Tag: پاک فوج کی خبریں

  • آرمی چیف کا بلوچ رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ

    آرمی چیف کا بلوچ رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ

    ایبٹ آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا، آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹ کے کردار اور کامیابیوں کو سراہا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایبٹ آباد میں بلوچ رجمنٹ کا دورہ کیا ہے جہاں انھوں نے بلوچ رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ انسٹالیشن کی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کو کرنل کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹ کے بیجز لگائے گئے۔

    تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بلوچ رجمنٹ آمد پر آرمی چیف نے یاد گار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچ رجمنٹ کا داخلی سیکورٹی آپریشنز میں کردار گراں قدر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  غیرملکی سفارت کاروں اورمیڈیا کا ایل اوسی جورا سیکٹر کا دورہ

    واضح رہے کہ آج غیر ملکی سفیروں اور میڈیا نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر کے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہ گھر دیکھے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارتی آرمی چیف کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہو چکا ہے۔

    غیر ملکی سفارت کاروں اور میڈیا نمایندہ گان نے مقامی بازار میں دکان داروں اور شہریوں سے بات چیت کی، ان کو بھارتی آرٹلری کے گولے دکھائے گئے، بھارتی فوج کے پھینکے گئے گولے آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر گرے تھے۔

  • انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے: آرمی چیف

    انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے: آرمی چیف

    لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور اور پاکستان رینجرز پنجاب کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف کو بارڈر کی صورت حال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

    انھوں نے جوانوں اور افسران سے خطاب میں کہا کہ مجھے اپنے افسرا ن اور سپاہیوں پر فخر ہے، پاک فوج ثابت قدم ہے، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف نے 3 دن میں 3 کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کیے۔

  • چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین جنرل ژو کلیانگ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کی حمایت کو سراہا۔

    چینی جنرل نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان سے اپنے مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    دریں اثنا، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دفاعی تعاون کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے، چینی جنرل نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ کیا، انھوں نے اس موقع پر واہ نوبل کیمیکلز فیکٹری میں پلانٹ کا افتتاح کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف ڈسپلے سینٹر میں رکھی مصنوعات دیکھیں، جب کہ ایچ آئی ٹی میں انھوں نے ٹینکوں اور دفاعی مصنوعات کی تیاری کا جائزہ لیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پی او ایف مشترکہ منصوبوں کے لیے متحرک اقدامات کرے، مختلف مصنوعات کی تیاری کے لیے نجی شعبے سے مشترکہ معاہدے کیے جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دینی مدارس قومی دھارے میں لائے جانے کی کوشش کے مثبت اثرات ہوں گے: آرمی چیف

    دریں اثنا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاعی اور سیکورٹی آلات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا، اور کہا کہ ادارے اعلیٰ معیار کے آلات بنا کر قومی خزانے کی بچت کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اتحاد تنظیمات مدارس کے پوزیشن ہولڈر طلبہ نے ملاقات کی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دینی مدارس قومی دھارے میں لانے کی کوشش کے مثبت اثرات ہوں گے۔

  • بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ بڑھا دی ہے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، تاہم پاک فوج پر فائرنگ کے جواب میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کے کئی بنکرز تباہ ہو گئے، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں سے خانیوال کا شہید نائیک تنویر 14 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، شہید نائیک تنویر نے پس ماندگان میں ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    لاہور کے شہید لانس نائیک تیمور 8 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، شہید لانس نائیک تیمور کی ایک بیٹی ہے۔

    خانیوال کے شہید سپاہی رمضان 3 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی صدر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی صدر کی ملاقات

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امریکی صدر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی مصافحہ کیا۔

    وائٹ ہاؤس پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    آرمی چیف پینٹا گون میں اہم ملاقاتیں کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف قایم مقام امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کریں گے۔

    آرمی چیف امریکی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے، یہ ملاقاتیں وزیر اعظم کی وائٹ ہاؤس ملاقات کے بعد ہوں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان ٹرمپ ملاقات، امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی

    خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر کے مابین تاریخی ملاقات ہوئی، جس میں چند اہم اعلانات کیے گئے۔

