Tag: پاک جرمن تعلقات

  • پاک جرمن تعلقات کے 70 سال مکمل

    پاک جرمن تعلقات کے 70 سال مکمل

    کراچی: پاکستان اور جرمنی کے باہمی تعلقات کے 70 سال مکمل ہو گئے ہیں، دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک جرمن تعلقات کی سات دہائیاں مکمل ہونے پر جرمن قونصلیٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر نے کہا جرمنی نے پاکستان میں سات دہائیوں سے اپنی سفارتی موجودگی برقرار رکھی ہے، اس دوران جرمنی نے پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات، ثقافت اور ترقی میں ہمیشہ تعاون کیا۔

    ہولگر زیگلر نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک مستقبل میں بھی اس دوستی کو برقرار رکھیں گے، ہم دونوں ممالک میں دوستانہ تبادلے میں فعال حصہ لینے کے لیے نوجوان نسل کو ترغیب دیں گے۔

    یاد رہے کہ پاک جرمن تعلقات کی سات دہائیاں مکمل ہونے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپریل میں برلن میں جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔

    پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے اگست میں ہیمبرگ کی بندرگاہ کا دورہ کیا تھا، جب کہ گزشتہ ماہ جرمن فریگیٹ بایرن نے اس سلسلے میں کراچی کا دورہ کیا تھا۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے الوداعی ملاقات میں کس پاکستانی دوست کو گلے لگایا؟

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے الوداعی ملاقات میں کس پاکستانی دوست کو گلے لگایا؟

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ آخری ملاقاتیں کر رہے ہیں، انھوں نے خصوصی افراد سے ملاقات میں انھیں مضبوط لوگ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کی طرف سے پاکستان میں تعینات سفیر مارٹن کوبلر کی مدت ختم ہو رہی ہے، وہ اپنے جاننے والوں اور دوستوں سے آخری ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

    مارٹن کوبلر ایک نہایت زندہ دل سفیر ثابت ہوئے ہیں، وہ جب سے پاکستان میں تعینات ہیں، مسلسل متحرک رہے اور ملک کے مشہور سیاحتی مقامات کی دل کھول کر سیر کی۔

    آج انھوں نے ایک بار پھر معذور افراد کے ساتھ ملاقات کی اور پھر اس ملاقات کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں تاریخی واک کا خواب پورا ہوا: جرمن سفیر

    جرمن سفیر نے کہا کہ کوئی معاشرہ اس وقت مضبوط ہوتا ہے جب وہ اپنی اقلیتوں اور خصوصی ضروریات والے افراد کے ساتھ مساوی شہری والا برتاؤ کرے۔

    انھوں نے نہایت چھوٹے قد کے اپنے دوست سید عمیر کو گلے لگاتے ہوئے کہا کہ بہت ساری چیزیں آخری بار ہوتی ہیں، جیسا کہ اپنے دوست کے آخری بار گلے لگنا۔

    مارٹن کوبلر نے سفارت خانے میں الوداعی ملاقات کے لیے اسپیشل افراد کے ادارے سے آئے ہوئے دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مارٹن کوبلر نے پشاور میں دونوں پیروں سے معذور افراد کے مرکز کا دورہ کیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ پیرا پلیجیک سینٹر پشاور میں یہ اپنے خصوصی صلاحتیوں کے حامل دوستوں سے ملنے کے لیے میرا آخری دورہ ہے۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کی ملازمت پر آئی جی سندھ کو شاباش

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کی ملازمت پر آئی جی سندھ کو شاباش

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کی ملازمت کے بڑے اقدام پر آئی جی سندھ کو شاباش دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سندھ پولیس کا خواجہ سراؤں کو دفاعی فورس میں شامل کرنے کا فیصلہ بڑا فیصلہ قرار دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا ’شاباش ڈاکٹر کلیم۔‘

    پاکستان کے روایتی کھانوں کے انتہائی شوقین جرمن سفیر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ہر کمیونٹی کا مرکزی دھارے میں شامل ہونا بہت اہم ہے۔

    مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے کم زور کی حفاظت ہوگی اور یہ قدم کم زور کو با اختیار بنائے گا، خواجہ سرا معاشرے کا برابر کا حصہ ہیں، دیکھتے ہیں کہ اور کون اس طرح کا فیصلہ کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس کا پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو ملازمت دینے کا اعلان

    خیال رہے کہ دو دن قبل آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کو ملازمت دینے کا اعلان کر دیا تھا، انھوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو ملازمت دی جا رہی ہے جو مختلف دفتری امور انجام دیں گے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری سے وابستہ افراد کو سندھ پولیس میں ملازمت کے مواقع دینے کے ضمن میں اقدامات کیے جائیں گے، پولیسنگ کے معیار کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

  • جرمن سفیر ارتھ آور مناتے ہوئے کس اردو ادیب کا مطالعہ کر رہے ہیں؟

    جرمن سفیر ارتھ آور مناتے ہوئے کس اردو ادیب کا مطالعہ کر رہے ہیں؟

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات سیاحت کے بے حد شوقین جرمن سفیر مارٹن کوبلر پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی سیاحت کے بعد اردو ادب کے بھی شائق نکل آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر پاکستان کے تین صوبوں کے مشہور اور تاریخی مقامات کی سیاحت کر چکے ہیں، انھوں نے سیر کے دوران عام لوگوں سے تعلق رکھنے کی ایک نئی نظیر قائم کی۔

