Tag: پاک ایران تعلقات

  • پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان

    پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ رات ایران کی طرف سے پاکستان کی خود مختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے سفیر کو ایران سے واپس بلا رہے ہیں۔

    ترجمان نے کہا ایران کے ساتھ آئندہ چند دنوں میں ہونے والی ملاقاتیں منسوخ کر دی گئی ہیں، پاکستان سے ایرانی سفیر کو بھی اپنے ملک جانے کا کہہ دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہوگی، ہم نے یہ پیغام ایرانی حکومت تک پہنچا دیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ ایران کی طرف سے حملہ عالمی قوانین، یو این چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے، یہ غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں، پاکستان اس غیر قانونی اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں ایرانی سفیر جو اس وقت ایران کے دورے پر ہیں، ممکن ہے کہ وہ فی الحال پاکستان واپس نہ آئیں، پاکستان نے ایران کے تمام اعلیٰ سطح دوروں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ایرانی صدر کا صدر پاکستان کو خط

    ایرانی صدر کا صدر پاکستان کو خط

    اسلام آباد: ایران کے صدر حسن روحانی نے نو روز کے موقع پر صدر عارف علوی کے نام خط ارسال کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک خط کے ذریعے صدر عارف علوی کو نو روز اور نئے ہجری سال کی مبارک باد دی ہے۔

    صدرِ ایران نے خط میں لکھا کہ نو روز کا تہوار امید اور خوشیوں کا پیغام لاتا ہے، اور غم اور اداسی سے آزادی کا احساس جگاتا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ انسان اپنے دلوں اور روح میں نئی بہار لا سکیں گے۔

    حسن روحانی کا کہنا تھا دنیا نےگزشتہ سال کرونا وبا، اور اس سے پیدا ہونے والے متعدد سماجی، معاشی چیلنجز کا سامنا کیا، امید ہے نو روز اس سال دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    خط میں ایرانی صدر نے دعائیں دیتے ہوئے لکھا ’میں اللہ تعالیٰ کے حضور آپ کی کامیابی اور اچھی صحت کے لیے، اور پاکستان کے عظیم لوگوں کے لیے خوشیوں اور رحمتوں سے بھرپور دنوں کے لیے دُعا گو ہوں۔‘

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں پاک ایران تعلقات میں دو اہم باتیں وقوع پذیر ہوئی تھیں، ایک طرف پاکستان نے ایرانی جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت کی، اور واضح کیا کہ ایسے اقدام بین الاقوامی تعلقات اور قانون کے تمام اصولوں کے خلاف ہیں۔ دوسری طرف پاکستان نے ترکی اور ایران کے ساتھ مل کر تینوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس آپریشنل کرنے پر اتفاق کر کے اس پر کام کا آغاز کیا۔

  • ایرانی بارڈر پر فورسز پر حملہ، آرمی چیف کا ایرانی فوج کے سربراہ سے ٹیلیفونک رابطہ

    ایرانی بارڈر پر فورسز پر حملہ، آرمی چیف کا ایرانی فوج کے سربراہ سے ٹیلیفونک رابطہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بارڈر پر فورسز پر حملے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایرانی بارڈر پر پاکستانی سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی فوج کے سربراہ کو ٹیلی فون کر کے تحفظات کا اظہار کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ پاک، ایران سرحد پر حملے میں 6 سیکورٹی اہل کار شہید ہو گئے تھے، اس سلسلے میں کی گئی ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں فوجی سربراہوں نے سیکورٹی اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پاک ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام شروع کر دیا ہے، جس کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہوگا، فینسنگ سے دہشت گردوں، اسمگلروں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔

    آرمی چیف نے ایرانی ہم منصب سے کہا کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے، اور ہم برابری کی بنیاد پر خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں کرونا کی وبا کی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

  • خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    تہران: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے، خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ کیا، شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری اور دیگر حکام وزیر اعظم کے ساتھ تھے، وزیر اعظم کی ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے دونوں ممالک میں تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم کی صدر روحانی سے ملاقات ہوئی دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے خلیجی ممالک کو کسی جنگی تنازع سے بچانے پر زور دیا، کہا خلیج کی موجودہ صورت حال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کر رہے ہیں

