Tag: پاک فرانس تعلقات

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کی صورت حال پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے فون پر رابطہ کیا ہے، شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

    دریں اثنا، فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے مودی کے متوقع دورۂ پیرس کے دوران بات چیت کا عندیہ دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو بتایا کہ بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لا حق ہو سکتے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس کو اس ساری صورت حال پر گہری تشویش ہے۔ انھوں نے معاملات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔

    فرانس کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں قابل تحسین کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

  • فرانس پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کر سکتا ہے: عارف علوی

    فرانس پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کر سکتا ہے: عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان فرانسیسی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین پاک فرانس بزنس کونسل تھیری فلملن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے، باہمی مفاد میں تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو ہر مرحلے پر سہولت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے، پاکستان فرانسیسی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فرانس کے سرمایہ کار پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسی سرمایہ کاروں کے لیے بڑی پرکشش ہے۔

    آج پیر کو میڈف (ایم ای ڈی ای ایف) انٹرنیشنل کی پاک فرانس بزنس کونسل کے چیئرمین اور ٹوٹل گلوبل سروسز کے صدر تھیری فلملن نے وفد کے ہم راہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم کے وفد کی ملاقات

    ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف اور پاکستان میں فرانس کے سفیر مارچ بارٹے بھی موجود تھے، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

    انھوں نے کہا ’پاکستان بالخصوص مینوفیکچرنگ، تعمیرات، سیاحت، مواصلات اور روڈ انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں فرانس کے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے مختلف مواقع کی پیش کش کرتا ہے۔‘

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو مقامی اور غیر ملکی بینکوں سے قرضے لینے کی سہولت بھی حاصل ہے، توانائی، سڑکوں، ریلوے کے نیٹ ورک، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور دوسرے بہت سے شعبوں میں سی پیک کے منصوبے فرانسیسی کمپنیوں کے لیے بہت سے مواقع کے حامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 7 خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے گئے ہیں اور فرانسیسی کمپنیاں ان زونز میں اپنے صنعتی یونٹ قائم اور منتقل کر سکتی ہیں۔ فرانسیسی کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کے اشتراک سے کام کریں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری تنظیم کے وفد کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری تنظیم کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم میڈف کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم میڈف کے وفد نے وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی۔

    عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں زراعت، سیاحت، صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    وزیر اعظم نے میڈف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    ملاقات میں وفد نے مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے فرانسیسی کاروباری شخصیات کی دل چسپی کا خیر مقدم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:   وزیراعظم سیکرٹریٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ سامنے آگئی

    عمران خان نے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ملک میں سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں متعدد شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ میڈف فرانسیسی کاروباری افراد کی سب سے بڑی تنظیم ہے جس کے ارکان کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہے۔