Tag: پاک بھارت

  • کرتارپور راہداری: بھارت کی ڈیرہ بابا نانک سے عالمی سرحد تک فلائی اوور بنانے کی پیش کش

    کرتارپور راہداری: بھارت کی ڈیرہ بابا نانک سے عالمی سرحد تک فلائی اوور بنانے کی پیش کش

    اسلام آباد: پاکستان کی طرف سے بھارت کے ساتھ کرتارپور راہداری پر 50 فی صد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے، دونوں ممالک کے تکنیکی ماہرین نے منصوبے پر مذاکرات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری پر پاکستان کی طرف سے 50 فی صد سے زائد کام مکمل ہو گیا ہے، منصوبے پر پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات ہوئے۔

    دو طرفہ مذاکرات میں راہداری سے منسلک سڑک کی تعمیر، باڑ لگانے اور نقشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دریں اثنا، کرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات کے دور ان بھارت نے ڈیرہ بابا نانک سے عالمی سرحد تک فلائی اوور بنانے کی پیش کش کر دی۔

    ذرایع کے مطابق تکنیکی سطح پر مذاکرات میں بھارتی ماہرین نے سو میٹر لمبا فلائی اوور بنانے کی تجویز دی، بھارتی مؤقف ہے کہ برسات میں اس علاقے میں پانی جمع ہوجانے سے دشواری ہوتی ہے۔

    ذرایع نے کہا کہ پاکستانی ماہرین بھارتی پیش کش پر اپنی رپورٹ متعلقہ وزارتوں کو پیش کریں گے، مذاکرات میں کسٹمز اور امیگریشن کے معاملات بھی زیر بحث آئے، دونوں ممالک کے وفود اپنی اپنی رپورٹس اپنے متعلقہ وزارتوں میں منظوری کے لیے جمع کرائیں گے۔

    یاد رہے بھارت نے کرتار پور راہدری پر دو اپریل کو واہگہ پر ہونے والے مذاکرات ملتوی کردیئے تھے، بھارتی وزارت خارجہ نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا تھا مذاکرات سے پہلے پاکستان راہداری سے متعلق تجاویز پر وضاحت دے، جواب آنے کے بعد مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

  • شوہر کے ظلم سے تنگ بھارتی خاتون پاکستان آگئی، اسلام قبول کرلیا

    شوہر کے ظلم سے تنگ بھارتی خاتون پاکستان آگئی، اسلام قبول کرلیا

    اسلام آباد / گوجرانوالہ: شوہر کے ظلم سے تنگ بھارتی خاتون پاکستان بھاگ آئی، چندی گڑھ کی ٹینا نے پاکستان آ کر اسلام قبول کر لیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو خاتون نے اپنے شوہر کے تشدد سے تنگ آ کر ملک چھوڑ دیا اور پاکستان آ کر اسلام قبول کر کے گوجرانوالہ کے ایک شہری سلیمان سے شادی کر لی۔

    دوسری طرف بھارتی دفتر خارجہ نے ٹینا کو بھارت واپس بھیجنے کی درخواست کر دی اور کہا کہ ٹینا اپنے شوہر امیش سے ناراض ہو کر پاکستان آئی ہے۔

    بھارتی دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سلیمان نے اسے زبردستی اسلام قبول کروانے کے بعد یرغمال بنا رکھا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کے ذرایع کے مطابق ٹینا کو بھارتی حکام کے حوالے کرنے کی بھارتی درخواست کو مسترد کر دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئی دباؤ نہیں، بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہا ہے

    خیال رہے کہ ہندو خواتین کے قبول اسلام پر بھارت کی جانب سے ہمیشہ یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ مذہب کی تبدیلی زبردستی کرائی گئی ہے، سندھ کے علاقے گھوٹکی کی دو بہنوں کے حوالے سے بھی بھارت نے الزام لگایا کہ انھیں زبردستی اسلام قبول کرایا گیا۔

