Tag: پاک بھارت

  • کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی ایل او سی پر سیز فائر کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں پر ایک بار پھر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا، اس موقع پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

    ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں گزشتہ روز بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے چار معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی جانب سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت 2 سال میں 1970 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، اس سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

    پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے، اور امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

  • بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کو کل قونصلر رسائی دی جا رہی ہے: دفتر خارجہ

    بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کو کل قونصلر رسائی دی جا رہی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو کل قونصلر رسائی دی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق قونصلر رسائی دی جا رہی ہے، کلبھوشن سے بھارتی سفارت خانے کے حکام کل ملیں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی، جاسوسی اور تخریب کاری میں ملوث ہے، تاہم کلبھوشن کو ویانا کنونشن کے مطابق قونصلر رسائی دی جائے گی۔

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود نے بھی کہا ہے کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کرنے کا پابند ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو کل قونصلر رسائی دی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا موقع گنوا دیا

    انھوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان پر امن ملک ہے، جنگ آخری آپشن ہوتا ہے، پاکستان خطے کے امن کو برباد نہیں کرنا چاہتا، بھارت خطے کے امن کو برباد کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اقوام متحدہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس وقت مجھے مذاکرات کا ماحول دکھائی نہیں دے رہا، کرفیو کے ماحول میں کیا مذاکرات ہوں گے۔

  • ساؤتھ ایشیا اسپیکر کانفرنس میں بھارت پاکستان کے ہاتھوں ناک آؤٹ

    ساؤتھ ایشیا اسپیکر کانفرنس میں بھارت پاکستان کے ہاتھوں ناک آؤٹ

    مالدیپ: جنوبی ایشیا اسپیکر کانفرنس میں بھارت پاکستان کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہو گیا، ڈپٹی اسپیکر نے تقریر کے دوران مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مالدیپ میں ساؤتھ ایشیا اسپیکر کانفرنس کے دوران ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی تقریر پر بھارتی لوک سبھا کے وفد کے سربراہ آگ بگولہ ہو گئے اور بھرے ایوان میں شور شرابا شروع کر دیا۔

    تاہم ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری شور شرابے کے باوجود ڈٹے رہے، 14 منٹ کی تقریر میں ایوان میں بھارتی مظالم بے نقاب کر دیے۔

    ڈپٹی اسپیکر نے سیٹ پر واپس آ کر بھی بھارتی وفد کو آئینہ دکھایا، بھارتی عزائم تمام شرکا کے سامنے رکھ دیے، انھوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے ان کی آزادی چھین لی گئی ہے۔

    دریں اثنا کانفرنس کے شرکا کی جانب سے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی، شرکا نے دنیا سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایک اور کامیابی، امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں 25 سال بعد مسئلہ کشمیر سنا جائے گا

    واضح رہے کہ آج مالدیپ میں چوتھا جنوبی ایشیا اسپیکر سمٹ منعقد ہوا، جو پائیدار ترقی کے اہداف (ایس جی ڈی) کے حصول پر منعقد کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے، امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں بھی 25 سال بعد اب مسئلہ کشمیر سنا جائے گا۔

    اس سلسلے میں بریڈ شرمن کی سربراہی میں امریکی کانگریس کی کمیٹی جلد مسئلہ کشمیر پر بحث کرے گی۔ کانگریس مین شرمن نے کہا ہے کہ امریکی ایوان کی سب کمیٹی جلد مسئلہ کشمیر پر بحث کرے گی، اجلاس میں وادیٔ کشمیر کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

  • غیر ملکی میڈیا نمایندوں کا ایل او سی کا دورہ، آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    غیر ملکی میڈیا نمایندوں کا ایل او سی کا دورہ، آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے غیر ملکی میڈیا کے نمایندوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آج غیر ملکی میڈیا کے نمایندوں کے ایک گروپ کو ایل او سی کا دورہ کرایا گیا جہاں میڈیا نمایندوں کوایل او سی کی صورت حال سے آگاہی دی گئی۔

    آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی میڈیا نمایندگان کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    میڈیا نمایندوں کو بھارت کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے سے متعلق بھی بتایا گیا، اس دوران غیر ملکی میڈیا نمایندوں نے آزادانہ مقامی شہریوں سے بات چیت بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن ہے، وادی میں اب بھارتی ظلم و جبر پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: جوانوں اور افسروں کا بلند حوصلہ قابل قدر ہے: آرمی چیف

    دوسری طرف آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسٹرائیک کور کی فارمیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں اور افسروں کا بلند حوصلہ قابل قدر ہے۔

    سپہ سالار نے کہا کہ اسٹرائیک کور کا جنگ میں فیصلہ کن اور اہم کردار ہوتا ہے، اسٹرائیک کور کی پیشہ ورانہ تیاریاں اور تربیت کا معیار قابل تحسین ہے۔

  • کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں دو طرفہ مسئلہ ہے، مودی کا اعتراف

    کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں دو طرفہ مسئلہ ہے، مودی کا اعتراف