    امریکی صدر نے پاکستان کے وزیر اعظم کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کی اور کہا کہ بھارتی صدر نریندر مودی بھی ان سے ثالثی کی بات کر چکے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی فوجی قیادت ان کے ساتھ ہے، اس لیے یقین دلاتا ہوں کہ ہم جو وعدہ کریں گے اسے پورا کریں گے۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بات چیت سے افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے عسکری قیادت بھی ان کے ساتھ ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں نکل سکتا، افغانستان میں امن کی پاکستانی خواہش پر کسی شک کی گنجایش نہیں، افغان امن کا زیادہ فائدہ افغانستان کے بعد پاکستان کو ملے گا۔

  • آرمی چیف کا نور الحسن کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار

    آرمی چیف کا نور الحسن کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے موٹاپے کے شکار نور الحسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے اکاؤنٹ کے ذریعے کہا گیا ہے کہ نور الحسن کے انتقال پر آرمی چیف نے اپنے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم صرف کوشش کر سکتے ہیں، باقی جو اللہ کی مرضی۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور: موٹاپے کا شکارصادق آباد کا رہائشی نورالحسن انتقال کرگیا

    آرمی چیف نے موٹاپے کے شکار مریض کے لیے دعا بھی کی، کہا اللہ نور الحسن کے درجات بلند کرے۔

    خیال رہے کہ آج لاہور کے اسپتال میں موٹاپے کے شکار صادق آباد کے رہایشی نور الحسن کا انتقال ہو گیا ہے، نورالحسن کی 2 ہفتے قبل سرجری کی گئی تھی۔

    تاہم نور الحسن کی موت کے سلسلے میں یہ تنازع کھڑا ہو گیا ہے کہ اس کی موت کس وجہ سے ہوئی، ڈاکٹر معاذ کے مطابق اسپتال میں ڈلیوری کے دوران ایک خاتون انتقال کر گئی تھیں، خاتون کے لواحقین نے اشتعال میں آ کر اسپتال میں توڑ پھوڑ کی جس کی وجہ سے نور الحسن سمیت دو افراد انتقال کر گئے۔

  • ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا ہوا جس میں پاک فوج کے پانچ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید جب کہ ایک زخمی ہوا ہے۔

    شہدا میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور شیر زمان شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چھمب سیکٹر پر ہونے والے دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • پاکستان سے سبک دوش آسٹریلوی ہائی کمشنر کی آرمی چیف سے ملاقات

    پاکستان سے سبک دوش آسٹریلوی ہائی کمشنر کی آرمی چیف سے ملاقات

    راولپنڈی: پاکستان سے سبک دوش ہونے والی آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے پاک آسٹریلیا تعلقات میں بہتری کے لیے سبک دوش ہائی کمشنر کی تعریف کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک فوج سی پیک کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے: آرمی چیف

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن پاکستان میں 4 سالہ سفارتی خدمات کے بعد وطن واپس جا رہی ہیں، چند دن قبل انھوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی کی شکر گزار ہیں۔

    مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے، امن و امان میں بہتری کے لیے سب پُر امید ہیں۔

    دریں اثنا، آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ہین ویگیو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، چینی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردارکی تعریف کی، جب کہ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سی پیک کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

  • آرمی چیف نے دو افسران کی سزائے موت، ایک افسر کی قید کی توثیق کردی

    آرمی چیف نے دو افسران کی سزائے موت، ایک افسر کی قید کی توثیق کردی

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو فوجی افسران اور ایک سول افسر کی سزاؤں کی توثیق کر دی۔

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے 2 افسران کی سزائے موت اور ایک افسر کی قید کی سزا کی توثیق کی ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کی 14 سال قید بامشقت کی توثیق، جب کہ بریگیڈیئر (ر) راجہ رضوان اور  ایک سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کی سزائے موت میں توثیق کی گئی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر  کے مطابق یہ سزائیں مسلح افواج کے سخت احتساب کے نظام کامظہر ہے، افسران کودی گئی سزاؤں کا تعلق 3 مختلف کیسز سے ہے، افسران کو ان کےجرائم پرسخت ترین سزائیں دی گئیں۔

    تینوں افسران کو حساس راز افشا کرنے اور جاسوسی کے الزامات پر سزائیں سنائی گئیں، مذکورہ افسران پر  آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلائے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف سے نیٹو کے افغانستان کے لیے سینئر نمائندے کی ملاقات

    یاد رہے کہ فروری میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی تھی کہ آرمی کے دو سینئر افسران جاسوسی کے الزام میں زیر حراست ہیں

    یاد رہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران  400 افسران کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں، جس میں برطرفیاں بھی شامل ہیں۔