    گزشتہ روز گھوٹکی کی نو مسلم بہنوں نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں، بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہا ہے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے نو مسلم بہنوں‌ آسیہ اور نادیہ نے کہا کہ انھیں بچپن سے مسلمان ہونے کا شوق تھا، جو اب پورا ہوا۔

  • پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے: شیلا جیکسن کا خط

    پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے: شیلا جیکسن کا خط

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے پاک بھارت تنازعے کے خاتمے سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرخارجہ مائیک پومپیو کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیلا جیکسن نے اپنے خط میں پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے خصوصی نمائندہ برائے جنوبی ایشیا مقرر کیا جائے، امریکی خصوصی نمائندہ دوطرفہ مباحثے کی ابتدا کرکے باہمی تعاون کو فروغ دے۔

    خط کے متن کے مطابق معاملے پر توجہ نہ دی گئی تو خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، خطے میں امن واستحکام کیلئے دونوں ملکوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

    دونوں ملکوں نے کئی مواقع پر امریکی کی مدد کی، امریکی مداخلت کے باعث تنازع کے خاتمے سے مثبت اثرات سامنے آئیں گے، ٹرمپ انتظامیہ کی اس اہم سفارتی معاملے پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

    خط مں مزید کہا گیا ہے کہ کانگریس میں چیئرپرسن پاکستان کاکس کی حیثیت سے معاملے پر پیشرفت کی منتظر ہوں۔

  • پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے والے مودی کا اصل مقصد بے نقاب

    پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے والے مودی کا اصل مقصد بے نقاب

    نئی دہلی: پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا اصل مقصد بے نقاب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا، پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے کا اصل مقصد مہاراشٹر میں ایک ریلی میں خطاب کے دوران سامنے آ گیا۔

    نریندر مودی نے مہاراشٹر میں انتخابی ریلی سے خطاب میں نوجوانوں سے پلواما اور بالاکوٹ واقعے کا نام لے کر ووٹ مانگ لیے۔

    دوسری طرف بلی تھیلے سے باہر آنے پر اپوزیشن جماعتوں نے انڈیا کے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  انڈین ائیرفورس نریندر مودی کی ترجمان نہ بنے، بھارتی تجزیہ کار برس پڑے

    خیال رہے کہ بھارتی نژاد امریکی شہری نے نریندر مودی کی سازش کا بھانڈا پھوڑا تھا کہ مودی نے ووٹ کے لیے خون خرابے کی سازش کی ہے۔

    واضح رہے کہ آج معروف بھارتی تجزیہ کار اشوک سوین بھی پاکستان کے خلاف بھارتی فضائیہ کے بے بنیاد دعوؤں پر برس پڑے اور کہا کہ یہ دعوے مضحکہ خیز ہیں، بھارتی فضائیہ مودی کی ترجمان نہ بنے، ایئر فورس کو مودی کی الیکشن مہم کے لیے تذلیل سے گزارا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: ہندو انتہا پسندوں کا مسلمان بزرگ پر گوشت فروخت کرنے کا الزام، بدترین تشدد

    انھوں نے بھارتی فضائیہ کی پریس کانفرنس اور پاکستان ایف 16 گرانے کے دعوے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ مودی چلا جائے گا، مگر بھارت کو یہیں رہنا ہے۔

  • پاکستان کی کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں جوابی کارروائی کی وارننگ

    پاکستان کی کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں جوابی کارروائی کی وارننگ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ طلب کر کے بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کی صورت میں جوابی کارروائی کی وارننگ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر لیا، کہا گیا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں جوابی کارروائی کی جائے گی۔

    ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں جوابی کارروائی کی وارننگ دی گئی، کہا گیا کہ بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جوابی کارروائی کی جائے گی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق وارننگ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کے بعد دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت پلوامہ جیسی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا ہے، شاہ محمود قریشی

