Tag: پاک سرزمین پارٹی

  • حیدرآباد کے جلسے میں اگلاروڈ میپ دیں گے، مصطفیٰ کمال

    حیدرآباد کے جلسے میں اگلاروڈ میپ دیں گے، مصطفیٰ کمال

    کوئٹہ : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے جلسے میں مستقبل کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے، ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے لیکن کام ابھی ختم نہیں ہوا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پی ایس پی رہنما عطااللہ کرد کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاک سر زمین پارٹی کےسربراہ مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے کوئٹہ میں مصروف دن گزارا۔

    مصطفیٰ کمال ضلعی عہدیدار ارباب شائستہ گل کاسی کی رہائش گاہ پہنچے تو ننھے بچوں نے گلدستے پیش کئے مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین پارٹی کوئٹہ کے رہنماؤں کے ساتھ الاؤ کے گرد بیٹھک لگائی اور خوشگوار موڈ میں باتیں کرتے رہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف بننے پر مبارک باد پیش کی۔

    مزید پڑھیں : جمہوری حکومت مردم شماری تک نہ کراسکی،مصطفیٰ کمال

    انہوں نے کہا کہ تئیس دسمبر کو حیدر آباد کے جلسے میں آگے کا روڈ میپ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے پاکستان کو غیر مستحکم اور مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی ہوئی ہے لیکن کام ابھی ختم نہیں ہوا۔

  • کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کی گئی ہے،وال چاکنگ میں نعرے درج ہیں اور سابق صدر کی تصاویر بھی چسپاں کی گئی ہیں۔

    کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں رات گئے اچانک سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی جس میں پرویز مشرف کو خوش آمدید کہا گیا ہے اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وال چاکنگ میں سابق صدر کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔

    خیال رہے متحدہ قومی موومنٹ اب ایم کیو ایم پاکستان ، پاک سر زمین پارٹی اور لندن گروپ میں منقسم ہو چکی ہے اور کراچی میں کھینچا تانی کی سیاست جاری ہے کبھی مصطفیٰ کمال کے نام کی چاکنگ ہوتی ہے تو کہیں فاروق ستار جلسہ کرتے نظر آتے ہیں تو کہیں بانی ایم کیو ایم کے حق میں نعرے بازی ہوتی نظر آتی ہے۔

    دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف سے دبئی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کی تھی جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔

    اس کے علاوہ میڈیا پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ پرویز مشرف ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کو یکجا کر کے دونوں جماعتوں کے سربراہ بننے کے لیے ان جماعتوں کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

  • حیدرآباد کسی ایک شخص کا نہیں سارے پاکستانیوں کا ہے، انیس قائم خانی

    حیدرآباد کسی ایک شخص کا نہیں سارے پاکستانیوں کا ہے، انیس قائم خانی

    حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی نے حیدر آباد میں 24 نومبر کو پہلے ورکرز کنونشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج حیدر آباد نے ثابت کردیا ہے کہ یہ شہر کسی ایک شخص یا پارٹی کا نہیں بلکہ پاکستانیوں کا ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی حیدر آباد میں پاکستان ہاؤس میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے مقامی عہدیداروں سمیت دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاک سر زمین سے شمولیت کا اعلان کیا۔

     

    اُن کا کہنا تھا کہ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے 350 سے زائد سیاسی کارکنان اور رہنماؤں کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت سے ثابت ہو گیا ہے کہ حیدر آباد کسی ایک شخص یا جماعت کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا ہے اور یہاں نسلی تضاد یا فسادات پھیلانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    انیس قائم خانی نے کہا کہ 24 نومبر کو ہونے والے پہلے ورکرز کنونشن میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے اور دنیا دیکھ لے گی کہ سندھ باسیوں کو آپس لڑوانے والوں کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور محب الوطن پاکستانی پاک سرزمین پارٹی کے پرچم تلے جمع ہو رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ انیس قائم خانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے پلیٹ فارم کا آغاز حیدرآباد سے کیا تھا اور اہم عہدہ ملنے کے بعد وہ کراچی منتقل ہوگئے تھے اور عزیز آباد میں رہائش اختیار کی تھی، بعد ازاں اپنی جماعت کے قائد سے اختلاف کے بعد دبئی چلے گئے تھے اور رواں سال مارچ میں مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پاکستان واپس لوٹ کر اپنی سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

  • پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی ضمانت پر رِہا

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی ضمانت پر رِہا

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کو دہشت گردوں کے علاج میں معاونت کرانے کیس میں ضمانت ملنے کے بعد آج سینٹرل جیل کراچی سے رِہا کردیا گیا ہے،پارٹی سربراہ مصطفی کمال سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے اُن کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کو ضمانت پر رِہا کردیا گیا ہے،وہ ڈاکٹر عاصم دہشت گردوں کے علاج کیس میں نامزد ملزم تھے جنہیں چند روز قبل احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    سینٹرل جیل سے باہر پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال،انیس احمد ایڈوکیٹ اور وسیم آفتاب سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے انیس قائم خٰانی کا استقبال کیا،میڈیا سے مختصر گفتگو میں مصطفی کمال نے کہا کہ ابھی ہم یہاں سے پاکستان ہاؤس جا رہے ہیں جہاں انیس قائم خانی میڈیا سے بات کریں گے۔

    اسی سے متعلق : وسیم اختر،انیس قائم خانی، اورروف صدیقی کو سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی نے اپنی گاڑی میں بیٹھتے ہوئے صحافیوں کو پاکستان ہاؤس پہنچنے کی اپیل کرےتے ہوئے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔

     

  • جمہوری حکومت مردم شماری تک نہ کراسکی،مصطفیٰ کمال

    جمہوری حکومت مردم شماری تک نہ کراسکی،مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں ہرایک کو گلے لگانا ہے چاہے کوئی کسی جماعت میں ہو، کسی فرقے سے تعلق ہو اور کوئی سی بھی بولی بولتا ہو اگرکوئی اپنی اصلاح نہیں کرسکتا تو پاک سرزمین پارٹی چھوڑی دے، جمہوری حکومت اب تک مردم شماری بھی نہ کراسکی۔

    سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال طارق روڈ میں واقع نور گراؤنڈ میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی ہمارے اختیار میں نہیں لیکن ہمیں صرف سچ بولنا چاہیے ہماری راہ میں صرف ہمارے اعمال رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے کارکنان کو پیغام دیا کہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ایم کیو ایم ،جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کے کارکنان تک اپنا پیغام پہنچائیں اور کوئی مان جائے تو ٹھیک ہے نہ مانے تب بھی اسے گلے لگائیں،کوئی کسی فرقہ سے تعلق رکھتا ہو کوئی سی زبان بولتا ہو محبت،امن اور اتحاد و اتفاق کا پیغام دیے۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ سنا ہے پاکستان میں جمہوریت ہے لیکن جمہوری حکومت آج تک مردم شماری نہ کراسکی کیوں کہ حکومت کو خطرہ ہے کہ مردم شماری ہوگئی تو ان کی نشستیں آگے پیچھے ہوجائیں گی۔

    واضح رہے کہ مصطفی کمال متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رکن تھے اور 2005 سے 2010 تک شہر کراچی کے ناظم رہے،اس سے قبل وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر بھی رہے اور بعد ازاں سینیٹر بنائےگئے تا ہم 2013 میں پارٹی سے اختلافات کے باعث ملک سے باہر چلے گئے تھے اور مارچ 2016 میں واپس آکے اپنی سیاسی جماعت ‘پاک سرزمین پارٹی’ کی بنیاد رکھی۔

  • بانی متحدہ کی حمایت پر گورنر کو گرفتار کیا جائے، مصطفیٰ کمال

    بانی متحدہ کی حمایت پر گورنر کو گرفتار کیا جائے، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے قائد ایم کیو ایم اور گورنر سندھ کو ناسور قرار دیتے ہوئے انہیں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ قرار دے دیا۔

    کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم اور گورنر سندھ عشرت العباد پاکستان کے لیے ناسور کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جس طرح جسم کی نشونما کے لیے پہلے ناسور کا علاج ضروری ہے اسی طرح پاکستان کی ترقی کے لیے بھی ان ناسوروں کا علاج ضروی ہے ورنہ پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے جو کل انٹرویو دیا اس میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی رینجرز، کور کمانڈرز اور ہم ایک صفحہ پر ہیں۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے عسکری ادارے بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں اور انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی جانب سے شروع کیے جانے والے آپریشن ضرب عضب کی پوری دنیا میں پذیرائی کی جارہی ہے۔ عشرت العباد کا ان لوگوں کے ساتھ اپنا نام جوڑنے کا مقصد ان کی نیک نامی کے پیچھے اپنے گناہوں کو چھپانا ہے، لیکن ہم انہیں چھپنے نہیں دیں گے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عشرت العباد نے مجھ پر جو الزامات لگائے ہیں وہ ان کی تحقیق کے لیے جے آئی ٹی بنائیں، میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے الزام لگایا کہ سانحہ 12 مئی میں گورنر کا ہاتھ ملوث ہے جس میں 40 افراد اپنی جانوں سے دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آتش زدگی کے ہولناک سانحے کی بھی دوبارہ تحقیقات کی جانی چاہیئں۔ سیکیورٹی اداروں کو اس کے تانے بانے بھی گورنر ہاؤس سے ملیں گے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ عشرت العباد دوہری شہریت کے حامل ہیں اور ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے، یعنی انہوں نے ملکہ برطانیہ کی وفاداری کا حلف اٹھایا ہوا ہے۔ ایسا شخص قومی سلامتی کے حساس اجلاسوں میں شریک ہوتا ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پہلے ہم نے ایک اور اب دوسرے سانپ کو بین بجا کر بل سے باہر نکالا جس کے بعد اللہ تعالیٰ بند کمرے کی باتیں گورنز کی زبان پر لے آیا، انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے پاکستان مخالف نعرے لگانے والے شخص کو اپنا محسن تسلیم کیا اس بات پر انہیں گرفتار کیا جائے۔

