Tag: پاک بھارت

  • ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ پر سنیل گواسکر کا بڑا بیان سامنے آگیا

    ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ پر سنیل گواسکر کا بڑا بیان سامنے آگیا

    نئی دہلی(20 اگست 2025): بھارت کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ایشیا کپ میں پاکستان کیخلاف کھیلنے کو بھارتی کھلاڑیوں کی مجبوری قرار دے دیا۔

    بھارت کے سابق کھلاڑی سنیل گواسکر نے ایشا کپ 2025 میں پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق گفتگو کی ہے، انہوں نے بھارتی کرکٹرز کے حق میں بولا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے پر تنقید نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ کھیلنا یا نہ کھیلنا اس میں کھلاڑیوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔

    سابق بھارتی کھلاڑی کا کھلاڑی کا کام بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت کے احکامات پر عمل کرنا ہوتا ہے، اگر حکومت نے فیصلہ کہ کھیلنا ہے تو  اس پر کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔

    سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بی سی سی آئی کے کنٹریکٹ میں ہیں اور وہ حکومت سے ہدایات لیتے ہیں، اس معاملے میں کھلاڑی لاچار ہیں اور وہ صرف ایشیا کپ کھیلنے کے لیے منتخب ہوئے ہیں، اگر حکومت انہیں کہتی ہے کہ کھیلو تو وہ کھیلیں گے اور اگر حکومت انہیں منع کرتی ہے تو وہ نہیں کھیلیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/asia-cup-2025-indian-squad-announced/

    واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، بھارتی اسکواڈٖ میں سوریا کمار یادیو، شبمن گل، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، وکٹ کیپر بیٹر جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن، ہرشیت سنگھ رانا اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔

    ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو میچ شیڈول ہے اور اگر ان دونوں ٹیموں نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا تو دونوں کے درمیان ممکنہ ٹاکرا 21 ستمبر کو ہوگا۔

  • پاک بھارت جنگ بندی برقرار، شرافت اسی میں ہے کہ صلح کرلیں، نائب وزیراعظم

    پاک بھارت جنگ بندی برقرار، شرافت اسی میں ہے کہ صلح کرلیں، نائب وزیراعظم

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے شرافت اور عزت اسی میں ہے کہ صلح کر لیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ چین سے واپسی پر اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس سے متعلق تفصیلی گفتگو کے ساتھ پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر بھی بات کی۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی برقرار ہے لیکن بھارتی وزیر دفاع کی ٹریلر اور فل پلے کی بات انتہائی غیر ذمہ داری ہے۔ ان کی عزت اور شرافت اسی میں ہے کہ صلح کر لیں۔ بھارت کے اسرائیل سے کیا تعلقات ہیں، اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

    نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیز فائر کے معاملے پر دونوں ممالک ابھی تک مکمل عملدرآمد کر رہے ہیں اور پاک بھارت ملٹری حکام کی پیس ٹائم واپسی پر بات چیت جاری ہے۔ پاکستان نے پہلگام واقعہ پر بھارت کے بیانیہ کو ناکام کیا اور تمام ممالک سے رابطہ کر کے اس واقعہ پر غیر جانبدار انکوائری کی بات کی۔ ہماری حکومت، عسکری قیادت اور اسٹیبلشمنٹ بلکل کلیئر ہے۔ پہلگام واقعے پر ہمارے ہاتھ صاف نہ ہوتے تو کبھی تحقیقات کی پیش کش نہ کرتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین کا دورہ معمول کا دورہ نہیں تھا۔ 10 مئی کی رات کو چینی وزیر خارجہ سے بات ہوئی اور اس میں یہ دورہ طے ہوا۔ چینی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی سے ملاقات بہت اچھی رہی۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت سے وابستگی کا اظہار کیا۔ پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا اگلا دور اسلام آباد میں ہو گا اور اس کے لیے چینی وزیر خارجہ پاکسان آئیں گے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ چین نے تنازع کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کی تائید کی اور وہ مسئلہ کشمیر کو خطے میں عدم استحکام کا باعث سمجھتا ہے، جبکہ پاکستان تبت سمیت ون چائنا پالیسی کا حامی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان، چین اور افغانستان مکمل طور پر کلیئر ہیں اور تینوں ملکوں نے اپنی اپنی سر زمین سے دہشتگردی کا قلعہ قمعہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہشت گردی کے ساتھ ویسے ہی نمٹیں گے جیسے پہلے نمٹا گیا۔

