Tag: پاک ایران کشیدگی

  • امید ہے پاک ایران تنازع مزید شدت اختیار نہیں کرے گا، بلاول بھٹو

    امید ہے پاک ایران تنازع مزید شدت اختیار نہیں کرے گا، بلاول بھٹو

    لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاک ایران کشیدگی سےپوراخطہ متاثر ہو سکتا ہے،امید ہے پاک ایران تنازع مزید شدت اختیار نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پاک ایران کشیدگی پر الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے پورا خطہ متاثر ہوسکتا ہے، امید ہے پاک ایران تنازع مزید شدت اختیار نہیں کرے گا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو سفارتی سطح پر حل کرنا چاہیے، ہم پرامید ہیں کہ اس بحران کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے اور جلد سفارتی رابطے بحال ہوں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ جس دن حملہ ہوا اسی روز ہمارے نگراں وزیراعظم اورایرانی وزیرخارجہ کی ڈیووس میں ملاقات ہوئی، ایران نے ملاقات میں بھی اس حملے کے بارے میں نہیں بتایا۔

  • پاک ایران کشیدگی پر امریکی صدر کا اہم بیان

    پاک ایران کشیدگی پر امریکی صدر کا اہم بیان

    امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ پاک ایران کشیدہ حالات کے دوران صورتِ حال کی پیشرفت سمجھنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

    امریکی صدر کا وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے ایک دوسرے پر حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران خطے میں زیادہ پسند نہیں کیا جاتا۔

    اس سے قبل پاک ایران کشیدگی پر امریکی قومی سلامتی امور کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ امریکا نہیں چاہتا ہے کہ پاک ایران کشیدگی میں اضافہ ہو۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ تنازعے پر گہری تشویش ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاک ایران کشیدگی پر کہنا تھا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ کشیدگی مزید نہ بڑھے۔

    نیتن یاہو کے صاف انکار کے باوجود امریکا دو ریاستی حل کیلیے کوشاں

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اچھے ہمسایہ تعلقات کے اصولوں کے مطابق مسائل حل کریں، سلامتی کے تمام خدشات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

  • پاک ایران کشیدگی:  قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ،  اہم فیصلے متوقع

    پاک ایران کشیدگی: قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، اہم فیصلے متوقع

    اسلام آباد : پاک ایران کشیدگی کے باعث قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں ملکی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایران کشیدگی کے باعث قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل ظہیر بابر اور سربراہ پاک بحریہ بھی شرکت کریں گے اور کمیٹی کےدیگرارکان شریک ہوں گے۔.

    ذرائع کا کہنا ہے اجلاس وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد ہوگا، جس میں شرکا کو پاک ایران صورتحال سمیت شرپسندوں کے خلاف کارروائی، قومی سلامتی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی ملکی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے بھی کرے گی۔

    خیال رہے موجودہ صورت حال کے پیش نظر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بھی ڈیووس کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے جبکہ ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو بھی پاکستان واپس آگئے ہیں۔

    گزشتہ روز پاک فوج نے آپریشن مرگ بر سرمچار کرکے ایران کو سرحدی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔

    ایران کے صوبے سیستان میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کئی دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔۔ عوام کی حمایت سے دشمنوں کے ارادے خاک میں ملادیں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے بھی کہا تھا کہ آپریشن ایران نہیں، دہشت گردوں کیخلاف کیا گیا، پاکستان اپنی خود مختاری اورعلاقائی سالمیت کو چیلنج کرنےکی اجازت نہیں دےگا۔