Tag: پاک روس

  • پاکستان سے زمینی راستے کے ذریعے روس تک پھلوں کی ترسیل شروع

    پاکستان سے زمینی راستے کے ذریعے روس تک پھلوں کی ترسیل شروع

    پاکستان کے باغات سے روس کی سرزمین تک علاقائی تجارت میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر زمینی راستے کے ذریعے پھلوں کی ترسیل شروع ہو گئی۔

    این ایل سی کی گاڑیوں کا قافلہ کینو کی کھیپ لے کر روس پہنچ گیا ہے، 16 گاڑیاں کینو لے کر سرگودھا سے روانہ ہوئی تھیں، گاڑیوں نے مجموعی طور پر 6 ہزار کلومیٹر فاصلہ طے کیا، 14 گاڑیاں روس کے شہر دربنت اور 2 گروزنی پہنچیں۔

    این ایل سی کی گاڑیاں تین ممالک سے ہوتی ہوئی روس میں داخل ہوئی ہیں، این ایل سی ریفر سروس کا اجرا زرعی شعبے کے لیے اہم پیش رفت ہے، کیوں کہ کولڈ چین کی عدم دستیابی کی وجہ سے 40 فی صد تازہ زرعی پیداوار خراب ہو جاتی ہیں، لیکن ریفر سروس کی بدولت پھلوں کی دوران ترسیل تازگی برقرار رہتی ہے۔

    ٹرکوں کے دربنت پہنچنے پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندگان، روس کے کسٹمز حکام، پاکستانی سفارت خانے کے افسران اور تاجر برادری نے اس میں شرکت کی۔

    روسی حکام کی جانب سے این ایل سی کی اس کاوش کا خیر مقدم کیا گیا ہے، این ایل سی کے اس قدم سے پاکستان اور روس کی باہمی تجارت کو فروغ ملے گا۔

  • پاک روس اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے منصوبے میں بڑی کامیابی

    پاک روس اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے منصوبے میں بڑی کامیابی

    اسلام آباد : روس نے اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے اہم امور پر گرین سگنل دے دیا، پاکستان میں اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کا آغاز 2022 میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کی جانب بڑی کامیابی حاصل ہوگئی ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ روس نے اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے اہم امور پر گرین سگنل دے دیا۔

    ذرائع نے کہا کہ پائپ لائن پرمعاہدات اور متعلقہ دستاویزات پر دستخط کی تواریخ طے ہوگئی ہے ، پاکستان میں اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کا آغاز2022میں ہوگا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور روس شیئرہولڈرز معاہدے کے مذاکراتی مسودے پر متفق ہوگئے ہیں ، پائپ لائن کی تعمیرپرکمپنی کے باضابطہ قیام سے متعلق دستخط 31 جنوری کو ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قانونی دستاویز پر دستخط سے اسپیشل پرپزکمپنی کا قیام عمل میں آسکے گا، اسلام آباد اور ماسکو 15 فروری کو شیئر ہولڈرز معاہدے پر دستخط کریں گے۔

    سفارتی ذرائع نے مزید کہا کہ معاہدہ پائپ لائن تعمیر پر خصوصی کمپنی کی تشکیل کے لیے اہم ہے۔

    پاکستان اورروس پائپ لائن کے لیے سہولتوں کی فراہمی کے معاہدے پر بھی متفق ہوگیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ 15فروری کوہی گیس پائپ لائن سہولتوں کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق گیس پائپ لائن 1100 کلومیٹرطویل ہوگی، ڈھائی سے3ارب ڈالرلاگت آئےگی، گیس پائپ لائن سے12.6 ارب مکعب میٹرزگیس کی ترسیل ممکن ہوسکے گی۔