Tag: پاک فوج

  • پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کے فخر میں اضافہ کیا، جام کمال خان

    پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کے فخر میں اضافہ کیا، جام کمال خان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹے ہمارا فخر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی فوج کی بزدلانہ کاروائی میں پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

    جام کمال خان نے کہا کہ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹے ہمارا فخر ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کے فخر میں اضافہ کیا، بھارتی ہتھکنڈے اور مزموم عزائم کامیاب نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جاری اپنے ظلم وجبر سے دُنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر تناؤ بڑھانا چاہتا ہے اور بھارت کے جارحانہ عزائم خطے اور دُنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    جام کمال خان نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لیا جائے۔

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

  • بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ بڑھا دی ہے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، تاہم پاک فوج پر فائرنگ کے جواب میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کے کئی بنکرز تباہ ہو گئے، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں سے خانیوال کا شہید نائیک تنویر 14 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، شہید نائیک تنویر نے پس ماندگان میں ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    لاہور کے شہید لانس نائیک تیمور 8 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، شہید لانس نائیک تیمور کی ایک بیٹی ہے۔

    خانیوال کے شہید سپاہی رمضان 3 سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

  • کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال  ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی اور یوم یک جہتی کشمیر پر پاکستان آرمی چیف کا بڑا بیان سامنے آیا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ 1947 میں کاغذ کا ایک غیر قانونی ٹکڑا کشمیر کی حیثیت تبدیل نہ کر سکا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ یا مستقبل میں بھی کوئی غیر قانونی قدم کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان غاصبانہ عزائم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا، کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  میں سفیربن کر کشمیرکی آوازدنیا میں اٹھاؤں گا، وزیراعظم عمران خان

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارت کے جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہم کھڑے ہیں چاہے اس کی ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو جموں و کشمیر کے تقدس کا بھرپور ادراک ہے، پاک فوج کشمیر کاز کے لیے قومی ذمے داری نبھانے کو مکمل تیار ہے۔

    واضح رہے کہ آج مظفر آباد آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بھی واضح پیغام دیا، انھوں نے کہا میں مودی کوپیغام دیتا ہوں، آپ ایکشن لیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

  • بھارت کی مہم جوئی کا سخت جواب دیں گے، ردعمل 27 فروری سے سخت ہوگا: پاک فوج

    بھارت کی مہم جوئی کا سخت جواب دیں گے، ردعمل 27 فروری سے سخت ہوگا: پاک فوج

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا سخت جواب دیا جائے گا، پاکستان کا ردعمل ستائیس فروری سے زیادہ سخت ہوگا۔

    ترجمان پاک فوج نے الزام تراشی پر بھارتی جنرل کو آئینہ دکھا دیا، اپنے ایک ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی جنرل کا بیان ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا پلندہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت جھوٹ کے ذریعے ایل او سی پر کارروائی کا بہانہ تراش رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر میڈیا میں بلیک آؤٹ ہے۔

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر غیرملکی میڈیا کے لیے قابل رسائی ہے، اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ کہیں بھی جاسکتا ہے۔

    پاک فوج کے ترجمان نے سوا کیا کہ کیا بھارت کے زیرتسلط کشمیر میں ایسا ممکن ہے؟ بھارتی فوجی بہادر کشمیریوں کی جدوجہد دبانے میں ناکام رہی، فوج کی مزید تعیناتی بھی ناکام ہوگی۔

    سیز فائر کی خلاف ورزی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناکامی پر بوکھلاہٹ کے سبب ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ بھارتی فوج گیدڑ بھپکیوں سے کام لے رہی ہے۔

    کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا: سیکرٹری جنرل یو این

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں کے حوالے سے کہا تھا کہ خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کانتیجہ ہے، ہرسیزفائرکی خلاف ورزی کا مؤثرجواب دیا جارہا ہے اور دیا جائے گا اور ہر قیمت پر شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنارہا ہے۔

  • بھارت پاکستان پر ایل او سی پر کارروائی کے الزام کا واویلا کر رہا ہے: آئی ایس پی آر

    بھارت پاکستان پر ایل او سی پر کارروائی کے الزام کا واویلا کر رہا ہے: آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان پر ایل او سی پر کارروائی کے الزام کا واویلا کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے پار پاکستان پر کارروائی کے الزام کا واویلا کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر کارروائی کے بھارتی الزامات محض پروپیگنڈا ہے، الزامات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی میڈیا پر پروپگینڈا کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی فوج نے ایل او سی پار کر کے کارروائی کی ہے، جب کہ دوسری طرف حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے آئے دن ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا ایل اوسی پر شہریوں کونشانہ بنانے کیلئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال

    آج آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کر رہا ہے، جس سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کلسٹر بم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔

  • کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

    کراچی میں بارش: وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی

    اسلام آباد: شہر قائد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہو گئی ہے، حالات کو بہتر کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق آج میئر کراچی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کو خط لکھ کر وفاق سے شہر کی حالت بہتر کرنے کے لیے مدد طلب کی تھی، جس پر وفاقی حکومت نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے اس سلسلے میں ایف ڈبلیو او کے اعلیٰ حکام اور این ڈی ایم اے سے رابطے کیے اور کراچی کی صورت حال پر تعاون مانگا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج سمیت این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کراچی میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے، وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر علی زیدی صبح کراچی روانہ ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  میئر کراچی وسیم اختر کا علی زیدی کو خط، مدد کی اپیل

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان نے بھی کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال کا نوٹس لیا، وزیر اعظم نے وفاقی وزیر علی زیدی سے ملاقات کر کے کراچی کی صورت حال پر گفتگو کی۔