    خیال رہے کہ آج ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت اپریل ہی کے مہینے میں پلوامہ جیسے ایک نئے واقعے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارتی حملے کا ممکنہ ہدف مقبوضہ کشمیر ہو سکتا ہے، اس حوالے سے بہ حیثیت مبصر پاکستان پی فائیو ممالک کے سفیروں کو صورت حال کا جائزہ لینے کی دعوت دے رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ بھارت 16 سے 20 اپریل کے دوران پلوامہ کی طرز پر کوئی کارروائی کر کے پاکستان پر سفارتی دباؤ بڑھانے کی کوشش کرے گا۔

  • بھارت: ہولی کے دن کرکٹ کھیلنے پر انتہا پسند ہندوؤں کا مسلمان گھرانے پر تشدد

    بھارت: ہولی کے دن کرکٹ کھیلنے پر انتہا پسند ہندوؤں کا مسلمان گھرانے پر تشدد

    نئی دہلی: پڑوسی ملک بھارت میں مسلمانوں کو ہولی کے دن کرکٹ کھیلنا مہنگا پڑ گیا، انتہا پسند ہندوؤں نے گھر میں گھس کر مسلمان گھرانے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی مسلمان گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے، ہولی کے دوران کرکٹ کھیلنا جرم بن گیا، مسلمان گھرانے کو انتہا پسند ہندوؤں نے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی، دلی کے قریب انتہا پسندوؤں نے مسلم گھرانے پر دھاوا بولا، نشے میں دھت افراد نے ڈنڈوں سے اہل خانہ کو مارا، پاکستان بھیجنے کی دھمکی بھی دی۔

    بھارت میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد کا یہ واقعہ گروگرام میں پیش آیا، ہندو انتہا پسندوں نے اندھا دھند ڈنڈے برسائے، خواتین اور بچے چیختے چلاتے رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: گائے کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے رپورٹ جاری کردی

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ اس وقت ہوا جب باہر کرکٹ کھیلنے والے مسلم نوجوانوں کے پاس ہندو انتہا پسند آئے اور ان سے کہا کہ جا کر پاکستان میں کھیلو۔

    خیال رہے کہ ہریانہ کے گروگرام میں نماز کو لے کر بھی ماضی میں تنازعات ہوئے ہیں، گزشتہ سال ستمبر میں انتہا پسند ہندوؤں کے کہنے پر میونسپل کارپوریشن نے مسجد کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ہندوؤں کا کہنا تھا کہ دن میں پانچ وقت اذان کے لیے مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے انھیں تکلیف ہو رہی ہے۔

  • جے ایف 17 تھنڈر نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں: شاہد لطیف

    جے ایف 17 تھنڈر نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں: شاہد لطیف

    کراچی: دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر کی قابلیت و صلاحیت دنیا کے سامنے آئی ہے، اس نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل (ر) شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر کی قابلیت و صلاحیت دنیا کے سامنے آ چکی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لڑاکا طیارے کے ڈیزائن میں 10 سال لگتے ہیں، پاکستان نے جے ایف 17 تھنڈر طیارہ 3 سال میں مکمل کیا۔

    شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں، بھارتی طیارے مار گرانے سے ثابت ہوا جے ایف 17 تھنڈر کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا معائنہ، وطن روانہ

    انھوں نے کہا کہ ملیشین وزیر اعظم نے بھی پاکستان دورے کے موقع پر جے ایف 17 تھنڈر طیارے میں دل چسپی ظاہر کی، جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی اب دنیا میں مارکیٹنگ ہوگی۔

    واضح رہے کہ آج ملیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہوئے، روانگی سے قبل اعلیٰ حکام نے انھیں جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اہم فیچرز سے آگاہ کیا، مہاتیر محمد نے پاک چین اشتراک سے تیار ہونے والے جدید ترین لڑاکا طیارے میں گہری دل چسپی لی۔

