Tag: پاک برطانیہ تعلقات

  • برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا ہے، نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کا طیارہ نور خان ائیر بیس پر اتر گیا، شاہ محمود قریشی، ان کی اہلیہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جب کہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستہ پیش کیا۔

    اے آر وائی نیوز نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان میں مصروفیات کا شیڈول بھی حاصل کر لیا ہے، شاہی جوڑا کل صبح 10 بجے اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ کرے گا اور 11 بجے ٹریل فائیو پر ماحولیات کی تقریب میں شریک ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق شاہی جوڑے کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات 12 بجے، جب کہ وزیر اعظم عمران خان سے کل دوپہر ایک بجے ملاقات ہوگی، وزیر اعظم شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

    برطانوی شاہی مہمان کل شام 6 بجے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کریں گے، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ رات برطانوی ہائی کمیشن میں قیام کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات ہیں، شاہی جوڑا شمالی علاقہ جات اور لاہور کا دورہ اور سول سوسائٹی کے نمایندگان سے ملاقات کرے گا۔

    تازہ ترین:  برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر رکشے سجا دیئے گئے

    برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، جوڑے کو خوش آمدید کہنے کے لیے راولپنڈی اور لاہور میں رکشے برطانوی اور پاکستانی جھنڈوں اور خیر مقدمی پینٹنگز سے سجائے گئے ہیں۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کے دورے پر ہیں، 16 اکتوبر کو جوڑا لاہور جائے گا، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہیں دیکھیں گے، 17 اکتوبر کو شاہی مہمان چترال کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا، خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • وزیر داخلہ سے برطانوی وفد کی ملاقات، پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے: وفد

    وزیر داخلہ سے برطانوی وفد کی ملاقات، پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے: وفد

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے برطانوی وفد نے اہم ملاقات کی ہے، وفد نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے برطانوی وفد نے ملاقات کی، برطانوی وفد کا کہنا تھا اعجاز شاہ کے وزارت میں آنے سے سیکورٹی اقدامات میں بہتری آئی، اسلام آباد کو فیملی اسٹیشن ہونے کا اسٹیٹس واپس مل گیا ہے۔

    ملاقات کے دوران پاکستانی وفد کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا سہولتوں کو بہتر بنانے کی درخواست پر برطانوی وفد نے کہا پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے، پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات میں مزید بہتری چاہتے ہیں۔

    برطانوی وفد نے کہا کہ برطانوی شہریوں کا رحجان پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    دریں اثنا، وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وفد کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کو 58 روز بیت چکے ہیں، بھارت نہتے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، حق خود ارادیت کشمیریوں کا انسانی اور قانونی حق ہے، بھارت سے کشمیریوں کی حق تلفی کی جواب طلبی ہونی چاہیے۔

    برطانوی وفد نے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے، بھارتی حکومت سے کشمیر پر جارحیت کا جواب طلب کیا جانا چاہیے۔

    برطانوی ہوم سیکریٹری نے کہا مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان کی آواز کے ساتھ ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی بورس جانسن سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر بات چیت

    وزیر اعظم عمران خان کی بورس جانسن سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر بات چیت

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں آج وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں انھوں نے بورس جانسن کو کشمیر پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

    ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کو ممکن بنایا جائے۔

    تازہ ترین:  عمران خان اور امریکی صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس کا احوال

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو سمیت تمام پابندیاں اٹھانے پر زور دیا۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ اس صورت حال سے آگاہ ہے اور خود کو آیندہ بھی آگاہ رکھے گا۔ دریں اثنا، دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

    ملاقات میں برطانوی شاہی جوڑے کے دورۂ پاکستان پر بھی بات ہوئی، علاوہ ازیں دو طرفہ معاملات، ایران سے تناؤ اور افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔

    قبل ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم خطے کو جنگ کی آگ سے بچانے کے لیے امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں، ٹرمپ ثالثی کی پیش کش کرتے ہیں، اور بھارت فرار ہوتا ہے۔

    امریکی صدر نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سربراہان 3 دنوں میں ملنا چاہتے ہیں لیکن میں عمران خان سے ملنا چاہتا تھا، میں عمران خان پر بہت اعتماد کرتا ہوں وہ بہترین وزیر اعظم ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ڈیفنس چیف جنرل سرنکولس کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ڈیفنس چیف جنرل سرنکولس کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ڈیفنس چیف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل سر نکولس کارٹر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    وزیر اعظم آفس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    خیال رہے آج وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون رابطہ کیا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال اور بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  عمران خان، طیب اردوان رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام خطے کے امن پر اثر انداز ہوگا، اس صورت حال میں پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

