Tag: پاک بھارت

  • پاک بھارت آبی تنازعات پر برف پگھلنے لگی،  ڈیڈلاک ختم، بات چیت جاری

    پاک بھارت آبی تنازعات پر برف پگھلنے لگی، ڈیڈلاک ختم، بات چیت جاری

    اسلام آباد : پاکستانی انڈس واٹرکمشنر سید مہرعلی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت سے پانی معاملات پرڈیڈلاک ختم ہوگیا ہے اوربات چیت جاری ہے ، بھارتی انڈس واٹرکمیشن وفد جلد پاکستان کادورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت آبی تنازعات پربرف پگھلنےلگی، پاکستانی انڈس واٹرکمشنر سیدمہرعلی شاہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت سے پانی معاملات پرڈیڈلاک برقرارنہیں، بھارت پاکستان کیساتھ پانی پربات چیت کررہاہے۔

    سیدمہرعلی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مرالہ میں اضافی پانی چھوڑاتواطلاع دی تھی، بھارتی انڈس واٹرکمشنر سے ٹیلی فونک رابطہ جاری ہے۔

    پاکستانی انڈس واٹرکمشنر نے مزید کہا کہ بھارتی انڈس واٹرکمیشن وفد جلد پاکستان کادورہ کرےگا، بھارتی انڈس حکام سندھ طاس معاہدےکےمطابق چل رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نےہمیشہ سندھ طاس معاہدےپرعمل کی بات کی، دونوں ممالک سیلابوں اورمون سون پرڈیٹاشیئرنگ کررہے ہیں۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کے وفد نے نئی دہلی میں 2روزہ مذاکرات میں حصہ لیا تھا ، 8رکنی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے کی جبکہ بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پردیپ کمار سکسینہ نے کی تھی۔

    واہگہ بارڈر پر انڈس واٹرکمشنر مہرعلی شاہ نے بتایا تھا کہ بھارتی سائیڈ نے ہمارے موقف کوپوری توجہ سےسنا، پرامیدہیں کہ ہرسال اب یہ میٹنگ کاسلسلہ چلتا رہے گا، میٹنگ میں بھارتی پراجیکٹ پرٹیکنیکل اعتراضات اٹھائےتھے، اعتراضات پر غور کرنے کی گارنٹی دی گئی اور بھارتی حکام نے پاکستان کے دورے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کا پھیلاؤ، 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے

    بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کا پھیلاؤ، 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: بھارت میں کرونا وائرس کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ سے تباہ کاریاں جاری ہیں، ایسے حالات میں بھی پڑوسی ملک سے 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ کے باوجود خطرناک بے احتیاطی کی گئی ہے، بارہ سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے ہیں، پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے اہل کاروں کے کرونا ٹیسٹ کر لیے۔

    پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتی اہل کار بریپیش کی اہلیہ منجو کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    سفارتی اہل کار کی اہلیہ منجو کو واپس بھیجنے کی بجائے بھارتی سفارت خانے بھیج دیا گیا، کرونا پازیٹو خاتون کو سفارت خانے ہی میں قرنطینہ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

  • پاکستان میں نیا سفری ہدایت نامہ جاری، بھارت پر سفری پابندی عائد

    پاکستان میں نیا سفری ہدایت نامہ جاری، بھارت پر سفری پابندی عائد

    کراچی: کرونا وائرس کی تیسری خطر ناک لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نا مہ جاری کر دیا ہے، برطانیہ کے بعد پاکستان نے بھی بھارت پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ 23 ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی ہے، نئی فہرست کے مطابق بھارت کو بھی سی کیٹیگری ممالک میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    سفری پابندیوں کی مدت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی گئی، کٹیگری سی میں جنوبی افریقا، برازیل، زمباوے، بھارت، کینیا، تنزانیہ، روانڈا، موزمبیق سمیت 23 ممالک کے مسافروں کی آمد کو این سی او سی کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ این او سی کے بغیر کرونا کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، ان ممالک میں موجود پاکستانی پاسپورٹ، نائیکوپ اور پی او سی کارڈ ہولڈرز بھی وطن واپس نہیں آ سکیں گے۔

    دوسری طرف کیٹیگری اے کے ممالک کی تعداد 20 کر دی گئی ہے، کٹیگری اے میں شامل آسٹریلیا، بھوٹان، چین، جاپان ،سعودی عرب، سنگاپور اور سر ی لنکا سمیت دیگر ممالک کے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں۔

    برطانیہ کا بھارت کو ریڈلسٹ میں شامل کرنےکا اعلان

    کٹیگری بی ممالک کے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 72 گھنٹے ہوگا، اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

