Tag: پاک امریکا

  • پاک امریکا تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کے امکانات روشن

    پاک امریکا تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کے امکانات روشن

    واشنگٹن(19 جولائی 2025): وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کے امکانات روشن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے دورہ واشنگٹن کیا، وزیرخزانہ نے اس دوران امریکی وزیرخزانہ، تجارتی نمائندے یوایس ٹی آر سے ملاقات کی۔

    ملاقاتی اعلامیے کے مطابق پاک امریکا تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری میں فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، پاکستانی وفد نے امریکی سیکریٹری کامرس سے بھی ملاقات کی۔

    وزیرخزانہ کی سربراہی میں امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے بھی ملاقات ہوئی، جہاں دونوں نے تجارت اور معاشی تعلقات کو دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون قرار دیا۔

    وزیرخزانہ نے کہا ہے امریکاپاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دارہے، پاکستان روایتی اور غیر روایتی شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان آئی ٹی، معدنیات، زراعت اور دیگر شعبوں کو وسعت دینےکا خواہشمند ہے۔

    محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلق قائم ہو، تجارتی مذاکرات مثبت نتیجے پر جانے سے دونوں ملکوں کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔

    وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے امریکی وزیرِتجارت کے ساتھ بات چیت مثبت رہی۔

    انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، کرپٹو، بلاک چین، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی ہے، جو دونوں ممالک کے لیے ترقی کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میں پیشرفت جاری ہے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی تجارت کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

  • پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس کل ہوگا

    پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد: امریکی معاون سیکریٹری برائے سمندر، ماحولیات اور سائنسی امور آج پاکستان پہنچ رہی ہیں، اپنے دورے کے دوران وہ پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس کل ہوگا، امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ سمندر، ماحولیات اور سائنسی امور کی معاون سیکریٹری مونیکا میڈینا آج پاکستان پہنچ رہی ہیں۔

    امریکی سفارتخانے مطابق مونیکا میڈینا حیاتیاتی تنوع اور آبی وسائل پر امریکی نمائندہ خصوصی بھی ہیں۔

    مونیکا میڈینا اسلام آباد آمد اور مصروفیات کے بعد کراچی بھی جائیں گی، امریکی نمائندہ خصوصی پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔

    ملاقاتوں میں فریقین پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات، توانائی امور اور آبی انتظام پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ محفوظ ماحول، آب و ہوا کے معیار اور ٹھوس فضلہ جات کے انتظام پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

    اجلاس اور ملاقاتوں کے دوران شفاف توانائی کا انتظام اور سائنس و ٹیکنالوجی تعاون میں وسعت بھی زیر غور آئے گی۔

  • وائٹ ہاؤس نے جوبائیڈن کے بیان کو معمول کی بات قرار دے دیا

    وائٹ ہاؤس نے جوبائیڈن کے بیان کو معمول کی بات قرار دے دیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے جوبائیڈن کے بیان کو معمول کی بات قرار دے دیا، پریس سیکریٹری کرین ژاں پیئر نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جوہری اثاثوں سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کا ردِ عمل سامنے آ گیا۔

    واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران کرین ژاں پیئر نے صدر بائیڈن کے پاکستان سے متعلق بیان کے سوال پر کہا ’میرے سامنے ایسا کوئی بیان نہیں آیا، یہ بات نئی نہیں ہے، امریکی صدر پہلے بھی یہ تبصرہ کر چکے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا امریکی صدر محفوظ اور خوش حال پاکستان چاہتے ہیں، محفوظ اور خوش حال پاکستان امریکا کے مفاد کے لیے اہم ہے۔

    پاکستان نے جوبائیڈن کے بیان پر امریکی سفیر سے وضاحت طلب کرلی

    واضح رہے کہ پاکستان نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستانی ایٹمی اثاثوں سے متعلق گمراہ کُن بیان پر پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے وضاحت طلب کر لی ہے، وزارت خارجہ نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے جوبائیڈن کے بیان پر سخت الفاظ میں مذمت کی اور احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

    امریکی صدر نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے کیوں کہ اس کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب ہے۔

  • پاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر کا اہم بیان

    پاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر کا اہم بیان

    واشنگٹن: پاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاک بھارت کشیدگی میں‌ کمی کے لیے کردار ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹ کی خارجہ کمیٹی میں دیے گئے ایک بیان میں آرمن بلوم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

    نامزد سفیر نے کہا دو جوہری ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو خطہ برداشت نہیں کر سکے گا، میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کروں گا۔

    ڈونلڈ آرمن بلوم کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے، تاہم پاکستان اور بھارت کو آپس کے دو طرفہ تعلقات کا دائرہ اور ان کی نوعیت کے بارے میں خود فیصلہ کرنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

