Tag: پاک فوج

  • سرپہ باندھے کفن آگے بڑھے صف شکن

    سرپہ باندھے کفن آگے بڑھے صف شکن

    قوموں اورملکوں کی تاریخ میں کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جو عام ایام کے برعکس بڑی قربانی مانگتے ہیں، یہ دن اپنی مٹی کے فرزندوں سے وطن کی حفاظت کے لئے تن من دھن کی قربانی کا تقاضا کرتے ہیں، ماؤں سے ان کے جگر گوشے اور بوڑھے باپوں سے ان کی زندگی کا آخری سہارا قربان کرنے کامطالبہ کرتے ہیں۔

    قربانی کی لازوال داستانیں رقم ہوتی ہیں، سروں پر کفن باندھ کر سرفروشان وطن رزم گاہ حق و باطل کا رخ کرتے ہیں ،آزادی کو اپنی جان و مال پر ترجیح دے کر دیوانہ وار لڑتے ہیں، کچھ جام شہادت نوش کر کے امر ہو جاتے ہیں اور کچھ غازی بن کر سرخرو ہوتے ہیں۔ تب جا کر کہیں وطن اپنی آزادی، وقار اور علیحدہ تشخص برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک دن وطن عزیز پاکستان پر بھی آیا تھا جب بھارت نے پانچ اور چھ ستمبر 1965ء کی درمیانی شب پاکستان پر شب خون مارا تھا، بھارتی جرنیلوں کا خیال تھا کہ وہ راتوں رات پاکستان کے اہم علاقوں پر قبضہ کر لیں گے اور ناشتہ لاہور جیم خانہ میں کریں گے لیکن انہیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستانی قوم کے جذبے کا درست اندازہ نہیں تھا ۔ افواج پاکستان اور عوام نے مل کر دیوانہ وار دشمن کا مقابلہ کیا اورسروں پر کفن باندھ کر دشمن کے مد مقابل ڈٹ گئے، جسموں سے بارود باندھ کر ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے۔

    وہ جنگ جو بھارتی فوج ایک رات میں ختم کرنے کے ارادے رکھتی تھی تئیس ستمبر یعنی سترہ روز تک جاری رہی اور اس جنگ میں بھارت کو چھ سو سے زائد ٹینکوں اور ساٹھ طیاروں اور دیگر فوجی سازو سامان سمیت بے پناہ جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد ٹینکوں کے سب سے بڑی لڑائی اسی جنگ میں لڑی گئی جس میں میجر عزیز بھٹی شہید کانام سنہرے حروف سے لکھ جائے گا تو دوسری جانب فضائی معرکے میں دنیا کا کوئی ملک محمد محمود عالم جیسا شاہین پید انہیں کرسکا جس نے ایک منٹ کے قلیل عرصے میں بھارت کے پانچ جہاز مار گرائے اور ان میں سے بھی چار پہلے تیس سیکنڈ کے قلیل عرصے میں گرائے گئے ۔ آج تک دنیا کا کوئی ہوا باز اس ریکارڈ کو نہیں توڑ سکا۔

    جب بھارت اس جنگ میں اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکا اور اپنے بیشتر علاقے پاکستان کے ہاتھوں گنوا بیٹھا تو جارح اپنی جان چھڑانے کے لئے اقوام ِ متحدہ میں پہنچ گیا اور جنگ بندی کی اپیل کی، اقوام ِ متحدہ کی مداخلت پر پاکستان عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے اپنی افواج کو واپس چھ ستمبر 1965 والی پوزیشن پر لے آیا۔

    اس جنگ میں جہاں پاک فوج نے لازاوال قربانیاں دے کر دفاع ِ وطن کو ناقابل ِ تسخیر بنایا وہیں عوام بھی اپنی افواج کے شانہ بشانہ جنگ میں شامل تھی اور عام لوگوں نے اسپتالوں میں اور فوج کے لئے سپلائی جمع کرنے کے لئے رضا کارانہ طور پر اپنی خدمات انجام دیں اور شہری دفاع کا منظم محمکہ نہ ہونے کے باوجود بھارت کی جانب سے ہونے والے نقصانات کا سد باب بھی کیا اور بر وقت امدادی کاروائیاں بھی جاری رکھیں۔

