Tag: پاک فوج

  • خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی، 11 دہشت گرد ہلاک

    خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی، 11 دہشت گرد ہلاک

    باجوڑ: پاک فوج کی خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے 8 ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔

    انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے طیاروں نے خیبر ایجنسی کے علاقوں بابر کچکول، نرے نائو، طور سپیرا ودیگر میں طیاروں کے ذریعے بمباری کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے آٹھ ٹھکانے تباہ ہوگئے اور 11دہشت گردے مارے گئے۔

    ترجمان کے مطابق فضائی کارروائی میں چار دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    دو روز قبل بھی خیبرایجنسی میں افغان بارڈر پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بری اور فضائی کارروائی کی گئی تھی جس میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ ہوگئے تھے،یہ کارروائی راجگال ویلی کے مقام پرکی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ

    انہی دنوں وادی راجگال میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں فوج کے دو اہلکار شہید ہوگئے جن کی جمعرات کو نماز جنازہ ادا کردی گئی اور ان کے جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی علاقوں میں روانہ کردیے گئے۔

    مزید پڑھیں: خیبرایجنسی : بارودی سرنگ کے دھماکے میں جاں بحق جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

  • خیبرایجنسی : بارودی سرنگ کے دھماکے میں جاں بحق جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

    خیبرایجنسی : بارودی سرنگ کے دھماکے میں جاں بحق جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

    راولپنڈی: پاک افغان سرحد کے قریب خیبرایجنسی کی وادی راجگال میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کی  نماز جنازہ ادا کر کے جسد خاکی اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کردئیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خیبرایجنسی میں شہید ہونے والے شہداء کی نمازِ جنازہ  کورہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹینٹ جنرل ہدایت الرحمان سمیت سول و ملٹری افسران نے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے ک ہ ’’شہید ہونے والے دونوں جوانوں کا تعلق سندھ سے تھا جن کے جسد خاکی اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں جہاں اُن کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی جس میں متعلقہ افسران بھی شرکت کریں گے‘‘۔

    پڑھیں :  خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ

    واضح رہے خیبرایجنسی میں افغان سرحد سے متصل وادی راجگل میں پاکستان آرمی کی جانب سے منگل کی صبح سے زمینی و فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا تھا، جس میں شدت پسندوں کی خفیہ گزرگاہوں اور اُن کی کمین گاہوں پر حملے کیے گئے تھے جس کے نیتجے میں شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ اور 14 شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بارودی سرنگ کے دھماکے کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب فوجی جوان وادی تیراہ میں آگے کی جانب پیش قدمی کررہے تھے۔ پاک فوج کی جانب سے اس آپریشن کا مقصد بلند و بالا پہاڑی علاقوں شدت پسندوں کی نقل و حرکت محدود کرنا بتایا گیا ہے۔

  • بیٹے کی بازیابی میں تمام کردار پاک فوج کا ہے، جسٹس سجاد علی شاہ

    بیٹے کی بازیابی میں تمام کردار پاک فوج کا ہے، جسٹس سجاد علی شاہ

    کراچی : چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے اپنے بیٹے کی بازیابی پر کہا ہے کہ اس کارروائی میں سارا کردار پاک فوج کا ہے۔ بازیابی کیلئے کئے جانے والے آپریشن کی نگرانی آرمی چیف کررہےتھے.

    یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ کے باہر بازیاب بیٹے اویس شاہ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی ،جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ انہیں اغوا کاروں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، ان کا بیٹا خیریت سے ہے.

    انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کی بازیابی میں ساراکردار پاک فوج کا ہے۔ وہ اللہ کے شکرگزارہے جس نے انہیں اس ساری صورت حال میں صبر، استقامت اور حوصلہ دیا۔

    جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اغواء پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے معاملےکی نگرانی کی یقین دہانی کرائی تھی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر ہی اویس شاہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا.

