کراچی: پاک سرزمین پارٹی نے مرکزی عہدیداروں کااعلان کردیا، مصطفی کمال پی ایس پی کے چیئرمین نامزد ہوگئے۔
ایک سو نوروزبعد پاک سر زمین پارٹی انتظامات، معاملات اور نظم و نسق چلانے کیلئےعہدیداروں کے ناموں کو اعلان کردیا ، پریس کانفرنس کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے ترجمان افتخار عالم نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی، چیئرمین مصطفیٰ کمال جب کہ رضا ہارون سیکریٹری جنرل ہوں گے۔
کراچی مصطفی کمال پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نامزد ہوگئے جبکہ تین مارچ کو مصطفی کمال کے ساتھ کراچی آنے والے انیس قائم خانی کو پارٹی کا صدربنایا گیا ہے۔
رضاہارون کو سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں دی گئیں ہیں،وسیم آفتاب اشفاق منگی افتخار عالم وائس چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے، ڈاکٹر صغیر احمد اور اینس ایڈووکیٹ بطورسینئر وائس چیئرمین ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
جماعت کے تمام معاملات سینڑل ایگزیکٹیو کمیٹی اور نیشنل کمیٹی دیکھے گی، پارٹی صدرتمام تنظیمی امور کے ساتھ ساتھ نیشنل کونسل کا سربراہ ہوگا۔ دلاور خان،سیف یارخان، محمد حفیظ الدین اور آسیہ اسحاق نیشنل کونسل کے ارکان ہوں گے۔
سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی اور نیشنل کمیٹی کے ارکان کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا، اس کے علاوہ یونین کمیٹیاں، میڈیاسیل، خواتین سیل اور دیگر شعبوں کا قیام بھی بتدریج عمل میں لایا جائے گا۔
لندن : پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ لندن میں آفس کے قیام کا مقصد پاکستان کے خلاف کام کرنے والی جماعت کے عزائم کو بے نقاب کرنا ہے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انیس ایڈوکیٹ نے مصطفیٰ کمال کو پاکستان دشمنوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک سرزمین پارٹی پاکستان کے خلاف کام کرنے والی پارٹی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
اس موقع پر رضا ہارون نے کہا کہ ’’ لندن میں بیٹھے افراد پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور ہم ملک دشمن عناصر کے عزائم کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد کو قومیت کے نام پر قتل کردیا جاتا تھا۔
انیس ایڈوکیٹ نے برطانوی حکومت سے درخواست کی کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کو بے دخل کریں۔
واضح رہے مصطفیٰ کمال کافی عرصے غائب رہنے کے بعد مارچ 2016 کو منظر عام پر آئے اور انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف اپنی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔
کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے، ہم ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے کہ جو صرف اسلام آباد یا صوبوں کے ایوانوں میں ہوں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مزارقائد کے قریب باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ایس پی رہنماؤں وسیم آفتاب، انیس قائم خانی ، رضا ہارون کے علاوہ دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے، اس کے علاوہ متعدد رہنماؤں کی بیگمات بھی جلسہ میں شریک تھیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت ایسی ہو جو ہر پاکستانی کے گھر کے باہر ہو، ترقیاتی منصوبوں میں ایم پی اے یا ایم این اے کا عمل دخل نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایم پی ایز یا ایم این ایز کا کام اسمبلیوں میں بیٹھ کر قانون سازی کرنا ہوتا ہے گلی محلوں کی سڑکیں بنانا نہیں ہوتا. جب تک عام آدمی کو اختیار نہیں ملے گا ہم ایسی جمہوریت کو رد کرتے ہیں۔
