Tag: پاک امریکا تجارت

  • پاکستان کو شراکت داری کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں: ایلس ویلز

    پاکستان کو شراکت داری کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں: ایلس ویلز

    واشنگٹن: نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ شراکت داری کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایلس ویلز نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا بیماریوں سے پاک مکئی اور گندم کی پیداوار اور تجارت میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے، امریکا کے ساتھ شراکت داری سے پاکستان مستفید ہو رہا ہے۔

    ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا چھوٹے پیمانے پر پاکستانی کاشت کاروں کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے، امریکی شراکت داری سے پاکستان میں اب غذائی تحفظ میں بہتری آ رہی ہے۔

    دو دن قبل پاکستان کے لیے امریکا کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ارون میسنگا نے ساؤتھ ایشیا میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا پاکستانی اشیا کے لیے سب سے بڑا ایکسپورٹ مارکیٹ بن چکا ہے، امریکا اور پاکستان اس سلسلے میں گہری شراکت داری جاری رکھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی اکانومی کا ایک اہم پلئیر بننے کی پوری صلاحیت ہے، اور ہم وزیر اعظم عمران خان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے سے خاصے پرامید ہیں، پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کے اقدام ڈیجیٹل پاکستان کو بھی ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستانی اشیا کے لیے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، امریکی 2019 میں ایک بار پھر پاکستانی مصنوعات کے بڑے خریدار بنتے دکھائی دیے، پاکستان کے لیے امریکی ایکسپورٹس میں بھی اضافہ ہوا، چوں کہ اس سے دونوں ممالک میں ملازمتیں بنتی ہیں اس لیے ہم ان تجارتی تعلقات میں اضافہ چاہیں گے۔

  • امریکا کی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی

    امریکا کی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی

    کراچی: امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل چیف ناتھن سیفرٹ نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری و شراکت داری کی طرف راغب کرنا ان کی اوّلین ترجیح ہے۔

    ناتھن سیفرٹ نے امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے تیسرے دورہ امریکا کے موقع پر دو طرفہ تجارتی تعلقات پر دو بار غور کیا گیا جو دونوں رہنماؤں کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    کے سی سی آئی میں تاجروں سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ امریکی کاروباری افراد پاکستان میں مواقع دیکھ رہے ہیں، میرے دورے کا مقصد امریکا اور پاکستان کے مابین تجارت کو بڑھانا ہے، پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے اور یہاں سازگار ماحول پر ہم خوش ہیں، امریکا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہا ہے اور ہم تجارت کو بڑھانے کے لیے اچھی پیش رفت کر رہے ہیں۔

    کمرشل چیف ناتھن سیفرٹ نے کہا کہ پاکستان امریکا کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات برآمد کر رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ہر سال بڑھ رہی ہے، ہم پاکستانی مصنوعات کی امریکا کے لیے برآمدات میں بھی سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن ہمارے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں قائم دفاتر کی زیادہ توجہ امریکی کمپنیوں کو یہاں لانے پر ہے اور انھیں صحیح شراکت دار تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنے پر ہے جو تقسیم کار شراکت دار یا مشترکہ شراکت دار ہو سکتے ہیں۔