    بیرسٹر اویس شاہ کے گھر پہنچنے پر تمام افراد خوشی سے نہال تھے اور مٹھا ئی تقسیم کی گئی۔

     

  • قومی ہیروز کو پاک فوج کاسلام ! 3شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    قومی ہیروز کو پاک فوج کاسلام ! 3شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    کراچی: پاکستان میں انسانیت کومتعارف کرانے والے عظیم بے مثال انسان عبدالستار ایدھی کو پورے فوجی اعزاز میں انیس توپوں کے ساتھ سپردخاک کردیا ۔

    ملکی تاریخ میں اس سے پہلے صرف تین شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی، قومی پرچم میں لپٹے جسد خاکی کو پاک بحریہ کے سیکیورٹی حصار میں گن کیرج وہیکل پر میٹھا در سے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔

    4

    نیشنل اسٹیڈیم میں درویش صفت ایدھی صاحب کے جسد خاکی کو آرمی کے جوان پورے اعزاز کے ساتھ جنازے کے مقام پر لائے، جہاں مولانا احمد خان نیازی کی امامت میں جنازہ پڑھایاگیا۔

    تینوں مسلح افواج کےسربراہان نے عبدالستار ایدھی کو سلامی پیش کی، پاک فوج کے مسلح جوانوں نےقوم کے محسن کو توپوں کی سلامی میں رخصت کیا، انسانیت کے خادم عبدالستار ایدھی تیسرے پاکستانی ہیں جنھیں پاک فوج نے سلامی دی اور مکمل اعزاز کے ساتھ لحد میں اتارا۔

    5

    سب سے پہلے بابائے قوم محمد علی جناح کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی، قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کی وہ پہلی شخصیت تھے جن کی میت گن کیرج وہیکل پر لائی گئی تھی، بابائے قوم کاجسد خاکی لحد میں اتارتے وقت پاک فوج نےگارڈ آف آنر پیش کیا تھا۔

    3

    دوسری مرتبہ یہ اعزاز پاک فوج کے سربراہ جنرل ضیاء الحق کونصیب ہوا، انہیں بھی فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا تھا۔

    1

    عبدالستارایدھی تیسرے پاکستانی ہیں جنھیں پاک فوج نے سلامی دی اور مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ لحد میں اتارا گیا۔

    6

    عسکری روایات کے مطابق فوجی اعزاز کے طور پر جنازے کو گن کیرج وہیکل پر لایا جاتا ہے، یہ روایت برطانیہ کے شاہی توپ خانے نے قائم کی تھی، برطانیہ کی ملکہ وکٹوریہ کا تابوت بھی گن کیرج وہیکل پر ہی لایا گیا تھا۔

    2

     

    عموماً یہ اعزاز ایسی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو اپنی وفات کے وقت سربراہ مملکت ہو، تاہم عبدالستار ایدھی کو سربراہ مملکت نہ ہونے کے باوجود یہ اعزاز دیا گیا۔

    گن کیرج وہیکل

    7

     

  • پاک فوج کا شوال آپریشن : سینکڑوں ایکڑ رقبہ دہشت گردوں سے خالی کرالیا

    پاک فوج کا شوال آپریشن : سینکڑوں ایکڑ رقبہ دہشت گردوں سے خالی کرالیا

    شمالی وزیرستان: پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں کامیاب آپریشن کے بعد 312 اسکوائر کلومیٹر کا ایریا محفوظ بنا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کا انتہائی دشوارگزاراورمشکل وادی شوال میں کامیاب آپریشن کر کے وہاں موجود ملکی وغیرملکی دہشت گردوں کو پاکستانی سرحد سے باہر نکال کر حکومتی رٹ کو بحال کردیا گیا ہے۔

    وادی شوال میں کامیاب آپریشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر بشیر کا کہنا تھا کہ ’’اس علاقے میں اعلیٰ تربیت یافتہ دہشت گرد موجود تھے اوراس علاقے کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ تصور کیا جاتا تھا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر شوال آپریشن کا آغاز کیا گیا، ابتدا ء میں پاک فوج کے جوانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر جوانوں نے ہمت و بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا۔

