Tag: پاک بھارت

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں اور جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں اور جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے سال کے آغاز پر قیدیوں، جوہری تنصیبات اور سہولتوں سے متعلق فہرستوں کا تبادلہ ہوا، یہ تبادلہ مختلف معاہدوں کے تحت انجام پایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے سال کے آغاز پر قیدیوں، جوہری تنصیبات اور سہولتوں سے متعلق فہرستوں کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان نے فہرست باضابطہ طور پر بھارتی ہائی کمیشن کے سپرد کر دی۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فہرستوں کا تبادلہ دو طرفہ معاہدے کے تحت ہوا، پاکستان اور بھارت میں یہ معاہدہ 31 دسمبر 1988 کو طے پایا تھا۔

    دونوں ممالک معاہدے کے تحت جوہری تنصیبات اور سہولتوں کے بارے میں یکم جنوری کو مطلع کرتے ہیں، فہرستوں کے تبادلے کا یہ سلسلہ سنہ 1992 سے جاری ہے۔

    اسی طرح قیدیوں کی معلومات 21 مئی 2008 میں ہونے والے معاہدے کے تحت دی گئی۔ دونوں ممالک سال میں 2 بار، یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کے پابند ہیں۔

    وزارت خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن اہلکار کو فہرست باضابطہ طور پر ساڑھے 10 بجے سپرد کی جبکہ بھارتی وزارت خارجہ نے 11 بجے فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 282 بھارتی شہری قید ہیں، جن میں 55 عام شہری اور 227 ماہی گیر شامل ہیں۔

  • مودی حکومت مسلمانوں سے حالت جنگ میں ہے: صدر مملکت عارف علوی

    مودی حکومت مسلمانوں سے حالت جنگ میں ہے: صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف جاری بد ترین ریاستی تشدد پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف جنگ کی کیفیت قرار دے دیا۔

    صدرِ پاکستان عارف علوی نے کہا کہ مودی حکومت بھارتی مسلمانوں کے خلاف حالتِ جنگ میں آ چکی ہے، یہ بات انھوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ہندو فاشزم پر مبنی بد ترین بربریت کا مظاہرہ ہو رہا ہے، دہلی پولیس نے جامعہ ملیہ میں بھی گھس کر لڑکیوں کے خلاف ایکشن کیا، ہندو فاشزم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستوں کا مظاہرین پر بدترین تشدد، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ

    صدر مملک عارف علوی نے کہا کہ بھارت سے صرف ایک دن میں اب تک ہزاروں ایسے پیغامات دنیا کے سامنے آ چکے ہیں جو ہندوتوا کی بدترین شکل کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ صدر عارف علوی نے لکھا کہ میں ان میں سے صرف ایک پیغام کو یہاں اپنے بیان کے ساتھ شامل کر رہا ہوں جس میں ایک لڑکی رو رہی ہے اور بھارتی پولیس کی درندگی بیان کر رہی ہے۔

    صدر عارف علوی نے بھارتی مسلمان طالبہ کا ویڈیو میسج ٹویٹ میں شامل کیا، جس میں طالبہ کا کہنا تھا کہ بے رحم پولیس نے دہلی کی جامعہ ملیہ یونی ورسٹی کی مسجد کے اندر بھی پناہ لینے والی لڑکیوں کے خلاف ایکشن کیا۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مسلمان مخالف، ہندو نواز متنازع بل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہے، پرتشدد مظاہروں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے، بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستے مظاہرین پر بدترین تشدد کر رہے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف پورا ملک نعروں سے گونج اٹھا ہے، بھارت کے 30 کے قریب شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت پر زبردست تنقید کی ہے، مستقل مندوب منیر اکرم نے مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، بی جے پی حکومت آر ایس ایس نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔

    مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات ہندو تنگ نظری اور اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، کشمیر میں بڑے پیمانے پر خون ریزی اور نسل کشی کا خطرہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستانی مندوب نے بھارت پر زبردست تنقید کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ سنجیدہ اقدامات کے ذریعے بھارت کو مسلمانوں کی نسل کشی سے روکا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، شہریت کے اس متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو شہریت کا حق نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ روز یونین مسلم لیگ پارٹی نے شہریت کا یہ متنازع بل بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ بل کے خلاف پڑوسی ملک بھارت میں احتجاج بھی زور پکڑ گیا ہے، انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں بل کی منظوری کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

  • بھارت اب اپنے قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن چکا: شیریں مزاری

    بھارت اب اپنے قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن چکا: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک اب اپنے قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہا ہے کہ بالآخر بھارتی پارلیمنٹ نے نازی نسل پرستی کے نظریے کو تازہ کر دیا ہے۔