    انھوں نے کہا خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں، مذاکرات سے سعودی اور ایران کشیدگی میں کمی کے لیے سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت پر اظہار تشکر کیا، کہا مقبوضہ کشمیر میں 7 ہفتے سے 80 لاکھ افراد کا لاک ڈاؤن جاری ہے، انھوں نے صدر روحانی کو 5 اگست کے بھارتی اقدام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کے لیے خطرہ پیدا ہوا۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی امن کے لیے حالیہ اقدامات سے سپریم لیڈر کو آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ایرانی قیادت کے ساتھ خوش گوار ماحول میں ملاقاتیں ہوئیں، ایران نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی، دونوں فریقین نے مصالحتی عمل آگے بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • ایران سعودی ثالثی: وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر ایران جائیں گے

    ایران سعودی ثالثی: وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر ایران جائیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں شروع کر دیں، اس سلسلے میں وہ آج ایک روزہ مختصر دورے پر ایران جائیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ مختصر دورے پر ایران جا رہے ہیں، جہاں وہ ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے، وزیر اعظم کی ایران کے سپریم لیڈر آیت سید علی خامنائی سے بھی ملاقات ہوگی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہوں گے، ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں ایران سعودی تناؤ پر بات کریں گے۔ ملاقات میں خلیج میں امن، سیکیورٹی اور باہمی دل چسپی کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا اس سال ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے، وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران کا وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کی کوشش کا خیرمقدم

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ ایران اور ثالثی مشن آسان نہیں، ماضی میں بھی ثالثی کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیر اعظم پاکستان امن کے لیے ایک کوشش کرنے جا رہے ہیں، تیل پیدا کرنے والی قوتوں میں لڑائی کا نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی کم کرنے کے مشن پر جا رہے ہیں، ایران کے دورے کے بعد وزیر اعظم منگل 15 اکتوبر کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔

  • ایران سے تعلقات چیلنج ہے، نہیں چاہتے خطہ کسی اور تنازع سے دوچار ہو: شاہ محمود

    ایران سے تعلقات چیلنج ہے، نہیں چاہتے خطہ کسی اور تنازع سے دوچار ہو: شاہ محمود

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران سے تعلقات بہت بڑا چیلنج ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارا خطہ کسی اور تنازع سے دو چار ہو، کچھ لوگ آگ لگانا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ نہیں چاہتے۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ایران، سعودی عرب تنازع میں ہم اپنا کردار ادا کریں گے، ایران کے صدر اور وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے کرفیو توڑا اور باہر نکل کر آتش بازی کی، تقریر سے قبل اہم پوائنٹس بنائے گئے تھے، دوسری طرف مودی کی تقریر کے دوران باہر شیم شیم کے نعرے لگے۔

    ان کا کہنا تھا ایسا کبھی نہیں ہوا کہ یو این کے باہر ہزاروں پاکستانی اور کشمیریوں نے احتجاج کیا ہو، بھارت کی فرعونیت ہمارے سامنے ہے، آج بھی چھ کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    وزیر خارجہ نے کہا افغانستان کے مسئلے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے، زلمے خلیل زاد نے ہمیں بتایا کہ طالبان سے تمام معاملات طے ہو گئے تھے، افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا، خوشی ہے افغانستان میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوا، افغانستان نے بارڈر کھلا رکھنے کی درخواست کی تھی۔

    شاہ محمود نے کہا اللہ نے بھٹو کے بعد کسی کو عزت دی ہے تو وہ عمران خان ہیں، پاکستانی قوم یک جا ہو گئی ہے، کچھ لوگ اپنے مفادات کے لیے کھڑے ہیں، قوم پاکستان کے لیے کھڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے مل کر انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ٹی وی چینل اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرے گا اور اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرے گا۔

  • کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کیا ہوا ہے، برطانیہ جان بوجھ کر خطے میں مسئلہ کشمیر چھوڑ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے فکر مند ہیں، بھارت خطے میں مسلمانوں کو دبانے کی روش ترک کرے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال برطانوی حکومت کے ان شیطانی اقدامات کا نتیجہ ہے جو اس نے برصغیر کو چھوڑتے وقت کیے تھے۔

    ایران کے روحانی پیشوا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ کشمیریوں سے مناسب رویہ رکھے، بھارت اپنی کشمیر پالیسی کو مناسب بنائے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ انھیں کشمیر میں مسلمانوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت سے توقع ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا اور خطے میں مسلمانوں پر ظلم کی روش کو ترک کرے گا۔

    یاد رہے دو دن قبل تہران میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

    مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، آج وادی میں نافذ کرفیو کو 17 دن ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں رابطے کے تمام ذرایع بھی منقطع ہیں۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت بڑھانا چاہتے ہیں: وزیر اعظم عمران خان

    پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت بڑھانا چاہتے ہیں: وزیر اعظم عمران خان

    تہران: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے حجم کو بڑھانا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایران کے دارالحکومت تہران میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران اور بھارت کے درمیان تجارت کا حجم بہت کم ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم کو بڑھانا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کو تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی باہمی روابط اور تجارت سے ہوگی، ایران پر لگی پابندیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تجارت کو فروغ دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی: مشترکہ پریس کانفرنس

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت بڑھے گی تو ترقی کے راستے کھلیں گے۔

    قبل ازیں عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ون آن ون ملاقات کی، جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا دہشت گردی کی وجہ سے دونوں ممالک میں دوریاں پیدا ہوئیں، دونوں ممالک کے درمیان ان فاصلوں کو ختم ہونا چاہیے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر سے تجارت اور دیگر شعبوں کے فروغ پر بات کی گئی، ایران سے تجارت محدود ہے جسے بڑھانا چاہتے ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے، دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج دو روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، یہ وزیرِ اعظم کا ایران کا پہلا دورہ ہے، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان ایرانی صدر اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے، ایرانی قیادت سے اورماڑہ دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ یہ عمران خان کا ایران کا پہلا دورہ ہے، وہ یہ دورہ ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم ایران میں تاجر برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعے پر گزشتہ روز پاکستان نے ایرانی سفارت خانے کو ایک احتجاجی مراسلہ بھجوایا تھا، اس سانحے میں 10 پاک بحریہ، 3 پاک فضائیہ اور ایک کوسٹ گارڈ اہل کار شہید ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اورماڑہ دہشت گردی‘ پاکستان نے احتجاجی مراسلہ ایرانی سفارت خانے کو بھجوا دیا

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اورماڑہ میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان نے احتجاج کیا ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا پہلے بھی ایران سے کئی بار مطالبہ کر چکے ہیں۔

  • پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی امداد کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم

    پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی امداد کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کی مدد کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں ایران میں بد ترین سیلاب پر ہمدردانہ جذبات کے تحت کہا کہ وہ سیلاب سے دوچار ایرانی عوام کے لیے دعا گو ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کو ضروری امدادی سامان بھجوانے کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں بارش کے بعد آنے والے سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلاب سے ایران کے 13 صوبے متاثر ہوئے اور مجموعی طور پر 4 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

    سیلابی ریلے کے باعث 78 شاہراہیں بہہ گئی ہیں اور 84 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، سب سے زیادہ نقصان صوبہ لرستان کو پہنچا ہے جہاں اکثر دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو چکا اور 14 افراد جاں بحق ہوئے۔

    محکمہ موسمیات نے صوبہ خوزستان میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے سیلاب میں مزید طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ ڈیموں اور دریاؤں کے نزدیک واقع بستیوں کو حفظِ ماتقدم کے تحت خالی کرا لیا گیا ہے۔

    ایران میں مقامی اداروں کے ساتھ عالمی ادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، امدادی کیمپوں میں طبی مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