Tag: پاک سری لنکا

  • 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا: سری لنکن وزیر کھیل

    1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا: سری لنکن وزیر کھیل

    کراچی: سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا، وہ دن یاد ہے جب پاکستانی عوام بھی سری لنکا زندہ باد کے نعرے لگا رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے آج کراچی میں پی سی بی چیئرمین کے ساتھ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا وہ لمحات ناقابل فراموش ہیں جب سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا اور پاکستانی کراؤڈ نے ہمیں سپورٹ کیا۔

    اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کہا کہ احسان مانی کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں ہوں، سری لنکا ہمیشہ آپ کے ساتھ اچھا رشتہ برقرار رکھے گا۔

    شامی سلوا کا سیکورٹی کے حوالے سے کہنا تھا کھلاڑیوں کو ابھی تک گھومنے کا موقع نہیں ملا ہے، سیکورٹی اتنی سخت ہے کہ کھلاڑی کہیں نہیں جا سکتے۔

    دریں اثنا، سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے پاکستان کی جانب سے بہترین سیکورٹی ملنے پر اظہار تشکر بھی کیا، انھوں نے کہا پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ مل کر کام کیا، ٹیسٹ سیریز کی درخواست آئے گی تو ضرور نظر ثانی کریں گے۔

    تازہ ترین:  سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    واضح رہے کہ پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    کپتان سرفراز نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر سری لنکا کے شکر گزار ہیں۔ سری لنکن چیف سلیکٹر نے کہا جیسی سیکورٹی کا وعدہ کیا گیا تھا ویسا ہی تحفظ فراہم کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کرکٹ کی بحالی کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا تھا دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں ہم بھرپور تحفظ دیں گے۔

    خیال رہے کہ اس وقت نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں ہیں، پر جوش شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے، سیکورٹی کے فل پروف انتظامات سے غیر ملکی آفیشلز بھی مطمئن ہیں۔

    2009 کے بعد کراچی میں پہلا بین الاقوامی ون ڈے میچ ہوا، جس کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور ریاستی سربراہوں والی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، دنیا بھر سے کمنٹیٹیرز اور آفیشلز آئے ہیں۔

  • پاک سری لنکا سیریز کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

    پاک سری لنکا سیریز کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

    لاہور: پاک سری لنکا سیریز کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی، ٹکٹیں آج بروز (ہفتہ) سے نجی کوریئر کمپنی کے مخصوص مراکز پر بھی دستیاب ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک روزہ میچز کیلئے ٹکٹس کی قیمت پانچ سو سے تین ہزار جبکہ لاہور میں منعقدہ میچز کی قیمت پانچ سو سے پانچ ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

    شائقین کرکٹ اپنے وطن میں بین الاقوامی میچز دیکھنے کیلئے ہو جائیں تیار اور اگر قطار سے بچنا ہے تو ابھی نجی کوریئر کمپنی سے رابطہ کر لیں کیونکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے ٹکٹ کی فروخت شروع ہو چکی ہے۔

    شائقین کرکٹ نجی کوریئرکمپنی کی ویب سائٹ سے ٹکٹس خرید سکتے ہیں جبکہ کل سے مختلف کوریئر کی مخصوص شاخوں پربھی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔

    بد امنی کے دورمیں پاکستانی ٹیم آتی رہی، اب ہمیں جانا چاہیے، رانا ٹنگا

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ستائیس، انتیس ستمبر اور دو اکتوبر کو ایک روزہ میچز ہوں گے۔ جن کیلئے پانچ سو سے تین ہزار روپے تک کی ٹکٹ دستیاب ہیں جبکہ پانچ، سات اور نو اکتوبر کو لاہور میں لگنے والے ٹی ٹوئنٹی میلے کو دیکھنے کیلئے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے سے پانچ ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

    شائقین کرکٹ کو ایک شناختی کارڈ پر پانچ ٹکٹیں خریدنے کی اجازت ہے۔ قومی ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر مصباح الحق کل کریں گے جبکہ شیڈول کے مطابق پچیس ستمبر کو سری لنکا کی ٹیم کراچی پہنچے گی۔

  • منفی خبروں میں صداقت نہیں، پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی: پی سی بی

    منفی خبروں میں صداقت نہیں، پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی: پی سی بی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے تمام تر افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا سیریز کے حوالے سے منفی خبریں پھلائی جارہی ہیں، تاہم پی سی بی نے گردش کرنے والی منفی خبریں مسترد کردیں۔

    پی سی بی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی سیریز کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، ٹکٹس اگلے ہفتے فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

    سیریز سے متعلق تمام تر تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی نے کی، چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے سفارش کی تھی۔

    آسٹریلوی کرکٹ بورڈ حکام 17 ستمبر کو پاکستان پہنچیں گے

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے 4 ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 29 ٹی ٹوینٹی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، بابر اعظم آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے، ٹیسٹ میں 13ویں بہترین کھلاڑی ہیں۔

  • سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا

    لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا، وفد ایک روزہ قیام کے دوران شہر میں سیکورٹی کا جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آیا سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد لاہور پہنچ گیا ہے جہاں وہ سیریز کے سلسلے میں سیکورٹی معاملات کا جائزہ لے گا۔

    سیکورٹی وفد سیف سٹی اتھارٹی اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، وفد کو حکومتی اور پی سی بی حکام بریفنگ دیں گے۔

    ایک روز لاہور میں قیام کے بعد سیکورٹی وفد سری لنکا واپس روانہ ہو جائے گا، یہ وفد اپنی رپورٹ مرتب کر کے سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ، مکی آرتھر کی چھٹی

    اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔

    پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد دو روز قبل کراچی پہنچا تھا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا نے کی۔

    سیکورٹی ٹیم نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا بھی معائنہ کیا، اور سیکورٹی کا ہر طرح سے جائزہ لیا تھا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کی ستمبر اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

  • ٹیسٹ سیریز: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا

    ٹیسٹ سیریز: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجوزہ کرکٹ سیریز کے تناظر میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا کر رہے ہیں۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی ٹیم کل نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا معائنہ کرے گی۔

    پاک سری لنکا 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ستمبر، اکتوبر میں شیڈول ہے، خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کی مشروط ہامی بھری تھی۔

    بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سیکورٹی وفد کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد کا دورہ بھی کرے گا، سیکورٹی کا جائزہ لینے کے بعد وفد رپورٹ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو جمع کرائے گا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  آئی سی سی نے پہلے ایشز ٹیسٹ کے بعد نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی

    اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔

    دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ مقابلے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان ہوں‌ گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، حکام کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے بعد بنگلا دیش بھی پاکستان کا دورے کرے۔