Tag: پاک بھارت وزرائے خارجہ

  • بھارتی وزیرِ خارجہ کی ہرزہ سرائی، وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی کا ذمے دار پاکستان کو قرار دے دیا

    بھارتی وزیرِ خارجہ کی ہرزہ سرائی، وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی کا ذمے دار پاکستان کو قرار دے دیا

    نیویارک: بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے حسبِ روایت اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران پاکستان کے خلاف زہر اُگلا۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی وزیرِ خارجہ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگیں، سُشما سوراج نے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی کی ذمہ داری بھی پاکستان پر ڈال دی۔

    اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے سشما سوراج نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ناکامی کا ذمہ دار بھی پاکستان کو قرار دے دیا۔

    دوسری طرف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے خالصتان کے قیام اور بھارت کی مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں بھارت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین میں سکھ برادری اور کشمیری شامل تھے، مظاہرین نے بھارتی پنجاب اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سارک ممالک کی ترقی میں بھارت بڑی رکاوٹ ہے، شاہ محمود قریشی


    بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے، یہ احتجاج جنر ل اسمبلی میں بھارتی وزیرِ خارجہ کے خطاب کے موقع پر کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی خاتون وزیرِ خارجہ نے سفارتی آداب کے منافی طرزِ عمل کا بھی مظاہرہ کیا تھا، جب انھوں نے سارک ممالک کے وزرائے خارجہ کی سائیڈ لائن کانفرنس سے مختصر خطاب کیا اور کانفرنس سے چلی گئیں۔

    دوسری طرف سارک ممالک کے وزرائے خارجہ کی سائیڈ لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت سارک ممالک کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

  • پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

    پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امید ہے ملاقات میں مضبوط تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی، ہیدرنوئرٹ نے کہا کہ امریکا نیو یارک میں ہونے والی پاک بھارت وزرائے خارجہ کی متوقع ملاقات تعلقات میں بہتری کی جانب قدم ہے، اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک بھارت حکام کا ساتھ بیٹھنا اور معاملات پر بات چیت کرنا ایک مثبت پیغام ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور مودی نے بھی مثبت پیغامات کا تبادلہ کیا ہے، امید ہے ملاقات میں مضبوط تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو لکھے خط میں مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ وزیراعظم کا خط میں کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیراور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے۔

    جس کے جواب میں بھارت نے پیشکش قبول کرتے ہوئے مثبت جواب دیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کے درمیان27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔

    ،مزید پڑھیں: بھارت نے ملاقات کی تجویز قبول کر لی، وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو ہوگی

    اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات نیویارک میں کھانے کے دوران ہوگی، ملاقات سے پاک بھارت مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

  • پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں دونو ں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بہترکرتے ہوئے تجارتی عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔

    نئی دہلی میں پاک بھارت وزرائےتجارت کی ملاقات کامشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونو ں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر کرتے ہوئے تجارتی عمل کو تیز کرنے پراتفاق کیا گیا۔ دونوں وزراء نے مقامی منڈیوں تک تاجروں کی بلا امتیاز رسائی پر اتفاق کیا ، جبکہ واہگہ اٹاری بارڈر پر تاجروں کے لئے کارگو سروس کی سہولت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

    اعلامیہ کے مطابق واہگہ اٹاری لینڈ اسٹیشن پر ہفتے میں سات دن کام کرنے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا،  دونو ں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لئے امر تسر اور لاہور کے درمیان نایاب کار ریلی منعقد کی جائے گی ، مشترکہ بزنس فورم کا تیسرا اجلاس اگلے ماہ ہوگا۔ بھارتی وزیر تجارت آنند شرما اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے وزیرتجارت آنند شرما نے کہا کہ واہگہ بارڈر کو تجارتی آمدو رفت کے لئے ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے پر پاکستان اور بھارت میں اتفاق ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مرکزی بینکوں نے حکومتوں کی جانب سے نامزد کردہ بینکوں کو لائسنس دینے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ پاکستان برابری کی بنیاد پر بھارت کو مارکیٹوں تک رسائی دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت تجارت سے نہ صرف حکومتوں بلکہ عوام کو بھی اس کا فائدہ ہوگا۔