Tag: پاک بھارت

  • پاکستان نے بھارت کو گندم افغانستان بھیجنے کی اجازت دے دی

    پاکستان نے بھارت کو گندم افغانستان بھیجنے کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو افغانستان گندم کی ترسیل کے لیے اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ میں بھارت کے ناظم الامور کو بلا کر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ گندم افغانستان بھیج سکتے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق افغان ٹرانسپورٹ کے ذریعے بھارت سےگندم واہگہ کے راستے طور خم جائے گی، بھارت سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کے ساتھ ساتھ ادویات بھی افغانستان جائیں گی۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام انسانی امداد کی سہولت کے لیے حکومتی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی ناظم الامور کو کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں جلد ضروری اقدامات کر لیں۔

    افغانستان کی امداد کیلیے پاکستانی پیشکش پر بھارت خاموش

    واضح رہے کہ چند دن قبل پاکستان کی جانب سے بھارت کو اس سلسلے میں پیش کش کی گئی تھی، تاہم پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت ڈبلیو ایف پی کے ٹرکوں کے ذریعے گندم افغانستان لے جا سکتا ‏ہے، اس سلسلے میں عالمی ادارۂ خوراک نے بھی تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم بھارت بضد تھا کہ سامان بھارتی ٹرکوں کے ذریعے جائے گا۔

  • پاکستان نے کراچی پورٹ سے تابکار مادے لوڈ ہونے کی بھارتی رپورٹ مسترد کر دی

    پاکستان نے کراچی پورٹ سے تابکار مادے لوڈ ہونے کی بھارتی رپورٹ مسترد کر دی

    اسلام آباد: پاکستان نے کراچی پورٹ سے تابکار مادے لوڈ ہونے کی بھارتی رپورٹ مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے کراچی پورٹ سے ریڈیو ایکٹیو مواد لوڈ کیے جانے کی بھارتی رپورٹ مسترد کر دی، ترجمان نے اس سلسلے میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پورٹ حکام کی کنٹینر پکڑے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا بھارتی میڈیا میں مندرا پورٹ پر مبینہ ریڈیو ایکٹیو مواد پکڑے جانے کی رپورٹس دیکھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق شنگھائی کمرشل کنٹینر کراچی سے لوڈ کیے گئے، تاہم بھارتی میڈیا کی تابکاری مواد پکڑنے کی رپورٹس مضحکہ خیز اور جھوٹی ہیں۔

    ترجمان نے کہا نیوکلیئر پاور پلانٹ حکام کے مطابق خالی کنٹینر چین واپس بھجوائے جا رہے تھے۔

    ترجمان کے مطابق بھارت ایسے الزامات سے پاکستان کو بدنام، اور دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا ہے، کنٹینر خالی تھے اور کارگو کے لیے دستاویزات میں غیر خطرناک قرار دیے گئے تھے۔

    ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ کنٹینر پہلے چین سے ایندھن لے کر کراچی آئے تھے، اور ان میں کے 2، کے 3 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے ایندھن آیا تھا، دونوں ایٹمی پاور پلانٹس آئی اے ای اے کے حفاظتی نظام کے تحت چلتے ہیں۔

  • ‘شامی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ہیں’ محمد رضوان کا ٹوئٹ

    ‘شامی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ہیں’ محمد رضوان کا ٹوئٹ

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان نے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کی حمایت میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین بولرز میں سے ہیں، پلیز اپنے اسٹارز کا احترام کریں۔

    ایک طرف جہاں پاکستان سے شکست کے بعد سوشل میڈیا پر انتہا پسند بھارتی صارفین کی جانب سے ٹیم کے مسلمان پلیئر محمد شامی کو شدید طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہاں بھارتی اسٹار کھلاڑیوں کے بعد اب پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی جانب سے بھی ان کی حمایت میں آواز اٹھی ہے۔