    نائب وزیراعظم نے بتایا کہ چین سی پیک 2 کو شروع کرنے اور آپریشنلائز کرنے کو تیار ہے۔ پاک افغان ٹرانس ریلویز ایک بڑا منصوبہ ہے اور چین اس منصوبے پر سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ چین نے آئی ایم ایف میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ ہمیں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ معاملات طے کرنے چاہئیں۔ کوشش ہے کہ خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی چین کی طرح سہ فریقی رابطہ ہو۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ سہ فریقی میکنزم کا چھٹا دور کابل میں ہو گا۔ افغانستان کے معاملات کو آگے لے جانے کا موقع ملا۔ پاکستان آنے والے افغان شہریوں کو ون ڈاکومنٹ رجیم پر لے آئے ہیں۔ افغان شہریوں کے لیے پاکستان کے ملٹی پل ویزا کی فیس سالانہ 100 ڈالر ہو گی۔

    انہوں نے خضدار سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خضدار سانحے پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ اس واقعے کے ذمہ داروں کو چھوڑا نہیں جائے گا، لیکن ہم بھارت کی طرح بزدل نہیں۔ بھارتی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان نے جوابی کارروائی مکمل طور پر پبلک کی۔

  • پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ایٹمی جنگ کے قریب تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

    پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ایٹمی جنگ کے قریب تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتے، پاکستان کے ساتھ بہت عمدہ بات چیت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت چھوٹی نہیں، بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں ملک ناراض تھے، اور دونوں ملک ایٹمی جنگ کے قریب تھے۔

    انھوں نے کہا لڑائی بڑھ رہی تھی، میزائل حملے کیے جا رہے تھے، وہ مقام آ گیا تھا جب ایٹمی جنگ چھڑ جاتی، میں نے اپنے اہلکاروں سے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو فون کرو، تجارت اور ملاقاتوں کا آغاز کرو۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’’میں نے کہا ہم تجارت کو بہت زیادہ بڑھائیں گے، میں اپنے وعدے پورا کرنے والا شخص ہوں، تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن کے لیے استعمال کر رہا ہوں۔‘‘


    جوہری معاہدے پر ایران جلدی سے آگے بڑھے، ٹرمپ


    امریکی صدر نے کہا بھارت سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا ہے، بھارت نے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے، اب بھارت امریکا سے ٹیرف 100 فی صد کم کرنے پر تیار ہے۔

    امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے معاملے میں تو وہ پُر یقین تھے تاہم پاکستان سے بھی تجارت پر بات کی ہے، پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکا سے تجارت کرے، پاکستانی ذہین لوگ ہیں، حیرت انگیز اشیا بناتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان سے امریکا زیادہ تجارت نہیں کرتا اس کے باوجود اُن کے پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں، ٹرمپ نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی امور میں انھیں زندگی میں آج تک جس بات پر سب سے زیادہ سراہا گیا ہے وہ پاک بھارت جنگ بندی کامیاب بنانا ہے۔

  • جنگ بندی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو بڑی خبر سنا دی

    جنگ بندی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو بڑی خبر سنا دی

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے فیصلے کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی دانش مندی کو سراہا، انھوں نے دونوں پڑوسی ممالک کو جنگ بندی پر خوش خبری بھی سنا دی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کی مضبوط اور ثابت قدم قیادت پر انھیں بے حد فخر ہے، خدا پاکستان اور انڈیا کی قیادت کو کامیاب کرے، اس نے بہت اچھا کام کیا۔

    انھوں نے مزید کہا بھارت اور پاکستان نے دانش مندی، ہمت اور بصیرت کے ساتھ صورت حال کو سمجھا، دونوں ممالک نے سمجھا کہ جارحیت کو روکنے کا وقت آ چکا ہے۔


    خطرناک انٹیلیجنس اطلاعات ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب کا مودی پر سیز فائر کے لیے دباؤ کا انکشاف


