Tag: پاک ایران

  • ایران اسرائیل جنگ کے باوجود پاک ایران سرحد کھلی ہے، ذرائع وزارت خارجہ

    ایران اسرائیل جنگ کے باوجود پاک ایران سرحد کھلی ہے، ذرائع وزارت خارجہ

    ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باوجود پاک ایران سرحد بدستور کھلی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کا فضائی راستہ بند لیکن زمینی سرحد سے آمد و رفت جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایران سے پاکستانی زائرین سرحد کے راستے وطن واپس آ رہے ہیں اور پاکستان سے ایران جانے والے بھی زمینی راستے سے سرحد پار کر رہے ہیں۔

    ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، پاکستان سفیر دفتر خارجہ میں ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

    ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو وطن واپس لایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان پہلے ہی زائرین کے لیے ایڈوائزری جاری کر چکا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے جمعے سے زائرین کو اپنے شیڈول پر نظرثانی کی ہدایت کر رکھی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-iran-border-remain-open-24-7-for-pilgrims/

  • پاک ایران دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم پیشرفت

    پاک ایران دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم پیشرفت

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے رواں ماہ اہم ملاقات کا امکان ہے، دونوں رہنماوں کی ملاقات پشین کی سرحدی گزرگاہ کے قریب ہونے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک ایران دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہوئی، ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سےرواں ماہ اہم ملاقات کاامکان ہے۔

    وزیراعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات بلوچستان کے علاقے پشین میں متوقع ہے، ملاقات کیلئے وزیر اعظم کا خصوصی طور پر 18 مئی کو بلوچستان کے دورے کا امکان ہے۔

    ایرانی صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات پشین کی سرحدی گزرگاہ کے قریب ہونے کی توقع ہے ، جہاں ایرانی صدر اور وزیر اعظم مشترکہ طور پر ایران سے 100میگا واٹ بجلی درآمد کاافتتاح کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ایران سے فی الوقت 200 میگا واٹ بجلی درآمد کر رہا ہے، پاکستان کی ایران سے بجلی درآمد کو 500میگا واٹ تک بڑھانے گنجائش ہے، پاکستان 2002سے مکران ڈویژن کے لیے ایران سے بجلی درآمد کر رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی صدر اور وزیراعظم کے پاک ایران سرحدی منڈی کے باضابطہ افتتاح کا بھی امکان ہے، اپران اور پاکستان کی سرحد پر تین نئی تجارتی منڈیاں بھی کھولی جا رہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مند کے مقام پر پاک ایران تجارتی منڈی کو کھولا جا چکا ہے جبکہ پاک ایران سرحد پردیگر دومنڈیوں کو کھولنے کے حوالے سے کام جاری ہے۔

  • ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والا گروہ گرفتار

    ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والا گروہ گرفتار

    اسلام آباد: ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد کی ایک بڑی کارروائی میں ایران میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والے گروہ کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار احمد چوہان نے بتایا کہ ایران میں موجود انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تین پاکستانی نوجوانوں کو بغیر تاوان کی ادائیگی کے بازیاب کرا لیا گیا۔

    یہ گروہ بھتے کے لیے پاکستان سے لوگوں کو ایران لے جا کر ان پر بہیمانہ تشدد کر کے، اس کی ویڈیو ان کے گھر والوں کو بھجوا دیتے تھے، اور ان کی رہائی کے بدلے تاوان کا مطالبہ کرتے تھے۔

    ایک کیس میں مغوی کے والد نے ایف آئی اے سے رجوع کر لیا، جن کی درخواست پر انسداد انسانی اسمگلرز سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر حیات اور سب انسپکٹر زبیر کمال نے فوراً کارروائی شروع کی۔

    انسانی اسمگلرز سے بازیاب کرائے گئے افراد

    ایف آئی اے نے پاکستان میں تاج نامی سہولت کار کو گرفتار کر کے، اس سے اہم معلومات حاصل کیں، یہ معلومات فوری طور پر ایرانی حکام سے شیئر کی گئیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ایرانی حکام نے اغوا کاروں کے قبضے سے چاروں افراد کو بازیاب کرا لیا، اور تفتان سرحد پر ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا۔

    حکام کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایرانی حکام کو تفتیش میں حاصل مزید اہم معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافے کا منصوبہ

    پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافے کا منصوبہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئٹہ تافتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے، اس پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اہم بات چیت کی گئی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کوئٹہ، تافتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے فیزیبلیٹی اسٹڈی مکمل کر چکا ہے، اس ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا اس ٹریک کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت منظور ہونے والے ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئے گا، میری خواہش ہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان ریل تعاون کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

    ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے اس موقع پر کہا کہ اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے تحت پاکستان، ایران اور ترکی فریٹ ٹرین کے حوالے سے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

    پاکستان ریلوے اور ایران ریل کے درمیان شراکت داری کے باہمی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، دریں اثنا، ایرانی سفیر نے شیخ رشید کو ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد اسلامی کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

  • حکومت کا کرونا کے مشتبہ مریضوں کو ایران سے واپس لانے کا فیصلہ

    حکومت کا کرونا کے مشتبہ مریضوں کو ایران سے واپس لانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے کرونا کے مشتبہ مریضوں کو ایران سے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایران سے کرونا کے مشتبہ مریضوں کو واپس لایا جائے گا، ذرایع کا کہنا ہے کہ 2028 پاکستانیوں کو ایران سے کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق ایران سے مشتبہ پاکستانی مریضوں کو تافتان بارڈر سے منتقل کیا جائے گا، یہ پاکستانی ایران میں ایک ہفتہ قرنطینہ مکمل کر چکے ہیں، وطن واپسی پر بھی ان مسافروں کو کوئٹہ میں ایک ہفتہ قرنطینہ میں رکھا جائے گا، اس سلسلے میں کوئٹہ میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    پاک ایران سرحد 16 ویں روز بھی بند، افغان سرحد کی بندش میں ہفتے کی توسیع

    ایران میں دوران قرنطینہ ان پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، پاکستان میں ایک ہفتہ قرنطینہ میں علامات ظاہر نہ ہونے پر انھیں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، مریض کا تعلق کراچی سے ہے، چار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے ایک کا ٹیسٹ مثبت آیا، پاکستان میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے، دوسری طرف کرونا کا پہلا مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکا ہے۔

    پاک ایران ٹرانزٹ ٹریڈ بھی جزوی طور پر بحال کی گئی ہے، سرحد پر ڈرائیورز کی سخت اسکریننگ کی جا رہی ہے، ایران سے آنے والی گاڑیوں، کنٹینرز اور سامان پر جراثیم کش اسپرے کیے جا رہے ہیں۔

  • ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی

    ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی

    چاغی: ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ وطن واپس آنے والے زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایران سے لوٹنے والے زائرین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے، تمام زائرین کو سرحد پار کرتے ہی قرنطینہ (الگ تھلگ مقام) میں رکھا جا رہا ہے۔ سرحدی حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 2 سو سے زائد زائرین پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔

    تجارتی راہداری زیرو پواینٹ ٹرانزٹ سمیت تمام کاروباری گزرگاہیں 12 ویں روز بھی بند رہے، سرحدی علا قوں میں کاروبار اور نظام زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گٸی ہے، سرحد کی بندش سے ہزا روں پاکستانی افراد متاثر اور بے روزگار ہو گئے، ہزاروں پاکستانی تاجرز بھی متاثر ہیں، سینکڑوں مال بردار گاڑیاں بھی سرحد پر کھڑی ہیں، سرحدی علاقوں میں ایرانی اشیا کی شدید قلت سے لوگ مشکلات سے دوچار ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستانی سرحدی علاقوں کے لوگوں کا ذریعہ معاش ایران سے وابستہ ہے جس کی وجہ سے غریب افراد بہت زیادہ متاثر ہو چکے ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عائشہ زہری پاک ایران تفتان بارڈر پر آنے والے زائرین کے لیے انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں

    کرونا کے چھٹے مریض کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    خیال رہے کہ ایران میں نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 108 ہو چکی ہے، اور اب تک 3513 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان میں چھٹے کرونا کیس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے، مذکورہ مریض 25 فروری کو تہران سے بذریعہ جہاز کراچی واپس پہنچا تھا۔

    کراچی میں یہ تیسرا کرونا وائرس کیس ہے، جب کہ ملک بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 ہو چکی ہے، ان میں سے 2 اسلام آباد میں سامنے آئے تھے اور ایک مریض کا تعلق گلگت سے ہے، یہ تمام مریض ایران سے پاکستان لوٹے۔ ایران میں پھیلتی وبا کے پیش نظر پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کر رکھی ہے۔

