Tag: پاک سری لنکا سیریز

  • کراچی ٹیسٹ، پاکستان 191 رنز پر ڈھیر، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز

    کراچی ٹیسٹ، پاکستان 191 رنز پر ڈھیر، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنالیے۔

    سری لنکا کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب اوشادا فرنینڈو 4 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، کرونا رتنے کو 25 رنز پر محمد عباس نے بولڈ کیا، کسل مینڈس 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    اینجلو میتھیوز 8 اور ایمبولدینیا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کی آدھی ٹیم 24 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی، محمد رضوان 4، یاسر شاہ اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے، شاہین شاہ آفرید 5 رنز بناسکے۔

    اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، چائے کے وقفے تک پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اکھتر رنز بنا لیے ہیں۔

    کھانے کے وقفے سے قبل شان مسعود 5، کپتان اظہر علی صفر اور عابد علی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے، جب کہ اسد شفیق ایک اور بابر اعظم 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ کھانے کے وقفے کے بعد دوسرا سیشن شروع ہوا تو قومی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی، پاکستان کی چوتھی وکٹ 127 رنز پر گر گئی، بابر اعظم 60 رنز پر ہمت ہار گئے، حارث سہیل کا فلاپ شو بھی جاری رہا، وہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، سری لنکا کی طرف سے وشوا فرنینڈو اور امبل دینیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    آج دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو حسب معمول وکٹیں دھڑا دھڑ گرنے لگیں، دو وکٹیں یکے بعد دیگرے 10 رنز پر گریں، شان مسعود 5 رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کا شکار بنے، سری لنکا کے خلاف پاکستان کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب کہ ٹرپل سینچری بنانے کے عزم کے ساتھ کریز پر آنے والے بیٹسمین عابد علی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    قبل ازیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہو گئی ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ قومی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف سری لنکا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، کاسن رجیتھا کی جگہ لستھ ایمبل دینیا ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

    ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، ہم پہلے بیٹنگ کریں گے، مداحوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ راولپنڈی میں پانچویں دن آئے۔ کپتان سری لنکن ٹیم دمتھ کرونارتنے نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، اب کوشش کریں گے کہ پاکستان کو جلد آؤٹ کریں۔

    خیال رہے کہ پاکستانی بلے باز عابد علی نے شہر قائد میں منعقد ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سینچری بنانے بنا کر ایک اور تاریخ رقم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو بارش کی وجہ سے ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

  • قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی ہے، ٹیم کو سخت حفاظت میں ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19 تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سخت سیکورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

    سری لنکا کی مہمان ٹیم کل دوپہر کو کراچی پہنچے گی، دونوں ٹیمیں 17 اور 18 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سری لنکا ٹیسٹ ڈرا، عابد علی اور بابر اعظم کی سنچریاں

    خیال رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانا والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

    یادگار پنڈی ٹیسٹ بارش کی نذر ہو کر ڈرا ہوا، پاکستانی اوپنر عابد علی نے منفرد عالمی ریکارڈ بنایا، ٹیسٹ اور ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری کرنے والے وہ دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، عابد علی کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ بابر اعظم نے بھی ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری بنائی، دونوں ٹیموں کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بیس بیس پوائنٹس مل گئے ہیں۔

  • پاک سری لنکا ٹیسٹ ڈرا، عابد علی اور بابر اعظم کی سنچریاں

    پاک سری لنکا ٹیسٹ ڈرا، عابد علی اور بابر اعظم کی سنچریاں

    راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئر کر دی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں‌پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق پنڈی ٹیسٹ کے آخری روز کا دوسرا سیشن ختم ہو گیا، چائے کے وقفے تک پاکستان نے 2 وکٹ پر 177 رنز بنا لیے، عابد علی 91، بابر اعظم 47 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔، اظہر علی 36 رنز جب کہ شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سری لنکا ٹیسٹ میچ کا آج پانچواں روز ہے، میچ بارش کی وجہ سے شدید متاثر رہا، گزشتہ روز ایک بھی گیند نہیں پھینکی جا سکی تھی، خراب موسم نے ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا مزہ کرکرا کر دیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گام زن ہے، میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 20،20 پوائنٹس ملیں گے، پی سی بی ذرایع کا کہنا ہے کہ آج صدرعارف علوی بھی میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئیں گے، اسٹیڈیم میں صرف ان گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہے جن پر پی سی بی کے فراہم کردہ اسٹیکرز چسپاں ہوں، پارکنگ کے لیے پی سی بی نے گاڑیوں کو نیلے اور لال اسٹیکرز فراہم کیے ہیں۔