    محمد رضوان نے محمد شامی کا ایک پورٹریٹ بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، انھوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کو اپنے ملک اور اس کے لوگوں کے لیے جس طرح کے دباؤ، جدوجہد اور قربانیوں سے گزرنا پڑتا ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔

    انھوں نے محمد شامی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ شامی ایک اسٹار ہے اور واقعی دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ہیں، براہِ کرم اپنے اسٹارز کا احترام کریں۔

    ہندو انتہاپسندوں نے مسلمان کرکٹر محمد شامی کو نشانے پر لے لیا

    خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست پر بھارتی ٹیم کے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شامی کو سوشل میڈیا پر غدار بھی قرار دیا گیا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ 2021: دنیا بھر کے میڈیا میں پاکستان کی شاندار فتح کا چرچا

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2021: دنیا بھر کے میڈیا میں پاکستان کی شاندار فتح کا چرچا

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار فتح نے دنیا بھر کے اخبارات میں اپنی جگہ بنائی، دنیا بھر کا میڈیا پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مدح سرائی کرنے لگا۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو تاریخ ساز معرکے میں شکست دینے کے بعد پاکستانی اسٹارز کی بہترین کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔

    برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اوت ترکی سمیت دیگر ممالک کے میڈیا نے پاکستانی ٹیم کی تاریخی کامیابی پر تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

    آسٹریلوی میڈیا فاکس اسپورٹس کے مطابق روایتی حریف سے شکست کے بعد بھارت کو رئیلٹی چیک مل گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے لکھا کہ پاکستان نے دس وکٹوں سے شکست دے کر بھارت کو چت کردیا۔

    اخبار دی گارجین نے لکھا کہ پاکستان نے تاریخی فتح کے ساتھ صورتحال بدل ڈالی، ترکش میڈیا نے بھی بھارت کی شکست کو عبرت ناک قرار دیا۔

  • پاکستان کی جیت کے پٹاخے سہواگ اور گمبھیر سے برداشت نہ ہوئے!

    پاکستان کی جیت کے پٹاخے سہواگ اور گمبھیر سے برداشت نہ ہوئے!

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی پاکستان کی جیت پر خوشی سے آتش بازی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جیت کا جشن بھارت میں بھی منایا گیا ہے، تاہم پاکستان کی جیت کی خوشی میں پٹاخے چلانا سابق بھارتی کھلاڑیوں وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر سے برداشت نہ ہوا، دونوں ٹوئٹر پر اس حوالے سے زہر اگلنے سے خود کو باز نہ رکھ سکے۔

    سابق بھارتی کرکٹر سہواگ نے ٹوئٹ کیا کہ دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے پر پابندی ہے، لیکن کل رات بھارت میں کچھ جگہوں پر پاکستان کی جیت کا جشن آتش بازی کر کے منایا گیا لیکن اس پر کسی کی آواز نہیں نکلی۔

    سہواگ نے لکھا کہ شائقین کو جیت کی خوشی ضرور منانی چاہیے لیکن اگر کرکٹ میچ کی خوشی میں آتش بازی کی جا سکتی ہے تو دیوالی پر کیوں نہیں۔ سہواگ نے زہر اگلتے ہوئے کہا کہ یہ منافقت کیوں، سارا گیان تب ہی یاد آتا ہے۔

    ادھر سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر نے بھی ٹوئٹ میں زہر اگلتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان کی جیت کی خوشی میں جو لوگ آتش بازی کر رہے ہیں وہ بھارتی نہیں ہو سکتے، ہمیں اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑا رہنا ہے، یہ شرم ناک ہے۔

    پاکستان نے بھارت کو ہرا کر تاریخ بدل ڈالی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ بدل ڈالی ہے، گرین شرٹس نے عالمی کپ میں بھارت سے کامیابی کا جمود توڑ کر تاریخی فتح کو یادگار بنایا، جو عرصے تک شائقین کو یاد رہے گی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی بھارت کے خلاف یہ پہلی کامیابی تھی۔

