Tag: پاک بھارت میچ

  • ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق وسیم اکرم کا دبنگ بیان

    ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق وسیم اکرم کا دبنگ بیان

    (21 اگست 2025): پاکستان کے سابق کپتان اور بڑے بڑے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے پر دبنگ بیان دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ آئندہ ماہ یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔ بھارت اس میگا ایونٹ کا میزبان ہے لیکن پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر ہونے والے معاہدے کے تحت ٹورنامنٹ نیوٹرل وینیو (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کو حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے گرین سگنل مل گیا ہے۔ تاہم ہندوستان میں موجود انتہا پسندوں اور متعصب کرکٹرز کی جانب سے میچ کا بائیکاٹ کرنے اور نہ کھیلنے پر زور دیا جا رہا ہے، جس کے باعث کرکٹ شائقین اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔

    اسی حوالے سے پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا موقف سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ ہو یا نہیں، لیکن کرکٹ نہیں رکنی چاہیے۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت سے میچ ہونے یا نہ ہونے سے پاکستانیوں کو کوئی مسئلہ نہیں۔ ہم مطمئن ہیں لیکن ردعمل بھارت کی جانب سے آ رہا ہے۔

    ایشیا کپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟

    لیجنڈری پیسر نے کہا کہ میری تو خواہش نے روایتی حریفوں کے درمیان ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ شروع ہو۔

    https://urdu.arynews.tv/former-indian-captain-against-pak-vs-india-match-in-asia-cup/

  • چمپئنز ٹرافی فائنل پاک بھارت میچ والی پچ پر ہوگا، بلیو شرٹس کو کیا فائدہ ملے گا؟

    چمپئنز ٹرافی فائنل پاک بھارت میچ والی پچ پر ہوگا، بلیو شرٹس کو کیا فائدہ ملے گا؟

    آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل مقابلہ اتور 9 مارچ کو اسی پچ پر کھیلا جائے گا جس پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔

    شوپیش ایونٹ کے فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے لیے زور آزمائی کریں گی، میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ ’کرک بز‘ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چمپئنز ٹرافی 2025 فائنل اسی پچ پر کھیلا جائے گا جہاں پاکستان اور بھارت مقابل آئے تھے۔

    پاک بھارت میچ کے دوران یہ پچ دھیمی اور سست رہی تھی، غالب امکان یہی ہے کہ اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں بھی پچ کا برتائو پہلے والا ہی ہوگا، چونکہ بھارت پہلے یہاں کھل چکا ہے اس لیے اسے کنڈیشن اور پچ کی سمجھ کے حوالے سے ایڈونٹیج حاصل ہوگا۔

    بھارتی اسپنرز کو یقینی طور پر پچ سے مدد ملے گی، پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں بھی اسپنروں کو پچ سے کافی مدد ملی اور پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے دیا گیا241 رنز کا ہدف بھارت نے باآسانی حاصل کیا تھا، اس پچ پر بھارتی اسپنرز اسپنرس کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجا نے مشترکہ طور پر 5 وکٹیں لی تھیں۔

    دبئی میں کھیلے گئے 4 میچز میں اوسط اسکور 246 رنز ہے، بھارت نے یہاں سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو بھی بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے شکست دی تھی۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی نے چمپئنز ٹرافی میں اب تک دبئی میں 4 الگ الگ پچوں کا استعمال کیا ہے، فائنل کے لیے ان 4 میں سے ایک پچ کا استعمال کیا جائے گا جو کہ اسٹیڈیم کے درمیان میں موجود ہے۔

    چمپئنز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت پہلے ہی نیوزی لینڈ کو ہراچکا ہے مگر اسے مقابلے میں کافی مشکل پیش آئی تھی، کیوز بیٹر نے بھارتی اسپنر کو اچھی طرح کھیلا تھا، تاہم پچ پر جو ٹیم اچھی طرح اسپن کو ٹیکل کرے گی اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہوںگے۔

    https://urdu.arynews.tv/mitchell-santner-wary-of-indian-spinner-ahead-champions-trophy-2025-final/

  • پاک بھارت میچ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ، مسلم شہری کا گھر مسمار

    پاک بھارت میچ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ، مسلم شہری کا گھر مسمار

    بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مسلم دشمنی کا ایک اور واقعہ رونما ہوا، پاک بھارت میچ کے بعد پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر مسلمان شہری کا گھر مسمار کردیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چیمپیئنزٹرافی میں پاک بھارت میچ کے درمیان میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا گیا تھا۔ جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق مقامی شخص نے مسلمان شہری اور اس کے خاندان پر ملک مخالف نعرے لگانے کا الزام لگایا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملوان میونسپل کونسل نے مسلمان شہری کا گھر مسمار کرکے مسلم دشمن ہونے کا ثبوت دیا۔

    واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند بھارت میں مسلمانوں کی جان ومال کا تحفظ نہیں اب مودی سرکار بھارتی مسلمانوں کی قیمتی وقف جائیدادیں ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔

    مودی کی سربراہی میں بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت سے متعلق یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ وقف قانون کی آڑ لے کر مسلمانوں کی قیمتی وقف جائیدادوں کو ہڑپنا چاہتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت بھر میں مسلمانوں کی وقف جائیدادیں پھیلی ہوئی ہیں جو لگ بھگ 10 لاکھ ایکڑ پر محیط ہیں۔ ان میں زرعی زمینوں کے ساتھ شہری عمارتیں، دکانیں، مساجد، مزارات اور قبرستان بھی شامل ہیں اور ان کی موجودہ مالیت 14 ارب امریکی ڈالر (پاکستانی لگ بھگ 3920 ارب روپے) ہے۔

    مسلمانوں نے یہ جائیدادیں اللہ تعالیٰ کی راہ میں وقف کر رکھی ہیں اور ان سے ہونے والی آمدنی مدارس اور دیگر فلاحی مسلم اداروں کو ملتی ہے اور انہیں 32 وقف بورڈ چلاتے ہیں۔

    تاہم مودی سرکار جس میں مسلمان خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں اب وہ وقف بورڈ کو کرپشن کا گڑھ بتا کر وقف ایکٹ میں ترمیم کر رہی ہے۔ اس ترمیم کے تحت وقف جائیدادوں کا انتظام وقف بورڈز کے بجائے ریاستی حکومتوں کی تحویل میں آ جائے گا۔

    بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے گھر اور درگاہیں مسمار کرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم مخالف اقدامات کے باعث مودی سرکار عالمی اور مسلم ممالک کے دباؤ میں ہے اور اس نے خصوصاً عرب ممالک سے تعلقات متاثر ہونے سے بچانے کے لیے قانون کی آڑ میں یہ گھناؤنا ہتھکنڈا اپنا رہی ہے۔

  • چمیپئنز ٹرافی: بہت بے آبرو ہو کر ’’اپنے ہی‘‘ کوچے سے ہم نکلے

    چمیپئنز ٹرافی: بہت بے آبرو ہو کر ’’اپنے ہی‘‘ کوچے سے ہم نکلے

    مرزا غالب نے اپنا شعر اس مصرعِ ثانی ’’بہت بے آبرو ہو کر ترے کوچے سے ہم نکلے‘‘ کے ساتھ باندھا تھا، مگر پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی ہی میزبانی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ایک میچ میں جس بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس نے ہمیں مرزا غالب کے اس مشہور شعر کے مصرع میں تحریف کرنے پر مجبور کر دیا۔

    پاکستان کو 29 سال بعد کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔ روایتی دشمنی میں کھیل کے میدان میں‌ بھارت نے ہمیں اس سے محروم کرنے کے لیے کئی ہتھکنڈے آزمائے جس میں ہمارا روایتی حریف تو ناکام ہوا لیکن ہمارے اپنوں نے جس بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس کے بعد ہمارے ذہن میں ایک بہت ہی عامیانہ شعر کا یہ مصرع ابھرا کہ ’’ہمیں تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دَم تھا۔‘‘

    چیمپئنز ٹرافی کا شور کئی ماہ سے ہو رہا تھا جس کے میچز اب بھی جاری ہیں لیکن میزبان اور دفاعی چیمپئن صرف پانچ روز ہی میں ہی اس میگا ایونٹ سے ایسے باہر ہوا ہے جیسے مکھن سے بال یا دودھ سے مکھی نکال دی جائے۔

    پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت سے شرم ناک اور یک طرفہ شکستوں کے بعد قومی ٹیم خالی ہاتھ خاموشی سے وطن واپس لوٹ چکی ہے۔ میگا ایونٹ سے قبل ٹیم اور بورڈ میں جتنا شور بپا تھا اب اتنا ہی سکوت طاری ہے۔ شور مچ رہا ہے تو شائقین کرکٹ اور تجزیہ کارروں کے بحث ومباحثے میں، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ میں یہ خاموشی کسی آنے والے طوفان کا پیش خیمہ ہوتی ہے۔ یہ خاموشی کیا طوفان اٹھاتی ہے یا سیدھے سادے الفاظ میں اس شکست کا ملبہ یا نزلہ کس پر گرایا جاتا ہے وہ وقت دور نہیں جب یہ سب آشکار ہو جائے گا۔

    چیمپئنز ٹرافی سے قبل باصلاحیت نوجوان اوپنر صائم ایوب اور پھر فخر زمان کا زخمی ہوکر میگا ایونٹ سے باہر ہونا یقینی طور پر پاکستان کے لیے سب سے بڑا شاک تھا لیکن انجریز کھیل کا حصہ ہیں۔ صائم ایوب کے بعد فخر زمان کے زخمی ہونا گرین شرٹس کے ذلت آمیز طریقے سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا جواز نہیں بنتا کیونکہ دیگر ٹیموں کے اہم کھلاڑی بھی زخمی ہوئے بلکہ آسٹریلیا کے تو ایک دو نہیں کپتان سمیت چار کھلاڑی میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے لیکن ان کی جگہ آنے والوں نے انگلینڈ کے خلاف جیسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سے یہ کمی ظاہر نہ ہوئی۔ یہاں نااہلی ثابت ہوتی ہے ہماری ٹیم منیجمنٹ کی جنہوں نے اپنی پوری بینچ نہیں بنائی اور کسی کھلاڑی کا متبادل تک تیار نہیں کر سکے۔

    چیمپئنز ٹرافی کے لیے تمام ٹیموں نے کئی ہفتے قبل اپنے اسکواڈز کا اعلان کر دیا تھا، لیکن میزبان پاکستان نے آئی سی سی کی ڈیڈ لائن سے کچھ وقت قبل ہی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ اسکواڈ کے اعلان میں اتنی تاخیر کے باعث سب کو توقع تھی کہ سلیکشن کمیٹی میگا ایونٹ کے لیے گوہر نایاب کھلاڑی سامنے لائے گی، لیکن جب اسکواڈ کا اعلان کیا گیا وہ بھی صرف ایک پریس ریلیز کے ذریعہ۔ یہ اعلان کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف تھا اور ایسے ایسے نام سامنے آئے، جو وہم وگمان میں بھی نہ تھے۔ سابق کرکٹرز تو اس کو سفارش اور پیراشوٹ سلیکشن بھی کہنے سے نہ کترائے۔

    جدت جہاں تمام شعبوں کو تبدیل کر رہی ہے، وہیں کرکٹ کو بھی تبدیل کر رہی ہے۔ اب کرکٹ تیز رفتار ہونے کے ساتھ کیلکولیٹڈ گیم بن چکا ہے۔ آدھے تیتر اور آدھے بٹیر والا زمانہ گیا، اب ہر پوزیشن کے لیے اسپیشلسٹ درکار ہوتے ہیں۔ سب کو توقع تھی کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی سر زمین پر ہو رہی ہے اور تمام ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں دو، تین اور چار اسپنرز ساتھ لا رہی ہیں تو ہماری ٹیم جو ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہی ہے اور حال ہی میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو اسپن اسکواڈ سے زیر کیا تو لازمی اس میں یہ اسپنرز شامل ہوں گے لیکن جب اعلان ہوا تو صرف ایک اسپیشلسٹ اسپنر اور ایک ہی اوپنر دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔
    حقیقت تو یہ ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے اسی وقت باہر ہو گیا تھا جب ان نادر اور نایاب کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا، جس میں صرف ایک اسپنر اور ایک اسپیشلسٹ اوپنر کے ساتھ اعلان کیا گیا۔ شائقین کرکٹ تو ٹھہرے جذباتی لیکن برسوں اس میدان میں کھیلنے والے سابق کرکٹرز بھی اس اعلان پر انگشت بدنداں ہوتے ہوئے بار بار اسکواڈ کو متوازن کرنے کے لیے مزید ایک اور اسپیشلسٹ اوپنر اور اسپنر کو شامل کرنے کا مشورہ دیتے رہے لیکن ہماری سلیکشن کمیٹی نہ جانے جاگتی آنکھوں کیا خواب دیکھ رہی تھی کہ اسپنرز کی مدد سے ہوم گراؤنڈ پر حالیہ کامیابیاں سمیٹنے کے باوجود ان فاسٹ بولرز پر تکیہ کیا جن کی وجہ سے ہم گزشتہ سوا سال میں ایشیا کپ، ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں اسی انداز سے ذلت آمیز طریقے سے باہر ہوئے تھے۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا سے غیر متوقع شکست اور میگا ایونٹ سے اخراج کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دھواں دھار پریس کانفرنس کرکے ٹیم میں بڑی سرجری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن سرجری کیا ہوتی، اس کی جگہ پاکستان ٹیم قوم کو ایک اور نیا زخم دے گئی ہے۔