  • پاکستان اور بھارت کا کرتارپورراہداری پر دونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق،  ذرائع

    پاکستان اور بھارت کا کرتارپورراہداری پر دونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق، ذرائع

    لاہور : کرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت ٹیکنیکل ماہرین کی ملاقات زیرو لائن پر ہوئی ، جس میں پاکستان اوربھارت نے کرتارپورراہداری پردونوں جانب باڑ  لگانے پر  اتفاق کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپورراہداری کھولنے کے حوالے سے پاک بھارت مذاکرات کاایک اور دور ختم ہوگیا ، مذاکرات زیرو لائن کرتار پور میں بابا ڈیرہ نانک کے مقام پرہو ئے، جو  3گھنٹے تک جاری رہے،  بھارت نے بابا ڈیرہ نانک کو زیروپوائنٹ قرار دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں دونوں طرف کے ٹیکنیکل ماہرین شریک ہوئے اور کرتارپور راہداری کے حوالے سے ٹیکنیکل امور کا جائزہ لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق مذاکرات میں راہداری کے حوالے سے نشاندہی مکمل کرلی گئی اور دونوں ممالک نے سڑک کےتکنیکی امور طے کرلئے گئے ، جس کے تحت دونوں جانب سےکرتار پور راہداری پر خاردارباڑ لگائی جائے گی۔

    پاک بھارت کرتارپور راہداری مذاکرات کااگلا دور2 اپریل کوواہگہ میں ہوگا۔

    مذاکرات کے بعددونوں ممالک کے وفود کی واپس روانہ ہوگئے ہیں ، نمائندگان اپنی اپنی حکومتوں کو آج کے مذاکرات پر رپورٹس دیں گے جبکہ تکنیکی ماہرین سروے رپورٹس بھی جمع کرائیں گے اور سروے رپورٹس کے بعد کراسنگ پوائنٹس پر اتفاق رائے کیا جائے گا۔

    یاد رہے اس سے قبل 14 مارچ کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں ایک وفد اٹاری گیا تھا، جہاں بھارتی حکام سے کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کئے گئے۔

    مزید پڑھیں : کرتار پور راہداری پر اگلا اجلاس انیس مارچ کو زیرو پوائنٹ پر ہوگا ، ڈاکٹر فیصل

    پاک بھارت مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ، جس کے مطابق بات چیت کے اگلے مرحلے میں بھارتی وفد 2 اہریل مارچ کو پاکستان آئے گا، جبکہ اُس سے قبل ماہرین کی 19 مارچ کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر  بات چیت ہوگی۔

    پاکستان گوردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کرے گا، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔

    منصوبہ مکمل ہونے پر یاتریوں کو کرتارپور کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان حتمی بات چیت ہونا باقی ہے۔

    خیال رہے کہ 7 فروری کو پاکستان نے کرتارپور راہ داری کے سلسلے میں بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے 2 تاریخیں دی تھیں جس پر بھارت نے بھی مثبت جواب دیا تھا۔

    واضح رہے پاکستان نے کرتار پور بارڈر کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بھارت بھی اس اقدام کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا تھا، نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑے گا اور ہم بہتر مستقبل کی طرف جائیں گے‘۔

    بعد ازاں 28 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپوربارڈر کا افتتاح کرتے ہوئے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور کہا تھا ہندوستان ایک قدم بڑھائےہم دوبڑھائیں گے۔

  • پاک فوج نے حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا ،  ڈی جی آئی ایس پی آر

    پاک فوج نے حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا ، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی ڈرون مارگرایا، کواڈ کاپٹر ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر تک داخل ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈایریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاک فوج نے بھارت کا ڈرون ایل اوسی پر مارگرایا، ایل اوسی پر بھارتی ڈرون رکھ چکری سیکٹر پرگرایاگیا، کواڈ کاپٹر ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹرتک داخل ہوا۔

