Tag: پاک فوج پر حملہ

  • دہشتگردوں کا پاک فوج پر حملہ، 4 جوان شہید، آئی ایس پی آر

    دہشتگردوں کا پاک فوج پر حملہ، 4 جوان شہید، آئی ایس پی آر

    ژوب : پاک سکیورٹی فورسز  نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ارادوں کا ناکام بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر ژوب میں سمبازہ کے قریب کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    اس دوران سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے چار جوان بھی شہید ہوئے۔

    پاک فوج کے شہداء میں حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان، سپاہی ندیم شہید شامل ہیں جبکہ واقعے میں کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک افواج ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔

     

  • پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے پاک فوج پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے وزیرستان میں پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا، ان کا کہنا تھا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں، ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

    وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ شہادتوں پر ہمارا دل جلتا ہے، بیرونی سازشوں کا مرکز شمالی وزیرستان ہے، جنگ آخری مراحل میں ہے، دشمنوں کو شکست دیکر رہیں گے، شہیدوں کے لہو کی وجہ سے ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں شہادتوں پر انتہائی دکھ ہے، شہیدوں کا لہو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگر دبزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کا صفایا کرکے دم لیں گے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    شمالی وزیرستان : بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن عناصر کے بزدلانہ اقدام حوصلے پست نہیں کرسکتے، قیام امن کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

    وزیرداخلہ اعجازشاہ نے وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ایسے شرپسندعناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہےگی، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، ایسے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی شہدا کے لواحقین سے ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہرقسم کی دہشتگردی کےخلاف قوم متحد اور یک آواز ہے۔

    درین اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہید 3افسران اور جوان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی پاک فوج کے جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاک افواج کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، پوری قوم اظہاریکجہتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