    شوال میں جاری آپریشن میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 26 جوان زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس دوران 120 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ بہترحکمت عملی کے باعث شوال میں پاکستانی قانون کی رٹ بحال ہونے سے 100 کلو میٹر پاک افغان سرحد کو بھی محفوظ بنا لیا گیا ہے۔

    میڈیا کو مزید بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس علاقے میں تقریباً 2500 کے قریب ملکی و غیرملکی دہشت گرد موجود تھے مگر کامیاب آپریشن کے بعد اب کوئی بھی دہشت گرد انفرادی طور پر دراندازی نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان آرمی نقل مکانی کرنے والے افراد کو واپس لانے پر توجہ دے رہی ہے اور مقامی آبادی کے ساتھ مل کر علاقے میں تعمیر نو کا کام شروع کیا گیا ہے، اس وقت شوال میں 395 پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں، جن میں سے بیشتر پروجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

     

  • پاک فوج کے گیارہ اعلیٰ افسران کرپشن کے الزام میں برطرف

    پاک فوج کے گیارہ اعلیٰ افسران کرپشن کے الزام میں برطرف

    راولپنڈی : پاک فوج میں بھی احتساب کا عمل شروع ہوگیا، پاک فوج کے گیارہ اعلیٰ افسران کو کرپشن کے الزام میں نکال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قوم سے کئے گئے اپنے وعدے کا پاس کرتے ہوئے کرپشن میں ملوّث پاک فوج کے گیارہ اعلیٰ افسران کو نوکری سے برطرف کردیا۔ جس میں ایک میجر جنرل اور پانچ بریگیڈیئر شامل ہیں۔

    ان افسران کیخلاف کرپشن کیسز میں تحقیقات جاری تھیں، تمام افسران کو ڈس مس کرکے ان کو دی گئی مراعات، میڈلز اور دیگر اعزازات بھی واپس لے لئے گئے ہیں۔

    برطرف کئے جانے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خٹک،میجر جنرل اعجاز شاہد،5بریگیڈیئرز بشمول حیدر، سیف ، اسد، عامر،3لیفٹیننٹ کرنلز اورمیجرنجیب شامل ہیں۔

    برطرف کئے جانے والے افسران فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان میں تعینات تھے۔ کرپشن میں ملوث افسروں کوکرپشن کی رقم واپس کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چند روز قبل بھی ملک کے تمام اداروں سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا تھا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کو کرپشن کے ناسور سے پاک کریں گے۔ اور یہ تاریخی کام آج انہوں نے کر دکھایا۔

    واضح رہے کہ مذکورہ افسران کے علاوہ پاک فوج کے دیگر افسران کیخلاف بھی کیسز چل رہے ہیں اور مزید نام آنے کی توقع ہے۔

     

  • پاک فوج کا شوال آپریشن کامیابی سے جاری، آرمی چیف کا جوانوں کو خراج تحسین

    پاک فوج کا شوال آپریشن کامیابی سے جاری، آرمی چیف کا جوانوں کو خراج تحسین

    راولپنڈی : پاک فوج کا شوال آپریشن کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کے آخری مرحلے میں 800کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کروالیا گیا، تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔

    آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کو شوال میں جاری آپریشن کے آخری مرحلے پر بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف کو شدت پسندوں سے تحویل میں لئے گئے اسلحے کے بارے میں بتایاگیا، پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے آخری مرحلے میں اب تک 800کلومیٹرعلاقہ کلیئرکرالیا گیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جوانوں اور افسروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہےاور جوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں،سہولت کاروں کاگٹھ جوڑتوڑا جائے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہرسطح پرپھیلادیاجائے، دہشت گردوں اوران کے سلیپرز سیلز کاچن چن کاخاتمہ یقینی بنایاجائے۔

     

  • چھوٹو گینگ کیخلاف گھیرا تنگ ہوگیا، پاک فوج کا آپریشن خاتمے کے قریب

    چھوٹو گینگ کیخلاف گھیرا تنگ ہوگیا، پاک فوج کا آپریشن خاتمے کے قریب

    ڈی جی خان : راجن پور میں چھوٹو گینگ منطقی انجام کے قریب پاک فوج نے آپریشن کی کمانڈ سنبھال لی.