    انہوں نے وزیر اعظم سمیت متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عشرت العباد کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور انہیں گرفتار کیا جائے، ان کا برطانوی پاسپورٹ ضبط کر کے قوم کو دکھایا جائے، اور مجھ پر لگائے گئے الزامات کی جے آئی ٹی بنا کر اور میرے خلاف تحقیقات کی جائیں۔

  • فاروق ستار سے بات چیت کیلئے تیار ہوں، مصطفی‌ کمال

    فاروق ستار سے بات چیت کیلئے تیار ہوں، مصطفی‌ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ فاروق ستار سے ان کے گھر جا کر بات کرنے کے لیے تیار ہوں، ضمنی انتخاب میں فاروق ستار کی حمایت سے متعلق ابھی کچھ نہیں پتا، ہماری کسی سے کوئی سیٹنگ نہیں، اگر سیٹنگ ہوتی تو متحدہ قومی موومنٹ کے تمام یونٹس آفسز پر ہمارا قبضہ ہوتا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بہت تیز انسان ہیں، جہاں سے لوگوں کی سوچ ختم ہوتی ہے وہاں سے ان کی سوچ شروع ہوتی ہے، وہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے اقدامات کرتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قائد متحدہ نے گورنر کو کہا عہدہ چھوڑ دو اس کے باوجود انہوں نے عہدہ نہیں چھوڑا، جب بھی ایم کیو ایم کا نام لیا جائے گا تو بانی ایم کیو ایم کا بھی نام آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے دوسروں کو بچانے کے لیے کچھ جھوٹ بولنے پڑتے ہیں،اردو بولنے والوں کے ساتھ بڑی زیادتی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر الزامات عائد کرنے والے خود مقدمات میں رہا ہورہے ہیں، فاروق ستار یقین دہانی اور سیٹنگ کے سبب رہا ہوئے لیکن ہماری کسی سے کوئی سیٹنگ نہیں، اگر ہوتی تو ایم کیو ایم کے تمام یونٹس آفسز پر ہمارا قبضہ ہوتا۔

  • منی لانڈرنگ کیس بھارت اور برطانیہ نے ختم کرایا، انیس ایڈووکیٹ

    منی لانڈرنگ کیس بھارت اور برطانیہ نے ختم کرایا، انیس ایڈووکیٹ

    کراچی: پاکستان سرزمین پارٹی کے رہنما انیس احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرکے درحقیقت بھارت اور برطانیہ نے خود کو بچایا، اگر تحقیقات عدالت میں جاتیں تو بھارت نے نقاب ہوجاتا اور برطانیہ کی سرزمین سے دہشت گردی ہونے پر سوالات کھڑے ہوجاتے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹر میں میزبان ارشد شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پر جو الزامات ختم ہوئے ہیں وہ برطانیہ میں ختم ہوئے ہیں، وہ لندن کے لیے تو صاف ہوگئے لیکن را سے تعلقات کے جو الزامات ہیں ان پر وہ الزامات بدستور قائم ہیں، بھارت اور برطانیہ کے جوآپس کے تعلقات ہیں اس کے تحت انہوں نے مل کر الطاف حسین کو بچایا درحقیقت دونوں ممالک نے خود کو بچایا۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف لندن میں کی گئی مقدمات کی تحقیقات اگر عدالت میں پیش کردی جاتیں تو بھارت بے نقاب ہوجاتا اور ساتھ ہی برطانیہ کو بھی جواب دینا پڑتا کہ اس کی سرزمین بیرون ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال کیسے ہوئی ، بھارت کی کشمیر اور بلوچستان میں مداخلت بھی کھل جاتی اس لیے بھارت نے سیاسی اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے برطانیہ کے ساتھ مل کر الطاف حسین کو بچالیا۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں الطاف حسین کے خلاف کیس ڈراپ کیا گیا، ہمارے اداروں کی بھی ذمہ داری تھی کہ کارروائی کراتے۔

