Tag: پاک فضائیہ

  • ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ عہدے سے سبکدوش

    ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ عہدے سے سبکدوش

    کراچی: ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ ایئر کموڈور عثمان غنی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔

    ذرایع کے مطابق ایئر کموڈور عثمان غنی 31 دسمبر کو پاک فضائیہ سے ریٹائر ہوئے، عثمان غنی 2018 سے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ تھے۔

    عثمان غنی پی آئی اے طیارہ حادثے کی بھی تحقیقات کر رہے تھے، انھوں نے حویلیاں حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی، ذرایع کا کہنا ہے کہ کراچی طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آ چکی تاہم تفصیلی رپورٹ آنا باقی ہے۔

    ترجمان وزارت ہوا بازی عبدالستار کھوکھر نے بتایا کہ ایئر کموڈور عثمان غنی ملازمت مکمل ہونے پر 31 دسمبر کو ایئر فورس سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے، اس لیے عہدے سے سبکدوش ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ عثمان غنی کو پہلے ہی ایکسٹینشن دی جا چکی تھی۔

    ذرایع کا کہنا ہے ایئر کرافٹس انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ کے لیے نئے ناموں پر غور جاری ہے۔

  • پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ محفوظ

    پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ محفوظ

    راولپنڈی : پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہا، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ پنڈی گھیب کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، ، ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ معمول کی تربیتی پروازکےدوران پنڈی گھیب کےقریب گرا ، حادثے میں پائلٹ طیارے سے بحفاظت اترنےمیں کامیاب رہا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق زمین پرکسی قسم کےجانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، واقعے کے فوری بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے ائیرہیڈکوارٹرز نے اعلیٰ سطح بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

    یاد رہے رواں سال اپریل میں پاک فوج کامشاق طیارہ گجرات کےقریب گرکرتباہ ہوگیا تھا ، حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹ میجرعمر اور لیفٹیننٹ فیضان شہید ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل مارچ میں اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب یوم پاکستان کی ریہرسل کے دوران پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 گر کر تباہ ہوگیا تھا ، طیارہ حادثے میں ونگ کمانڈرنعمان اکرم شہید ہوئے تھے۔

  • ‘مسلح افواج دشمن کوعبرتناک شکست سےدوچارکرنےکی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں’

    ‘مسلح افواج دشمن کوعبرتناک شکست سےدوچارکرنےکی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں’

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہا ہے کہ مسلح افواج دشمن کوعبرتناک شکست سے دو چار کرنےکی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں ، عہدکی تجدیدکرتے ہیں اپنے پاک وطن پرکبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیربیسز اور تنصیبات پر7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا، دن کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    اسی سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدکی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

    اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعد ازاں ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ ۷ستمبرکے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ، جودشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ کہ آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے عزم،ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تَجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

    سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادرمسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی وسَربلندی اور اسکی تعمیر وتَرقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہمارا پاکستان ہر محاذ پر مزید کامیاب ہو۔

    کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ آج کے دن ہم اُن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِیکجہتی کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے ظلم اورتَسلط کے خلاف جِدّوجُہد کر رہے ہیں۔

  • یومِ دفاع، مزارِ قائد پر گارڈزکی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    یومِ دفاع، مزارِ قائد پر گارڈزکی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    کراچی: ملک بھر میں یومِ دفاع ملی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پرُوقار تقاریب ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں یومِ دفاع کے موقع پر مزارِقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پْروقار تقریب منعقد ہوئی، مزار قائد پر پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نےاعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ فرائض سنبھالنے والے گارڈزمیں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔

    مہمان خصوصی ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے بانی پاکستان کے مزار پر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی۔

    ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ ہماری بقا کی جنگ تھی،پاک افواج نے تعداد میں 4 گنا بڑے حریف کے عزائم ناکام بنائے۔

    شکیل غضنفر کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کو سب سے بڑا خطرہ 6 ستمبرکو درپیش ہوا،65 کی جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    ایئروائس مارشل نے کہا کہ پاکستان کی فضائی سرحدیں ناقابل تسخیرہیں،موجودہ دورمیں دہشت گرد عناصر نے للکارا تو فضائیہ نے چیلنج قبول کیا،قوم کو65،حالیہ آپریشنزمیں افواج کی کارکردگی پر فخرہے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور پرحملہ ہوا تو فضائیہ نے دشمن کے ٹینکوں کو تباہ کیا،6 ستمبر کو جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    ملک بھر میں یوم دفاع آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • پاک فضائیہ کا جانباز پائلٹ راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت پیش

    پاک فضائیہ کا جانباز پائلٹ راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت پیش

    اسلام آباد : پاک فضائیہ نے جانباز پائلٹ راشد منہاس شہیدنشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کر دی اور کہا راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ راشد منہاس کا 49 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے ، پاک فضائیہ نے راشد منہاس شہید نشان حیدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کر دی۔

    ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ 17 فروری 1951 کو کراچی میں جنم لینے والے راشد منہاس ملکی تاریخ کا ایک ایسا درخشاں ستارہ ہیں، جو آنے والی نسلوں کو اپنی روشنی سے منور کرتے رہیں گے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کا جذبہ دل میں لیے راشد منہاس نے 14 مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے 51ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔

    بعد ازاں وہ آپریشنل کنورژن کورس کے لیے ماڑی پور (مسرور) میں تعینات نمبر 2 اسکواڈرن پہنچے، جہاں رب کائنات نے ان کے مقدر میں لا زوال رفعتیں لکھ رکھی تھیں، 20 اگست 1971 کے دن کراچی کی فضاؤں میں وہ ناقابل فراموش داستان شجاعت لکھی گئی، جسے راشد منہاس نے اپنے لہو سے رقم کیا ۔

    ترجمان کے مطابق اس دن راشد منہاس کے انسٹرکٹر پائلٹ مطیع الرحمان نے ان کے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کرنے کے بعد بھارت لے جانے کی کوشش کی تو راشد نے اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے طیارے کو ملکی سرحد عبور کرنے سے پہلے زمین سے ٹکرا دیا۔

    پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ راشد منہاس کی وطن سے لازوال محبت اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں نشان حیدر کا اعزاز عطا کیا، راشد منہاس کا شمار ملک کے ان جری جوانوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ نہیں آنے دی۔

    ترجمان نے کہا کہ راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور تا قیامت ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

  • پاک فضائیہ مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش ہرخطرے سےنمٹنے کوتیار ہے، ایئر چیف

    پاک فضائیہ مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش ہرخطرے سےنمٹنے کوتیار ہے، ایئر چیف

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش ہرخطرے سےنمٹنے کوتیار ہے اور دشمن کی جانب سے اسلحہ اکٹھا کرنے سےمرعوب نہیں ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آج ایک آپریشنل ائیر بیس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے JF-17B (ڈوئل سیٹ) طیارے میں ایک آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔پہا

    پاک فضائیہ ترجمان نے کہا کہ ایف سولہ طیارہ اڑانے کا وسیع تجربہ رکھنے والے ایئر چیف نے ملک میں تیار کیے گئے اس ڈوئل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

    بعد ازاں زمینی اور فضائی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایئر چیف نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبے کو سراہا اور کہا پاک فضائیہ میں JF-17 ڈوئل سیٹ اور بلاک تھری کی شمولیت پاک فضائیہ کی جدیدیت کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہو گی۔

    سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کا ہر فرد ہمارے بہادر سپوتوں کی وراثت کا امین ہے ، جس کا اظہار گزشتہ سال آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران کیا گیا۔

    ائیر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائر اکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہو گی، پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

    قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ کی بیس آمد پر ائیر آفیسر کمانڈنگ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔

  • عیدالاضحی پر عوام میں آگاہی ، پاک فضائیہ میدان میں آگئی

    عیدالاضحی پر عوام میں آگاہی ، پاک فضائیہ میدان میں آگئی

    اسلام آباد : پاک فضائیہ عیدالاضحی کے موقع قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیوں اور دیگر باقیات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے حوالے سے عوام میں آگاہی کیلئے میدان میں آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر پاک فضائیہ نے آگاہی مہم شروع کردی ، اس حوالے سے پاک فضائیہ کی ڈائریکٹوریٹ آف فلائٹ سیفٹی نے عیدالاضحی کے موقع پر مفادِ عامہ کا پیغام نشر کیا ہے، جس میں عوام کو قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیوں اور دیگر باقیات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

    اس پیغام میں بتایا گیا ہے کہ قربانی شدہ جانوروں کی باقیات کو پاک فضائیہ کے ائیر بیسز کے پاس پھینکنے سے پرندے ان کی جانب راغب ہوتے ہیں جوکہ طیاروں اور ہوابازوں کے لیے خطرے کا باعث بنتے ہیں۔

    پاک فضائیہ کی جانب سے کہا گیا کہ یہ پرندے طیاروں سے ٹکرا کر جہاز کوتباہ کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    اس پیغام میں لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ قربانی شدہ جانوروں کی باقیات مخصوص کردہ جگہوں پر پھینکیں یا انہیں زمین میں دبا دیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کی صفائی کو یقینی بنائیں۔

    مفادِ عامہ کایہ پیغام ریڈیو،ٹی وی، اخبارات، سوشل میڈیا اور موبائل فون کے ذریعے نشر کیا جا رہا ہے۔

  • پاک فضائیہ کا  جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کو  خراج عقیدت پیش

    پاک فضائیہ کا جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش

    اسلام آباد : پاک فضائیہ نے جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کے یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کردی، ایم ایم عالم پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹس کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بہادر سپوت اور جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ان کے یوم ولادت پر ایک مختصر دستاویزی فلم نشر کر دی۔