    پیرس: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اعتراف کیا ہے کہ کشمیر انڈیا کا اندرونی نہیں بلکہ دو طرفہ مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے ٹرمپ کے سامنے ثالثی سے فرار کی کوشش کرتے ہوئے اعتراف کر لیا کہ کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتی وزیر اعظم سے کشمیر پر بات کے دوران مودی نے کہا یہ پاکستان اور بھارت کا دو طرفہ مسئلہ ہے، ہم مل جل کر مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔

    مودی نے ٹرمپ سے کہا ہم کسی ملک کی مداخلت نہیں چاہتے، میں کشمیر پر پاکستان سے بات کروں گا۔

    صدر ٹرمپ نے واضح کر دیا کہ دونوں ملک مسئلہ حل نہ کر سکے تو امریکا کرے گا، کشمیر پر ثالثی کی ضرورت پڑی تو وہ حاضرہیں، مودی پاکستان سے بات کریں گے جو اچھی بات ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی کی غلطی سے کشمیریوں کو آزادی کا تاریخی موقع مل گیا: وزیراعظم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانس کے شہر بیارٹز میں جی سیون اجلاس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات ہوئی، اور کشمیر سے متعلق گفتگو کی۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد ٹرمپ کی مودی سے پہلی ملاقات ہے جب کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر متعدد بار ثالثی کی پیش کش کر چکے ہیں لیکن بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثالثی کی پیش کش کا جواب نہیں دیا تھا۔

    ادھر گزشتہ روز قوم سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا وہ کشمیر کا کیس لڑتے رہیں گے۔

  • دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی

    دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی

    وہاڑی: دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے، سیلاب سے زمین کے کٹاؤ کا عمل جاری ہے، مزید علاقے زیر آب آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں‌ مبتلا مودی سرکار نے پانی کو ہتھیار بنا لیا ہے، پڑوسی ملک آبی دہشت گرد پر اتر آیا، بھارتی آبی جارحیت سے دریائے ستلج میں سیلاب کے بعد ہیڈ اسلام کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔

    سیلاب کے باعث دھان اور کپاس سمیت دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، زمین کے کٹاؤ کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، خطرہ ہے کہ مزید علاقے زیر آب آ جائیں گے۔

    موضع جملیرا، ساہوکا، فاروق آباد، جھیڈو سمیت متعدد علاقے زیر آب آ چکے ہیں، ریسکیو اہل کار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کردیا گیا ہے، عثمان بزدار

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں قصور، اوکاڑہ، بہاول نگر، پاکپتن میں ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب بھی بے قابو ہو چکا ہے، پنجاب کے ساتھ سندھ کے علاقوں کے شدید متاثر ہونے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے، روجھان میں دریائے سندھ کا بند ٹوٹنے سے کئی بستیاں زیرآب آ چکی ہیں۔

  • دنیا نے آج پھر بھارتی فسطائیت کا چہرہ دیکھ لیا: شاہ محمود قریشی

    دنیا نے آج پھر بھارتی فسطائیت کا چہرہ دیکھ لیا: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بگڑتی جا رہی ہے، دنیا نے آج بھارتی فسطائیت کا چہرہ دیکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود اسلام آباد میں پریس بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بگڑتی جا رہی ہے، بھارت کا جمہوری چہرہ آج سری نگر ایئر پورٹ پر بے نقاب ہو گیا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت دعویٰ کرتا تھا ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں، لیکن دنیا نے آج بھارت کا فاشسٹ چہرہ دیکھا، دنیا نے آج دیکھا سری نگر ایئر پورٹ پر راہول گاندھی کے ساتھ کیا ہوا۔

    [bs-quote quote=”یو این سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کا خود دورہ کرنا چاہیے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شاہ محمود قریشی”][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی اپنے دیگر 11 ساتھیوں کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے گئے، لیکن انھیں گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں جہاز کے ذریعے دہلی منتقل کیا گیا، یہ ہے اصل بھارت کا چہرہ جو دنیا اب دیکھ رہی ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اطلاعات تک رسائی کسی کی بھی نہیں، کشمیری عوام سے ان کے حقوق چھین لیے گئے، مقبوضہ وادی سے کوئی خبر باہر نہیں آنے دی جاتی۔

    انھوں نے کہا کہ میری ابھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے فون پر بات ہوئی ہے، انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انھیں بتایا کہ مقبوضہ وادی میں کھانے کی قلت ہو گئی ہے، بھارت پلوامہ جیسا ناٹک رچانے کی تیاری کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ کو کشمیری جانوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں کو شدید خطرات لا حق ہیں، یو این سیکریٹری جنرل کو اپنے تمام خدشات سے آگاہ کر چکے ہیں، کل مقبوضہ وادی میں پر امن مظاہرین پر پیلٹ گنز اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی، کشمیریوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی گئی، مسجدوں کو تالہ لگا ہوا ہے، مسلسل 20 روز سے کرفیو جاری ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  راہول گاندھی اور اپوزیشن رہنماوں کو مقبوضہ وادی جانے سے روک دیا گیا