    ورلڈ کپ 2023 کی شرمناک شکست کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلیاں ہوئیں۔ کئی بڑے نام والے کھلاڑیوں کو ڈراپ کر کے دورہ آسٹریلیا کے لیے ون ڈے میں نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا اور ان میں سے کئی نے کارکردگی دکھائی اور 22 سال بعد ان کی سر زمین پر ون ڈے سیریز جیتی۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کو اسی کے میدانوں میں وائٹ واش کیا لیکن جب اپنے ہوم گراؤنڈ پر چیمپئنز ٹرافی کا موقع آیا تو نہ جانے کس بقراط نے مشورہ دیا یا کہیں سے فون آیا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کو ان کی سر زمین پر ناکوں چنے چبوانے والے ان کھلاڑیوں میں سے بیشتر کو باہر کر کے اور وننگ کمبی نیشن توڑ کر اچانک کئی سال سے ٹیم سے باہر فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کو لایا گیا اور پھر نتیجہ سب نے ہی دیکھ لیا۔

    اس ذلت آمیز انداز سے ہوم گراؤنڈ پر ہی ایونٹ سے باہر ہونے پر کوئی ذمہ دار شرم تک محسوس نہیں کر رہا۔ لگتا ہے کہ سب کو تو سانپ سونگھ گیا ہے لیکن ہیڈ کوچ جو میگا ایونٹ کے دوران بھی نام نہاد فاسٹ ٹرائیکا سے جیت کی آس لگائے بیٹھے تھے اب پریس کانفرنس میں بھی ڈھٹائی سے ان ناکام کھلاڑیوں کا دفاع کر رہے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کا تسلسل کے ساتھ آئی سی سی ایونٹ سے اس طرح ذلت آمیز اخراج میں کھلاڑیوں سے زیادہ پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت ٹیم منیجمنٹ، سلیکشن کمیٹی کی قابلیت اور پالیسیوں پر سوال اٹھاتا ہے۔ ملک میں سیاسی تبدیلیوں کے ساتھ چیئرمین بورڈ کی تبدیلی، ان کے بدلتے ہی ٹیم منیجمنٹ کی تبدیلیاں، پالیسیوں میں عدم تسلسل۔ قومی مفاد سے زیادہ ذاتی مفادات اور انا نے آج قومی ٹیم کو اس جگہ پہنچا دیا ہے جہاں دنیائے کرکٹ کے بڑے کھلاڑی سابقہ عالمی چیمپئن کی حالت زار پر افسوس کرنے کے ساتھ اب پاکستان ٹیم کا شمار بنگلہ دیش اور زمبابوے سے بھی گئی گزری ٹیموں میں کر رہے ہیں۔

    اس وقت سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ٹیم میں اب بھی سدھار کی گنجائش ہے؟ تو اس کا جواب ہے بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، اگر اخلاص اور قومی جذبے کے ساتھ کوششیں کی جائیں تو اندھیرے اب بھی روشنی میں بدل سکتے ہیں۔ غلطیوں سے سیکھنا باشعور قوموں کا شعار ہے۔ ہم بہت غلطیاں کرچکے، اگر اب بھی غلطیاں نہ سدھاریں تو کرکٹ کا حال بھی عنقریب قومی کھیل ہاکی جیسا ہوگا اور اگر ایسا ہوا تو شاید اچھا نہ ہو کیونکہ فرقہ واریت، لسانیت، صوبائیت اور سیاسی تفریق میں تقسیم اس قوم کو صرف ایک چیز ہی جوڑتی ہے اور وہ ہے کرکٹ۔ تو کرکٹ کو بچائیں ملک کے اتحاد کو بچائیں، پھر چاہے اس کے لیے بے رحمانہ اور سخت فیصلے کیوں نہ کرنے پڑیں۔ کاغذی ہیروز سے دامن چھڑا کر ایسے باصلاحیت لوگوں کو آگے لائیں جو پاکستان ٹیم کا مستقبل روشن کر سکیں کیونکہ پاکستان کرکٹ ہے تو کرکٹ میں بڑے نام بھی ہیں۔

  • دلچسپ ویڈیو: پاک بھارت میچ کا نشہ، دولہا نے اپنی بارات میں سب کو حیران کر دیا!

