Tag: پاک انڈیا

  • پہلگام واقعہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    پہلگام واقعہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    پاکستان کی درخواست پر پہلگام واقعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، جس میں پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی سے پیدا صورت حال پر غور ہوگا۔

    سلامتی کونسل کے صدر نے پہلگام واقعے کے بعد پیدا شدہ صورت حال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی باعث تشویش ہے۔

    ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، پاکستان خطے کی تازہ ترین صورت حال پر سیکیورٹی کونسل کو بریفنگ دے گا۔


    بھارتی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ


    دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں جارحانہ بھارتی اقدامات، اشتعال انگیزی اور بیانات سے آگاہ کیا جائے گا، ترجمان نے کہا خصوصی طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اقدام کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے حوالے سے یہ سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

  • ’کہہ سکتے تھے بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے‘: نجم سیٹھی

    ’کہہ سکتے تھے بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے‘: نجم سیٹھی

    اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے، بھارت کو کرکٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو دھمکی نہیں دے رہے لیکن صورت حال کا منطقی حل پیش کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مثبت تجویز پیش کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے، لیکن انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے، جب تک پاکستان اوربھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کر سکتے، ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے۔

    نجم سیٹھی نے کہا ’’مجھے صرف ایشیا کپ کی نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے، ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا۔‘‘

    ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق نجم سیٹھی کا دوٹوک اعلان

    انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ورلڈ کپ ہے، ہماری حکومت بھی جانے سے منع کر سکتی ہے، بھارت چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کر کے وینیو تبدیل کرنے کو کہہ سکتا ہے، مگر یوں انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے۔

  • بھارتی سورما کیسے زیر ہوں گے، رمیز راجہ نے شاہینوں کو گُر بتا دیے

    بھارتی سورما کیسے زیر ہوں گے، رمیز راجہ نے شاہینوں کو گُر بتا دیے

    لاہور: پاک بھارت میچ سے قبل چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے قومی ٹیم سے ورچوئل خطاب میں شاہینوں کو سورماؤں کو زیر کرنے کے گُر بتا دیے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے قومی اسکواڈ سے آن لائن خطاب میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ اچھی کرکٹ کے ساتھ ملک کے وقار کو مقدم رکھیں۔

    پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی کھلاڑی زیر کرنے کے لیے رمیز راجہ نے کہا کہ بے خوف ہو کر جارحانہ کرکٹ کھیلیں، اور بھارت کے میچ پر ہی نہیں بلکہ پورے ٹورنامنٹ پر فوکس کریں۔

    رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا سے دور رہنے اور بابر اعظم کو جارحانہ طرز قیادت اختیار کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔ پی سی بی چیئرمین نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے یہ بھی کہا کہ ورلڈ کپ میں پریشر سے آزاد ہو کر کھیلیں۔

    ادھر چیمپئین کپتان یونس خان کہتے ہیں کہ پاک بھارت میچ کے لیے سب سے پہلے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اس طرح کھلاڑیوں سے میٹنگ کر کے پیغام دینے سے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھے گا۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا سے وارم اپ میچ میں شکست نے ٹیم مینجمنٹ کی پریشانی بڑھا دی ہے، بھارت کے خلاف سب سے بڑے معرکے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے دبئی میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔

    پاک بھارت میچ کے لیے ہر کوئی پر جوش ہے، دبئی میں پاکستان پویلین کے باہر موجود شرکا بھی پاکستان کی جیت کے لیے پر امید ہیں، کرکٹ شائقین کہتے ہیں کہ پاکستان بھارت کو شکست دے کر ایونٹ کا شان دار آغاز کرے گا۔

  • بھارتی جاسوس کے لیے سرکاری وکیل کے معاملے میں پیش رفت

    بھارتی جاسوس کے لیے سرکاری وکیل کے معاملے میں پیش رفت

    اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے لیے سرکاری وکیل مقرر کرنے کے سلسلے میں بھارتی ہائی کمیشن نے متفرق درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے بیرسٹر شاہنواز نون نے متفرق درخواست دے دی ہے، جس پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ کل کرے گا۔

    بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق، جسٹس گل حسن شامل ہیں، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کے لیے اس درخواست پر سماعت کل پھر ہوگی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شہری کے لیے قانونی نمائندگی کا بندوبست کرنے کا حق ہے، بھارتی ہائی کمیشن نے پہلی بار کلبھوشن کے لیے چسپال کیس میں جواب دے دیا ہے۔

    پاکستانی حکومت کو ایک بار پھر کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارتی حکومت سے رابطہ کا حکم

    درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کلبھوشن کیس میں وکالت نامہ نہیں ہے، اس لیے پیروی نہیں کر سکتے، کیس کے لیے وکیل مقرر کرنے کا اختیار ہائی کورٹ کو نہیں۔