جو حکومت عوام کو پینے کا صاف پانی بھی مہیا نہیں کر سکتی اسے خود کو جمہوری حکومت کہنے کا کوئی حق نہیں۔ اگر عوام کو پینے کا صاف پانی نہ ملے، اگر عوام کے اختیار میں صحت، تعلیم اور سیوریج تک کا نظام نہ ہو تو ہمیں ایسی جمہوریت نہیں چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں اپنی تاریخ میں دیکھیں گی کہ ہمارے آباؤ اجداد نے کس طرح وقت کے فرعون کے سامنے آواز حق بلند کی، آج صرف تیس دن کی پارٹی نے اتنا کامیاب جلسہ منعقد کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آرمی اور رینجرز کے آپریشنز مسائل کا وقتی حل ہیں، مستقل حل کیلئے ہمیں اچھی حکمرانی لانی ہو گی، یونین کونسلز کو بااختیار بنانا ہو گا۔ اگر عوام کو اختیارات نہ دیئے گئے تو آپریشنز کے نتیجے میں کچھ دیر کیلئے قائم ہونے والا امن پھر ختم ہو جائے گا۔ گلی محلے کو اختیار دیئے بغیر، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے بغیر جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں۔
ملک بھر سے لوگ جوق در جوق پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا جلسہ ہے کہ جس میں سوائے پاکستان کے جھنڈے کے کوئی دوسرا جھنڈا نہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم آئندہ چند روز میں اپنی جماعت کا جامع منشور پیش کریں گے۔
ان کا کہناتھا کہ کراچی کی پہچان ایک پڑھے لکھے لوگوں کے شہر کے نام سے ہوتی تھی، لیکن کچھ دہائیوں سے اسے بدنام کر دیا گیا، یہاں کا نوجوان ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ہمیں اس کو ختم کرنا ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اپنا پیغام لے کر ایک ایک گلی جائیں گے۔ اب یہ شہر را کے ایجنٹوں کا نہیں، محب وطن اورتہذیب یافتہ لوگوں کاہوگا۔
اس سے قبل جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک سر زمین کے رہنما وسیم آفتاب نے کہا کہ یہاں تمام پاکستانیوں کےہاتھوں میں قومی پرچم ہے،عوام نےفیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان دشمنوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے لوگ جلسے میں شریک ہیں، کراچی میں اب خوف کاراج نہیں رہےگا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت را کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرے، وسیم آفتاب کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کے اچھے دن شروع ہوچکے ہیں۔
کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ قائد ایم کیوایم نے ڈی جی آئی ایس آئی سے بات کرنےکےلئےایک جعلساز کو ڈیڑھ کروڑ روپے دیئےتھے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے اے آروائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں واقعے کوتسلیم کیا تھا۔ پنجاب سے ایم کیوایم کے رکن افتخار رندھاوا کی جانب سے مصطفٰی کمال گروپ جوائن کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفٰی کمال نے دعوٰی کیا کہ قائدایم کیوایم نےآئی ایس آئی سے بات کرنےکےلئےکسی جعلساز کو ڈیڑھ کروڑ روپے دیئےتھے۔
یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹرفاروق ستارنےاے آروائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں اس واقعے کی تصدیق کی تھی مصطفٰی کمال نے بتایا کہ جعلی ڈی جی آئی ایس آئی سے بات کرکےقائد ایم کیوایم نے کارکنوں کویاسلام کا ورد کرنے کی ہدایت کی تھی۔
مصطفٰی کمال نے دعوٰی کیا کہ ڈیڑھ کروڑ واپس لینے کےلئے ایم کیوایم نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے بھی رابطہ کیا تھا، جبکہ بابرغوری نے اس جعلساز کی ضمانت لی تھی کہ ڈیڑھ کروڑ روپے واپس ہوجائیں گے۔
کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ کاٹ لی.