  • شاہ محمود کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق فون پر گفتگو

    شاہ محمود کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق فون پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کی صورت حال پر گفتگو کی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کو فون کر کے خطے کی صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 4 ہفتے سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، صورت حال اس قدر تشویش ناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں، بھارت یک طرفہ اقدامات سے خطے کے امن کو تہس نہس کرنے پر تلا ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں بچوں اور نوجوانوں کو اغوا کر کے تشدد کیا جا رہا ہے، یہ صورت حال ایک نئے انسانی المیے کی نشان دہی کر رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمان بھارتی استبداد سے نجات چاہتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب سے کہا کہ کشمیری اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

    دریں اثنا، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی امداد کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم

    پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی امداد کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی مدد کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں ایران میں بد ترین سیلاب پر ہمدردانہ جذبات کے تحت کہا کہ وہ سیلاب سے دوچار ایرانی عوام کے لیے دعا گو ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کو ضروری امدادی سامان بھجوانے کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں بارش کے بعد آنے والے سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلاب سے ایران کے 13 صوبے متاثر ہوئے اور مجموعی طور پر 4 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

    سیلابی ریلے کے باعث 78 شاہراہیں بہہ گئی ہیں اور 84 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، سب سے زیادہ نقصان صوبہ لرستان کو پہنچا ہے جہاں اکثر دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو چکا اور 14 افراد جاں بحق ہوئے۔

    محکمہ موسمیات نے صوبہ خوزستان میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے سیلاب میں مزید طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ ڈیموں اور دریاؤں کے نزدیک واقع بستیوں کو حفظِ ماتقدم کے تحت خالی کرا لیا گیا ہے۔

    ایران میں مقامی اداروں کے ساتھ عالمی ادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، امدادی کیمپوں میں طبی مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔

  • ایران: شیخ رشید کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    ایران: شیخ رشید کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    تہران: وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان ایرانی ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایران کے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔

    [bs-quote quote=”پاکستان ایرانی ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    قبل ازیں شیخ رشید نے ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ قازوین رشت ریلوے کی افتتاحی تقریب کے دوران ملاقات کی۔

    واضح رہے کہ شیخ رشید کو قازوین تارشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ایرانی حکومت کی جانب سے دعوت دی گئی تھی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران ریلوے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے، پاکستان ایرانی ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

    وزیرِ ریلوے نے کہا کہ 70 سال میں پاک ایران تعلقات سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، پاکستان ایران کے ذریعے یورپ، وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی پا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر ایران جائیں گے

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ ریل کے شعبے میں تعاون کے فروغ کا خواہش مند ہے، ایران تفتان تا کوئٹہ، چابہار تا گوادر ریلوے لائن تعمیر کے لیے تعاون کرے۔

    انھوں نے کہا کہ ایران دورے کے دوران وہ ایرانی صدر اور سپریم لیڈر کو پاکستانی قیادت کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔

  • پاک ایران دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے، ایرانی سفیر

    پاک ایران دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے، ایرانی سفیر

    کراچی : ایران نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پاک ایران فوجی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، دونوں ممالک میں فوجی تعاون کے فروغ کیلیے بات چیت بے حد ضروری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن پراپنے حصے کا کام ایران نے مکمل کر لیا ہے، آئندہ دو برس میں ایرانی گیس سے پاکستانی مستفید ہوں گے۔

    ہمیں امید ہے کہ پاکستان بھی اپنے وعدے کے مطابق اپنی پائپ لائن کا کام مقررہ وقت میں مکمل کر لے گا، مہدی ہنر دوست نے پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعیناتی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی بطور آرمی چیف تعیناتی خوش آئند ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاک ایران دفاعی تعلقات میں بھی وسعت لائی جائے، جس طرح دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے تعلقات بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں اسی طرح دفاعی اور تجارتی تعلقات بھی بام عروج پر پہنچنے چاہیئں، ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ سی پیک ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، جس سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔

    علاوہ ازیں پاک ایران تجارتی تعلقات کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات شروع ہوگئے، مذاکراتی عمل ایک سال میں مکمل کیا جائیگا ۔ دونوں ملکوں کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر دو روزہ مذاکرات اتوار کو تہران میں شروع ہوئے تھے۔

    مذاکرات میں آزاد تجارتی معاہدے کیلئے ٹیکسوں سے متعلق امورپر بات چیت ہوئی، ورکنگ گروپ کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے وزارت تجارت اور ایف بی آر کے حکام نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق آزاد تجارتی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا، دوطرفہ تجارت کاحجم صرف 27 کروڑ ڈالر ہے جس کو آزاد تجارتی معاہدے کے تحت پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