Tag: پاک سرزمین پارٹی

  • کیمرے کے پیچھے فاروق ستار ہمارامؤقف مانتےہیں، مصطفیٰ کمال

    کیمرے کے پیچھے فاروق ستار ہمارامؤقف مانتےہیں، مصطفیٰ کمال

    پشاور : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم کو بھارت نے بچایا، کیمرے کے پیچھے فاروق ستار ہماراموقف مانتےہیں، حماد صدیقی نے ابھی تک ہم سے رابطہ نہیں کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ لندن میں قائم مقدمات میں بانی ایم کیوایم کو بھارتی وزیر اعظم نے بچایا۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ سابقہ بانی سے علیحدگی کے بعد اپنی ذات کو لفظ ایم کیوایم سے بھی الگ کرلیا، ایم کیو ایم کے کسی دھڑے کے ساتھ میرا کوئی تعلق نہیں ہے، ایم کیو ایم کی دھڑے بندی پر مصطفیٰ کمال نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار کیلئے نہیں، عوام کی خدمت کیلئے سیاست میں آئے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کیلئے دعاگو ہوں، ڈاکٹر فاروق ستار کیمرے کے پیچھے ہمارے مؤقف کو تسلیم کرتے ہیں کیمرے سامنے نہیں۔

    مزید پڑھیں : ہماری جماعت میں سیلم شہزاد کی کوئی گنجائش نہیں‘ مصطفی کمال

    سانحہ بلدیہ کیس میں نامزد حماد صدیقئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حماد صدیقی نے ہم سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔

  • قومی پرچم جلسوں میں لانا شہریوں کا حق ہے، وکیل پی ایس پی

    قومی پرچم جلسوں میں لانا شہریوں کا حق ہے، وکیل پی ایس پی

    اسلام آباد : پاک سرزمین پارٹی نے کہا ہے کہ پارٹی پرچم، قومی پرچم سے منفرد ہے اور قومی پرچم لے کر جلسوں میں آنا شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پاک سرزمین پارٹی کا قومی پرچم کو بطور پارٹی پرچم استعمال کرنے کے خلاف سماعت میں مصطفیٰ کمال کے وکیل نے جواب جمع کرواتے ہوئے موقف پیش کیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیسے سننے کا اختیار نہیں۔

    پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن کےدائرہ سماعت کوچیلنج کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سننے کا اختیار نہیں اور یہ پارٹی پرچم قومی پرچم سے منفرد ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کے وکیل نے کہا کہ قومی پرچم لےکرجلسوں میں آنا شہریوں کا بنیادی حق ہے سیاسی مقاصد کے تحت ہمارے خلاف درخواست دی گئی ہے۔

    واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ سے اپنی راہیں جدائیں کرنے والے مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے پاک سرزمین پارٹی کے نام سے نئی جماعت کی بنیاد رکھی تاہم انہوں نے اپنی پارٹی کا علیحدہ پرچم منتخب کرنے کے بجائے قومی پرچم کو ہی استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • سندھ حکومت کو تیس دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں، مصطفیٰ کمال

    سندھ حکومت کو تیس دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی: سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت سے 9 مطالبات کے حل لیے 30 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے اور آج کے جلسے نے اردو بولنے والوں کے بارے میں بیانیہ تبدیل کردیا ہے، کراچی والوں نے بانی ایم کیو ایم اور ایم کیو ایم سے تعلق توڑ دیا ہے۔

    تبت سینٹر پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جو لوگ ایم کیو ایم کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں وہی مہاجروں کے سب سے بڑے دشمن ہیں، ہم دو لوگوں نے آکر گمشدہ لوگوں کے لیے آواز اٹھائی اور انہیں بازیاب کروایا جب کہ جو لوگ کہتے تھے ایم کیو ایم تقسیم نہیں ہوگی وہ آج دیکھی لیں۔

