    پاک افواج ہر قسم کی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، یوم تکبیر پر دشمن کو پیغام

    راولپنڈی : پاک فوج نے یوم تکبیر پر کارنامے کی انجام دہی میں شامل تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یوم تکبیر کے موقع پر بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے نیو کلیئر صلاحیت کے 24سال مکمل ہوگئے ، پاکستان نے 28مئی1998 کو ایٹمی دھماکے کرکے کم از کم دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ اور خطے میں طاقت کا توازن مستحکم کیا تھا‌۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کارنامےکی انجام دہی میں شامل تمام افرادکوسلام پیش کرتی ہیں، مسلح افواج ہرقسم کی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    خیال رہے آج سے 24سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی، پاکستان نے 28مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

    ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو "یوم تکبیر” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

  • پاک فوج جواں مردی اور بہادری سے وطن عزیز کا دفاع  یقینی بنائے گی، جنرل قمر باجوہ

    پاک فوج جواں مردی اور بہادری سے وطن عزیز کا دفاع یقینی بنائے گی، جنرل قمر باجوہ

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج جواں مردی، بہادری سے وطن عزیز کا دفاع یقینی بنائے گی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چونیاں اور قصور میں لاہور کور جبکہ ٹلہ میں منگلا کور کا دورہ کیا۔

    آرمی چیف نے لاہور کور اور منگلاکور کے جوانوں کی مشقیں دیکھیں اور جوانوں کے جذبے کی تعریف کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج عوامی حمایت سے مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف کا آزاد کشمیر رجمنٹل سینٹر کا دورہ

    مسلح افواج جواں مردی، بہادری سے وطن عزیزکا دفاع یقینی بنائے گی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو بھی سراہا۔

  • ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ریلیاں، پاک افواج سے اظہار یکجہتی

    ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ریلیاں، پاک افواج سے اظہار یکجہتی

    کراچی / حیدرآباد / سکھر/ پشاور : جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں، مسلح افواج سے یکجہتی کے لئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت کے بعد ملکی دفاع کے لئے ہر پاکستانی شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، جس کا اظہار گزشتہ کئی روز سے گاہے بگاہے ملک کے مختلف شہروں میں نظر آرہا ہے۔

    اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہر قائد سے پشاور اور لکی مروت تک پوری قوم ہم آواز ہے، اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

    ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان بھر کے عوام ہر محاذ پر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے سہراب گوٹھ سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ فاروق ستار کی قیادت میں بھی کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔

    اس کے علاوہ حیدرآباد ، سکھر ،میرپورخاص، نوشہرفیروز میں بھی پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، بھارتی جارحیت کیخلاف اور افوج پاکستان سے یکجہتی کے لئے لاہور میں موٹر سائیکل سواروں نے ریلی نکالی۔

    لبرٹی چوک سے مینار پاکستان تک ریلی میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی ملک اور فوج سے محبت کااظہار کیا، پھولوں کے شہر پشاور میں عوام سبز ہلالی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے۔

    شرکاء نے بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے، لکی مروت میں تحریک انصاف نے ریلی نکال کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنےکا پیغام دیا۔

  • بھارتی حکام غلط فہمی میں نہ رہیں، پاک افواج دنیا میں سب سے بہترین ہیں، پرویز مشرف

    بھارتی حکام غلط فہمی میں نہ رہیں، پاک افواج دنیا میں سب سے بہترین ہیں، پرویز مشرف

    دبئی : سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارتی حکام تباہ کن غلط فہمی کا شکار ہیں، پاک فوج تجربہ کار اور دنیا میں سب سے بہترین ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کیا۔ بھارتی آرمی چیف جنرل پبن راوت کی جانب سے پاکستان کو دی گئی گیڈر بھپکیوں پر جنرل (ر) پرویز مشرف نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے بھارتی حکام کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کارگل2002کے واقعات سے سبق سیکھنا چاہئے، کارگل میں ہماری جوابی کارروائی سے بھارت بوکھلا گیا تھا، پاک فوج تجربہ کار اور دنیا میں سب سے بہترین فوج ہے اور آج بھی کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام تباہ کن غلط فہمی کا شکار ہیں، پاکستان کے بارے میں بھارت کی غلط فہمی دور کرنا چاہتا ہوں، اگر مسلمان اللہ اکبر کہہ دے تو پھر پیچھے نہیں ہٹتا، بھارتی وزراء اور آرمی چیف غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، پاکستان کو ایک کمزور ملک کی طرح لیا جارہا ہے جو ان کی بُھول ہے۔

    پرویز مشرف نے کہا کہ اب زمانہ بدل گیا ہے، ہماری فوج پہلے والی نہیں رہی، افواج پاکستان’’بیسٹ ان دی ورلڈ‘‘ہیں، اس کے پاس وسیع تجربہ اور دلیری ہے، ماضی میں بھی پاکستان مخالف بڑھکیں مارنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔

    سابق صدر نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم ہندو راج پر یقین رکھتے ہیں، نریندر مودی مسلمانوں کو مارکر سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بےحرمتی کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