    امریکا نے ترمیمی بل سے پاکستان سے متعلق منفی حوالے خارج کر دیے

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان نے اُس بل سے پاکستان سے متعلق تمام منفی حوالوں کو خارج کر دیا ہے، جس میں رواں برس اگست میں پاکستان کو طالبان کو کابل پر قبضہ کرنے کے لیے مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کی گئی تھی۔

    یو ایس نیشنل ڈیفنس ایکٹ برائے 2022 کے اصل متن کے مطابق امریکی سیکریٹریز برائے دفاع اور ریاستوں کو کانگریس کی متعلقہ کمیٹی کے سامنے تصدیق کرنے کی ضرورت تھی کہ پاکستان کو “خفیہ سپورٹ” فراہم کرنا امریکا کی قومی سلامتی کے مفاد میں ہے۔

    ترمیم شدہ ورژن میں لفظ “پاکستان” کو ہٹا دیا گیا ہے اور اس کی جگہ “افغانستان کے قریب کوئی بھی ملک” کے الفاظ متن میں شامل کیے گئے ہیں۔ اصل متن میں ایک اور حوالہ کابل میں طالبان کی حیران کن فتح میں پاکستان کے کردار کا تعین کرنے کی کوشش پر مبنی تھا۔ لیکن اب ترمیم شدہ متن میں بھی اس حوالے کا ذکر موجود نہیں ہے۔

  • امریکا: پاکستان ایک بار پھر نظر انداز

    امریکا: پاکستان ایک بار پھر نظر انداز

    واشنگٹن: امریکا نے وزیر خارجہ انتونی بلنکن کے دورہ بھارت کا اعلان کر دیا، جنوبی ایشیا کے اہم دورے میں پاکستان کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن 26 سے 29 جولائی تک بھارت اور کویت کا دورہ کریں گے، اس دورے کا مقصد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سبرامنیم سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں علاقائی سیکیورٹی، کرونا وبا، اور ماحولیاتی تبدیلی پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن 28 جولائی کو کویت پہنچیں گے، جہاں وہ کویتی رہنماؤں کے ساتھ 60 سالہ سفارتی تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کریں گے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ چین کا راستہ روکنے کی کوششوں اور ویکسین سفارت کاری میں بھارت کے ایک اہم پارٹنر ہونے کے ناطے نئی دہلی کا دورہ کریں گے، یہ بلنکن کا صدر جو بائیڈن کے وزیر خارجہ کے طور پر بھارت کا پہلا دورہ ہوگا۔

    جمعے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ کرونا وبا سے جنگ میں بھارت کی حالت بہت نازک ہے، جس کی وجہ سے یہ آخر کار دنیا کو ویکسینز کا ایک اہم ذریعہ بن جائے گا۔

  • شاہ محمود کا امریکی وزیر خارجہ کو فون، ڈینئل پرل کیس پر گفتگو

    شاہ محمود کا امریکی وزیر خارجہ کو فون، ڈینئل پرل کیس پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ کو فون کر کے منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو وزیر خارجہ پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، شاہ محمود نے کہا ڈینئل پرل کیس میں قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

    فون پر گفتگو میں وزیر خارجہ نے اس کیس کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا، انتونی بلنکن نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع موجود ہیں۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں پاک امریکا وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ، اہم علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔

    دریں اثنا، دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود نے امریکی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی، اور کہا امریکا کے ساتھ جامع شراکت داری کے قیام کے لیے پُر عزم ہیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان معاشی شراکت داری کے قیام، علاقائی روابط کے فروغ کا حامی ہے، ہم امریکا مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے متمنی ہیں، افغان مسئلے کے پر امن سیاسی حل کے لیے افغانستان میں پُر تشدد واقعات میں کمی لائی جائے۔

    شاہ محمود نے کہا پاکستان قیام امن کے لیے امریکا کی کاوشوں میں شرکت کا خواہاں ہے، پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا، آئندہ بھی اپنا کردار نبھاتا رہے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، انتونی بلنکن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

  • امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے، نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان ایک روز کا ہوگا۔

    سفارتی ذرایع کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، ان کا یہ دورہ بین الافغان مذاکرات سے قبل ہو رہا ہے۔

    دورے کا مقصد افغانستان میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کرانا ہے، زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں پاکستانی حکام کی جانب سے ملک میں دہشت گردی میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے اور اس کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