  • پاکستانی ٹیم سے متعلق بھارتی کپتان کا بیان

    پاکستانی ٹیم سے متعلق بھارتی کپتان کا بیان

    دبئی: بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پاکستانی ٹیم کو خطرناک قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویرات کوہلی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے زبردست ٹاکرے سے ایک دن قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں بہت سے گیم چینجر ہیں، اور بھارت کو ان سے بہتر کھیل کے لیے اپنا ’اے گیم‘ کھیلنے کی ضرورت ہوگی۔

    بھارتی کپتان کا کہنا تھا ہماری ٹیم بہت متوازن ہے، لیکن پاکستان کی ٹیم خطرناک ہے، اس کے پاس میچ تبدیل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

    انھوں نے کہا میرے لیے پاک بھارت میچ ایک عام میچ ہے، دباؤ نہیں لیتا، ہمیں پروفیشنل کرکٹرز کی طرح حالات میں ڈھلنا ہوتا ہے، اور باہر کون کیا کہہ رہا ہے، یا لکھ رہا ہے اس سے مطلب نہیں۔

    نیوزی لینڈ کو بھاگنے نہیں دینگے، چھوڑنا انڈیا کو بھی نہیں، شعیب اختر

    کپتانی کیوں چھوڑی کے سوال پر ویرات کوہلی بھڑک اٹھے، کہا کپتانی پر بات نہیں کروں گا، توجہ میچ پر ہے۔

    کپتان نے کہا ہردک پانڈیا دو اوور کرانے کے لیے تیار ہے، اس کی بیٹنگ اچھا آپشن دیتی ہے، ہمارے پاس بولرز کی کمبنیشن ہے لیکن ابھی میں اس کے بارے میں نہیں بتاؤں گا۔

    ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ابوظبی اور دبئی کی پچز بہتر ہیں، شارجہ کی پچ پرگیند نیچے رہتی ہے۔

    واضح رہے کہ دبئی میں اتوار کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 میں مقابلہ ہوگا، عمان اور متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا یہ پہلا میچ ہوگا۔ بھارت پاکستان کے خلاف پانچ ٹی 20 ورلڈ کپ میچز میں ناقابل شکست رہا ہے۔

  • غربت پاکستان میں زیادہ یا بھارت میں؟ عالمی رپورٹ جاری

    غربت پاکستان میں زیادہ یا بھارت میں؟ عالمی رپورٹ جاری

    گلوبل ہنگر انڈیکس 2021 کی رپورٹ جاری ہو گئی ہے، بھوک اور افلاس کی صورت حال پر مبنی اس عالمی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں غربت پاکستان سے کہیں زیادہ ہے۔

    گلوبل ہنگر انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق بھارت کا درجہ پاکستان، بنگلا دیش اور نیپال سے نیچے چلا گیا ہے، 116 ممالک کی فہرست میں بھارت کا نمبر 94 سے بڑھ کر 101 ہو گیا، رپورٹ میں بھارت کے درجے کو تشویش ناک قرار دیا گیا ہے۔

    دنیا میں چین، برازیل اور کویت میں بھوک و افلاس سب سے کم ہے اور ان تینوں ممالک کا درجہ پانچ سے نیچے ہے۔

    گلوبل ہنگر انڈیکس میں کسی ملک کے اسکور کو چار اعشاریوں کے تحت ماپا جاتا ہے، جس میں پانچ برس سے کم بچوں کے اندر غذایت کی کمی، بچوں کا قد نہ بڑھنا اور ان کی اموات شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ہمسایہ ممالک پاکستان (92)، بنگلا دیش (76)، میانمار (71) اور نیپال (76) میں بھی صورت حال بہتر نہیں ہے، تاہم ان ممالک نے بھارت کے مقابلے میں اپنے شہریوں کو خوراک کے حوالے سے بہتر سہولیات دی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بھوک کے خلاف کی جانے والی کوششیں خطرناک حد تک کم ہوئی ہیں، جی ایچ آئی نے کہا ہے کہ خاص طور پر 47 ممالک 2030 تک بھوک کا درجہ کم کرنے میں ناکام رہیں گی۔

