Tag: پاک سری لنکا

  • سری لنکن کپتان کا فائنل میچ کے حوالے سے اہم بیان

    سری لنکن کپتان کا فائنل میچ کے حوالے سے اہم بیان

    دبئی: سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے سنسنی خیز میچز سے گزر کر اب انھوں نے پاکستان کے ساتھ فائنل پر نظریں گاڑ دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان دسن شناکا نے آج شام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2022 فائنل کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ یہ میچ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

    دسن شناکا نے کہا کہ اب تک ہمارا ایشیا کپ بہترین رہا ہے، اور اب تک ایشیا کپ میں میچز بڑے سنسنی خیز رہے ہیں، اور اب ہم فائنل میچ کے منتظر ہیں اور ہماری نظریں پاکستان کے خلاف فائنل پر مرکوز ہیں۔

    سری لنکن کپتان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بہت اچھی ٹیم قرار دیا، خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم نے سپر فور مرحلے میں پاکستان ٹیم کو بہ آسانی ہرا دیا تھا۔

    ایشیا میں کرکٹ کا نیا سلطان کون؟ فائنل معرکہ آج ہوگا

    پاکستان ٹیم کا فائنل تک رسائی کا سفر بھی بھرپور رہا، اگرچہ آغاز بھارت سے شکست کی صورت میں ہوا تھا، تاہم ہانگ کانگ کو شکست دے کر پاکستان اس ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا تھا، اور پھر سپر فور میں قومی ٹیم نے بھارت کو ہراکر اپنا بدلہ لیا۔

    شاہینوں نے افغانستان کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسے اور بھارت کو ایونٹ میں فائنل کی دوڑ سے آؤٹ کیا، دوسری طرف پہلے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں سری لنکا کو افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    شناکا الیون نے ایشیا کپ 2022 میں بنگلا دیش، افغانستان اور بھارت کو بھی شکست سے دوچار کیا۔

  • دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

    دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دین کے نام پر ملک میں کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے لیے سرکاری سطح پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہونے دینا، اور دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا لوگوں پر توہین کا جھوٹا الزام لگا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، پھر اسے کوئی وکیل ملتا ہے نہ ہی جج فیصلہ کرتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پریانتھا کمارا کے اہل خانہ کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے، بیوہ کو تنخواہ بھی دی جائے گی۔

    انھوں نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں سند سے بھی نوازا۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان نے آنجہانی پریانتھا کمارا کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا، تقریب میں وفاقی وزرا، سری لنکن ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔

    عمران خان نے کہا ملک عدنان کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوا کہ اس نے جان بچانے کی کوشش کی، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے، مجھے امید ہے ہماری یوتھ ملک عدنان کو دیکھ کر یاد کرے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے کھڑا ہوا تھا۔

    انھوں نے کہا افسوس ہے کہ سیالکوٹ واقعے پر پوری دنیا سے پیغام آئے، سیالکوٹ واقعے پر اوورسیز پاکستانی شرمندہ ہیں، ملک عدنان کو ملک کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 23 مارچ کو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

  • سارک کو مزید فعال دیکھنا چاہتے ہیں، شاہ محمود کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات

    سارک کو مزید فعال دیکھنا چاہتے ہیں، شاہ محمود کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتے ہیں، اور اسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مزید فعال دیکھنے کے متمنی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما نے آج وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر سری لنکن سفیر کو مبارک باد دی۔

    وزیر خارجہ نے سری لنکا میں حالیہ الیکشن کے نتیجے میں وزیر اعظم مہندا راجہ پاکسے اور ان کی پارٹی کی نمایاں کامیابی پر بھی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ میں سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما کے ہمراہ

    وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر سے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے مزید فعال دیکھنے کا متمنی ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے سری لنکن ہائی کمشنر کو گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والے اپنے دورہ سری لنکا اور سری لنکن قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ جب کہ سری لنکن ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی ہے، ٹیم کو سخت حفاظت میں ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19 تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سخت سیکورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

    سری لنکا کی مہمان ٹیم کل دوپہر کو کراچی پہنچے گی، دونوں ٹیمیں 17 اور 18 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سری لنکا ٹیسٹ ڈرا، عابد علی اور بابر اعظم کی سنچریاں

    خیال رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانا والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

    یادگار پنڈی ٹیسٹ بارش کی نذر ہو کر ڈرا ہوا، پاکستانی اوپنر عابد علی نے منفرد عالمی ریکارڈ بنایا، ٹیسٹ اور ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری کرنے والے وہ دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، عابد علی کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ بابر اعظم نے بھی ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری بنائی، دونوں ٹیموں کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بیس بیس پوائنٹس مل گئے ہیں۔

  • عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے یہ سنگ میل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز حاصل کیا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    32 سالہ عابد علی نے رواں سال آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری اسکور کر کے نہ صرف اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا تھا بلکہ دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز بھی بھی بن گئے تھے۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز عابد علی نے 201 گیندوں پر 109 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے بھی شامل تھے، انہیں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    اسی اننگز میں ون ڈاؤن پلیئر بابر اعظم نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی، یہ ان کی پاکستان میں پہلی اور کیریئر کی تیسری ٹیسٹ سنچری ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم

    راولپنڈی ٹیسٹ: ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم

    راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا، 3 دن میں ایک اننگز بھی مکمل نہ ہو سکی، جس کے باعث میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

    پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔

    خیال رہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کی آمد سے پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ہے، تاہم پہلا ٹیسٹ میچ ہی بارش اور خراب موسم کے سبب شدید متاثر ہو چکا ہے، آج سری لنکا کو 282 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرنی تھی تاہم بارش کی وجہ سے کھیل شروع نہ کیا جا سکا۔

    پہلے دن سری لنکن ٹیم نے اننگز اوپن کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔ مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نسیم شاہ نے دو وکٹیں لیں۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز خراب موسم کے باعث صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ بارش کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن میں شاہین آفریدی نے نیروشن ڈک ویلا کو 33 رنز پر پویلین روانہ کیا۔ میچ جلد ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنالیے تھے، ڈی سلوا 72 اور پریرا 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

    تیسرے روز کا کھیل بھی خراب آؤٹ فیلڈ کی نذر ہوا، دوسرے سیشن میں امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ روک دیا اور پھر کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ تیسرے دن صرف 5.2 اوورز کا کھل ہی ممکن ہو سکا، جس کے اختتام پر سری لنکا کے رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 تھے، دھنن جیا ڈی سلوا 87 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

  • ’اب بھی اپنے بھائی سے سیکھتا ہوں‘

    ’اب بھی اپنے بھائی سے سیکھتا ہوں‘

    راولپنڈی: قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے اسٹار پیسر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ اب بھی اپنے بھائی ریاض آفریدی سے سیکھتا ہوں۔

    راولپنڈی میں جاری پاک سری لنکن ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ نیابال ہے کل اچھا پرفارم کر کے سری لنکا کو 300 سے پہلے آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

    بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے بتایا کہ جب میں کرکٹ میں نیا آیا تو بھائی سے سیکھنےکو ملا اور اب بھی اپنے بھائی ریاض آفریدی سے سیکھتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بولنگ کوچ وقاریونس سے زیادہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور ان کی دی گئی ٹپس سے پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:کوچز بہتر سمجھتے ہیں اسپنر کی ضرورت تھی یا نہیں، نسیم شاہ

    گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کےنوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگا، کوشش ہوگی کل سری لنکا کو جلد سے جلد آؤٹ کریں۔

    نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم نے پہلا سیشن اچھا کھیلا، پہلے جیسے بولنگ کرنی چاہئے تھی ویسے نہیں کی۔

    نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ کل کوشش کریں گے جلد از جلد وکٹیں حاصل کریں، فاسٹ بولرز کے لیے پچ مددگار تھی، کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ اسپنر کو کھلایا جانا چاہئے تھا یا نہیں۔

  • پاک سری لنکا میچ ، ماضی  کی  خوشگوار یادیں تازہ

    پاک سری لنکا میچ ، ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر ماضی کی خوشگوار یادوں کو تازہ کرنے کے لیے پاک سری لنکا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کپتانوں کو مدعو کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے خلاف 11 دسمبر کو شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ میں جاویدمیانداد اور بندولاورناپورا مہمان خصوصی ہوں گے۔

    پی سی بی نے سابق کپتانوں کو11دسمبرسے ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے،پاکستان اور سری لنکاکی ٹیموں میں پہلی بارمیچ مارچ1982کو ہوا تھا۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس تاریخی میچ میں پاکستان کی قیادت جاویدمیانداد اورسری لنکاکی کپتانی بندولاورناپورانےکی تھی اوراس مقابلے میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔

    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1203634808477360128

    سابق کپتان10دسمبرکوسیریز کی ٹرافی کےفوٹوشوٹ میں شرکت بھی کریں گے جب کہ ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران ایک خصوصی یادگاری تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ پی سی بی کادعوت نامہ قبول کرنےپرکپتانوں کا مشکور ہوں، پی سی بی سابق کرکٹرزکی خدمات کامعترف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 11دسمبرقومی کرکٹ کی تاریخ کااہم دن ہے، اس روز جاوید میانداد اوربندولاورناپورابھی ہمارےساتھ موجودہوں گے۔

  • پاک سری لنکا دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا

    پاک سری لنکا دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا

    لاہور : پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوینٹی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ 9 اکتوبر کو ہوگا۔

    سری لنکا کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، میچ کا ٹاس شام 6 بجے ہوگا اور میچ کا آغاز ساڑھے 6 بجے ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی گئی تھی، پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی۔

    ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم اس وقت رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ٹیم کی اب بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار ہے۔

  • سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    کراچی: سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے نے پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں شکست کے بعد سری لنکن کپتان نے کہا ہے کہ ہدف اچھا تھا لیکن ہم ابتدائی اوورز میں وکٹیں نہ لے سکے۔

    لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا، دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

    پاکستان کے خلاف شان دار 133 رنز کی اننگز کھیلنے والے سری لنکن اوپنر دانشکا گناتھلا نے کہا کہ 5 ماہ سے انجری کا شکار تھا، آج موقع ملا اور پرفارم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون ڈے سیریز پاکستان کے نام، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست

    دانشکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آئے اور ٹیم میں شامل ہو گئے تو سوچا کارکردگی منوانے کا اچھا موقع ہے، سری لنکن ٹیم کے لیے تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا سلیکٹرز نے موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا، ٹیم نوجوان لڑکوں پر مشتمل ہے، سمجھتا ہوں اچھا کھیل پیش کیا، عابد علی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر نا خوش نہیں۔

    دانشکا نے کہا میری سنچری سے میرا مستقبل بہتر ہوگا، بابر کی اننگز اچھی تھی، پاکستان کی سیکورٹی بہترین تھی، ہم یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے، اوپنر عابد علی کو 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