Tag: پاک امریکا تجارتی معاہدہ

  • پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان کو تجارتی میدان میں بڑی کامیابی ملی ہے، پاک امریکا ٹریڈ ڈیل مکمل ہو گئی، وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے۔

    وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ اور منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہے، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دل چسپی کے شعبوں میں تعاون بھی معاہدے کا حصہ ہے۔

    معاہدے میں پیش رفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، امریکی سیکریٹری کامرس اور یو ایس ٹی آر کی ملاقات میں ہوئی، جس میں سیکریٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی شریک تھے۔

    اعلامیے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان ٹرتھ سوشل پر پوسٹ کے ذریعے کیا، پاک امریکا معاہدہ سے امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی متوقع ہے، اس سے توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی سمیت اہم شعبوں میں باہمی اقتصادی تعاون بڑھے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ پاک امریکا تجارتی تعلقات کو امریکی ریاستوں تک وسعت دینے میں مدد دے گا، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، اس سے پاکستان کے بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا بھی امکان ہے۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کے دو طرفہ تعلقات گہرے کرنے کے عزم کا اظہار ہے، اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی نشان دہی کرتا ہے۔


    پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان


    ادھر تجزیہ کاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے، تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ کہتے ہیں اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے اب پاکستان سینٹر آف گریویٹی ہے، جو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔ امریکن بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں، جس کے بعد یورپین اور دیگر ممالک بھی سرمایہ کریں گے۔

    تجزیہ کار ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا یہ صرف تجارت کی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان اور امریکا کا ایک نیا تعلق قائم ہوا ہے، ماہر معیشت عابد سلہری نے پاک امریکا ٹریڈ ڈیل کو سفارتی میدان میں پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ حقیقی معنوں میں گیم چینجر بن سکتا ہے، جس سے پاکستان توانائی کے میدان میں خود کفیل ہو سکتا ہے اور اپنے معدنی ذخائر کو دریافت کر سکتا ہے۔