    پاکستان کے بہادر سپوت اور جنگ ستمبر کے ہیرو محمد محمود عالم 6 جولائی 1935 کو کلکتہ میں پیدا ہوئے، محمد محمود عالم کا خاندان قیام پاکستان کے وقت مشرقی پاکستان منتقل ہو گیا تھا، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے جذبے سے سر شار عالم نے 1953ء میں پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا۔

    جنگ ستمبر میں سکواڈرن لیڈر عالم دشمن کے لیے پیام اجل ثابت ہوئے، انہوں نے 7ستمبر 1965ء کو ایک مشن کے دوران پانچ بھارتی جہاز گرا کر ایک نا قابل فراموش کارنامہ سر انجام دیا، انہوں نے اس جنگ میں مجموعی طور پر بھارت کے نو طیارے تباہ کئے اور دو کو جزوی نقصان پہنچایا۔

    ان کی بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں دو مرتبہ ستارہ جرآت سے نوازا، ایم ایم عالم کا شمار ان غازیوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے پاک فضائیہ کو دشمن پر واضح برتری دلوائی اور قومی پرچم کو سربلند رکھا۔

    ایم ایم عالم پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹس کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

  • پاک فضائیہ بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پیش پیش

    پاک فضائیہ بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پیش پیش

    اسکردو : پاک فضائیہ کا سی -130 طیارہ زائرین کو لے کر اسکردو پہنچ گیا، زائرین کو پاک ایران سرحد پر واقع تفتان پر عارضی طور پر رکھا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امدادی کارروائیوں میں سرگرم عمل ہے۔

    اس سلسلے میں پاک فضائیہ کا ایک سی -130 طیارہ دالبندین (بلوچستان ) سے زائرین کو لیکر اسکردو پہنچا، زائرین کو پاکستان اور ایران کی سرحد پر واقع تافتان میں عارضی طور پر رکھا گیا تھا۔

    انھوں نے اس دور دراز مقام پر بہترین ممکنہ سہولیات کی فراہمی پر حکومتی کوششوں کا اعتراف کیا اور گلگت بلتستان کے زائرین کو اس خصوصی پرواز کے ذریعے اسکردو پہنچانے پر پاک فضائیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    پاک فضائیہ کا ائیرٹرانسپورٹ بیڑا کوویڈ 19 وبائی مرض کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے اور انہی طیاروں کے ذریعے اب تک ہمسایہ ملک چین سے کئی ٹن امدادی اور طبی سامان پاکستان لایا جا چکا ہے۔

    یاد رہے 29 مارچ کو پاک فضائیہ کا طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر نور خان ایئر بیس پہنچا تھا،چودہ ٹن امدادی سامان میں وینٹی لیٹرز،این نائنٹی فائیو ماسک اور حفاظتی لباس شامل تھے۔

  • طیارہ حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کون تھے؟

    طیارہ حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کون تھے؟

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں شکرپڑیاں کےمقام پرطیارہ حادثےمیں پائلٹ ونگ کمانڈرنعمان اکرم کی شہادت پر قوم غمزدہ ہے، نعمان اکرم نے گزشتہ سال ہی شیرافگن ٹرافی جیتی تھی اور ان  کاتعلق سرگودھامیں تعینات نائن اسکوارڈن سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ میں چھٹے جی ڈی پائلٹ کورس سے پاس آؤٹ ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کا تعلق سرگودھا میں تعینات نائن اسکوارڈن سے تھا، انھوں نے 2019 میں انٹر اسکواڈرن اسلحہ سازی کے مقابلے شیرافگن ٹرافی اپنے نام کی۔

    شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم نے کئی محاذوں پر ملک و قوم کی خدمت کی، ان کی یادیں اورخدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    دوسری جانب سیاسی رہنماؤں نے پاک فضائیہ کا طیارہ گرنےاورپائلٹ کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہیدونگ کمانڈر  نعمان اکرم کوخراج عقیدت پیش کیا۔

    چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ نے ونگ کمانڈرنعمان اکرم کی شہادت پر کہا قوم کو اپنے سپوت پر فخر ہے، ہم ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    مزید پڑھیں  : پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 گر کر تباہ، ونگ کمانڈرنعمان اکرم شہید

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے میں شہیدونگ کمانڈر  نعمان اکرم کوخراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی واظہارتعزیت کیا۔

    اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پاک فضائیہ کا طیارہ گرنے اور پائلٹ کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت پر بہت دکھ اور افسوس ہے ، شہید پائلٹ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں ، اللہ تعالی شہید کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

    خیال رہے  اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف -16گر کر تباہ ہوگیا  تھا ،  پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 یوم پاکستان  کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا، حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے تھے۔