Tag: پاک ایران سرحد

  • سپاہی عرفان اللہ کا پاک ایران سرحد پر یکم اپریل 2023 کو دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا تھا

    سپاہی عرفان اللہ کا پاک ایران سرحد پر یکم اپریل 2023 کو دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا تھا

    راولپنڈی: وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے خاندانوں کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کیا کرتی ہے، وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگانے والے نڈر سپاہی عرفان اللہ ان ہی شہیدوں میں سے ایک ہیں۔

    سپاہی عرفان اللہ نے پاک ایران سرحد پر یکم اپریل 2023 کو دفاع وطن کے لیے دہشت گردوں کا جواں مردی اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

    سپاہی عرفان اللہ شہید کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر بہت اچھے انسان تھے اور میرا بہت خیال رکھتے تھے، ان کی کمی تو ضرور محسوس ہوگی لیکن مجھے ان کی شہادت پر فخر ہے۔

    اہلیہ سپاہی عرفان اللہ شہید نے کہا ’’میری بیٹی مجھ سے پوچھے گی کہ میرے بابا کہاں ہیں، تو میں اسے بتاؤں گی کہ تمھارے بابا جنت میں ہیں۔‘‘

    سپاہی عرفان اللہ شہید کی والدہ نے کہا ’’میرا بیٹا جب بھی چھٹی پر آتا تو میرے پاؤں دباتا اور میر ی فرماں برداری کرتا تھا، مجھے اپنے بیٹے کی جدائی کا افسوس تو بہت ہے، لیکن مجھے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔‘‘

    سپاہی عرفان اللہ شہید کے بھائی نے کہا ’’شہید بھائی ہمیشہ وطن عزیز پر قربان ہونے کی دُعا کرواتا تھا۔‘‘

    سپاہی عرفان اللہ شہید نے اپنے سوگواران میں بیوہ اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں، سپاہی عرفان اللہ اپنی جوانی وطنِ عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بن گیا۔

  • دہشت گردوں کا پاک ایران  سرحد پر فوجی  چوکی پر حملہ، ایک جوان شہید

    دہشت گردوں کا پاک ایران سرحد پر فوجی چوکی پر حملہ، ایک جوان شہید

    راولپنڈی : پاک ایران سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پرحملے کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا تاہم جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کوشدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان میں عبدوئی سیکٹرمیں پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کردیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک ظہیراحمدشہید ہوگیا ، سیکیورٹی فورسز نے فرارہونےوالےدہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی ، جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کوشدیدنقصان پہنچا۔

    ترجمان کے مطابق شہیدلانس نائیک ظہیراحمدکاتعلق نوشکی سےہے، لانس نائیک ظہیراحمد نے بہادری سے لڑتےہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کامقصدبلوچستان کےامن وترقی کومتاثرکرناہے، سیکیورٹی فورسزدشمن عناصرکی کارروائیوں کوشکست دینےکیلئے پُرعزم ہیں۔

  • ایرانی بارڈر پر فورسز پر حملہ، آرمی چیف کا ایرانی فوج کے سربراہ سے ٹیلیفونک رابطہ

    ایرانی بارڈر پر فورسز پر حملہ، آرمی چیف کا ایرانی فوج کے سربراہ سے ٹیلیفونک رابطہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بارڈر پر فورسز پر حملے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایرانی بارڈر پر پاکستانی سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی فوج کے سربراہ کو ٹیلی فون کر کے تحفظات کا اظہار کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ پاک، ایران سرحد پر حملے میں 6 سیکورٹی اہل کار شہید ہو گئے تھے، اس سلسلے میں کی گئی ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں فوجی سربراہوں نے سیکورٹی اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پاک ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام شروع کر دیا ہے، جس کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہوگا، فینسنگ سے دہشت گردوں، اسمگلروں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔

    آرمی چیف نے ایرانی ہم منصب سے کہا کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے، اور ہم برابری کی بنیاد پر خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں کرونا کی وبا کی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

  • پاک ایران سرحد 16 ویں روز بھی بند، افغان سرحد کی بندش میں ہفتے کی توسیع

    پاک ایران سرحد 16 ویں روز بھی بند، افغان سرحد کی بندش میں ہفتے کی توسیع

    کوئٹہ: کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاک ایران سرحد 16 ویں روز بھی بند ہے، پاک افغان سرحد کی بندش میں بھی ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج پاک ایران سرحد کو جزوی طور پر کھولا جائے گا، سرحد کی بندش کو 16 روز ہو گئے ہیں، سرحد مہلک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بند کی گئی تھی۔