  • پاکستان دہشت گردی کےخلاف پوری دنیا کی جنگ لڑرہا ہے‘ وزیراعظم

    پاکستان دہشت گردی کےخلاف پوری دنیا کی جنگ لڑرہا ہے‘ وزیراعظم

    مری: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان عام ملک نہیں ایٹمی طاقت ہے اور اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں لارنس کالج گھوڑا گلی کے157 ویں یوم تاسیس کی تقریب منعقد ہوئی،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور گورنرپنجاب محمد رفیق رجوانہ نے اس یاد گارتقریب میں شرکت کی۔

    وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کسی عہدے سے نہیں ملتی بلکہ زندگی میں بغیر عہدوں کے بھی کامیاب ہوا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت جس ملک میں پنپتی ہے مسائل بھی وہیں ہوتے ہیں اور وہی ملک ترقی بھی کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عبایس نے کہا کہ پاکستان کی افواج دنیا کے امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف دنیا میں سب سے بڑی جنگ لڑی اور ہزاروں جانیں قربان کیں۔


    نااہلی کا فیصلہ ہم نےمانا، لیکن عوام اورتاریخ تسلیم نہیں کرتے،وزیراعظم


    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو کام کیے وہ آمریت اور پیپلزپارٹی دونوں نہیں کرسکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھارت کومنہ توڑ جواب دیا ہے،عاصم باجوہ

    بھارت کومنہ توڑ جواب دیا ہے،عاصم باجوہ

    مظفر آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کا پہلے بھی دفاع کیا تھا اب بھی کریں گے اگر کوئی بھارتی راستہ بھٹک کر آیا ہے تو اس معاملے کو دیکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر باغ سر میں صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا گیا جس میں بھارت کا جانی نقصان بھی ہوا ہے۔

    اسی سے متعلق : چھمب سیکٹر پر بھارتی فوج کی جارحیت،پاک فوج کا منہ توڑ جواب

    اس موقع پرپاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کرایا ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا جانی نقصان بھی ہوا ہے لیکن معلوم نہیں کہ بھارت اپنا نقصان کیوں چھپا رہا ہے۔

    بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 فوجی اہلکار شہید، وزیراعظم کی شدید مذمت

    واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھمبھر کے علاقے میں چھمپ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گی۔

    مزید پڑھیں: کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک صحافی کے سوال جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھارتی فوجی راستہ بھول کر آیا تو اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور اس کا حل بھی نکال لیں گے۔

  • لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کےخلاف ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی

    لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کےخلاف ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی

    کراچی: دہشت گردوں کی حمایت کرنے اور الطاف حسین کو ویڈیو بیان میں دھمکی دینے پر مولانا عبدالعزیز کے خلاف ایم کیو ایم نے کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    ایم کیو ایم نے لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے بیان کو دھمکی آمیز اور شرمناک قرار جبکہ طالبان اور داعش کی حمایت کرنے اور الطاف حسین کو دھمکی دینے پر شدید مذمت کرتے ہوئے مسجد حفصہ کو بند اور مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی سمیت سکھر لاڑکانہ، نوابشاہ، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جبکہ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اپنے نازیبا الفاظ واپس لیں، اور قائد تحریک الطاف حسین سے معافی مانگے۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں مولانا عبدالعزیز کو گرفتار کیا جائے، ایم کیو ایم امن پسند جماعت ہے، ہم نے قانونی طریقہ اختیار کیا، ایف آئی آر درج کرائی، طالبان کی حامی جماعتوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کراچی سے خیبر تک متحدہ طالبان اور ڈنڈا بردار شریعیت کے خلاف تھی اور رہے گی۔

    بابرغوری نے کہا کہ کمیٹیوں سے مسئلہ حل ہونے والا نہیں،قوم پاک افواج کی جانب دیکھ رہی ہے۔

    احتجاجی مظاہرے میں مولانا عبدالعزیز اوردہشت گردی، طالبان اور داعش کے لٹریچر کی تعلیم دینے والے مدرسوں کے خلاف کارروائی کرنےکے لیےچھ نکاتی قرار داد بھی پیش کی گئی۔

  • پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    ملتان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک افواج کی امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں ۔جنوبی پنجاب میں پاک فضائیہ چھ ہیلی کاپٹرز اور دیگر امدادی سامان کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات سر گرم عمل ہے۔

    تاریخ کا بد ترین سیلاب بالائی پنجاب کے بعد اب جنوبی پنجاب میں تباہی مچا رہا ہے۔ہمیشہ کی طرح پاک افواج اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔

    بری، بحری اور فضائی افواج کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کام سر انجام دے رہے ہیں، پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی ہدایت پر چھ ہیلی کاپٹرز ملتان،احمد پور سیال اور مظفر گڑھ کے علاقوں میں ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہے ہیں ۔

    ہیلی کاپٹرز کی مدد سےسینکڑوں متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،جبکہ پچیس ہزار کلو گرام سے زائد کھانے پینے کی اشیاءسیلاب زدگان تک پہنچا ئی جا چکی ہیں۔

    پاک آرمی اور بحریہ کے جوان بھی سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کررہے ہیں،رسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے رضاکاروں کی جانب سے بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