    واضح رہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں جاری کشمکش، موسمیاتی تبدیلیوں، کرونا وائرس اور معاشی و صحت کے مسائل کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کا سامنا ہے۔

  • کلبھوشن یادیو کیس: کیا بھارت نے اپنے جاسوس کو تنہا چھوڑ دیا؟

    کلبھوشن یادیو کیس: کیا بھارت نے اپنے جاسوس کو تنہا چھوڑ دیا؟

    اسلام آباد: کیا بھارت نے اپنے جاسوس کو تنہا چھوڑ دیا ہے؟ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی وکالت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن بھارت کی طرف سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا، آج بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے ہدایت کی کہ بھارت کو ایک اور مہلت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو وکیل فراہمی کی وزارت قانون کی درخواست میں، بھارت کو وکیل مقرر کرنے کے لیے ایک اور مہلت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بنچ نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تناظر میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان اور عدالتی معاون ایڈوکیٹ حامد خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

    اٹارنی جنرل نے حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی حکومت کو بھجوائی گئی دستاویزات عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا 5 مئی کو اس عدالت نے تفصیلی آرڈر پاس کیا تھا کہ ایک اور کوشش کی جائے، عدالت نے کہا تھا کہ بھارت کو کلبھوشن کے لیے وکیل کرنے کی کوشش کی جائے، بھارت کو عدالت کے آرڈر کے مطابق یہ پیغام پہنچایا گیا لیکن ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔

    عدالت نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر ہم نے عمل کرانا ہے لیکن بھارت کواس میں دل چسپی نہیں ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت کو ایسی صورت حال میں کیا کرنا چاہیے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایسی صورت حال میں وفاقی حکومت نے بھارت کو درخواست دی تھی کہ کلبھوشن کے لیے وکیل مقرر کیا جائے، بھارتی حکومت اور کمانڈر کلبھوشن یادیو کے انکار پر ہی اس عدالت میں اپیل دائر کی گئی۔

    حکومت کی اب اس عدالت سے استدعا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے لیے نمائندہ مقرر کیا جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی نمائندہ مقرر ہونے پر بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد ہو سکے گا؟ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویانا کنونشن کے مطابق کسی بھی غیر ملکی فوجی قیدی کو شفاف ٹرائل اور نظر ثانی اپیل کا حق ہے، عدالت نے کہا کہ ہم تو ویانا کنونشن کے قوانین کے تحت اس کیس میں جائیں گے، مگر حکومت کیسے اسے ہینڈل کرے گی؟

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستانی حکومت بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کے تناظر میں اس عدالت میں آئی ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم کیسے نظر ثانی اپیل یا نمائندہ مقرر کر سکتے ہیں؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ نظر ثانی اپیل یا نمائندہ مقرر کرنے کے لیے کسی کو اپیل دائر کرنا ہوگا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ عدالت نے نوٹسز جاری کیے تھے لیکن کلبھوشن اور بھارتی حکومت انکاری ہیں، عدالت نے کہا کہ اگر دونوں فریق نمائندہ مقرر کرنے سے انکاری ہیں، تو ہم کیسے فیئر ٹرائل کر سکتے ہیں۔

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت عالمی عدالت انصاف کے ریویو اور ری کنسڈریشن کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد چاہتی ہے، عدالت نے کہا کہ ہم تو قونصلر رسائی کی حد تک اس کو دیکھ رہے ہیں، اس پر عمل درآمد تو ہو چکا، عدالت یا حکومت کو اس کے علاوہ کیوں دیکھنا چاہیے؟ کیا ریویو سوموٹو کی صورت میں عدالت لے سکتی ہے؟ یا الگ سے پٹیشن دائر ہوگی؟