    انہوں نے اپنے ماضی پر عوام سے معافی اور مانگی اور بانی تحریک کو سپورٹ کرنے کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور اداروں کے ذہنوں میں یہ بات بٹھائی گئی کہ اگر ایم کیو ایم نہیں ہوگی تو کراچی غیر مستحکم ہوگا، مہاجر علیحدگی چاہتے ہیں مگر آج عوام نے ایسے تمام لوگوں کے دعووں کو مسترد کردیا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے شہر سے کچرا نہیں اٹھا رہے، شہر میں پیدا ہونے والی بجلی کا 20 فیصد حصہ بھی کراچی کو نہیں دیا جاتا، شہر میں جگہ جگہ کچرے کا ڈھیر ہے اور پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی۔

    مصطفیٰ کمال نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بچے بھوک اور پیاس سے مررہے ہیں مگر ہم سی پیک کا راگ الاپ رہے ہیں، پاک سرزمین پارٹی عوام کو اُن کے حقوق دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، جو لوگ ایم کیو ایم کو چھوڑی ٹانگوں سے زندہ رکھنا چاہتے ہیں وہی مہاجروں اور کراچی کے عوام سے دشمنی کررہے ہیں۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہونے اور اُن کی مدد فراہم کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے تو ہاں میں کہتا ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ کا حصہ ہوں اور میری اسٹیبلشمنٹ اللہ کی اسٹیبلشمنٹ ہے۔

    انہوں نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کر کے بڑے بڑے بتوں کوتوڑ دیا تم نےجھوٹ کا پرچار کرنےوالوں کےمنہ سے نقاب چھین لیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیوریج کانظام درہم برہم ہے، اسپتالوں میں دوائیں نہیں، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہوئی ہیں اور اسکولوں میں تعلیم نہیں دی جا رہی ہے اس کے لیے ہم 2018 تک کا انتظار نہیں کر سکتے اس لیے آج قرارداد کی صورت میں اپنا لائحہ عمل دے رہے ہیں جس پر عمل در آمد کے لیے حکومت کو تیس دن کا وقت دیتا ہوں۔

    اس مو قع پر پاک سرزمین پارٹی کے وائس چیئرمین رضا ہارون نے جلسہ کے شرکاء کے سامنے سے قراردادیں پیش کرتے ہوئے مقامی حکومتوں کو مالی اور انتظامی اختیارات دینے کا مطالبہ کیا اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے بہتر نظام، پینے کا صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور کرپشن کے خاتمے سمیت سات مطالبے رکھے جسے عوام نے متفقہ طور پر منظور کر لیے۔

    سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے قراردادوں میں ایک قرار داد کا اضافہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کراچی میں 4 اور حیدرآباد میں 2 کیڈٹس کالجز کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔

    بعد ازاں مصطفیٰ کمال نے قراردادوں کی منظوری کے بعد کہا کہ اپنے مطالبات کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو تیس دن کا وقت دیتا ہوں جب کہ میئر کراچی اور منتخب نمائندوں سے کہتا ہوں کہ اگر اختیارات نہیں ہیں تو استعفیٰ دے دیں۔

    آخر میں مصطفیٰ کمال نے جلسے کے شرکاء سے حکومت کو دیے جانے والے ایک ماہ کے الٹی میٹم کے پورے ہونے کے بعد کے لائحہ عمل کے لیے تیار رہنے کا وعدہ لیا اور اپنے مطالبات کے حصول کے لیے متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

  • پاک سرزمین پارٹی آج کراچی میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرے گی

    پاک سرزمین پارٹی آج کراچی میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرے گی

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی آج شہر قائد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،پارٹی رہنما انیس قائم خانی کا کہناہےکہ اہلیان کراچی جب بھی اٹھےپوراپاکستان اٹھ جاتاہے۔

    تفصیلات کےمطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنماانیس قائم خانی کا کہناہےکہ آج تین بجے کراچی میں پاک سرزمین پارٹی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی،انہوں نےکہا کہ شہری جلسے میں شرکت کے لیے گھروں سے نکلیں۔