    چھ ستمبر کا دن پاکستانیوں کی رگوں میں لہو کو گرما دیتا ہے اوراس دن ہونے والی تقریبات بھی اپنے شہیدوں سے ایفائے عہد کے لئے منعقد کی جاتی ہیں۔ اس سال حکومت اور افواجِ پاکستان نے آج کے دن کو یوم دفاعِ کشمیر کےعنوان سے منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد بھارتی غاصب افواج کے جبر کا نشانہ بنے نہتے کشمیری شہریوں سے اظہارِ یکجہتی اور انہیں یقین دلانا ہے کہ حکومت عوام اور پاک فوج آخری سانس تک ان کے ساتھ ہیں۔

    آج جی ایچ کیو میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سالار جنرل قمر باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی خاطر آخری گولی ، آخری سپاہی اور آخری سانس تک لڑیں گے۔ پاکستان اس وقت کشمیر کے لیے سفارتی جنگ لڑرہا ہے اور اقوام عالم کے سامنے بھارتی مظالم کو آشکار کررہا ہے ، یہ پاکستان کی جانب سے امن پسندی کی واضح دلیل ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر جنگ مسلط کردی جائے تو ہم جواب دینے میں چوکتے نہیں ہیں بلکہ اپنی مرضی کے وقت اور میدان میں جواب دیا جائے گا۔

    رواں برس 27 فروری کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے د وطیارے گرا کر اور ایک پائلٹ کو قبضے میں لے کر ایک بار پھر سنہ 1965 کی یادیں تازہ کردی تھیں اور دشمن کو واضح جواب دیا تھا کہ ہم وہی سیسہ پلائی دیوار ہیں جو سنہ 1965 میں تھی بلکہ 18 سال دہشت گردی کے خلاف جنگ نے ہمیں مزید کندن بنادیا ہے۔

  • ملک بھرمیں یوم دفاع کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا جا رہا ہے

    ملک بھرمیں یوم دفاع کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا جا رہا ہے

    اسلام آباد: ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

    یوم دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔

    شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    آرمی چیف نے یادگارشہدا پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی، تقریب میں بگل بجائے گئے اورشہدا کو سلامی پیش کی گئی۔

    یوم دفاع پرصدرمملکت کا قوم کے نام پیغام

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا یوم تجدید عہد ہے، 54 سال پہلے پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کےعزائم کو ناکام بنایا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں، ہماری مسلح افواج ہرقسم کے چیلننجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام پیغام

    وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    علاوہ ازیں یوم دفاع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے کیڈیٹس نے مزار قائد جبکہ پاک فوج کے کیڈیٹس نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

    یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آذاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔

    وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

  • یومِ دفاع، مزارِاقبال پرتقریب، پاک فوج کے چاق وچوبند دستے کی سلامی

    یومِ دفاع، مزارِاقبال پرتقریب، پاک فوج کے چاق وچوبند دستے کی سلامی

    لاہور: یومِ دفاع کے حوالے سے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر پُروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہداء کو خراج عیقدت پیش کرنے کے لیے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوگی۔

    یوم دفاع کے موقع پر مزار اقبال پر پُروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ مزاراقبال پر چیف آٖف آٖرمی اسٹاف کی جانب سے خصوصی گلدستہ رکھا گیا۔

    گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

    ادھر میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف کے مزار پر بھی پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مزار پر گلدستہ رکھا گیا۔

    اس موقع پر میجر شبیر شریف کے بیٹے تیمورشریف، بہن سمیت پاک افواج کے افسران بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔

  • انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے: آرمی چیف

    انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے: آرمی چیف

    لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور اور پاکستان رینجرز پنجاب کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف کو بارڈر کی صورت حال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

    انھوں نے جوانوں اور افسران سے خطاب میں کہا کہ مجھے اپنے افسرا ن اور سپاہیوں پر فخر ہے، پاک فوج ثابت قدم ہے، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو سخت جان بنا دیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف نے 3 دن میں 3 کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کیے۔

  • مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال خطے کے امن کیلئے  خطرہ ہے، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ

    مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، قوم نے آج کشمیر آور منا کر دنیا کو بھر پور پیغام پہنچایا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹرز کا دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، متعلقہ افسران نے سربراہ پاک فوج کو تمام تر آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو گوجرانوالہ کور کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف جنر قمر باجوہ نے پاک فوج کی تیاریوں اور مستعدی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    آرمی چیف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ قوم نے کشمیر آور منا کر کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے، کشمیر آور کے دوران قوم نے آج دنیا کو بھر پور پیغام پہنچایا، آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ کیا، انھوں نے اس موقع پر واہ نوبل کیمیکلز فیکٹری میں پلانٹ کا افتتاح کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف ڈسپلے سینٹر میں رکھی مصنوعات دیکھیں، جب کہ ایچ آئی ٹی میں انھوں نے ٹینکوں اور دفاعی مصنوعات کی تیاری کا جائزہ لیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پی او ایف مشترکہ منصوبوں کے لیے متحرک اقدامات کرے، مختلف مصنوعات کی تیاری کے لیے نجی شعبے سے مشترکہ معاہدے کیے جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دینی مدارس قومی دھارے میں لائے جانے کی کوشش کے مثبت اثرات ہوں گے: آرمی چیف

    دریں اثنا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاعی اور سیکورٹی آلات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا، اور کہا کہ ادارے اعلیٰ معیار کے آلات بنا کر قومی خزانے کی بچت کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اتحاد تنظیمات مدارس کے پوزیشن ہولڈر طلبہ نے ملاقات کی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دینی مدارس قومی دھارے میں لانے کی کوشش کے مثبت اثرات ہوں گے۔

  • دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات

    دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات

    اسلام آباد: صدرِ مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری کا اعلان کیا گیا ہے۔

    صدرِ پاکستان نے دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے آفیسرز لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارۂ بسالت اور لیفٹیننٹ کمانڈر خرم داؤد کو تمغۂ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی۔

    ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دھرتی کے ان بیٹوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی جدید آب دوز کا سراغ لگایا تھا-

    یہ بھی پڑھیں:  یوم پاکستان پر نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی آب دوزوں کی دشمن کے پانیوں میں کام یابی سے طویل مدتی آپریشنل ڈپلائمنٹ پر کیپٹن ایلیا حسن کو ستارۂ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ کارنامے پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کے تین رئیر ایڈمرل کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 14 آفیسرز کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 13 آفیسرز کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

    پاکستان نیوی کے 2 آفیسرز کو ستارۂ بسالت، 2 آفیسرز اور 6 جوانوں کو تمغۂ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

  • پاک فوج کشمیر کاز کی مکمل حمایت کرتی ہے: آرمی چیف

    پاک فوج کشمیر کاز کی مکمل حمایت کرتی ہے: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کشمیر کاز کی مکمل حمایت کرتی ہے.

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کے موقع پر کیا.

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا.

    اس موقع پر بھارت کی جانب سے ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ پربھی گفتگو ہوئی، مقبوضہ کشمیر سے متعلق آرمی چیف نے پاک فوج کی بھرپورحمایت کی یقین دہانی کرائی.

    خیال رہے کہ آج صدر آزاد کشمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پربھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کوایکشن لینا ہوگا، اس ضمن میں سلامتی کونسل کا اجلاس بہت اہم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو بھارت کےغیرقانونی اقدام پرایکشن لینا چاہیئے، بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم ہیں۔

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی

    اسلام آباد: ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کی جانب سے مراسلہ دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، آج بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

    ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا ایک اور جوان شہید

    بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہوگیا۔

    ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور کے مطابق سپاہی محمد شیراز نے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نائک تنویر،لانس نائک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔

  • ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا ایک اور جوان شہید

    ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا ایک اور جوان شہید

    راولپنڈی: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق بھارت نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں قوم کے ایک اور بیٹے نے شہادت حاصل کرلی۔

    ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور کے مطابق سپاہی محمد شیراز نے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نائک تنویر،لانس نائک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