    امریکی صدر نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تنازعے میں لاکھوں نیک اور معصوم لوگ مارے جا سکتے تھے، مجھے فخر ہے کہ امریکا اس تاریخی اور جرات مندانہ فیصلے تک پہنچنے میں آپ کی مدد کر سکا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے خوش خبری سناتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ اگرچہ اس سلسلے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے تاہم وہ دونوں عظیم ممالک کے ساتھ تجارت کو نمایاں طور پر بڑھانے جا رہے ہیں، پاکستان اور بھارت مل کر کوشش کریں کہ کشمیر کے معاملے کا کوئی حل نکالا جا سکتا ہے؟

  • خطرناک انٹیلیجنس اطلاعات ملنے کے بعد نائب امریکی صدر کا مودی پر سیز فائر کے لیے دباؤ کا انکشاف

    خطرناک انٹیلیجنس اطلاعات ملنے کے بعد نائب امریکی صدر کا مودی پر سیز فائر کے لیے دباؤ کا انکشاف

    واشنگٹن: امریکا کو خطرناک انٹیلیجنس اطلاعات ملنے کے بعد نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کی جانب سے نریندر مودی پر سیز فائر کے لیے دباؤ کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ خطرناک انٹیلیجنس اطلاعات ملنے کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھارتی وزیر اعظم مودی کو فون کیا اور پاکستان سے براہِ راست رابطہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے دستیاب آپشنز پر غور کریں۔

    سی این این کی رپورٹ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف سوزی وائلس کو ایسی حساس معلومات دی گئی، جس نے تینوں حکام کو اس بات پر قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا کہ امریکا کو اپنی شمولیت میں اضافہ کرنا چاہیے۔


    بھارت اور پاکستان سیز فائر پر تیار ہوگئے، امریکی صدر ٹرمپ


    اس کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس نے بھارتی وزیر اعظم کو خود فون کیا، وینس نے مودی کو واضح کیا کہ وائٹ ہاؤس کا ماننا ہے کہ جیسے جیسے یہ تنازعہ ہفتے کے آخر کی جانب بڑھ رہا ہے، اس میں سنگین شدت آنے کا قوی امکان موجود ہے۔


    دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، شہباز شریف


    حکام کے مطابق جے ڈی وینس نے مودی کے سامنے ممکنہ راستہ بھی پیش کیا، جسے امریکا کے مطابق پاکستان قبول کرنے کے لیے تیار تھا، نائب صدر کی مودی کو کال کے بعد وزیر خارجہ روبیو سمیت دیگر حکام نے رات بھر بھارت اور پاکستان حکام سے رابطے کیے۔

  • پاکستان اور بھارت کے تنازع پر ملالہ یوسفزئی نے کیا کہا؟

    پاکستان اور بھارت کے تنازع پر ملالہ یوسفزئی نے کیا کہا؟

    نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے پاک بھارت کشیدگی پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

    سماجی کارکن اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، میں پاکستان اور بھارت کے لیڈروں سے پرزور اپیل کرتی ہوں کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سفارتکاری اور بات چیت کو فروغ دینے کیلئے کام کرنا چاہیے، امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب بھارتی فوج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 جنگی طیارے مار گرائے، اسکے علاوہ بھارت کے 3 ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹرز کو بھی تباہ کیا۔

  • پاک بھارت جنگی صورتحال : پاکستان میں ‘ایکس’ بحال کر دیا گیا

    پاک بھارت جنگی صورتحال : پاکستان میں ‘ایکس’ بحال کر دیا گیا

    اسلام آباد : پاک بھارت جنگی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں ایکس پر عائد پابندی ختم کرکے بحال کردیا گیا ۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی آئی ٹی وٹیلی کام کا چیئرپرسن سینیٹرپلوشہ خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، کمیٹی ارکان نے بھارتی حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک افواج کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    چیئرپرسن قائمہ کمیٹی پلوشہ خان نے بتایا کہ پاکستان نے ایکس پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور سروس بحال کردی گئی ، پاک بھارت جنگی صورتحال میں بیانیہ کی جنگ کےلئے پابندی ختم کی گئی۔

    پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی اے نے ایکس پرپابندی کے خاتمہ سے آگاہ کیا ہے۔

    سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ امریکاکےساتھ ٹیرف کےمعاملےپربات چیت جاری ہے، ٹیرف پرفائنل ہونےکےبعدڈیٹاپروٹیکشن بل پارلیمنٹ پیش کیا جائے گا۔

    سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ سائبرسیکیورٹی سےمتعلق چین سےاشتراک کیاجائے، جس پر سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ آپ کےتجویز کردہ اقدام پر پہلے ہی کام جاری ہے۔