    امریکا اور طالبان ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آگئے

    خیال رہے کہ طالبان وفد اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مذاکرات ہوئے ہیں، مائیک پومپیو اور طالبان وفد کے درمیان ہونی والی گفتگو میں افغانستان کی صورت حال اور ماضی میں ہونے والے تاریخی معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان طالبان قطر دفتر نے مذاکرات کی تصدیق کی ہے، سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ کانفرنس مذاکرات میں طالبان کے ڈپٹی ملا برادر بھی شریک ہوئے، طالبان نے پومپیو سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلا اور مزید قیدیوں کی رہائی پر بات کی۔

    یاد رہے کہ طالبان اور افغان حکومت باہمی مذاکرات کے لیے رضا مندی ظاہر کرچکے ہیں، دونوں فریقین کی قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اہم بیٹھک لگے گی۔

  • اے آر وائی نیوز پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کی آواز بن گیا

    اے آر وائی نیوز پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کی آواز بن گیا

    اسلام آباد: امریکی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے ایک ہزار ڈالر پاکستان میں ادا کرنے کی شرط کے معاملے پر امریکی سفارت خانے نے آر وائی نیوز کی آواز سن لی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہریوں کو وطن واپسی کے لیے پاکستان میں ایک ہزار ڈالر ادا کرنے تھے، تاہم اے آر وائی کے استفسار کے بعد اب مسافر یہ رقم امریکا پہنچنے کے بعد ادا کر سکیں گے۔

    اس سے قبل مسافروں کو یہ رقم بورڈنگ سے پہلے ادا کرنا تھی، مسافروں سے رقم لینے پر اے آر وائی نیوز کے رابطے پر امریکی سفارت خانے نے وضاحت کی کہ مسافروں سے یہ رقم ٹرانسپورٹیشن کی مد میں وصول کی جائے گی، رقم امریکا پہنچنے کے بعد آسان اقساط میں ادا کرنا ہوگی، رقم اکانومی کلاس کے مساوی ہے۔

    امریکی سفارت خانے نے کہا کہ امریکی شہریوں کو واپس لے جانے والی فلائٹس منسوخ ہیں، فلائٹس کراچی اور اسلام آباد سے واشنگٹن جانا تھیں، یہ پروازیں اسی ہفتے ری شیڈول ہو جائیں گی، جس کے لیے سفارت خانہ مسافروں سے براہ راست رابطہ کرے گا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کینیڈین شہریوں کی بھی پاکستان سے واپسی کا سلسلہ جاری ہے، خصوصی طیارے سے 300 کینڈین شہری لاہور سے ٹورنٹو روانہ کر دیے گئے ہیں، کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے نے خصوصی پرواز چلائی۔ ٹورنٹو روانگی سے قبل مسافروں کی لاہور ایئر پورٹ پر مکمل طبی جانچ اور اسکریننگ کی گئی۔

  • امریکا کا پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان

    امریکا کا پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے امریکا پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و سینٹرل ایشیا ایلس ویلز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، صحت کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان،امریکا پارٹنر ہیں۔

    امریکا نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے، ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کر رہے ہیں، فنڈنگ کرونا وائرس کی نگرانی اور تیز رد عمل کے لیے کی جا رہی ہے۔

    پاکستان میں ٹیسٹنگ کٹس کی تیاری آیندہ ہفتے سے شروع ہو جائے گی

    انھوں نے کہا کہ سینٹرل ڈیزیز کنٹرول کے حال ہی میں تربیت یافتہ 100 سے زائد پاکستانی گریجویٹس گلگت بلتستان اور پنجاب میں کرونا کیسز کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری امریکا دورے پر ہیں، انھوں نے آج نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس مقامی طور پر تیار کر رہے ہیں، آیندہ ہفتے سے کٹس کی تیاری شروع ہو جائے گی، حکومت کی طرف سے سینیٹائزر کی سپلائی پیر سے شروع ہو جائے گی۔

  • امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    اسلام آباد: امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ و استحکام دینے میں دلچسپی کاا ظہار کیا گیا۔

    امریکی وزیر کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں باہمی تجارت کو مزید فروغ اور استحکام دیا جا سکتا ہے، زرعی شعبے میں فوری اضافے کی واضح صلاحیت موجود ہے۔

    ایلس ویلز نے کہا کہ معروف امریکی کمپنیاں پاکستان میں طویل عرصے سے کام کر رہی ہیں، مزید امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی گنجائش ہے، امریکی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی فروغ کے لیے بات چیت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ ترجیحی تجارت کے لیے جلد بات چیت ہوگی۔

    خیال رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچیں، ایلس ویلز دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔

    ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔ ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ 13 جنوری سے سہ ملکی دورے پر ہیں، سب سے پہلے انہوں نے سری لنکن دارالحکومت کولمبو کا دورہ کیا، اس کے بعد وہ بھارت گئیں اب اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وہ پاکستان آئی ہیں، ان کا یہ دورہ 22 جنوری تک جاری رہے گا۔