  • پاکستان نے ڈس انفارمیشن مہم سے انکار کے بھارتی بیان کو مسترد کر دیا

    پاکستان نے ڈس انفارمیشن مہم سے انکار کے بھارتی بیان کو مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے ڈس انفارمیشن مہم سے انکار کے بھارتی بیان کو مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم بھارتی وزارت خارجہ کا ای یو رپورٹ سے متعلق انکار مسترد کرتے ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ای یو رپورٹ میں 750 جعلی میڈیا کے 116 ممالک میں نیٹ ورک کا بتایاگیا ہے، جب کہ پاکستان کے خلاف 2005 سے فیک نیوز کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اس لیے پاکستان بھارتی انکار کو مسترد کرتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم پہلے بھی بھارت کے خلاف ناقابل تردید ثبوت شیئر کر چکے ہیں، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے، ہیومن رائٹس کونسل اس سارے معاملے کا فوری نوٹس لے۔

    گمراہ کن خبروں کا بھارتی نیٹ ورک بےنقاب، عالمی ادارے کے تہلکہ خیز انکشافات

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سوئیٹزر لینڈ اور بیلجیئم این جی اوز کو فنڈز فراہمی معاملے کی تحقیقات کریں، یورپی یونین بھی پاکستان کے خلاف مہم پر مؤثر کارروائی کرے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا دنیا نے دیکھ لیا ہے بھارت کس طرح پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور پروپیگنڈا کرتا ہے۔

  • بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے: منیر اکرم

    بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے: منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔

    مستقل مندوب منیر اکرم نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کی جانب سے ڈوزیئر پیش کرنے کے بعد ورچوئل کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشت گردی یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    مندوب نے کہا پاکستان اور چین نے بھارت کو سی پیک معاہدے میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، لیکن بھارت مسلسل سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، بھارت پاکستان کی معیشت کو مفلوج کرنا چاہتا ہے، وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔

    پاکستان نے بھارت کے خلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کر دیا، اہم نکات جانیے

    منیر اکرم کا کہنا تھا سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے، اور خطے میں دہشت گردی کوسپورٹ کر رہا ہے، امید ہے عالمی برادری بھارت کو پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں سے روکے گی۔ انھوں نے کہا سیکورٹی کونسل کی ٹیم بھارتی دہشت گرد کارروائیوں کی تحقیق کر رہی ہے، پاکستان کی جانب سے پیش کیاگیا ڈوزیئر یو این تفتیش میں شامل ہوگا۔

    منیر اکرم نے کہا کہ بھارت روزانہ ایل او سی پر بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم نے سیکریٹری جنرل سے بھارتی دہشت گردی ختم کرانے کی درخواست کی ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سیکریٹری جنرل نے سراہا۔

  • پاکستان نے بھارت کے خلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کر دیا، اہم نکات جانیے

    پاکستان نے بھارت کے خلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کر دیا، اہم نکات جانیے

    نیویارک: پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس سے ملاقات میں انھیں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف ڈوزیئر پیش کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈوزیئر بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر پاکستانی کی جانب سے دستاویزات پر مبنی ہے، بھارتی دہشت گردی کے خلاف پاکستانی ڈوزیئر کے اہم نکات مندرجہ ذیل ہیں۔

    یہ ڈوزیئر شواہد کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بحیثیت فرنٹ لائن اسٹیٹ پاکستان نے بے انتہا قربانیاں دیں، جب پاکستان قربانیاں دے رہا تھا تو بھارت دہشت گرد نیٹ ورک مضبوط کر رہا تھا۔

    ڈوزیئر میں دہشت گردی کی ریاستی کفالت کے بھارتی ڈیزائن اور خطے میں امن کی راہ میں حائل بھارتی رکاوٹوں کو بے نقاب کیا گیا ہے، ثبوت پیش کیے گئے ہیں کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس کی تمام ذیلی تنظیمیں بھارتی پراکسی ہیں، مختلف ذیلی دہشت گرد ادارے بھی ناقابل تردید بھارتی پراکسی ہیں۔

    ڈوزیئر کے مطابق شواہد سے واضح ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کر رہا ہے، بھارت دہشت گردوں کو مالی اعانت، تربیت اور انھیں فروغ دینے کا کام کر رہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے قائم ہیں، پچھلے برسوں کے دوران بھارت نے ان تنظیموں پر 22 ارب سے زائد کی سرمایہ کاری کی۔

    ڈوزیئر کے مطابق پاکستان میں حالیہ تشدد میں اضافہ بھارتی کوششوں کا براہ راست نتیجہ ہے، بھارت دہشت گردوں کے اتحاد کے لیے کوششیں کر رہا ہے، بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرپرستی پاک چین اقتصادی راہ داری (سی پیک) کمزور کرنے کے لیے ہے، سی پیک کے اعلان کے ساتھ ہی بھارت منصوبے کو روکنے کے لیے کوشاں ہوگیا، 2015 میں سی پیک کے خلاف بھارتی خفیہ ایجنسی را کے دفتر میں سیل قائم کیاگیا۔