    دلچسپ ویڈیو: پاک بھارت میچ کا نشہ، دولہا نے اپنی بارات میں سب کو حیران کر دیا!

    چیمپئنز ٹرافی میں دولہا نے اپنی شادی والے دن پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے وہ انوکھا قدم اٹھایا کہ باراتی پہلے حیران اور پھر خوش ہوگئے۔

    پاک بھارت میچ جہاں بھی ہو شائقین کا جوش وخروش عروج پر ہوتا ہے۔ لوگ روایتی حریفوں کا میچ دیکھنے کے لیے اپنی تمام مصروفیات اور بعض تو اہم امور تک ترک کر دیتے ہیں۔ ایسے میں ایک دولہا نے اپنی شادی کے دن اس بڑے میچ کو دیکھنے کے لیے ایسا انوکھا قدم اٹھایا کہ سب حیران رہ گئے۔

    چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان بھارت سے میچ ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگیا مگر اس میچ سے متعلق خبریں اب تک میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک دلچسپ خبر بھارت سے سامنے آئی ہے۔

    یہ دلچسپ واقعہ بھارت کے شہر عادل آباد میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان کی 23 فروری کو شادی تھی تاہم اسی روز روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ بھی ہونا تھا۔

    دولہا اور اس کے دوست احباب کرکٹ بالخصوص پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے رسیا تھے۔ اس شوق کے پیش نظر دولہے نے اپنی شادی کی تقریب میں ہال کے اندر اسٹیج کے قریب ایک بڑی اسکرین نصب کروا دی تاکہ شادی بھی متاثر نہ ہوا اور اس سمیت باراتی میچ سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔

    دولہا کے اس فیصلے نے شادی میں شریک دوستوں اور مہمانوں کو حیران کر دیا جنہوں نے شادی کی تقریب کے ساتھ ساتھ سنسنی خیز کرکٹ میچ کا بھی لطف اٹھایا۔ شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک یادگار لمحہ تھا جہاں ایک طرف خوشیوں کی محفل سجی تھی اور دوسری طرف کرکٹ کے میدان میں سنسنی خیز مقابلہ جاری تھا۔

     

  • پاک بھارت میچ میں دپیکا پڈوکون کی ’پاکستانی ہم شکل‘ کی ویڈیو وائرل

    پاک بھارت میچ میں دپیکا پڈوکون کی ’پاکستانی ہم شکل‘ کی ویڈیو وائرل

    پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اہم میچ میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ گزشتہ روز بنگلا دیش کے خلاف نیوزی لینڈ کی فتح کے بعد پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت سے پاکستان کی شکست کے بعد دبئی اسٹیڈیم میں موجود متعدد پاکستانی کرکٹ شائقین کی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنیں، جو اپنے اپنے انداز میں غصے کا اظہار کررہے تھے۔

    ایسے میں ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں فریال وقار نامی پاکستانی سپورٹر کو اسٹیڈیم سے باہر آکر میڈیا سے گفتگو کے دوران مسکراتے ہوئے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    پاکستانی کرکٹ سپورٹر فریال وقار کی آنکھیں اور چہرے کے نقوش حیران کُن طور پر بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون سے مماثلت رکھتے تھے جسے سوشل میڈیا صارفین نے فوری نوٹس کرلیا اور یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    دپیکا پڈوکون کی ہم شکل فریال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم آئی تھیں لیکن قومی ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر شدید مایوسی اور صدمہ ہوا ہے۔

    سابق کرکٹر کا شاہین، حارث اور نسیم سے پیچھا چھڑا کر آگے بڑھنے کا مطالبہ

    فریال کا کہنا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گیا ہے، اس لیے دل بہت زیادہ اداس ہوگیا ہے، میں لاجواب ہوچکی ہوں، آج ہماری ٹیم نے کیا کیا ہے؟ ہم تو پہلے میچ میں شکست کے باوجود پورے جوش و خروش کے ساتھ آج پاکستان کو سپورٹ کرنے آئے تھے۔

    ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • پاک بھارت مقابلہ : قومی ٹیم نے کتنی ڈاٹ بالز کھیلیں

    پاک بھارت مقابلہ : قومی ٹیم نے کتنی ڈاٹ بالز کھیلیں

    پاکستانی بیٹرز کی پرانی بیماری ختم نہ ہوسکی، چیمئپنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھی ڈاٹ بالز کھیلنے کی روایت نہ چھوڑی۔

    نیوزی لینڈ کے بعد بھارت کیخلاف بھی قومی ٹیم نے ڈاٹ بال کا انبار لگا دیا، آئی سی سی چیمئپنز ٹرافی کے سب سے بڑے میچ میں بھی بلے بازوں نے اپنی روایت نہ بدلی۔

    اے آر وائی کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں میزبان وسیم بادامی نے قومی ٹیم کے ڈاٹ بالز کھیلنے سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس چیمپیئنز ٹرافی میں صرف افغانستان ایسا ملک ہے کہ جس کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم سے زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں، افغان ٹیم نے 65.8فیصد جبکہ پاک ٹیم نے 56.4 فیصد ڈاٹ بال کھیلیں۔

    اس کے بعد بالترتیب بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، بھارت، ساؤتھ افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے اپنے میچز کے دوران ڈاٹ بالز کھیلیں۔

    قومی بلے باز298 میں سے 152 گیندیں ڈاٹ کھیل گئے، اوپنر امام الحق نے چھبیس گیندیں کھیلیں، 19 ڈاٹ بالزکھیلیں، اٹھارہ پر کوئی رن نہ بنایا۔

    کپتان رضوان نے 60 سے بھی کم کے اسٹرائیک ریٹ سے46 رنز جوڑے انہوں نے 77گیندوں کا سامنا کیا جس میں 43 ڈاٹ کھیلیں۔ گرین شرٹس پہلے میچ کی طرح دوسرے میں بھی پورے 50 اوور نہ کھیل سکیں۔

    قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 298 بالز کا سامنا کیا اور اس میں 152 ڈاٹ بالز کھیلیں، محمد رضوان اور سعود کی پارٹنر شپ میں دس اوور کے دوران صرف 27 رنز بن سکے، دونوں نے 104رنز 144گیندوں پر بنائے۔

    اس سے قبل گزشتہ میچ میں قومی بیٹرز نے کیویز کیخلاف 284میں سے 162ڈاٹ بال کھیلی تھیں، ٹرائی سیریز کے تین میچوں میں بھی 139، ایک سو تیرہ اور170 ڈاٹ بال کھیلی تھیں۔ نہ جانے اس بیماری کاعلاج کب کیسے اورکون کرےگا؟ ۔

    اس کے علاوہ بالرز کی بات کی جائے تو شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے مجموعی طور پر 23 اوور کرائے اور دو وکٹیں لیں۔

  • امام الحق کے غیرضروری رن آؤٹ ہونے پر شاستری کو انضمام الحق یاد آگئے

    امام الحق کے غیرضروری رن آؤٹ ہونے پر شاستری کو انضمام الحق یاد آگئے

    پاک بھارت میچ میں پاکستانی اوپنر امام الحق رن آؤٹ ہوئے جس پر کمنٹری باکس میں بیٹھے روی شاستری کو لیجنڈ انضام الحق یاد آگئے۔

    چیمپئنزٹرافی کے بلاک بسٹر میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اچھا اسٹارٹ ملا تھا، تاہم ایک غیرضروری رن لینے کے چکر میں اوپنر امام الحق رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد کمنٹری باکس میں انضمام الحق بھی زیربحث آگئے۔

    چونکہ امام الحق انضمام کے بھتیجے ہیں، اس لیے امام کے اس طرح رن آؤٹ ہونے پر کمنٹری کرتے ہوئے روی شاستری نے ازراہِ مذاق کہا کہ کیا اس طرح رن آؤٹ ہونا ان کے خون میں ہے۔

    روی شاستری، وسیم اکرم اور سنیل گواسکر نے امام الحق کے چچا اور پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق بارے میں گفتگو کی اور ماضی کا یاد کرتے ہوئے ہنس پڑے۔