    خیال رہے اس سے قبل 27 اکتوبر کو بھی پاک فوج نے ایل او سی کے علاقے رکھ چکر ی سیکٹر میں بھارتی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا، پاک فوج کے نشانہ بازوں نے کامیابی سے ڈرون طیارے کو نشانہ بنانے کے بعد اس بھارتی کوارڈ کاپٹر کے ملبے کو قبضے میں لے لیا تھا۔

    یاد رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔

    اس سے قبل 26 اور 25 فروری کی درمیانی شب بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور وہ جہاز کا ایونیشن گرا کر فرار ہوگئے تھے۔

  • کرتارپورراہداری : پاک بھارت مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    کرتارپورراہداری : پاک بھارت مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    نئی دہلی : پاکستان اوربھارت کےدرمیان کرتارپور راہداری کھولنے کےمنصوبے پر ہونے والے مذاکرات کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا جس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری کھولنے کےمنصوبے کوعملی جامہ پہنانے کیلئے وزارت خارجہ کی سطح پر پاک بھارت مذاکرات کا آغاز ہوا، جس کے تحت پاکستان کا 18 رکنی وفد دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کی سربراہی میں اٹاری پہنچا۔

    بھارت کے جنوبی علاقے اٹاری میں ہونے والی ملاقات میں  پاکستانی اور بھارتی وفود سکھوں کے مقدس مقام کرتارپورصاحب تک بھارتی یاتریوں کی آمد ورفت کھولنے کے سلسلے میں تفصیلات پربات چیت بھی ہوئی۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے تکنیکی اورقانونی ماہرین شامل تھے۔

    پاک بھارت مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس کے مطابق بات چیت کے اگلے مرحلے میں بھارتی وفد 2 اہریل مارچ کو پاکستان آئے گا، جبکہ اُس سے قبل ماہرین کی 19 مارچ کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر  بات چیت ہوگی۔

    واہگہ واپسی پر صحافیوں سے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وفد کے سربراہ اور ترجمان دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ راہداری کے طریقہ کار اور اس کے ڈارفٹ پر تعمیری مذاکرات ہوئے، ملاقات انتہائی مثبت ماحول میں ہوئی۔ آئندہ ملاقات واہگہ میں دواپریل کوہوگی۔

    مزید پڑھیں : ہم مثبت پیغام لےکرجارہےہیں ، امید ہے بھارت بھی مثبت قدم آگے بڑھائے گا، ڈاکٹر فیصل

    روانگی سے قبل دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کرتارپورراہداری کھولنےکاایجنڈا لےکر جارہے ہیں،امید ہےبھارت بھی مثبت قدم بڑھائےگا،پاک بھارت کشیدگی میں کمی خطےکےامن کےلیےضروری ہے،راہداری پراجلاس وزیراعظم کےوژن کاعکاس ہے۔

    خیال رہے کہ کرتارپور راہ داری پر مذاکرات کی کوریج کے لیے پاکستان نے بھارت کو پاکستانی صحافیوں کو ویزا دینے کی درخواست کی تھی جسے انڈیا نے مسترد کر دیا تھا ، جس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے اس اقدام کو افسوس ناک قرار دیا تھا اور کہا تھا کہا پاکستان نےکرتار پورراہداری کےسنگ بنیادپرتیس بھارتی صحافیوں کوویزے جاری کیےتھے۔

    یاد رہے 7 فروری کو پاکستان نے کرتارپور راہ داری کے سلسلے میں بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے 2 تاریخیں دی تھیں جس پر بھارت نے بھی مثبت جواب دیا تھا۔

    واضح رہے پاکستان نے کرتار پور بارڈر کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بھارت بھی اس اقدام کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا تھا، نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑے گا اور ہم بہتر مستقبل کی طرف جائیں گے‘۔

    بعد ازاں 28 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپوربارڈر کا افتتاح کرتے ہوئے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور کہا تھا ہندوستان ایک قدم بڑھائےہم دوبڑھائیں گے۔