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم کہتے ہیں وکیل مقرر کیا جائے جو اس کیس میں کلبھوشن کی طرف سے ریویو دائر کرے گا، ہم کسی غیر ملکی وکیل کو یہاں پیش ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے، وہ یہاں سے وکیل کر سکتے ہیں، عدالت نے کہا کہ کلبھوشن اور بھارتی حکومت کو ایک اور ریمائنڈر بھی بھیجیں۔

    عدالت نے بھارت کو کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی ایک اور مہلت دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور کلبھوشن یادیو کو اس عدالت کا آرڈر پہنچا دیں اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد پر ہمیں اعتراض نہیں ہوگا: وزیر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد پر ہمیں اعتراض نہیں ہوگا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں پر بھارتی دباؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کرکٹ جیسا کھیل سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کرکٹ جیسا کھیل سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے، میں کشمیر پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں پر بھارتی دباؤ کی مذمت کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد پر ہمیں اعتراض نہیں ہوگا، کشمیری کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر پذیرائی پر ہمیں خوشی ہے، بھارت کو بھی ہونی چاہیے، مقبوضہ کشمیر کا کوئی کھلاڑی عالمی پذیرائی حاصل کرے تو خوشی ہوگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے حال ہی میں صدر سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے، اس خط کا مؤقف بھی وہی ہے جو پاکستان 2 سال سے فورم پر دہراتا رہا ہے، اب دنیا کی آزاد پارلیمان ہمارے مؤقف کی توثیق کر رہی ہیں، اس خط سے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کی نفی ہوتی ہے۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کا شیڈول

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا بھارت تاثر دے رہا تھا کہ یہ ان کا اندرونی مسئلہ ہے، یہ اندرونی مسئلہ نہیں، لیکن سلامتی کونسل میں تسلیم کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر حل طلب مسئلہ ہے۔

    شاہ محمود نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن خراب ہو، ہم پر تاشقند میں بھی الزامات لگائے گئے مگر خندہ پیشانی کامظاہرہ کیا، افغانستان میں ایک چھوٹا طبقہ کسی کی ایما پر بیان بازی کر رہا ہے، ہم کہتے رہے بھارت اسپائیلر کا کردار ادا نہ کرے، افغانستان میں امن کا فائدہ پورے خطے کو ہوگا بھارت کو بھی۔

    انھوں نے کہا افغان حکومت کو گفتگو آگے بڑھانے کے لیے اسلام آباد آنے کی دعوت دی تھی جو ان کی درخواست پر ملتوی کی گئی، ہم مدد کرنا چاہتے ہیں ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں، افغان وزیر خارجہ اسلام آباد آئیں اور بتائیں ہم کیسے مدد کر سکتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے فیک نیوز کا سہارا لیا جا رہا ہے، کل ہی میرے نام سے ایک بیان غلط طور پر منسوب کیا گیا، اور افغانستان کا میڈیا غلط اور فیک بیان کوبڑھ چڑھ کر نشر کر رہا ہے۔

  • بھارت کو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    بھارت کو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد: بھارت کو ایک ماہ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر پر یو این قراردادوں پر عمل کی ذمہ داری یاد کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کو ماہ اگست کے لیے یو این سیکیورٹی کونسل کی صدارت مل گئی ہے، اور وہ یکم اگست سے یہ ذمہ داری سنبھالے گا، یہ ایک ترتیب وار ذمہ داری ہے جو نام آنے پر ہر رکن ملک سنبھالتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اس پر رد عمل میں کہا ہے کہ ترتیب وار نظام کے تحت ایک ماہ کے لیے رکن ملک یہ ذمہ داری انجام دیتا ہے، بھارت کو کشمیر پر یو این قراردادوں پر عمل کی ذمہ داری یاد کرائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کا انتظام و انصرام کرنا سلامتی کونسل صدر کی ذمہ داری ہوتی ہے، اور صدر سلامتی کونسل اجلاس کو قواعد کے مطابق چلانے کا پابند ہے، امید ہے بھارت سلامتی کونسل کے لیے وضع کردہ اقدار کا احترام کرے گا۔