    اس سیل کو ابتدا میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے 80 بلین روپے مختص کیےگئے تھے، دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی سے بہت سے شواہد ملے ہیں، شواہد ہیں کہ افغانستان میں بھارتی سفارت خانے اور قونصل خانے دہشت گردی کے مرکز ہیں، افغانستان میں بھارتی سفیر دہشت گردوں کی تربیت اور مالی مدد کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    پاکستانی ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں دہشت گردوں کے 87 اڈے، تربیتی کیمپ چلا رہی ہیں، جن میں سے 66 افغانستان اور 21 بھارت میں ہیں، اجمل پہاڑی نے عدالت میں بھارت سے تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا، اس نے بھارتی تربیتی کیمپ اور انسٹرکٹر سے تربیت ملنے کا اعتراف کیا۔

    ڈوزیئر کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسیاں کشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ کشمیر میں بارودی سرنگیں لگا رہی ہے، کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کی مالی اعانت بھی کر رہا ہے بھارت، گلگت میں بھی بھارت سازشوں کے ذریعے انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں ناکام کرنے کے لیے بھارت لابنگ کرتا رہا۔

    ڈوزیئر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دنیا بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ دہشت گردی کی ریاستی کفالت بند کرے، دنیا بھارت پر زور دے کہ وہ ملک سے دہشت گردوں کا اسٹرکچر ختم کرے۔

  • ایٹمی جنگ خودکشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے: وزیر خارجہ

    ایٹمی جنگ خودکشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایٹمی جنگ خود کشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے، دنیا بھی واقف ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج ملتان میں وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کا کہ دنیا سیاسی مصلحت سے کام نہ لے، کسی ملک کے دہشت گردی کو ہوا دینے سے زیادہ سنجیدہ کیا ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان اور بھارت جوہری قوتیں ہیں، دنیا کونوٹس لینا چاہیے، بھارت باقاعدہ منصوبہ بندی سے پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے، بھارت نے اپنے اور پڑوسی ملک میں کیمپ بنا رکھے ہیں، ایک سیل بنا رکھا ہے جس کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے۔

    وزیر خارجہ اور آئی ایس پی آر ڈائریکٹر کی مشترکہ نیوز کانفرنس

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو صدر اشرف غنی نے دعوت دی جو انھوں نے قبول کی، مستقبل قریب میں وزیر اعظم کا کابل جانے کا ارادہ ہے، افغانستان کا امن سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، افغانستان میں کوئی نقصان ہوتا ہے تو منفی اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں، ہم کو ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

    وزیر خارجہ نے کہا بھارت نے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے منصوبہ تیار کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کو نقصان پہنچانے کے لیے ایک گروپ کو 80 ارب روپے دیے، معاملے کی سنگینی بھانپتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی بیانات جاری کیے، بھارت گلگت بلتستان میں بھی امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کے لیے تخریب کاروں کے ٹریننگ کیمپ چلا رہا ہے۔

  • ایف اے ٹی ایف: بھارتی میڈیا کی سازش ناکام ہو گئی

    ایف اے ٹی ایف: بھارتی میڈیا کی سازش ناکام ہو گئی

    اسلام آباد: ایف اے ٹی ایف میں بھارتی میڈیا پاکستان مخالف جھوٹے پراپیگنڈے کا آلہ کار بن چکا ہے تاہم اس محاذ پر بھی اسے منہ کی کھانی پڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف میں پلانری کے دوران پاکستان کے اقدامات کی تعریف سے بھارت کے چھکے چھوٹ گئے، بھارتی میڈیا کی کوشش تھی کہ پاکستان کو دباؤ میں لایا جائے لیکن فیٹف کے صدر نے اسے ناکام بنا دیا۔

    بھارتی میڈیا کے نمائندے کو ایک سوال کرنے پر صدر ایف اے ٹی ایف نے قوانین کا بتایا، ان کے بھرپور جواب نے بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا ناکام بنا دیا، پلانری کے دوران بھارتی میڈیا نے پراپیگنڈا کیا کہ پاکستان کو آن سائٹ وزٹ نہیں ملا۔

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آن سائٹ وزٹ کے لیے سعودی عرب، ملائیشیا اور چین نے حمایت نہیں کی تھی۔

    تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ملائیشیا کو پلانری کے دوران وقت کی کمی کے باعث فلور ہی نہیں ملا، جب فلور نہیں ملا تو حمایت یا مخالفت کیسی؟

    پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہنے کا امکان

    دوسری طرف ایف اے ٹی ایف کے صدر نے بھارتی میڈیا کے نمائندے کو جواب دیا کہ فیٹف کنسلٹیشن ایک خفیہ عمل ہے، آن سائٹ وزٹ تب ہوتا ہے جب ایکشن پلان پر مکمل عمل ہو جائے، اور اس سے متعلق عمومی طریقہ کار ہی اختیار کیا جاتا ہے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے ایکشن پلان پر عمل کی تعریف بھارت کے سوا تمام ممالک نے کی ہے۔

  • نئے نقشے سے متعلق روس نے بھی پاکستان کے مؤقف کی تائید کی: معید یوسف

    نئے نقشے سے متعلق روس نے بھی پاکستان کے مؤقف کی تائید کی: معید یوسف

    اسلام آباد: معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نئے نقشے سے متعلق روس نے بھی پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معید یوسف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مشیر قومی سلامتی اجلاس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر کو بھارت نے روس سے پاکستان کے نقشے پر اعتراض اٹھایا تھا، جس پر روس کی جانب سے گزشتہ رات پاکستان کو اعتراض سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

    معاون خصوصی نے بتایا کہ ہم نے اس اعتراض پر روس کو تحریری جواب دیا، ہمارا نقطہ نظر واضح تھا اور روس نے اس کی تائید کی، پاکستان کا نقشہ اجلاس میں بھی واضح طور پر دکھایا گیا، لیکن اجیت دوول اجلاس چھوڑ کر چلے گئے، بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے روسی قومی سلامتی کے مشیر کی تقریر بھی نہ سنی۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت کو پھر سبکی کا سامنا

    واضح رہے کہ آج شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مشیر قومی سلامتی کا آن لائن اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی نمائندگی معید یوسف نے کی، اجلاس میں بھارت کو اس وقت ایک بار پھر سبکی اٹھانی پڑی جب عالمی برادری نے پاکستان کے نئے نقشے پر بھارتی اعتراض مسترد کر دیا۔

    ایس سی او اجلاس میں پاکستان نے نیا نقشہ لگایا تھا، جس پر بھارت کو مروڑ اٹھنے لگے، بھارت کے اعتراض پر پاکستان نے جواب دیا کہ یہ ہمارا نیا نقشہ ہے۔ اس پر روس اور پاکستان کی تقریروں کے دوران بھارتی حکام واک آؤٹ کر گئے۔ معاون خصوصی معید یوسف نے کہا کہ بھارت کی غیر سنجیدگی کا کوئی حل نہیں ہے۔

  • پاکستان کا ناشتہ ہو یا چائے بھارت کو دونوں راس نہ آئے

    پاکستان کا ناشتہ ہو یا چائے بھارت کو دونوں راس نہ آئے

    کراچی: پاکستان کا ناشتہ ہو یا چائے بھارت کو دونوں راس نہ آئے، 6 ستمبر 1965 کو ناشتے کی قیمت پاکستان نے بھارت کو ٹینکوں کی دھمک سے دی اور 27 فروری 2019 کو چائے کی قیمت پڑوسی ملک بھارت کو مگ 21 سے ادا کرنا پڑی۔

    واضح رہے 27 فروری 2019 کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مار گرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت یکم مارچ کو گرفتار بھارتی ونگ کمانڈر کو رہا کر دیا، وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری طرف پچاس سال قبل 6 ستمبر 1965 کو دشمن کی جارحیت کے جواب میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھی، پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے رات کے اندھیرے میں لاہور کے تین اطراف سے حملہ کیا تھا، وطن کے دفاع کے لیے بری، بحری، اور فضائی افواج نے تن من دھن کی بازی لگائی۔

    بھارت کی پندرہویں بکتر بند ڈویژن رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ آور ہوئی تھی، طاقت کے نشے میں چور بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ صبح کا ناشتہ لاہور میں کریں گے، لیکن پاک فوج نے اپنے سے کہیں بڑی فوجی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا، اور بھارت چونڈہ کا مقام کبھی نہیں بھولے گا جسے پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بنا دیا۔

    پاکستان نے ہر بار اپنے پڑوسی ملک پر ثابت کیا ہے کہ اس کی بہادر فوج دشمن سے قیمت وصول کرنا جانتی ہے۔

    آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن کو دو ٹوک انداز میں وارننگ دی، کہا ہمیں اسلحے کے نئے انبار سے مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ دھمکایا جا سکتا ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں ان شاء اللہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے ہم تیار ہیں، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں۔

    انھوں نے کہا ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ غیر قانونی اقدام سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، ہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

    آرمی چیف نے کہا دشمن کسی شک میں نہ رہے، جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، یہ ہم بالاکوٹ کے ناکام حملے پر اپنے جواب میں واضح کر چکے ہیں۔