    مزید تفصیل:  راولپنڈی ٹیسٹ: ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم

    قبل ازیں، دونوں ٹیموں کو سخت سیکورٹی میں اسٹیڈیم پہنچایا گیا تھا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی میں آج دن بھر مطلع صاف رہے گا، سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے، آج پانچویں روز کے کھیل میں مہمان ٹیم نے 26 رنز کا اضافہ کیا۔ سری لنکا کے دھنن جیا ڈی سلوا نے سنچری اسکور کی، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان نے سری لنکا کے خلاف کھیل کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 3 رنز پر ہی گر گئی، شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز چوتھے دن کا کھیل نہ ہو سکا تھا لیکن سری لنکن ٹیم نے اسلام آباد کی رونق دیکھی، کھلاڑیوں نے اسلام آباد کے مقامی شاپنگ مال کا دورہ کیا، کئی کرکٹرز نے شاپنگ بھی کی، کرکٹ کے مداحوں نے سری لنکن کرکٹرز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ کپتان سری لنکا دمتھ کرونارتنے نے کہا کہ آج پاکستان کو دیکھنے کا اچھا موقع ملا، اسلام آباد خوب صورت شہر ہے۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم غیر ملکی پرواز ای کے 612 کے ذریعے پاکستان پہنچ گئی ہے، ایئر پورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔

    سری لنکن ٹیم پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی، ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر کو کھیلا جائے گا، راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ 15 دسمبر تک رہے گا، سری لنکا اور پاکستانی ٹیم منگل کو پریکٹس میچ کھیلیں گی، پریکٹس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    دوسری طرف ذرایع نے بتایا ہے کہ پاک سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑِی بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں موجود ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں نے میٹنگ میں میچ کے حوالے سے اہم مشاورت کی۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا پریکٹس میچ کھیلے گی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکورٹی کے تمام انتظامات پاک فوج کے سپرد کیے گئے ہیں، شایقین کرکٹ کے لیے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ٹکٹس دستیابی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    اسلام آباد میں ایف ٹین مرکز، ایکسپریس سینٹر، امانت پلازہ، ایف ایٹ مرکز، راِئل ان پلازہ، آب پارہ مارکیٹ، خیابان سہروردی اور جی ایٹ مرکز، ایگزیکٹو کمپلیکس میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔ جب کہ راولپنڈی میں صدر، کھنہ ایکسپریس سینٹر، فضائیہ کالونی، سکیم تھری، کمرشل مارکیٹ، سکستھ روڈ، رائل سینٹر، چاندی چوک، بلال پلازہ پر ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔

  • سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    کراچی: سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے نے پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں شکست کے بعد سری لنکن کپتان نے کہا ہے کہ ہدف اچھا تھا لیکن ہم ابتدائی اوورز میں وکٹیں نہ لے سکے۔

    لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا، دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

    پاکستان کے خلاف شان دار 133 رنز کی اننگز کھیلنے والے سری لنکن اوپنر دانشکا گناتھلا نے کہا کہ 5 ماہ سے انجری کا شکار تھا، آج موقع ملا اور پرفارم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون ڈے سیریز پاکستان کے نام، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست

    دانشکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آئے اور ٹیم میں شامل ہو گئے تو سوچا کارکردگی منوانے کا اچھا موقع ہے، سری لنکن ٹیم کے لیے تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا سلیکٹرز نے موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا، ٹیم نوجوان لڑکوں پر مشتمل ہے، سمجھتا ہوں اچھا کھیل پیش کیا، عابد علی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر نا خوش نہیں۔