    10ویں اوور کی دوسری گیند پر، امام الحق کلدیپ یادیو کی گیند کو مڈ آن کی طرف کھیل کر فوری سنگل کے لیے بھاگے مگر اکشر پٹیل نے براہ راست اسٹمپ کو نشانہ بناکر انھیں پویلیچ چلتا کیا۔

    امام 26 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے روی شاستری نے کمنٹری کرتے ہوئے وسیم اکرم سے انضمام سے پوچھنے کو کہا کہ کیا یہ ان کے خاندان میں چلتا ہے۔

    اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، انزی پریشان ہو جائے گا، یہ امام کا رن آؤٹ خودکش رن کی طرح تھا، اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی، وہ اچھی طرح سے سیٹ تھا۔

    کمنٹری کے دوران روی شاستری نے بتایا کہ امام کس طرح چھ مواقع پر رن آؤٹ ہوئے جب کہ بین الاقوامی کرکٹ میں 46 مواقع پر رن آؤٹ ہونے کا ریکارڈ انضمام الحق کے پاس ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-vs-india-icc-champions-trophy-2025/

  • بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے دوستانہ انداز میں ملنے کی تصویر وائرل

    بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے دوستانہ انداز میں ملنے کی تصویر وائرل

    پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کے آغاز سے قبل دو بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے دوستانہ انداز میں ملنے کی تصویر وائرل ہوگئی۔

    چیمپئینز ٹرافی میں بھارت کے خلاف بیٹنگ کے آغاز سے قبل جب قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم میدان میں داخل ہوئے تو ان کی بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی سے دوستانہ انداز میں ملاقات ہوئی اور یہ تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر توجہ کا مرکز بن گئی۔

    اہم معرکے سے قبل دونوں سپراسٹار بیٹرز نے ایک دوسرے کی طرف دوستانہ انداز میں ہاتھ بڑھایا جس پر تماشائیوں نے کھلاڑیوں کو داد دی، ایک تماشائی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے اس ’دن کی بہترین تصویر‘ سے تعبیر کیا۔

    خیال رہے کہ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

    اوپنرز کے ابتدائی نقصان کے بعد کپتان رضوان اور سعود شکیل نے پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالا تاہم پھر دونوں کی پے در پے وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکل کا شکار ہو گئی اور آدھی ٹیم 165پویلین لوٹ گئی۔

    پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 241 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سعود شکیل 62 اور کپتان محمد رضوان 46

    https://urdu.arynews.tv/ind-vs-pak-champions-trophy-2025-target/ رنز بنا کر نمایاں رہے۔

  • عام شائقین کیساتھ جیلوں میں قیدی بھی پاک بھارت میچ سے لطف اندوز ہوں گے!

    عام شائقین کیساتھ جیلوں میں قیدی بھی پاک بھارت میچ سے لطف اندوز ہوں گے!

    چیمپئنز ٹرافی میں آج پاکستان اور بھارت کے بڑے مقابلے سے صرف عام شائقین ہی نہیں بلکہ جیلوں میں قید قیدی بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ آج دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو رہا ہے۔ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی نظریں اس میچ پر لگی ہیں بالخصوص دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ تو یہ ہائی وولٹیج میچ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

    پاکستان میں جہاں اس میچ کو دیکھنے کے لیے شہر شہر بڑی اسکرینیں لگائی جا رہی ہیں وہیں پنجاب میں جیلوں میں قید قیدیوں کو بھی یہ بڑا مقابلہ دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر کی تمام 44 جیلوں میں قیدیوں کو پاک بھارت میچ دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    جب کہ بچوں کی جیلوں میں بھی کرکٹ میچ کی لائیو نشریات دکھانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

    سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے آئی جی جیل خانہ جات کو اس حوالے سے انتظامات کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کی تھیں، جس پر عمل کرتے ہوئے صوبے کی تمام جیلوں سمیت بچوں کی جیلوں میں بھی میچ اسکرین پر براہ راست دکھانے کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصٓوصی ہدایت پر پاک بھارت میچ کے لیے ایوب اسٹیڈیم کمپلیکس، میٹرو پولیٹن کارپوریشن آفس سمیت مختلف مقامات پر بڑی اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کے لیے ملک کے طول وعرض کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر بڑی اسکرینز نصب جب کہ دوستوں اور احباب سے ایک ساتھ میچ دیکھنے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے ہیں۔