    واضح رہے کہ کلبھوشن کیس میں کل بھارتی ہائی کمیشن کے وکیل اپنا مؤقف عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔

  • کلبھوشن نے بھارتی سفارت کاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا

    کلبھوشن نے بھارتی سفارت کاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا

    اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق سفارتی ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ رواں برس 16 جولائی کو انھوں نے بھارتی سفارت کاروں کا ایک گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 16جولائی کو قونصلر رسائی دی گئی تھی، اب سفارتی ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ناظم الامور نے اس دن قونصلر رسائی کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا، تاہم خود کلبھوشن نے یہ گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بھارتی ناظم الامور گوروو آہلووالیا نے کلبھوشن یادیو سے تلخ کلامی کی، بھارتی ناظم الامور نے کلبھوشن کو دیکھتے ہی دماغی طور پر غیر حاضر اور پاگل قرار دے دیا تھا۔

    جواب میں کلبھوشن نے غصے میں بھارتی ناظم الامور کو کھری کھری سنا دی تھی، کلبھوشن نے کہا آپ نیوی کے ایک سینئر کمیشن افسر کو پاگل اور دماغی غیر حاضر کیسے کہہ سکتے ہیں، میں ہشاش بشاش، تندرست اور دماغی طور پر مکمل حاضر ہوں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کو عدالت سے رجوع کا موقع فراہم کردیا

    ذرایع نے بتایا کہ 16 جولائی کو بھارتی ہائی کمیشن کے صرف ایک سفارت کار کو ملاقات کی اجازت دی گئی تھی لیکن بھارتی ناظم االامور کے اصرار پر 2 سفارت کاروں کو ملاقات کرائی گئی۔

    کلبھوشن کا پاکستانی اعلیٰ حکام سے بھی مکالمہ ہوا تھا، بھارتی جاسوس نے دریافت کیا تھا کہ کیا میں پاکستان میں بھی بہت مشہور ہوں؟

  • بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار اپنے ملک روانہ

    بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار اپنے ملک روانہ

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت نے ہائی کمیشن میں عملے کی تعداد نصف کر دی، آج 38 بھارتی ہائی کمیشن اہل کار اور ان کے اہل خانہ اسلام آباد سے واپس روانہ ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمشن کے اسٹاف میں 50 فی صد کمی کے احکامات جاری کیے تھے، بھارت نے بھی اس سے قبل 23 جون کو سفارتی عملے میں پچاس فی صد کمی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک سے اہل کار آج اپنے اپنے ملک چلے جائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق آج پاکستان میں بھارتی ہائی کیمشن سے 38 افراد پر مشتمل بھارتی عملہ اسلام آباد سے روانہ ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 2 بسوں اور ایک ٹرک پر روانہ ہوا، بھارتی شہریوں میں 6 سفارت کار بھی شامل تھے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ واپس جانے والے اہل کاروں میں فرسٹ سیکریٹری، 2 سیکنڈ سیکریٹری، 3 اتاشی بھی شامل تھے، تمام افراد واہگہ سے اٹاری سرحد پار کریں گے۔

    گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے

    دفتر خارجہ کے ذرایع نے بتایا کہ 143 پاکستانی بھی نئی دہلی سے واہگہ کے راستے واپس آئیں گے، واپس آنے والے پاکستانیوں میں ہائی کمیشن اہل کاروں کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ تئیس جون کو بھارت نے سفارتی عملے میں 50 فی صد کمی کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان نے بھی جواباً اپنے سفارتی عملے میں پچاس فی صد کمی کر دی تھی۔

    یاد رہے کہ 15 جون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہل کاروں کو تیز رفتاری پر پولیس نے گرفتار کیا تھا، اہل کاروں کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں بھارتی اہل کاروں سے متعلق یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

  • ایل او سی خلاف ورزی دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ہے: شاہ محمود

    ایل او سی خلاف ورزی دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ہے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایل او سی پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت متنازع شہریت کے ایکٹ پر شدید رد عمل سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی عوام نے مودی سرکار کی انتہا پسند سوچ کو مسترد کر دیا ہے، مودی حکومت خطے میں امن کو تہہ و بالا کرنے پر تلی ہے، دنیا جنگی جنون میں مبتلا بھارت سرکار کی شر انگیزیوں کا نوٹس لے۔

    تازہ ترین:  ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود نے پاک فوج کے شہید دونوں جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مسلح افواج کی جرأت اور بہادری کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، مسلح افواج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ، بھارت کسی بھول میں نہ رہے، قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فورسز نے ایک بار ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر اور دیوا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، دیوا سیکٹر میں فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ حاجی پیر سیکٹر نے پاک فوج کے منھ توڑ جواب سے تین بھارتی فوجی مارے گئے اور چیک پوسٹ تباہ ہو گئی۔