    دوسری طرف پاک افغان سرحد کی بندش میں بھی ایک ہفتے کی توسیع کی گئی ہے، سرحد بند ہونے کی وجہ سے پاک افغان دو طرفہ تجارت مکمل طور پر بند ہے۔

    تفتان بارڈر پر پاکستانی قرنطینے میں رکھے گئے افراد

    تفتان سرحد سے زائرین اور پاکستانی باشندوں کی وطن واپسی بھی جاری ہے، گزشتہ روز 137 افراد امیگریشن گیٹ سے پاکستان داخل ہوئے، ذرایع کا کہنا ہے کہ زائرین کو ٹاؤن ہال اور پاکستان ہاؤس کے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، تفتان کے قرنطینہ سینٹرز میں 3 ہزار 477 زائرین موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سرحدی حکام کے مطابق پاک ایران سرحد جزوی طور پر بحال کی گئی تھی، اور ایران سے زائرین، تاجر اور عام پاکستانی داخل ہوئے، جن میں 317 زائرین، 61 تاجر اور عام افراد پاکستان شامل تھے۔

    تفتان بارڈر پر پاکستانی قرنطینہ، عمارت کے اندر کم جگہ کی وجہ سے کھلی جگہ میں خیمے بنائے گئے ہیں

    خیال رہے کہ پاک ایران تفتان بارڈر پر ایران سے صرف پاکستانیوں کو آنے کی اجازت ہے، اور تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے، کلیئر ہونے کے بعد مزید سفر کی اجازت دی جا رہی ہے، تفتان میں خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے۔

    کرونا وائرس کے سلسلے میں ایران سے ملحقہ اضلاع گوادر، ماشکیل، مند اور پنجگور میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بھی 15 مارچ تک بند ہیں۔ یاد رہے کہ 24 فروری کو ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان الرٹ ہو گیا تھا اور تفتان بارڈر بند کر دیا گیا تھا، اس کے ساتھ ٹرانزٹ گیٹ، راہداری اور پاسپورٹ گیٹ بھی بند کر دیے گئے تھے۔

  • پاک ایران سرحد جزوی طور پر  بحال

    پاک ایران سرحد جزوی طور پر بحال

    چاغی: سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران سے زائرین، تاجر اور عام پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سرحدی حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ روز 317 زائرین، 61 تاجر اور عام افراد پاکستان میں داخل ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مجموعی طور پر ایران سے آنے والے پاکستانیوں کی تعداد 4650 ہو گئی ہے، ایران سے آنے والی 12 مال بردار ایرانی کنٹینرز پر بھی اسپرے کر کے انھیں جراثیم سے پاک کیا گیا، اور ڈرائیورز کی اسکریننگ کی گئی۔

    چین کا اگلے ماہ کرونا وائرس ویکسینز متعارف کرانے کا اعلان

    خیال رہے کہ پاک ایران تفتان بارڈر پر ایران سے صرف پاکستانیوں کو آنے کی اجازت ہے، اور تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے، کلیئر ہونے کے بعد مزید سفر کی اجازت دی جا رہی ہے، تفتان میں خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے۔

    کرونا وائرس کے سلسلے میں ایران سے ملحقہ اضلاع گوادر، ماشکیل، مند اور پنجگور میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بھی 15 مارچ تک بند ہیں۔ یاد رہے کہ 24 فروری کو ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان الرٹ ہو گیا تھا اور تفتان بارڈر بند کر دیا گیا تھا، اس کے ساتھ ٹرانزٹ گیٹ، راہداری اور پاسپورٹ گیٹ بھی بند کر دیے گئے تھے۔

  • پاک ایران سرحد پر باڑھ لگانے کا کام شروع کردیا گیا: کمانڈنٹ ایف سی بلوچستان

    پاک ایران سرحد پر باڑھ لگانے کا کام شروع کردیا گیا: کمانڈنٹ ایف سی بلوچستان

    اسلام آباد: کمانڈنٹ فرنٹیئر کورپس بلوچستان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بتایا کہ پاک ایران سرحد پر باڑھ لگانا شروع کردی گئی ہے جس کی ایران کی جانب سے مزاحمت کی جارہی ہے، جوابی کارروائی میں اب تک 15 شر پسندوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ کمانڈنٹ ایف سی بلوچستان نے اجلاس کو بتایا کہ پاک ایران بارڈر پر باڑھ لگانا شروع کردی ہے، باڑھ لگانے پر ایران کی جانب سے مزاحمت کی جارہی ہے۔

    کمانڈنٹ ایف سی نے بتایا کہ بارڈر پر 3 سے 4 سال تک باڑھ لگانے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ پاک ایران بارڈر پر قلعے بھی بنائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ حملہ کرنے والوں کے خلاف جوابی کارروائی کی ہے، جوابی کارروائی میں 15 شر پسند ہلاک ہوئے۔