    انیس قائم خانی کا کہناہےکہ پاک سرزمین پارٹی سمجھتی ہےکراچی اسلحےسےپاک ہوناچاہیے،انہوں نے کہا کہ آج کا جلسہ بہت بڑا جلسہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: جلسے کا مقصد مصطفیٰ کمال کو وزیر اعظم بنانا نہیں، انیس قائم خانی

    اس سے قبل گزشتہ روز پاک سرزمین پارٹی کے تحت منعقد ہونے والے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد انیس قائم خانی نے جلسہ گاہ میں موجود کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ آپ لوگ آج جس نیک مقصد کے لیے محنت کررہے ہیں وہ بہت بڑا کام ہے، آپ کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔

    پاک سرزمین پارٹی کے صدر نے عوام سے اپیل کی تھی کہ جلسے میں شرکت کریں کیونکہ جلسہ مصطفیٰ کمال کو وزیر اعظم بنانے کے لیے نہیں بلکہ غربت اور مسائل کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے جائز حقوق کی جدوجہد کا حصہ ہے۔

    مزید پڑھیں:کراچی، 29 جنوری کو تبت سینٹر پر جلسہ عام کریں گے، مصطفیٰ کمال

    واضح رہےکہ 12جنوری کوسربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کراچی میں 29 جنوری کو تبت سینٹر پر ایک عظیم الشان جلسہ عام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ کراچی کا ہر میدان ہمارے لیے چھوٹا پڑ رہا ہے اس لیے تبت سینٹر کو منتخب کیا ہے۔

  • قائد سے منافقت کرنے والے عوام سے سچ نہیں بول سکتے، مصطفیٰ کمال

    قائد سے منافقت کرنے والے عوام سے سچ نہیں بول سکتے، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ تین سو ارب میں سے ایک فیصد بھی کھاتا تو آرام دہ زندگی گزارتا، ہم نے قومیت اور لسانیت کی سیاست کے باب کو ختم کیا، قائد سے منافقت کرنے والے عوام سے سچ نہیں بول سکتے۔

    ورکرز فیڈریشن کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نے کسی بھی قوم مسلک اور زبان کے لوگوں سے دشمنی نہیں کرنی 31 دن کی پارٹی تھی اور سامنے سب ایک تھے لیکن عوام نے ہمارا ساتھ دیا اور باغ جناح کے جلسے میں شرکت کر کے پنڈال بھر کے دکھایا۔

    پڑھیں: ’’ کچرا اٹھانے اور صفائی کے لیے اختیارات کی ضرورت نہیں، مصطفیٰ کمال ‘‘

    انہوں نے کہا کہ نام نہاد قیادت اپنے مفادات کی سیاست ختم نہیں کر سکتے، اپنے قائد سے منافقت کرنے والے عوام سے سچ کس طرح بول سکتے ہیں، کراچی کے عوام ایسے تمام عناصر کو مسترد کرچکے ہیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 29 جنوری کو تبت سینٹر پر جلسہ گاہ ہے اُس میں بھی عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی، ہمارے ورکرز گلی گلی محلے محلے لوگوں کو جلسے کی دعوت دے رہے ہیں اور ہم کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر جماعتوں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ’’ ایم کیو ایم پاکستان کا مصطفیٰ کمال کو ہرجانے کا نوٹس ‘‘

    پی ایس پی کے سربراہ کا کہنا تھا ہماری واپسی کا مقصد لڑائی نہیں بلکہ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے، غلط راہ پر چلنے والوں کو صحیح کرنے کا کام حکومت وقت کا ہوتا ہے مگر اب یہ کام ہماری جماعت کررہی ہے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا مصطفیٰ کمال کو ہرجانے کا نوٹس

    ایم کیو ایم پاکستان کا مصطفیٰ کمال کو ہرجانے کا نوٹس

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے 14 دن کے اندر اندر غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے ہرجانے کے دو نوٹس بھیجوا دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کو ہرجانے کے نوٹس رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل کی جانب سے بھیجوائے گئے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کی ساکھ کو بے سروپا الزام لگا کر نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے جس پر 14 دن کے اندر معافی مانگی جائے۔

    ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے سستی شہرت کے لیے رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل سمیت دیگر اراکین پر بےبنیاد، لغو اور من گھڑت الزامات لگا کر معزز اراکین پارلیمنٹ کی ساکھ کو دانستہ طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے لیگل ٹیم سے مشاورت کے بعد 14 دن کے غیر مشروط معافی کے مطالبے کے ساتھ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کو 5 کروڑ کے ہرجانے کے دو نوٹس رکن قومی اسمبلی اور سابق ناظم حیدرآباد کنور نوید جمیل کی جانب سے بھجوائے گئے ہیں۔

    واضح رہے پی ایس پی کے سربراہ نے گزشتہ ماہ حیدرآباد کے علاقے پکا قلعہ میں ہونے والے اپنی جماعت کے پہلے جلسے میں حیدر آباد کے سابق ناظم اور موجودہ رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل پر کرپشن سمیت بد عنوانی میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے تھے۔

  • کچرا اٹھانے اور صفائی کے لیے اختیارات کی ضرورت نہیں، مصطفیٰ کمال

    کچرا اٹھانے اور صفائی کے لیے اختیارات کی ضرورت نہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میں ٹیسٹ کا نہیں بلکہ ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی ہوں، الزامات لگانے والوں کو اللہ نے قائد سے ہی انکاری کردیا، شہر کا کچرا اٹھانے اور نالوں کی صفائی کے لیے کسی اختیار کی ضرورت نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن آمد کےموقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میں یہاں پیسہ کمانے نہیں آیا بکہ شہر کی ابتر صورتحال نے واپس آنے پر مجبور کیا، کراچی کے نمائندوں نے عوام کے نام پر پیسے بنائے اور شہر کے نظام کو برہم برہم کردیا یہی وجہ ہے کہ آج سارا شہر کچرا کنڈی بند گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پر الزمات لگانے والوں کو اللہ نے 22 اگست کے بعد قائد سے ہی انکاری کردیا، لندن قیادت اپنے نمائندوں سے استعفے مانگ رہی ہے مگر وہی لوگ جو ہم پر الزامات لگاتے تھے عوام کا سہارا لے کر اُن کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہی ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جب تک منتخب نمائندے کچرے میں اپنا مال ڈھونڈیں گے تب تک کراچی کچرے کا ڈھیر رہے گا، پاکستان کا کونسا قانون ہے جو صحت اور صفائی کا کام کرنے سے روکتا ہے جبکہ اس کام کے لیے کسی قسم کے اختیار کی ضرورت نہیں ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 29 جنوری کو پاک سرزمین کے تحت ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے جلسے میں شرکت کریں اور آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2018 سے قبل ہمیں اپنی نسلوں کو تباہ ہونے سے بچانا ہے، پی ایس پی کے رہنماء نے عندیہ دیا کہ وہ 29 جنوری کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

  • ہمارے آنے سے لوگوں میں اتحاد ہوا، مصطفیٰ کمال

    ہمارے آنے سے لوگوں میں اتحاد ہوا، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم نے قوم کو مضبوط کیا ہے، ہمارے آنے سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی ہے اور تمام قومیتوں میں اتحاد ہوا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے قصبہ علی گڑھ کے قریب واقع کٹی پہاڑی کے قریب پرچم کشائی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج بارش کے بعد پرچم کشائی کی تقریب منسوخ کرنے کا ارادہ کیا تاہم آپ لوگوں کے جذبے کو دیکھتے ہوئے تقریب کے لیے آج کا ہی دن مقرر کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تین سال قبل یہ علاقہ اردو اور پشتو بولنے والے کے لیے ممنوع تھا تاہم یہاں کے مکینوں نے سازش کو سمجھتے ہوئے تمام سازشی عناصر کو مسترد کیا اور آپس میں بغل گیر ہوئے، جو ہماری جدوجہد کا نیتجہ ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی تمام قومیتوں کی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ ہمارے ساتھ مل رہے ہیں جو ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