  • کرسمس تعطیلات میں بھارت کوئی ناٹک رچا سکتا ہے: شاہ محمود

    کرسمس تعطیلات میں بھارت کوئی ناٹک رچا سکتا ہے: شاہ محمود

    اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے خطے میں امن و امان کی تشویش ناک صورت حال پر اہم بیان دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کرسمس تعطیلات میں بھارت کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پڑوسی ملک بھارت کرسمس تعطیلات میں کوئی ناٹک رچا سکتا ہے، مودی سرکار دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس خدشے کا اظہار صدر سلامتی کونسل کو 12 دسمبر کے خط میں بھی کیا ہے، پی فائیو کے سفرا کو بھی ساری صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، بہ حیثیت وزیر خارجہ میرا فرض ہے کہ ساری صورت حال سے قوم اور دنیا کو آگاہ رکھوں، ان حالات میں قوم بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے۔

    یہ بھی پڑھیں:  افواج پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا، شاہ محمود قریشی

    ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کے ہتھکنڈوں کے خلاف بھارت میں علم بغاوت بلند ہے، آج مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو 140 روز ہو چکے ہیں، پورے بھارت میں کرفیو نافذ کرنا ممکن نہیں تھا ورنہ یہ بھی کیا جاتا، پیر کو بھارتی اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نےاحتجاج کی کال دی ہے، لکھنؤ میں اویسی صاحب کی قیادت میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر کے دارالخلافوں میں بھارتیوں نے احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کیا ہے، کینیڈا، امریکا، شکاگو اور یورپ کے دیگر ممالک میں احتجاج ہو رہا ہے، آج آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ نے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے، سیکولر بھارت ایک طرف اور ہندوتوا سوچ کے حامی دوسری طرف ہیں۔

  • کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی ایل او سی پر سیز فائر کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں پر ایک بار پھر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا، اس موقع پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

    ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں گزشتہ روز بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے چار معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی جانب سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت 2 سال میں 1970 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، اس سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

    پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے، اور امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

  • ویانا کنونشن جاسوسوں اور دہشت گردوں پر لاگو نہیں ہوتا: ایڈ ہاک جج کا اختلافی نوٹ

    ویانا کنونشن جاسوسوں اور دہشت گردوں پر لاگو نہیں ہوتا: ایڈ ہاک جج کا اختلافی نوٹ

    اسلام آباد: بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی کے فیصلے پر پاکستان کے ایڈ ہاک جج نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ ویانا کنونشن جاسوسوں اور دہشت گردوں پر لاگو نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق ہیگ میں عالمی عدالتِ انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کی ہے لیکن کہا ہے اگرچہ کلبھوشن پر جاسوسی کا الزام ہے، تاہم ویانا کنونشن لاگو ہوگا، یادیو تک قونصلر رسائی دی جائے۔

    عالمی عدالت کے قونصلر رسائی کے فیصلے پر پاکستان کی طرف سے ایڈ ہاک جج جسٹس تصدق جیلانی نے اپنا اختلافی نوٹ لکھا۔

    سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی نے لکھا کہ ویانا کنونشن جاسوسوں اور دہشت گردوں پر لاگو نہیں ہوتا، بھارت نے ریلیف کے لیے کنونشن کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن یادو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد

    ایڈ ہاک جج نے اپنے اختلافی نوٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ بھارتی درخواست قابلِ سماعت قرار نہیں دینی چاہیے تھی۔

    دریں اثنا، پاکستانی وکیل خاور قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کلبھوشن کی رہائی چاہتا تھا جو عالمی عدالت نے نہیں دی، عالمی عدالت میں پاکستان کے مؤقف کی فتح ہوئی۔ اٹارنی جنرل انور منصور کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت نے واضح کر دیا کلبھوشن یادیو رِہا نہیں ہوگا، کلبھوشن کی رہائی مسترد ہونا پاکستان کی واضح فتح ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی عدالت نے کلبھوشن کا حسین مبارک پٹیل کے نام سے بھارتی پاسپورٹ اصلی قرار دے دیا ہے، عالمی عدالت نے کہا کہ وہ اس پاسپورٹ پر 17 بار بھارت سے باہر گیا او رواپس آیا۔

    عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کمانڈر کلبھوشن پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا، کلبھوشن پر جاسوسی کا الزام اپنی جگہ مگر ویانا کنونشن لاگو ہوگا، پاکستان کلبھوشن کی پھانسی کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔

    عدالت نے کلبھوشن کے خلاف پاکستانی فوجی عدالت کا فیصلہ چیلنج کرنے کی بھارتی استدعا بھی مسترد کی۔