    پاکستانی کھانوں، بالخصوص بریانی، پلاؤ اور مٹن ڈشز کے شوقین مارٹن کوبلر اب اردو ادب کے بھی شوقین نکل آئے ہیں۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمن سفیر کی پوسٹس فالو کرنے والوں کو اس وقت حیرت ہوئی جب انھوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اردو فکشن کے سب سے بڑے افسانہ نگار کی کتاب کا مطالعہ کرتے دکھائی دیے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں ارتھ آور منایا جا رہا ہے، جس کے تحت رات کے 8:30 سے 9:30 تک ایک گھنٹے کے لیے تمام روشنیاں بھجائی جا رہی ہیں۔

    مارٹن کوبلر نے اس حوالے سے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اندھیرے میں نظر آ رہے ہیں، اور اردو کے بڑے افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے افسانے پڑھ رہے ہیں۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ انھوں نے سفارت خانے اور اپنی رہائش گاہ کی تمام غیر ضروری روشنیاں بھجا دی ہیں، کیا آپ لوگ بھی ارتھ آور منا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمی تبدیلی سے متعلق شعور اجاگر کیا جانا بے حد ضروری ہے، اپنی زمین، اور فطرت کے بچاؤ کے لیے لائٹس بجھا دیں، اور اس طرح توانائی، پیسا اور سیارہ بچائیں۔

    خیال رہے کہ تصویر میں منٹو کی جو کلیات دکھائی دے رہی ہے، یہ خالد حسن نے اردو سے انگریزی میں ترجمہ اور ایڈٹ کی ہے۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی کاغذ ساز فیکٹری کا دورہ، چنگ چی چلانے کی کوشش

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی کاغذ ساز فیکٹری کا دورہ، چنگ چی چلانے کی کوشش

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے وسطی پنجاب میں کاغذ بنانے والی ایک فیکٹری کا دورہ کیا اور مقامی سطح پر کاغذ بنانے کے دل چسپ عمل کا مشاہدہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھومنے اور ٹویٹر اکاؤنٹ پر مستقل طور پر اپنی سرگرمیوں کی تصاویر اپ لوڈ کرنے کے لیے مشہور جرمن سفیر نے اس بار ایک مقامی پیپر مل کا دورہ کیا۔

    مارٹن کوبلر پیپر مل میں جرمن مشینری دیکھ کر حیران رہ گئے، کہنے لگے کہ انھیں بہت اچھا لگا اپنے ملک کی مشینری دیکھ کر۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ پیپر مل میں بے کار کاغذوں کا ایک ڈھیر دیکھا جو ری سائیکل ہو کر پھر سے کارآمد کاغذ میں تبدیل کیا جا رہا تھا جسے دیکھ کر خوشی ہوئی، کیوں کہ کچرے کی ری سائیکلنگ صاف اور محفوظ ماحول کے لیے بہت ضروری ہے۔

    مارٹن کوبلر نے ایک چنگ چی کی تصویر بھی اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے، جسے وہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے چنگ چی اسٹارٹ ہی نہیں ہو سکی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    دوسری طرف مارٹن کوبلر نے چک 44 پنجاب میں رہایش پذیر ایک ایسے خاندان کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب میں ان کا دوسرا گھر ہے۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ اپنے اس دوسرے خاندان سے ملنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، اپنے کبوتر اور بھینسے یاد آئیں گے، اس خاندان نے ہمیشہ شان دار مہمان نوازی دکھائی۔

  • وزیراعظم عمران خان کو جرمن چانسلر کا فون، جرمنی کے دورے کی دعوت

    وزیراعظم عمران خان کو جرمن چانسلر کا فون، جرمنی کے دورے کی دعوت

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کو جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ٹیلی فون کر کے جرمنی کے دورے کی دعوت دے دی، عمران خان نے دورے کی دعوت قبول کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے وزیرِ اعظم عمران خان کو فون کر کے انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد دی، جرمن چانسلر کی طرف سے جرمنی کے دورے کی دعوت پر وزیرِ اعظم نے دعوت قبول کر لی۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم عمران خان کا مالدیپ کے نو منتخب صدر ابراہیم محمد کو ٹیلی فون پر مبارک باد” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    فون پر جرمن چانسلر اور وزیرِ اعظم پاکستان نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔

    دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا، رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعاون کو بڑھایا جائے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے جرمن چانسلر سے خطے کی مجموعی صورتِ حال پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان بھارت اور افغانستان سے متعلق معاملات بھی زیرِ گفتگو آئے۔


    یہ بھی پڑھیں:  اے پی ایس اور مستونگ حملوں کے دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل تھی: شاہ محمود قریشی


    وزیرِ اعظم عمران خان نے گفتگو میں پڑوسی ملک کے ساتھ جامع مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا، کہا کہ متنازع مسائل کے حل کے لیے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات ضروری ہیں۔

    دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان نے مالدیپ کے نو منتخب صدر ابراہیم محمد کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں ان کی کام یابی پر مبارک باد دی۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی جنگ ایک بار پھر عروج پر ہے، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاک بھارت وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کے خلاف تقاریر کیں، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کا ہاتھ ہونے کا بڑا ثبوت کلبھوشن یادیو ہے۔