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارت کا جب اپنے لوگوں سے ایسا سلوک ہے تو کیا توقع کریں، بھارتی حکومت اپنے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں تو ہمارے ساتھ کیا بیٹھیں گے۔

    [bs-quote quote=”مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر مزید 2 اجلاس طلب کر رکھے ہیں۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”وزیر خارجہ”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ میں نے یو این سیکریٹری جنرل کو کہا سلامتی کونسل کی قراردادیں مطالبہ کرتی ہیں کہ کشمیریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، سلامتی کونسل کو معلوم ہونا چاہیے حالات کس طرف جا رہے ہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کا خود دورہ کرنا چاہیے، سیکریٹری جنرل نے کہا کہ میں فرانس میں ہوں اور مودی سے ملاقات کروں گا، مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کو پی فائیو ممبران کو صورت حال سے آگاہ کرتے رہنا چاہیے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو بغاوت پر مجبور کر رہا ہے، پاکستان نے شملہ معاہدے کی پاس داری کی، بھارت نے شملہ معاہدے پر ضرب لگائی، یک طرفہ اقدام سے بھارت اپنی پوزیشن تبدیل کر رہا ہے۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دوبارہ سعودی عرب، یو اے ای کے ولی عہد سے بات کی خواہش کا اظہار کیا، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر مزید 2 اجلاس طلب کر رکھے ہیں، ایک اجلاس وزارت خارجہ، دوسرا کشمیر کمیٹی کے ساتھ ہوگا، اجلاسوں میں وزارت خارجہ، کشمیر کمیٹی اپنی تجاویز پیش کریں گی۔

  • نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری

    نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مزید متحرک ہو گئے ہیں، انھوں نے مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری شروع ہو گئی ہے، مودی کی امریکا آمد پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے پارٹی کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو تیاریوں کی ہدایت کر دی۔

    ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ کی وزیر اعظم سے ملاقات

    اس سلسلے میں آج وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان سے پارٹی کے سیکریٹری او آئی سی ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ نے خصوصی ملاقات کی، اس ملاقات میں انھوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے تیاریوں پر مشاورت کی۔

    اس موقع پر عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کی ہدایت کی اور کہا کہ بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کو روند ڈالا ہے، مودی حکومت کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادیں اور دو طرفہ معاہدے موجود ہیں، بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بہ طور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ امریکا کے بعد کی صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کیا ہوا ہے، برطانیہ جان بوجھ کر خطے میں مسئلہ کشمیر چھوڑ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے فکر مند ہیں، بھارت خطے میں مسلمانوں کو دبانے کی روش ترک کرے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال برطانوی حکومت کے ان شیطانی اقدامات کا نتیجہ ہے جو اس نے برصغیر کو چھوڑتے وقت کیے تھے۔

    ایران کے روحانی پیشوا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ کشمیریوں سے مناسب رویہ رکھے، بھارت اپنی کشمیر پالیسی کو مناسب بنائے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ انھیں کشمیر میں مسلمانوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت سے توقع ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا اور خطے میں مسلمانوں پر ظلم کی روش کو ترک کرے گا۔

    یاد رہے دو دن قبل تہران میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

    مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، آج وادی میں نافذ کرفیو کو 17 دن ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں رابطے کے تمام ذرایع بھی منقطع ہیں۔

  • بھارت نے دریائے ستلج میں چھوڑے پانی کا ڈیٹا فراہم کر دیا

    بھارت نے دریائے ستلج میں چھوڑے پانی کا ڈیٹا فراہم کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان میں ممکنہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر پاکستان اور بھارت کے درمیان رابطوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے انڈس واٹر کمشنرز کے درمیان پاکستان میں ممکنہ سیلابی صورت حال سے متعلق ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ذرایع انڈس واٹر کمشنر کا کہنا ہے کہ بھارت نے ٹیلی فون کے ذریعے پانی کا ڈیٹا فراہم کر دیا ہے، ڈیٹا کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج پر ابھی تک 24 ہزار کیوسک پانی چھوڑا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ہریکے بیراج اور فیروزپور بیراج پر پانی کا بہاؤ ڈیڑھ لاکھ کیوسک ہے، بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں 2 لاکھ کیوسک تک کا ریلا چھوڑا جا سکتا ہے۔

    مزید تفصیل یہاں پڑھیں:  بھارتی آبی جارحیت، پاکستان نے بھارت سے احتجاج ریکارڈ کرا دیا

    واضح رہے کہ بھارت پانی چھوڑنے سے پہلے سندھ طاس معاہدے کے تحت آگاہ کرنے کا پابند ہے۔

    یاد رہے کہ آج پاکستان نے بھارت سے مسلسل آبی جارحیت پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا، پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کو سیلاب سے پیشگی آگاہ کرنے کا پابند ہے۔

    پاکستان نے سندھ طاس کمشنر کے ذریعے بھارتی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے ہر آپشن پر غور کر رہا ہے، آرٹیکل 12 کے مطابق کوئی ملک مرضی سے معاہدہ ختم نہیں کر سکتا، یہ معاہدہ صرف دونوں ملکوں کی باہمی رضا مندی ہی سے ختم ہوگا۔