  • ایم کیو ایم مہاجروں‌ کی نمائندہ جماعت نہیں، کمال

    ایم کیو ایم مہاجروں‌ کی نمائندہ جماعت نہیں، کمال

    حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے لوگوں نے جھوٹ کو نیست و نابود کردیا، وطن پرستی کے قافلے میں شامل ہونے پر آپ لوگوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔

    پکا قلعہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا گیا کہ ایم کیو ایم کے بغیر مہاجر جی نہیں سکتا، تاثر دیا گیا کہ اردو بولنے والے محب وطن نہیں، تاثر دیا گیا کہ اردو بولنے والوں کی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم ہے، تاثر دیا گیا کہ اردو بولنےو الا ایم کیو ایم کے سوا کہیں نہیں جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات بتاتے ہوئے تھک گیا ہوں کہ اردو بولنے والے پڑھے لکھے اور محب وطن لوگ ہیں، یہ لوگ تمام قومیت اور پورے پاکستان کے ساتھ ہیں اس بات کو تسلیم کیا جائے۔

    مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے بارے میں یہ تاثر دیا گیا کہ اردو بولنے والے علیحدہ اختیار کرنا چاہتے ہیں اور کسی کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے، شہری و دیہی علاقوں کو الگ کرنا چاہتے ہیں حالاں کہ ایسا نہیں ہے، آج حیدر آباد کے عوام نے بتادیا کہ وہ ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں اردو بولنے والے پاکستانی پرچم اور پورے پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 18 سال سے مردم شماری نہیں ہوئی، ملک چلانے کے دعوے دار مردم شماری کراتے ہوئے ڈرتے ہیں، مردم شماری کے بغیر حکومت بجٹ کیسے بنارہی ہے؟کیا مردم شماری کرانے سے حکومت کمزور ہوجائے گی؟ مردم شماری کے حساب سے فنڈز اور دوائیں دی جائیں لیکن یہاں تو پتا ہی نہیں کہ ملک کی آبادی کتنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جھوٹ کا تاثر دینے والوں نے 23 اگست کو ایک اور جھوٹ کا سہارا لیا اور ایم کیو ایم پاکستان بنالی، لندن سے جان چھوٹی تو ایم کیو ایم پاکستان سامنے آگئی۔

  • حماد صدیقی کی قانونی مدد کو فرض سمجھتے ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی

    حماد صدیقی کی قانونی مدد کو فرض سمجھتے ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سینئر رہنماء انیس احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ رحمان عرف بھولا کے الزامات غلط ہیں حماد صدیقی بلدیہ فیکٹری میں ملوث نہیں، ہم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج کی قانونی مدد کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین کے رہنماء انیس احمد ایڈوکیٹ نے حماد صدیقی کا دفاع کرتے ہوئےکہا کہ ’’حماد صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث نہیں ہے، اُس کو قانونی فراہم کرنا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’حماد صدیقی سے ہر دوسرے تیسرے روز بات ہوتی ہے اور وہ پاک سرزمین پارٹی سے مسلسل رابطے میں ہے اور وہ بلدیہ فیکٹری کے سانحے میں ملوث نہیں، عبدالرحمان عرف بھولا کے الزامات غلط ہیں‘‘۔

    پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا ‘‘

    خیال رہے سانحہ بلدیہ فیکٹری میں تھائی لینڈ سے گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اُس نے آگ حماد صدیقی کے کہنے پر لگائی تھی، عدالت نے حماد صدیقی کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیے ہیں اور اُسے ہرصورت گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ایم کیو ایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی دبئی میں مقیم ہیں، عدالتی احکامات کے بعد اُن کی گرفتاری اور وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ ٹاؤن، عبدالرحمان عرف بھولا کا ملوث ہونے کا اعتراف، حماد صدیقی ماسٹر مائنڈ قرار ‘‘

    واضح رہے عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ اُس نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ، جس کا فارم اور رہنماؤں کے ساتھ اہل خانہ کی ملاقات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں تھیں۔