    انسانی حقوق کی وزیر کا کہنا تھا بھارتی شہریت کا متنازع ترمیمی بل دونوں ایوانوں سے منظور کر لیا گیا ہے، اب بھارت اپنے ہی قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلمانوں کے سوا تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کا ترمیمی بل منظور

    خیال رہے کہ دو دن قبل بھارتی لوک سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، بل کی حمایت میں 293 جب کہ مخالفت میں 82 ووٹ پڑے۔

    شہریت کا متنازع بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا، قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی، بل کی منظوری کے بعد آسام میں کئی دہائیوں سے رہایش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

    امیت شاہ نے لوک سبھا میں یہ بل پیش کرتے ہوئے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور کانگریس پر بھارت کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ یہ بل کیوں ضروری ہے، یہ اس لئے ضروری ہے کہ کیونکہ کانگریس نے ملک کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کیا اور یہ بات تاریخ کا حصہ ہے۔

  • پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری سیاسی نقشہ جات مسترد کر دیے

    پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری سیاسی نقشہ جات مسترد کر دیے

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری سیاسی نقشہ جات کو مسترد کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا کوئی قدم جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت ختم نہیں کر سکتا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی طرف سے جاری کردہ نقشےغیر قانونی اور یو این کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے نقشوں سے متضاد نقشوں کو مسترد کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جو نقشے جاری کیے گئے ہیں وہ متنازع علاقوں کو بھارت کے دائرۂ اختیار میں شامل کرنے کی کوشش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

    واضح رہے کہ بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ روز سیاسی نقشے جاری کیے گئے تھے۔

    تازہ ترین:  افغان حکام نے پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا

    ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ سیاسی نقشوں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو اپنا علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، یہ نقشے غلط اور غیر قانونی ہیں، پاکستان نے انھیں مسترد کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار نے اس سے قبل آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا تھا، جس کے بعد مقبوضہ علاقے کو بھی انڈیا کا حصہ بنایا گیا۔

  • پاکستان کے عوام اور مسلح افواج جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: وزارت خارجہ

    پاکستان کے عوام اور مسلح افواج جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: وزارت خارجہ

    اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی قسم کے جارحانہ عزائم نہیں ہیں، تاہم پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے غیر ملکی سفارت کاروں اور ذرایع ابلاغ کو ایل او سی کا دورہ کرایا جہاں بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، اور بھارتی آرمی چیف کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن سے کہا کہ لانچنگ پیڈ کا محل وقوع بتایا جائے لیکن اب تک بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کو بھی دورے کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ نہیں گئے، بھارت کا تفصیلات نہ دینا اس کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  غیرملکی سفارتکاروں اورمیڈیا کا ایل اوسی جورا سیکٹر کا دورہ

    انھوں نے کہا کہ جھوٹ بھارت کی ریاستی پالیسی اور غاصبانہ عزائم کا حصہ ہے، بھارت کا رویہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سخت خطرے کا باعث ہے، بھارت کی کوشش ہے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹائی جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی سے علاقے میں 5 پاکستانی شہری شہید، اور 6 زخمی ہوئے تھے، سفارت کاروں کو جورا لے جایا گیا تاکہ وہ خود صورت حال کا جائزہ لے سکیں، انھوں نے خود شہریوں کے جانی و مالی نقصانات کو دیکھا، اور مظفر آباد میں زخمیوں سے بھی ملاقات کی۔

  • بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کے بھیجے مسودے پر گھٹنے ٹیک دئیے

    بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کے بھیجے مسودے پر گھٹنے ٹیک دئیے

    اسلام آباد: بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کے بھیجے مسودے پر گھٹنے ٹیک دئیے اور کرتارپور راہداری منصوبے پر بھارت پاکستان کے مسودے پر رضامند ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرتارپور راہداری کھولنے کے مسودے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان، بھارت 23 اکتوبر کو کرتارپور راہداری معاہدے پر دستخط کریں گے، بھارت نے فی یاتری 20 ڈالرز سروس فیس وصولی کے پاکستان کے فیصلے کو تسلیم کرلیا ہے۔

