Tag: پاک سعودی

  • پاک سعودی تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت

    پاک سعودی تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت

    اسلام آباد: فروری میں جدہ میں پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اس نمائش میں 133 پاکستانی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری نمائش میں فارما سوٹیکل، سرجیکل، ٹیکسٹائل شعبے کے اسٹالز شامل ہوں گے اس کے علاوہ نمائش میں فوڈ، کنسٹرکشن سمیت اہم شعبوں کے اسٹالز بھی شامل ہوں گے۔

    وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے  اےآروائی نیوز سے گفتگو میں اس حوالے سے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی برانڈنگ کیلئے نمائش اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

    وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ نمائش میں بی ٹو بی ملاقاتیں، سیمینارز اور وزٹرز کے ساتھ رابطے شامل ہوں گے، جدہ نمائش کے ذریعے ملٹی ملین لوگوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی ممکن ہوگی یہ کاروباری کمیونٹی میں مزید تجارتی مواقع پیدا کرنےکا یہ بہترین موقع ہوگا۔

  • رواں سال حج، سعودی عرب کا پاکستان سے رابطہ

    رواں سال حج، سعودی عرب کا پاکستان سے رابطہ

    اسلام آباد: رواں سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب نے پاکستان سے رابطہ کر کے محدود حج کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے رواں سال محدود حج کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صالح بن بنتن نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ رواں سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرز ہی حج ادا کریں گے۔ نیز، کرونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی۔

    دریں اثنا، وزارتِ مذہبی امور نے نئی صورت حال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا، ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امسال سفیر اور سفارتی عملہ حج میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    سعودی عرب میں‌ مقیم افراد کو محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی حکومت نے محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا، سعودی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب سے باہر سے کوئی حج پر نہیں آئے گا، صرف مقامی طور پر رہائش پذیر افراد کو حج کی اجازت ہوگی۔

    واضح رہے کہ تقریباً 25 لاکھ کے قریب افراد ہر سال حج کی سعادت حاصل کرنے مختلف ممالک سے جاتے ہیں تاہم کرونا کی وجہ سے رواں سال یہ ممکن نہیں ہو سکے گا، خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال حج انتہائی محدود تعداد میں حجاج کرام کے ساتھ ہوگا، یہ فیصلہ عازمین حج کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کرنے کی خبر کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے میڈیا پر چلنے والی اس بے بنیاد خبر کی تردید کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کیا ہے اور پاکستان کو دھمکی دی ہے۔

    سعودی عرب کے سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو، یہ باہمی تزویراتی تعلقات ہیں جو اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بیش تر علاقائی، عالمی اور بہ طور خاص امت مسلمہ کے معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے تاکہ پاکستان ایک کام یاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مسلم امہ کی تقسیم کی وجہ سے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی، دفترخارجہ

    خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کوالالمپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پر سعودی عرب کا دباؤ تھا، سمٹ میں پاکستان کیوں شریک نہیں ہوا، ہم اس کی مجبوریاں جانتے ہیں۔

    طیب اردوان نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے روزگار کے لیے موجود 40 لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے اور اسٹیٹ بینک میں رکھے اربوں ڈالر نکالنے کی دھمکی دی تھی، پاکستان معاشی مشکلات پر دباؤ میں آیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی اور شرکت نہ کرنے کی وجہ امت مسلمہ کی تقسیم ہے۔ امت مسلمہ کے ممکنہ تقسیم کے خدشات دور کرنے کی کو ششوں کی ضرورت ہے۔

    اب سعودی عرب پر پاکستان کی کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزام کی سعودی سفارت خانے نے بھی تردید کر دی ہے۔

  • شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    مکہ: او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے، شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

    سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر شاہ محمود کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کا امن مقدس سرزمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے، حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے نے دلوں میں گہرے ان مٹ نقوش چھوڑے، ان کے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے دل جیت لیے۔ شاہ محمود نے گزارش کی کہ قیدیوں کی جلد رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعے کے دوران سعودی عرب کے مخلصانہ کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابل قبول نہیں۔

    وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