    دانشکا نے کہا میری سنچری سے میرا مستقبل بہتر ہوگا، بابر کی اننگز اچھی تھی، پاکستان کی سیکورٹی بہترین تھی، ہم یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے، اوپنر عابد علی کو 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

  • معمولی واقعات پر ٹویٹ شروع ہو جاتے ہیں، ٹریفک جام کا مسئلہ سڑکوں کی وجہ سے ہے: آئی جی سندھ

    معمولی واقعات پر ٹویٹ شروع ہو جاتے ہیں، ٹریفک جام کا مسئلہ سڑکوں کی وجہ سے ہے: آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے پاک سری لنکا سیریز کے دوران سڑکوں پر ٹریفک جام کے حوالے سے عوامی ردِ عمل پر ناراضی کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ مسائل ہوں تو ان کے حل پر فوکس کرنا چاہیے، چھوٹے چھوٹے واقعات پر ٹویٹ کرنا شروع کر دیتے ہیں، غلطی ہوتی ہے لیکن بنا پروف کے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ شروع ہو جاتا ہے۔

    ڈاکٹر کلیم کا کہنا تھا ہم دباؤ میں نہیں ہیں، اپنا کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، ٹریفک جام کے مسائل کچھ تو سڑکوں کی وجہ سے بھی ہے، شہر میں 15 سو موٹر سائیکلیں رجسٹر ہو رہی تھیں، اب کرائسز کی وجہ سے 3 سو ہو رہی ہیں، جب 15 سو موٹر سائیکلوں کا روزانہ اضافہ ہوگا تو ٹریفک کا کیا حال ہوگا۔

    تازہ ترین:  تیسرا ون ڈے: سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    انھوں نے کہا ہم نے پی ایس ایل کے میچز کو کام یاب کرایا، اب بھی پاک سری لنکا سیریز کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ہمارا ہیومن رائٹ سیل، شکایتی مراکز کام کر رہے ہیں، کوشش ہے گریجوٹ آفیسرز کو بڑھایا جائے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے میچز پر مشتمل کرکٹ سیریز جاری ہے، آج سیریز کا آخری میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جس کے لیے انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔

    سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک جام کا بھی شدید مسئلہ پیدا ہوا ہے جس کے باعث شہری پریشانی میں مبتلا ہیں۔

  • 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا: سری لنکن وزیر کھیل

    1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا: سری لنکن وزیر کھیل

    کراچی: سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا، وہ دن یاد ہے جب پاکستانی عوام بھی سری لنکا زندہ باد کے نعرے لگا رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے آج کراچی میں پی سی بی چیئرمین کے ساتھ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا وہ لمحات ناقابل فراموش ہیں جب سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا اور پاکستانی کراؤڈ نے ہمیں سپورٹ کیا۔

    اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کہا کہ احسان مانی کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں ہوں، سری لنکا ہمیشہ آپ کے ساتھ اچھا رشتہ برقرار رکھے گا۔

    شامی سلوا کا سیکورٹی کے حوالے سے کہنا تھا کھلاڑیوں کو ابھی تک گھومنے کا موقع نہیں ملا ہے، سیکورٹی اتنی سخت ہے کہ کھلاڑی کہیں نہیں جا سکتے۔

    دریں اثنا، سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے پاکستان کی جانب سے بہترین سیکورٹی ملنے پر اظہار تشکر بھی کیا، انھوں نے کہا پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ مل کر کام کیا، ٹیسٹ سیریز کی درخواست آئے گی تو ضرور نظر ثانی کریں گے۔

    تازہ ترین:  سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    واضح رہے کہ پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    کپتان سرفراز نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر سری لنکا کے شکر گزار ہیں۔ سری لنکن چیف سلیکٹر نے کہا جیسی سیکورٹی کا وعدہ کیا گیا تھا ویسا ہی تحفظ فراہم کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کرکٹ کی بحالی کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا تھا دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں ہم بھرپور تحفظ دیں گے۔