    خیال رہے کہ 18 اپریل کو بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کر کے 14 افراد کو قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ملوث افراد کا بعد ازاں ایران سے آنے کا انکشاف ہوا تھا۔ واقعہ بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں مقتولین کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بزی ٹاپ واقعے میں لوگوں کو شناخت کر کے قتل کیا گیا، 18 اپریل کو ایرانی سرحد سے 15 سے 20 دہشت گرد داخل ہوئے۔

    وزیر خارجہ کے مطابق دہشت گردوں نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بسوں کو روکا، دہشت گردوں نے باقاعدہ شناخت کر کے 14 افراد کو شہید کیا۔ دہشت گرد فرنٹیئر کور کی وردی پہن کر داخل ہوئے تھے۔ شہدا میں 10 پاک بحریہ، 3 پاک فضائیہ اور ایک کوسٹ گارڈ کا اہلکار شامل تھا۔

    دوسری جانب پاک افغان سرحد پر بھی باڑھ لگانے کے دوران یکم مئی کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑھ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا۔

    الوڑہ کے مقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے پاکستانی فوجیوں پر حملہ کیا۔ پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کر کے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔

    پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔ شہید جوانوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔

  • پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ

    پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، بہتر سیکیورٹی مینجمنٹ سے دہشت گردی سے مؤثر طور پر نمٹا جاسکتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ایران کے موقع پر ایران کی سیاسی وعسکری حکام سےملاقات کے دوران کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    ملاقات میں پاکستان اورایران کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کی گئی، آرمی چیف نے ایرانی قیادت سے ملاقات میں جیو اسٹریٹجک صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی تعاون اوررابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ افغان صورتحال، خطے میں داعش کے بڑھتےہوئےخطرات پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ایرانی حکام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کوسراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنامثبت کردار ادا کررہا ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، ایران برادر ممالک اور تاریخی ثقافت کے حامل ہیں، بہتر سیکیورٹی مینجمنٹ سے دہشت گردی سے مؤثرطور پرنمٹا جاسکتا ہے۔

    بعد ازاں آرمی چیف نے جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، ایرانی قیادت نے دورہ ایران پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

  • ایران جانے والے 200 سے زائد زائرین سرحد پرپھنس گئے

    ایران جانے والے 200 سے زائد زائرین سرحد پرپھنس گئے

    تفتان : ایران سے پاکستان واپس آنے والے دو سو سے زائد زائرین پاک ایران سرحد پر پھنس گئے ہیں، جس میں ایک سو تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے ایران مزارات کی زیارت کرنے کیلئے جانے والے دو سو سے زائد زائرین چار روز سے سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    پاکستانی زائرین کو ایرانی حکام نے سیکیورٹی اسکواڈ نہ ملنے کے باعث چار روز سے روکا ہوا ہے، زائرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کھانے پینے کا سامان ختم ہوگیا ہے اور شدید گرمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    زائرین میں ایک سو تین خواتین اور پندرہ بچے بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے اب تک سرحد پر پھنسنے والے زائرین کو نکالنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

     

  • پاک ایران اجلاس، دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں

    پاک ایران اجلاس، دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں

    تہران : پاک ایران سرحد سیکورٹی اجلاس تہران میں ہوا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور سرحد پر سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا گیا۔  ایف سی ترجمان کے مطابق اجلاس میں آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد اور ایرانی بارڈر پولیس چیف جنرل قاسم راضی شریک ہوئے ۔

    اجلاس میں گزشتہ روز پاک ایران سرحد پر ہونے والے واقعے کا جائزہ لیا گیا، تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں اعلیٰ حکام نے دو طرفہ تعلقات استوار کرنے اور سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

    اجلاس میں انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا اور یہ بھی فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہذا سرحدوں کی کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔

    اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی سیکورٹی فورسسز میں باہمی رابطے کو مربوط بنایا جائے اور ساتھ ہی فورسسز کے درمیان حقائق پر مبنی اطلاعات کا تبادلہ بھی ہو ۔ سرحدی حدود کا احترام اور قانون کی پاسداری سے ہی معاملات میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی بھی دونوں ممالک کے تعلقات پر منحصر ہیں، یہ ہنگامی اجلاس گزشتہ روز ایرانی فورسسز کے پاکستانی حدود میں بلااشتعال فائرنگ کے بعد طلب کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔

    واضح رہے ایران نے گزشتہ ہفتے پاکستان کو دھمکی دی تھی کہ پاکستانی حکومت نے اپنی سرزمین کو شدت پسندوں سے محفوظ بنانے کے لیے ان کے خلاف کارروائی نہ کی تو ایران پاکستانی علاقے میں خود کارروائی کرے گا۔