    [bs-quote quote=”پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو کرتارپور معاہدے پر گراؤنڈز پر دستخط کریں گے” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو کرتارپور معاہدے پر گراؤنڈز پر دستخط کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل معاہدے پر دستخط کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے مسودے پر دستخط فوکل پرسن کریں گے، پاکستان نے واضح کردیا کرتارپور راہداری جیسے خیرسگالی اقدام کی مثال کہیں نہیں ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت سے یاتریوں کے اعدادوشمار، تفصیلات کی پاکستان کو فراہمی کی آزمائش کی گئی، بھارتی حکام نے کرتارپور گراؤنڈز پر زیرو پر آزمائشی طور پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے بھارت مان گیا ہے، سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ برادری کو خوش آمدید کہیں گے، آنے والے دنوں میں سکھ یاتریوں کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتارپور راہداری کی تقریب میں من موہن سنگھ کو دعوت نامہ دیا ہے، انہوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا ہے، من موہن تقریب میں ایک شہری کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

  • پارلیمانی سفارت کاری، پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو تاریخی شکست

    پارلیمانی سفارت کاری، پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو تاریخی شکست

    اسلام آباد: پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں پاکستان کو شان دار فتح حاصل ہوئی ہے، بھارتی وفد کی بھرپور کوشش کے باوجود پاکستانی امیدوار نے کامیابی حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر رضا ربانی 3 سال کے لیے انٹر پارلیمانی یونین کی مجلس عاملہ کے ممبر منتخب قرار دے دیے گئے ہیں، بھارتی وفد نے بھرپور کوشش کی کہ وہ مجلس عاملہ کے رکن منتخب نہ ہو سکیں۔

    پاکستان نے مجلس عاملہ کے رکن کے انتخاب کے لیے گروپ میں خفیہ الیکشن کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد ہار یقینی دیکھتے ہوئے بھارت نے اپنے امیدوار کا نام واپس لے کر شکست مان لی۔

    انٹر پارلیمانی یونین کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی امیدوار کی دست برداری پر رضا ربانی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسد قیصر پارلیمانی سفارت کاری سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم

    قبل ازیں بلغراد، سربیا میں دنیا کی 188 پارلیمانوں پر مشتمل انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے شرکت کی، ایشیا پیسیفک گروپ کے اجلاس کی صدارت بھی اسد قیصر نے کی۔

    اعلامیے کے مطابق ایشیا پیسیفک ممالک نے رضا ربانی کو 3 سال کے لیے مرکزی مجلس عاملہ کا رکن جب کہ سینٹر جاوید عباسی کو ڈرافٹنگ کمیٹی کا رکن منتخب کیا ہے۔ سینیٹر شیری رحمان بھی کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کی رکن منتخب ہوئیں۔

  • خالصتان تحریک کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ نہیں: برطانوی حکومت کی رپورٹ

    خالصتان تحریک کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ نہیں: برطانوی حکومت کی رپورٹ

    لندن: شدت پسندی کے خلاف برطانوی حکومت کی کمیشن کی رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے اندر خالصتان تحریک کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ نہیں ہے۔

    برطانوی حکومت کی رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ سکھ بھارتی پالیسیوں سے ناراض ہیں، بھارت نے خالصتان تحریک کو دہشت گرد قرار دیا جس پر سکھ ناراض ہوئے، برطانیہ میں مقیم ہندوؤں اور سکھوں کے درمیان بھی تناؤ موجود ہے۔

    کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوورسیز سکھ کمیونٹی اپنی شناخت سے متعلق زیادہ حساس ہیں، وہ خالصتان تحریک کے حوالے سے سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

    کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ گولڈن ٹیمپل حملے کے بعد سے خالصتان کے مطالبے میں شدت آئی ہے، بھارتی حکومت اور میڈیا کا رویہ بھی سکھ علیحدگی پسندی کو ہوا دے رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرتارپور راہداری کی تقریب، پاکستان کا من موہن سنگھ کو دعوت دینے کا فیصلہ

    کمیشن رپورٹ میں ایک سروے بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے مطابق سکھوں کی اکثریت اب الگ ملک کا قیام چاہتی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان پر الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ پاکستان خالصتان علیحدگی پسند تحریک کو ہوا دے رہا ہے۔

    دوسری طرف پاکستان کی جانب سے بہترین ڈپلومیسی کے تحت کرتارپور راہداری کھولی گئی تاکہ انڈیا کے سکھ اپنے مقدس مقام کی زیارت کے لیے آسانی سے آ سکیں، اس سلسلے میں سکھوں کے لیے بہترین انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج

    اسلام آباد: بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے ایک خاتون شہید، جب کہ 4 خواتین سمیت 6 شہری زخمی ہوئے، بھارتی فوجی ایل او سی پر تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید، 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی

    انھوں نے کہا کہ 2017 سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بناتا ہے، اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کی پاس داری یقینی بنائے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھے۔

    واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