    کراچی پریس کلب میں الطاف حسین کی حمایت میں ہونے والی پریس کانفرنس کے بارے میں انہوں نے سخت تنقید کی اور کہاکہ یہ پریس کانفرنس ملک دشمنوں کی سپورٹنگ کے لیے کرائی گئی۔

    انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں مصطفی کمال کے الفاظ کی حمایت کرتاہوں، گورنر سندھ عشرت العبادد استعفیٰ دیں ، ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر تحقیقات کی جائیں تو ان کے خلاف الزامات درست ثابت ہوجائیں گے۔

  • پاک سر زمین کے رہنما اشفاق منگی پرفائرنگ

    پاک سر زمین کے رہنما اشفاق منگی پرفائرنگ

    کراچی : سابق ایم پی اے اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما اشفاق منگی کے گھرپر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی،فائرنگ کے نتیجے میں اشفاق منگی کے بھائی زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سر زمین پارٹی کے رہنما اشفاق منگی کے گھر پرنامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے،فائرنگ کے نتیجے میں اشفاق منگی محفوظ رہے جب کہ اُن کے بھائی زخمی ہو گئے جسے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اشفاق منگی نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے بھائی کواغواء کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم شور مچانے پرملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے جس سے بھائی زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ چار اغواءکار کالے رنگ کی گاڑی میں گھر کے باہر کھڑے تھے جنہوں نے اغواء کرنے کی کوشش کی مگر ناکامی پر فائرنگ کر دی جو اُن کے بھائی کے پاؤں پر لگی اور وہ زخمی ہو گئے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رضا ہارون،ڈاکٹر صغیراحمد اور افتخارعالم سمیت کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ اسفاق منگی کے گھر پہنچ کر واقعہ کی تفصیلات جانیں بعد ازاں اُن کی بھائی کی عیادت کے لیے اسپتال بھی گئے۔

    واضح رہے اشفاق منگی ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا انتخاب جیتے تھے تا ہم یاد رہے اشفاق منگی نے ایم کیو ایم کو خیر باد کہہ کر پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور اپنی نشست سے مستعفی ہو گئے تھے۔

     

  • فاروق ستارایک آنکھ بند کر کے سمجھتے ہیں’’بلا‘‘ ٹل جائےگی، مصطفیٰ کمال

    فاروق ستارایک آنکھ بند کر کے سمجھتے ہیں’’بلا‘‘ ٹل جائےگی، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ڈاکٹر فاروق ستار کو الطاف حسین سے خطرہ ہے، اس خطرے سے بچنے کے لیے انہوں نے سیکیورٹی کے لیے خط لکھا ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ہر روز ایک نیا فیصلہ کرنے کی ضرورت کیا ہے، الطاف حسین کو جانتا ہوں وہ کسی کو قیادت نہیں دے سکتے، دعا ہے فاروق ستار کی کتابی باتیں من وعن ٹھیک ہوجائیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین کے منہ سے نکلاجملہ ایم کیوایم کا آئین ہے، یہ ایم کیوایم فاروق ستار کی نہیں، وہ اسے نہیں چلاسکیں گے، فاروق ستار ایک آنکھ بند کرکے سمجھتے ہیں ’’بلا‘‘ ٹل جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ذہنی دباؤ میں الطاف حسین ملک کیخلاف بیان کیوں دیتے رہے، فاروق ستار کی نیت پرشک نہیں کررہا،ان کی نیت صاف ہے، الطاف حسین نے توثیق کردی تھی تووہ ٹوئٹ کیوں کرارہے ہیں۔

    مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم میں آئین کو دیکھ کرکون کام کرتا ہے، ہم نے جو باتیں کیں وہ من وعن ٹھیک ثابت ہوئیں، سب سے بڑے شدت پسند تو الطاف حسین خود ہیں، فاروق ستار طالبان سے بچنے کے لیے خط نہیں لکھ رہے، فاروق ستار الطاف حسین سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کا خط لکھ رہے ہیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین کے بعد کسی کا نام آنا موت کا پروانہ ہے، الطاف حسین آج بھی آپریشنل ہیں، جب میں سچ بولتا ہوں تو اس کی مذمت ہوجاتی ہے، فاروق ستار،خواجہ اظہار تعاون کرنے پرحراست سے آزاد ہوئے، رات بھر ویڈیو دیکھ کر دونوں نے کارکنان کی تصدیق کی، ان لوگوں کو الطاف حسین کی حقیقت معلوم ہے۔