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 کراچی 34 سے 2013 کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے اشفاق احمد منگی نے ایم کیو ایم کو خیر باد کہہ کر پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے، اشفاق منگی نے پاکستان ہاؤس پہنچ کر اپنی شمولیت کا اعلان کیا،
کمال ہاؤس پہنچنے پر اشفاق منگی کا شانداراستقبال کیا گیا، پی ایس پی کے رہنماؤں مصطفی کمال ۔ انیس قائم خانی رضا ہارون ، ڈاکٹر صغیراحمد، وسیم آفتاب ، انیس ایڈووکیٹ ودیگر نے ان کو گلے سے لگا کر خوش آمدید کہا۔
پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ کارکنوں نے ان پر گل پاشی کی ۔ شہنائیوں کی گونج میں اشفاق منگی کو کمال ہاؤس لایا گیا۔
اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے اشفاق منگی کو پارٹی میں شمولیت پر خوش امدید کہتے ہوئے وطن پرستی کے قافلے کا حصہ بننے پر مبارکباد ہپیش کی۔
مصطفیٰ کمال نے قائد ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کارکنان سے سچ بولیں، انہوں نے کہا کہ جو بیانات آپ نے اسکارٹ لینڈ یارڈ کو دیئے، وہ بات آپ اپنے کارکنان اور قوم سے نہ چھپائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے پاور چھیننے نہیں آئے، اور نہ ہی لوگوں کو ٹارگٹ کلر بنانے آئے ہیں ، ہم صرف پیار محبت کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں،
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے قافلے میں پاکسان بھر سے لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں، اور بے شمار لوگ رابطے میں ہیں،
انہوں نے کہا کہ میں کس کس کا نام لوں کہ کون کون رابطے میں ہے انہوں نے اشارتاً کہا کہ جو جو لوگ زیادہ تیز آواز میں ہمارے خلاف بول رہے ہیں، سمجھ لیں کہ وہی لوگ ہم سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والوں کی بہت ساری باتوں کا جواب نہیں دیتے کیونکہ ٹائم نہیں ہے، اور اگر لوگ جھوٹ بولتے ہیں تو اس کے جواب میں تھوڑا بہت سچ بولنا پڑتا ہے جس کے بعد وہ کچھ روز کیلئے کومہ میں چلے جاتے ہیں۔
اشفاق منگی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے بھی استعفی دے دیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا ساتھ نہ دیتا تو سندھ دھرتی کبھی معاف نہ کرتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جس مقصد کیلئے متحدہ میں شامل ہوئے تھے وہ پورا نہیں ہوا۔ سندھ کے غریب عوام کیلئے کئے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں کئے گئے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ملیر کے عوام کی خدمت نہیں کرسکے جس کیلئے ہم قوم سے شرمندہ ہیں،
میر پورخاص / ٹنڈو الہ یار : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نےایک مرتبہ پھر را سے فنڈ لینے والی جماعت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
میر پورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را کسی کو اسلام پھیلانے کے لئے پیسہ نہیں دیتی۔
مصطفیٰ کمال کاکہنا تھا کہ ایک جماعت کیخلاف را سے فنڈنگ لینے میں صداقت ہے توایسی جماعت پرپابندی عائد ہونی چاہئے، اور اگرصداقت نہیں ہے توپھر ہماری جماعت پرپابندی لگائی جائے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم بھائی کو بھائی سے ملانے کی بات کررہے ہیں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ لوگ ہماری پارٹی جوائن کریں بلکہ حقائق کو سامنے رکھ کرفیصلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ٹیمیں بنانے والے ہیں، ان لوگوں کاایک ٹیم سے دوسری کومروانے کاکام بہت پرانا ہے، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد جب ان کی خدمت نہ کرسکے توانہیں ڈس اون کردیاگیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اس پاکستان میں آنے والی نسلوں میں پہچانے جا نے والے ہیں، ہم نے انسان کو بچانے کے لئے بغاوت کی، ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بخش دے گا۔
انہوں نے کہاکہ پہلے مرنے سے ڈر لگتا تھا اب نہیں لگتا،اللہ حق اور سچ کے بارے میں پوچھے گا، تو ہم کہیں گے کہ ہاں اللہ پاک ہم نے آواز لگا ئی تھی، ہم نے وطن پرستی کے نام پر آواز لگا ئی۔
مصطفی کمال نے کہا کہ ہم اپنی آخری سانس تک ملک و قوم کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل ، پاک سر زمین کے رہنماؤں مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی ٹنڈو الہ یار آمد کے سلسلے میں استقالیہ کیمپ قائم لگائے گئے تھے، ایس ایس پی کی جانب سے ضلع کے چوکوں پر بھار ی نفری تعینات کو تعینات کیا گیا تھا،