    خیال رہے ایکس جو (پہلے ٹویٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) پر پاکستان میں پابندی عائد کر دی گئی تھی اور وی پی این کے بغیر رسائی ممکن نہیں تھی۔

    یاد رہے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ بھارتی فورسز نے پاکستان کے اندر چھ مقامات پر فضائی حملے کیے ، جن میں کوٹلی، بہاولپور، مظفر آباد، باغ اور مریدکے کو نشانہ بنایا گیا۔

    میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 26 شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فضائی حملوں کا بھرپور اور مربوط جواب دیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بھارت کے حملے کا جواب دیتے ہوئے دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے۔

  • بھارت جب بھی ایسا حملہ کرے گا اسے ایسا ہی جواب ملے گا: بیرسٹر گوہر

    بھارت جب بھی ایسا حملہ کرے گا اسے ایسا ہی جواب ملے گا: بیرسٹر گوہر

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت جب بھی ایسا حملہ کرےگا اسے ایسا ہی جواب ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت جب بھی ایسا حملہ کرےگا اسے ایسا ہی جواب ملے گا، پارلیمنٹ سے بھی بھارت کو واضح جواب ملے گا۔

    مشیرِ اطلاعات بیرسٹرسیف نے بھارتی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے معصوم جانوں کو نشانہ بنایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور یواین چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پاک فوج نے ماضی کی طرح ایک بار پھر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

     بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے طیارے گرا کر ثابت کردیا ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاک فوج نے بھارت کو سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور کردیا ہے۔

  • امریکا کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور

    امریکا کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور

    واشنگٹن: امریکا نے پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد بڑھتی کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور دیا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا امریکا دونوں ملکوں کی حکومتوں کے ساتھ مختلف سطح پر رابطے میں ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی ہم منصب جے شنکر اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے بدھ کو بات کی تھی۔

    بھارت کو ملنے والا جواب فوری اور بھرپور ہوگا، آرمی چیف کا ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجزکا دورہ

    ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ دونوں  سے گفتگو میں وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاک بھارت کو مسائل کے ذمہ دارانہ حل کا مشورہ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ایسا حل نکالیں جو طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام برقرار رکھے۔

    ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ جیسا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے ہفتے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارتی وزیراعظم مودی کو امریکا کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ پاکستان  نے اس کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    حملے کے بعد نہ صرف بھارت نے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدہ معطل کر دیا اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں بلکہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

  • اشتعال انگیزی کا نتیجہ، بھارتی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہونے لگیں

    اشتعال انگیزی کا نتیجہ، بھارتی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہونے لگیں

    پڑوسی ملک بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اعلان کے ذریعے اشتعال انگیزی کے نتیجے میں بھارتی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہونے لگی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اعلان کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت کو کرارا جواب دیا گیا اور پاکستانی فضائی حدود بند کر دی گئیں، جس کی وجہ سے بھارتی ایئر لائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا ہے، اور تاحال سنبھل نہیں سکا ہے۔

    طویل فاصلوں سے دہلی امرتسر آمد کی 33 پروازوں میں 2 سے 9 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، نجی ایئر کی دہلی الماتے کی پروازیں 6 ای 801، 6 ای 802 آج تیسرے روز بھی منسوخ کی گئیں، بھارتی نائب صدر کو روم سے دہلی واپس لے جانے والی خصوصی پرواز کو بھی طویل مسافت طے کرنی پڑی۔


    پی آئی اے کی پرواز بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرے گی


    نیویارک، ٹورنٹو، ویانا، لندن سے دہلی کی 8 پروازوں میں 3 سے 9 گھنٹے تاخیر ہوئی، دمام، فرینکفرٹ، برمنگھم، پیرس، میلان سے دبئی کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، ایمسٹرڈم، کوپن ہیگن، واشنگٹن، شکاگو سے دہلی کی پروازوں میں غیر معمولی تاخیر ہوئی۔

    تبلیسی، پیرس، جدہ، دوحہ، تاشقند سے دہلی کی پروازوں میں بھی 2 سے 7 گھنٹے تاخیر ہوئی، جب کہ طویل روٹ سے لندن اور دبئی سے امرتسر کی پروازوں میں بھی 2 گھنٹے تک تاخیر ہوئی ہے۔