    ترک صدر نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    قبل ازیں وزیر اعظم نے ملیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے رابطہ کر کے کشمیر کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی تھی، وزیر اعظم نے کہا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

  • اسحاق ڈار کی حوالگی: پاکستان اور برطانیہ مفاہمت کی یادداشت پر متفق

    اسحاق ڈار کی حوالگی: پاکستان اور برطانیہ مفاہمت کی یادداشت پر متفق

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک میں ہونے والے ایم او یو کی دستاویز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کی حوالگی کے لیے پاکستان اور برطانیہ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں، اے آر وائی نیوز نے دستاویز بھی حاصل کر لی، دونوں حکومتیں مفاہمت کی اس یادداشت پر متفق ہیں۔

    دستاویز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت صرف اسحاق ڈار کی حوالگی کے لیے ہے، جو تحویل مجرمان کے معاہدے کی عدم موجودگی میں قانونی بنیاد فراہم کرے گی۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کو کیسز کی پیروی کے لیے پاکستان کے حوالے کیا جائے گا، اور حوالگی کے دوران تمام اخراجات پاکستان ادا کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مفرور اسحاق ڈار سیاسی پناہ کے لیے ایک بار پھر ہوم آفس پہنچ گئے

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ حوالگی، حراست یا گرفتاری کے بعد کوئی ملک دوسرے کے خلاف مالی مطالبہ نہیں کر سکتا، دونوں حکومتیں مفاہمت کی اس یادداشت پر متفق ہیں۔

    خیال رہے کہ چار دن قبل مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ ایم او یو پر سائن ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو برطانوی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    دوسری طرف سابق وزیر خزانہ نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، تین دن قبل سیاسی پناہ کے لیے وہ دوسرے انٹرویو کے لیے برطانیہ کے ہوم آفس پہنچے تھے۔

  • وزیر خارجہ کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی یقین دہانی

    وزیر خارجہ کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی یقین دہانی

    لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ سے ملاقات کی ہے، برطانیہ نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی یقین دہانی کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود کی لندن میں سیکریٹری آف اسٹیٹ فار فارن افیئرز جیرمی ہنٹ سے ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات 2016 سے شروع ہونے والے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے سلسلے کی کڑی تھی۔

    ملاقات میں دونوں ممالک نے سیکورٹی سمیت متعدد شعبہ جات میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    شام محمود نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف یکساں احتساب پر یقین رکھتی ہے، ہم لوٹی دولت واپس لانا چاہتے ہیں، جس کے لیے اثاثہ جات ریکوری یونٹ بھی بنائے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں‌ بورس جانسن دوسرے مرحلے میں بھی آگے

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں پلواما حملے کے بعد پیدا صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، پاکستان حوالگی معاہدے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرے گا۔

    برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی کرپشن کے خاتمے کی کوششیں خوش آیند ہیں، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بات چیت آگے بڑھی ہے، ترقی کا راستہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خاتمے میں ہے۔

    جیرمی ہنٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، برطانیہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال سیاسی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں کرے گا۔

  • برٹش ایئرویز کی بحالی پاکستان کی امن کی کاوشوں کے لیے خراج تحسین ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    برٹش ایئرویز کی بحالی پاکستان کی امن کی کاوشوں کے لیے خراج تحسین ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ برٹش ایئرویز کی بحالی پاکستان کی امن کی کاوشوں کے لیے خراج تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے برٹش ایئرویز کی پروازیں بحال ہونے پر برطانوی ہائی کمشنر نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروازوں کی دوبارہ بحالی سے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

    برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں آج دونوں ملکوں کے لیے بڑا دن ہے۔

    انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ برٹش ایئرویز کی 10 سال سے زاید عرصے بعد پروازوں کی بحالی دراصل پاکستان میں امن و امان کی بہترین صورت حال کا عکاس ہے اور برٹش ایئرویز کی بحالی پاکستان کی امن کی کاوشوں کے لیے ایک ٹریبیوٹ ہے۔

    تھامس ڈریو نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی آج لندن ایئر پورٹ سے براہ راست پروازیں پھر شروع ہو رہی ہیں، لندن ایئر پورٹ سے پرواز اسلام آباد ایئر پورٹ لینڈ کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  برٹش ایئرویزکی پروازگیارہ سال بعد آج پاکستان کے لیے اڑان بھرے گی

    برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔

    تھامس ڈریو نے کہا کہ برٹش ایئر یورپ کی پہلی ایئر لائن ہے جو 10 سال سے زاید عرصے بعد پاکستان کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ پاکستان برطانیہ کی ثقافت، تجارت، سیاست اور لوگوں تک رسائی کا سبب بنے گا، پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں سے پاک برطانیہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ

    وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک برطانیہ وزرائے اعظم کے مابین فون پر بات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں تفصیلی گفتگو کی۔

    [bs-quote quote=”وزیر اعظم تھریسامے نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    دونوں رہنماؤں میں پلوامہ حملے کے بعد کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    عمران خان نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کی تعریف کی۔

    برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کم ہونی چاہیے۔

    وزیر اعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاک بھارت کشیدگی کے معاملے کی سنجیدگی کے پیشِ نظر دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کشیدگی: دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کررہے ہیں، مائیک پومپیو

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب کو دورۂ پاکستان کی دعوت دے دی، وزیر اعظم تھریسامے نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔

    یاد رہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے بھی کہا تھا کہ وہ پاک بھارت قیادت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، امریکا کی کوشش ہے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔

  • زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد اور برٹش ایئرویز حکام کی ملاقات

    زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد اور برٹش ایئرویز حکام کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد اور برٹش ایئر ویز حکام نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد نے ملاقات کی، برطانوی وفد میں برٹش ایئر ویز کے آفیشلز بھی شامل تھے۔

    [bs-quote quote=”برٹش ایئر ویز پاکستان میں سیاحت بڑھانے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”زلفی بخاری”][/bs-quote]

    ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بات چیت ہوئی، برٹش ایئر ویز کے آفیشلز نے معاونِ خصوصی زلفی بخاری کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، برطانوی وفد نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر سہولتوں کی بھی تعریف کی۔

    ملاقات میں برٹش ایئر ویز کے پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع ہونے پر بھی گفتگو کی گئی، معاون خصوصی زلفی بخاری نے برطانوی وفد کو مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ برٹش ایئر ویز پاکستان کے مثبت امیج کو پھیلانے میں مدد کرے، برٹش ایئر ویز پاکستان میں سیاحت بڑھانے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد سے فضائی آپریشن پر برٹش ہائی کمشنر کا بڑا بیان

    خیال رہے کہ برٹش ایئر ویز اپنا فلائٹ آپریشن رواں سال جون میں شروع کر رہا ہے، اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل برٹش ہائی کمشنر نے سیکریٹری ایوی ایشن کو خط میں کہا تھا کہ رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی۔

  • برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار، روک تھام کے لیے پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر لیا

    برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار، روک تھام کے لیے پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر لیا

    لندن: پاکستان کی طرح برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سمیت 100 سے زائد ممالک کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا، برطانوی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ایچ ایم آر سی نے نئے قوانین پرعمل درآمد شروع کر دیا۔

    [bs-quote quote=”برطانیہ سالانہ اربوں پاؤنڈز کی منی لانڈرنگ کا شکار ہے: این سی اے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    برطانیہ نے منی لانڈرنگ روکنے کے لیے 100 سے زائد ممالک کے ساتھ معاہدہ کر لیا، ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ برطانیہ سالانہ اربوں پاؤنڈز کی منی لانڈرنگ کا شکار ہے۔

    منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے جن ممالک کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، معاہدے کی رو سے ان ممالک کے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور بینکوں سے معلومات کا تبادلہ ہوگا۔

    دریں اثنا برطانوی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں پر نیا قانون لاگو کر دیا، برطانوی شہریوں کو اپنے بیرونِ ملک اثاثے اور آمدن کی تفصیلات 30 ستمبر تک ظاہر کرنا تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان منی لانڈرنگ میں ٹاپ تھری ملکوں میں سے ہے، رپورٹ


    برطانیہ نے اپنے شہریوں پر نیا قانون یکم اکتوبر سے لاگو کیا، اثاثے اور آمدن کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے والے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے، جب کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں، ان اکاؤنٹس میں 33 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہے۔

    برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے پاکستانی شہری فرحان جونیجو کی جائیداد اور منی ٹریل بھی سامنے آ گئی ہے، ملزم نے 2012 میں 35 ملین ڈالر دبئی بھیجے۔