    وزیر اعظم نے علی زیدی کو فوری میئر کراچی سے رابطے اور ضروری تعاون کی ہدایت کی۔ انھوں ںے کہا کہ عوام کی پریشانی دور کرنے کے لیے میئر کراچی سے تعاون کیا جائے۔

    واضح رہے کہ آج میئر کراچی وسیم اختر نے وفاق سے مدد مانگ لی، کہا شہر قائد میں مزید بارش ہوئی تو ہمارے لیے سنبھالنا نا ممکن ہو جائے گا، وفاقی حکومت ہماری مدد کو آگے آئے۔

  • کراچی میں بارش: شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی

    کراچی میں بارش: شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی

    کراچی: شہر قائد میں دو دن سے موسلا دھار بارش برسنے کے بعد شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کل سے کراچی میں مون سون کی پہلی بارشوں نے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا کر دی ہے، دوسری طرف شہری اور صوبائی حکومت ایک دوسرے پر الزامات کے سوا کچھ نہیں کر رہی۔

    تھدو ڈیم اوور فلو ہو گیا ہے، سیلابی ریلہ سپر ہائی وے ایم نائن تک جا پہنچا ہے، ہائی وے کا ایک ٹریک بند ہو چکا، ملحقہ علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، ادھر پانی منگھوپیر کے گوٹھوں میں بھی داخل ہو چکا ہے، رسول بخش گوٹھ کے سو سے زاید مکین پھنس گئے ہیں، جنھیں محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔

    دوسری طرف کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں۔

    طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بھر گئے اور پانی آبادیوں میں داخل ہو رہا ہے۔ ملیر ندی بھی اوور فلو ہوگئی ہے اور ملیر ندی کا پانی کورنگی کازوے پر آگیا۔

    پانی آجانے کی وجہ سے کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے، شہر کو ملانے والی اہم شاہراہ پانی میں ڈوب جانے سے راستہ منقطع ہوگیا ہے۔

    لٹھ ڈیم سے بھی سیلابی ریلا آبادی کی طرف بڑھنے لگا، پاک فوج کے جوان لوگوں کو نکالنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔

    شہر کے وسط میں بھی پاک فوج کی 4 ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، پاک فوج کی ٹیمیں سپر ہائی وے، لانڈھی، کورنگی اور صدر میں ریسکیو میں مصروف ہیں۔

  • راولپنڈی طیارہ حادثہ: وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

    راولپنڈی طیارہ حادثہ: وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے راولپنڈی طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں راولپنڈی طیارہ حادثے پر وزیراعظم عمران خان نے شہید افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے، پوری قوم صدمے میں ہے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔

    وفاقی وزیرامور کشمیرعلی امین گنڈاپور نے راولپنڈی طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرورخان نے راولپنڈی میں طیارہ حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے تربیتی طیارے کو حادثے پر دکھ ہے۔ انہوں نے شہدا کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پراظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔

    پاک فوج کا طیارہ گرکر تباہ، 18 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح آرمی ایوی ایشن کا طیارہ راولپنڈی کے قریب گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔

  • شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ، 6 جوان شہید

    شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ، 6 جوان شہید

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ پٹرولنگ کرنے والے پاک فوج کے جوانوں پر کی گئی، فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔ شہدا میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کے اقدامات جاری رہیں گے اور سرحد کی نگرانی کا عمل سخت رکھا جائے گا۔

    اس سے قبل رواں برس یکم مئی کو شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑھ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا تھا، الوڑہ کے مقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے حملہ کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔ شہدا میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل تھے۔

    گزشتہ برس 10 اکتوبر کو بھی دہشت گردوں نے سرحد پار سے شمالی وزیرستان میں موجود پاکستانی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    گزشتہ برس آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر باڑھ لگانے کا عمل جاری ہے۔ دسمبر 2019 تک پاک افغان سرحد پر باڑھ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ 843 قلعوں میں سے 233 قلعوں اور 1200 کلو میٹر میں سے 802 کلو میٹر باڑھ پر کام مکمل کر دیا گیا ہے۔ باڑھ لگانے سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت محدود کی جا سکے گی۔

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر خاردار تاریں لگانے کا عمل کچھ عرصے سے جاری ہے، 5 مئی 2018 تک شمالی وزیرستان میں 70 کلو میٹر رقبے تک باڑھ لگائی گئی تھی۔

    جون 2017 میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا تھا، پہلے مرحلے میں باجوڑ، مہمند اور خیبر ایجنسی میں باڑ لگائی گئی۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی صدر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی صدر کی ملاقات

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امریکی صدر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی مصافحہ کیا۔

    وائٹ ہاؤس پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    آرمی چیف پینٹا گون میں اہم ملاقاتیں کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف قایم مقام امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کریں گے۔

    آرمی چیف امریکی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے، یہ ملاقاتیں وزیر اعظم کی وائٹ ہاؤس ملاقات کے بعد ہوں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان ٹرمپ ملاقات، امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی

    خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر کے مابین تاریخی ملاقات ہوئی، جس میں چند اہم اعلانات کیے گئے۔

    امریکی صدر نے پاکستان کے وزیر اعظم کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کی اور کہا کہ بھارتی صدر نریندر مودی بھی ان سے ثالثی کی بات کر چکے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی فوجی قیادت ان کے ساتھ ہے، اس لیے یقین دلاتا ہوں کہ ہم جو وعدہ کریں گے اسے پورا کریں گے۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بات چیت سے افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے عسکری قیادت بھی ان کے ساتھ ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں نکل سکتا، افغانستان میں امن کی پاکستانی خواہش پر کسی شک کی گنجایش نہیں، افغان امن کا زیادہ فائدہ افغانستان کے بعد پاکستان کو ملے گا۔