Tag: پاک سری لنکا میچ

  • میچ میں شائقین کرکٹ کی اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر دل خوش ہوگیا، ڈاکٹرعارف علوی

    میچ میں شائقین کرکٹ کی اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر دل خوش ہوگیا، ڈاکٹرعارف علوی

    لاہور : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک سری لنکا میچ میں شائقین کرکٹ کی اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر دل خوش ہوگیا، امید ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پر واپس آئے گی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صدر مملکت نے کمنٹری باکس میں بیٹھ کر بات کی۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ رمیز راجہ بھی موجود تھے، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کی تعداد بہت زیادہ ہے، کرکٹ کا پاکستان میں نہ ہونا ان کے ساتھ زیادتی تھی۔

    آج لاہور میں شائقین کرکٹ کی اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر دل خوش ہوگیا۔صدرعارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ قوی امید ہے کہ اب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پر واپس آئے گی۔

    انگلینڈ، آئرلینڈ بورڈ کے وفود لاہور میں سیکیورٹی سے مطمئن ہیں، انہوں نے کہا کہ سیریز میں سری لنکن ٹیم کے جونیئر کھلاڑیوں نے بھی بہت اچھا پرفارم کیا۔

    پاکستان سیاحت کے لئے اب ایک پُر امن ملک بن چکا ہے، چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے میچ میں پنک ربن ڈے منایا۔

  • دوسرا ون ڈے، ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی تاریخی کامیابی، سری لنکا کو 67 رنز سے شکست

    دوسرا ون ڈے، ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی تاریخی کامیابی، سری لنکا کو 67 رنز سے شکست

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی، عثمان شنواری کو پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، تین میچوں کی سیریز میں پاکستان نے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والے 306 رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جے سوریا 96 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    سری لنکا کی 5 وکٹیں 28 رنز پر گرنے کے بعد جے سوریا اور شناکا کے درمیان 177 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم ہوئی، جے سوریا نے 96 اور شناکا نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

    سری لنکن اوپنر گناتھلاکا 14، سمرا وکراما 6، فرنینڈو صفر، پوپ فرنینڈو 1 اور کپتان لہیرو تھریمانے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عامر، عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے اور سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دیا تھا، بابر اعظم نے شاندار 115 رنز کی اننگز کھیلی۔

    پاکستانی اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے شاندار 73 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 31 رنز بنا کر ڈی سلوا کا شکار بنے، فخر زمان نے 65 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

    بابر اعظم نے 105 گیندوں پر115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے، حارث سہیل 40 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    کپتان سرفراز احمد کو 8 رنز پر سری لنکن کپتان تھریمانے نے رن آؤٹ کیا، آل راؤنڈر عماد وسیم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 32 اور وہاب ریاض 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کمارا اور ادانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں یہاں اپنے ہم وطنوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور اور مجھے امید ہے کہ آج کرکٹ کے مداحوں کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

    دوسری جانب مہمان ٹیم کے کپتان لہرو تھری مانے کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی ٹیم کے ساتھ مقابلہ انتہائی سخت ہوگا۔ یقیناً نتائج اچھے ہوں گے پاکستانی ٹیم کی قوت کے باوجود ہم جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    اسکواڈ

    پاکستان: فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، سرفراز احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور عثمان شنواری۔

    سری لنکا:لہری تھری مانے، دنوشکا گنوتھلاکا، سدیرا سماراوکرما، اوشکا فرنینڈو، اوشادا فرندینڈو، شہیان جے سوریا، داسن شناکا، ونیدو ہسرنگا، اسورو ادانا، نون پرادیپ اور لہرو کمارا

    ریکارڈز

    پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں جب بھی ون ڈے میں آمنے سامنے آئیں کئی ریکارڈ بنے اور ٹوٹے ہیں ۔ایشیاکےکرکٹ جائنٹس پاکستان اور سری لنکا اب تک ون ڈے میں154بار آمنے سامنے آئے ہیں۔

    قومی ٹیم کو آئی لینڈرز پر واضح برتری حاصل ہے ۔پاکستان نے نوے میچز میں حریف کو زیر کیا ہے جبکہ سری لنکن ٹیم نے58میچز میں کامیابی سمیٹی ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ ڈرا بھی ہوا ہے جب کہ چھ میچ بغیرکسی نتیجےکے ختم ہوئے۔ انفرادی ریکارڈز میں سری لنکا کا پلڑا بھاری رہا۔دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ رنز سنتھ جے سوریا نے بنارکھے ہیں۔ وکٹیں اڑانے کا ریکارڈ مرلی دھرن کے پاس ہے۔

    ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنزپاکستان کے محمد حفیظ نے بنائے ہیں اورشاہد آفریدی نے ون ڈے کی تیزترین سنچری بھی سری لنکا کےخلاف بنائی تھی۔

  • پاک سری لنکا پہلا ون ڈے میچ بارش کے سبب منسوخ

    پاک سری لنکا پہلا ون ڈے میچ بارش کے سبب منسوخ

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پاکستان اور سری لنکا کا کرکٹ میچ تیز بارش سے گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہوجانے کے سبب منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ہونے والی تیز بارش سے جمع ہونے والے پانی کے خشک نہ ہونے کےامکانات دیکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک سری لنکا میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق تیز بارش کے سبب ٹاس بھی نہیں ہو سکا ہے اور آؤٹ فیلڈ بھی گیلی ہے جس کے سبب میچ منسوخ کیا گیا۔ کچھ دیر قبل تک پی سی بی کا ارادہ تھا کہ رات ساڑھے آٹھ بجے تک بھی میچ کے امکانات ہوئے تو ون ڈے میچ کو ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل کردیا جائے گا۔

    امپائرز نے کچھ دیر قبل گراؤنڈ کا جائز ہ لیا جہاں تیز بارش کے سبب پانی جمع ہے اور اطراف بھی پانی سے لبریز ہیں، ان عوامل کے سبب میچ کو منسوخ کرتے ہی بنی اور شائقین کرکٹ کو مایوس ہی گھر لوٹنا پڑا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے شائقین کو میچ ٹکٹ کے پیسے واپس کرد یے جائیں گے کیونکہ دوسرا ون ڈے میچ انتیس ستمبر کو شیڈول ہے اور بیچ میں میچ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔

    ون ڈے سیریز کے تینوں میچز کراچی میں ہی شیڈول ہیں اور تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ منعقد ہونا ہیں۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔تینوں ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے اور تینوں میچز نائٹ ہوں گے۔