    تفصیلات کے مطابق چھوٹوگینگ پرعرصہ حیات تنگ کردیا گیا، پاک فوج نےکچی جمال کوچاروں طرف سے گھیرلیا۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ یرغمال اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اولین ترجیح ہے, راجن پور میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن ضرب آہن خاتمے کے قریب ہے۔

    چھوٹو گینگ کو نرغے میں لے لیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔ بکتر بندگاڑیاں،گن شپ ہیلی کاپٹرز اورجدید اسلحہ سے لیس جوانوں نے شرپسندوں پر اپنا شکنجہ کس لیا۔

    پاک فوج نے یرغمالی پولیس اہلکاروں  کوبچانے کیلئے آپریشن میں محتاط حکمت عملی اختیار کی ہے ۔ پاک فوج کی جانب سے اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ ڈاکو ہتھیارڈال دیں اورمغویوں کو چھوڑدیں۔

    چھوٹوگینگ نےپنجاب پولیس پرعدم اعتماد ظاہرکرتےہوئےمطالبہ کیا ہےکہ یرغمالیوں کےبدلے بچوں اورساتھیوں کو محفوظ راستہ دیا جائے۔

    دوسری جانب پنجاب کے صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کو گھیرلیا گیا ہے، آپریشن ہر صورت کامیاب ہوگا۔

    پاک فوج کے آنے کی وجہ سے علاقے میں لوگوں کا مورال بلند ہوا ہے۔ مقامی آبادی کو چھوٹوگینگ سےنجات کا یقین ہو چلا ہے۔

     

  • شوال: پاک فوج نے دہشتگردوں سے 640 مربع کلومیٹرعلاقہ خالی کرالیا گیا

    شوال: پاک فوج نے دہشتگردوں سے 640 مربع کلومیٹرعلاقہ خالی کرالیا گیا

    شوال : دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں پاک فوج کی زبردست کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، چھ سو چالیس مربع کلومیٹرکاعلاقہ دہشتگردوں سے خالی کرالیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرحد پر دہشت گردوں کے آخری مرکز پر کنٹرول کیلئے لڑائی جاری ہے، قبائلی علاقے شوال میں آپریشن کے آخری مرحلے کے دوران دوسوباون دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک سو ساٹھ دہشت گرد زخمی ہوئے۔

    آپریشن کے دوران آٹھ جوان شہید اور انتالیس زخمی ہوئے۔ شمالی وزیرستان میں جون دو ہزار چودہ میں آپریشن شروع کیاگیا تھا۔ فروری دو ہزار سولہ میں آپریشن کےآخری مرحلےمیں دہشتگردوں کےٹھکانوں کوتباہ کردیاگیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب سے فاٹا میں حکومتی رٹ بحال کرادی گئی ہے، شمالی وزیرستان میں چار ہزار تین سو چار مربع کلومیٹرکاعلاقہ خالی کرایاگیا۔

    شمالی وزیرستان میں نو ہزارفٹ بلندچوٹیوں پرپاک فوج کے جوانوں کاکنٹرول ہے، پاک فوج نے شوال میں ایک سو پچاس کلومیٹرکے طویل راستےبنائے، آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے سینتیس ہزار بارہ خاندان اپنےگھروں کو واپس آگئے ہیں۔

  • پاک فوج کا ہیلی کاپٹر تربیلا کے قریب گر کر تباہ، پائلٹ شہید

    پاک فوج کا ہیلی کاپٹر تربیلا کے قریب گر کر تباہ، پائلٹ شہید

    تربیلا: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر تربیلا کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ شہید ہوگئے ۔

    پاک فوج کا ایم آئی سیون ٹین ہیلی کاپٹر تربیلا کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل توقیر حیدر شہید ہو گئے ۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر ایم آئی سیون ٹین معمول کی پرواز پر تھا ۔

    حادثے کی تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، لیفٹینٹ کرنل توقیرحیدرشہید پائلٹ کا تعلق چکوال سے ہے، انہوں نے سوگواران میں بیوہ ایک بیٹا اوربیٹی چھوڑے ہیں ۔