    خیال رہے کہ اس وقت نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں ہیں، پر جوش شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے، سیکورٹی کے فل پروف انتظامات سے غیر ملکی آفیشلز بھی مطمئن ہیں۔

    2009 کے بعد کراچی میں پہلا بین الاقوامی ون ڈے میچ ہوا، جس کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور ریاستی سربراہوں والی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، دنیا بھر سے کمنٹیٹیرز اور آفیشلز آئے ہیں۔

  • سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    کراچی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکا سے سیریز سے پاکستان میں مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا، یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا سری لنکن بورڈ کے تعاون سے یہ سیریز ممکن ہوئی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا دہشت گردی کے واقعات تو نیوزی لینڈ میں بھی ہو چکے ہیں، مقصد سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا ہوتے ہیں، سری لنکن بورڈ کی سیکورٹی ٹیم پہلے ہی انتظامات سے مطمئن ہے۔

    احسان مانی نے کہا سری لنکا سے سیریز پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے، مزید ٹیمیں بھی پاکستان آنے لگیں گی۔

    تازہ ترین:  دوسرا ون ڈے، بابر اعظم کی سنچری، سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف

    خیال رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جا رہی ہے، جس کا دوسرا میچ آج کھیلا جا رہا ہے۔ پہلا میچ جو 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، شہر قائد میں بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم کی شان دار سنچری کی بہ دولت پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

    پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

    کراچی : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، شائقین کرکٹ پہلےمیچ کے ٹکٹ بھی استعمال کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ کراچی میں پھر سجنے کو تیار ہے۔ موسم سازگار ہوگیا، کراچی کے شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہونے والا ہے۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا میدان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلیے تیار ہے، دس سال بعد ون ڈے میچز کا اسٹیج سجے گا۔

    جمعہ کے روز تیز بارش نے کرکٹ فینز کا انتظار بڑھا دیا تھا۔ خراب موسم کے پیش نظر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ پیر کو شیڈول کیا گیا۔ شائقین کرکٹ پہلے میچ کے ٹکٹ دوسرے میچ میں استعمال کرسکیں گے۔

    واٹر بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کو بلاتعطل پانی فراہمی کے انتظامات مکمل کرلیے

    دوسری جانب پاک سری لنکا سیریز کے موقع پر واٹر بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کو بلاتعطل پانی فراہمی کے انتظامات مکمل کرلیے۔

    اس حوالے سے ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کو فراہمی و نکاسی آب کے فول پروف انتظامات کرلیے۔

    اسٹیڈیم سے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے انتظامیہ کو بھرپور مدد فراہم کی، اسٹیڈیم کو لائنوں کے علاوہ ٹینکروں سے بھی پانی فراہم کیا جائے گا، پانی سے بھرے متعدد ٹینکرز اسٹیڈیم کے احاطہ میں پہنچادیئے گئے۔

  • پاکستان سری لنکا ون ڈے سیریز، طلبا کے لیے مفت میچ دیکھنے کا موقع

    پاکستان سری لنکا ون ڈے سیریز، طلبا کے لیے مفت میچ دیکھنے کا موقع

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں طلبا مفت میچ دیکھ سکیں گے، سیکریٹری تعلیم سندھ کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، ہر سرکاری کالج سے 20 طلبا نیشنل اسٹیڈیم میں مفت میچ دیکھ سکیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ون ڈے سیریز کے تینوں میچ کالج کے طلبا مفت دیکھ سکیں گے، سرکاری کالجوں کے طلبا کو نیشنل اسٹیڈیم بھیجنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر کالجز کا کہنا ہے کہ طلبا کو اسٹیڈیم لانے اور واپس لے جانے کی ذمہ داری کالج انتظامیہ کی ہوگی، کالجوں کے طلبا کے لیے مظہر محمود کو فوکل پرسن نامزد کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کپتان سرفراز احمد کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟

    واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم 10 سال کے بعد کراچی آئی ہے۔ مہمان ٹیم کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے میچ 29 ستمبر کو کھیلا جائےگا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔

    ون ڈے سیریز کے تینون میچز کراچی میں کھیلے جائینگے اور تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