Tag: پاک فوج

  • خیبرایجنسی: سیکورٹی فورسز کی فضائی کارروائی 22 دہشتگرد ہلاک

    خیبرایجنسی: سیکورٹی فورسز کی فضائی کارروائی 22 دہشتگرد ہلاک

    خیبرایجنسی: تحصیل باڑہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن خیبر ون جاری،فضائی کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے بائیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں آج سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بائیس دہشتگرد مارے گئے ،پشاور سانحہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن خیبرون میں مزید تیزی لائی گئی ہے جس کے بعد آج یہ کارروائی عمل میں آئی ہے۔

  • اسکول پرحملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے، آرمی چیف

    اسکول پرحملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے، آرمی چیف

    پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ  قوم کے دل پر حملہ کیا گیا ہے،دہشتگردوں اوران کی مدد کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے۔

    آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہنگامی طور پر پشاور پہنچنے کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آ ج بزدل دہشت گردوں کی طرف سے قوم کے دل کو نشانہ بنایاگیا ہے جس میں معصوم جانوں کے ضیاع پرگہرا صدمہ ہوا ہے مگر اس حملے بعد بھی ہمارا عزم کمزور نہیں ہوا بلکہ نئی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں اور آج بہادر افواج کی طرف سے بزدل حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کےمطابق پاک فوج کی کارروائی میں چھ دہشتگردمارےگئےہیں۔

  • پاکستان کو نقصان پہنچانے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، آرمی چیف

    پاکستان کو نقصان پہنچانے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، آرمی چیف

    کوئٹہ: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے اور بلوچستان کے بہادر بیٹے مادرِ وطن کی حفاظت کیلئے ہردم تیار ہیں۔

    یہ باتیں انھوں نے کوئٹہ میں بلوچستان ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب کے دوران کہیں، اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ  بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے وزیراعلیٰ  بلوچستان کی جانب سے تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر بیٹے مادر وطن کی تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت صوبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور امن کا قیام بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج امن وامان کے قیام کیلئے بھرپور تعاون کررہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ فوج نے بلوچستان میں700کلومیٹرسڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا ہے اور شاہراہوں کی تعمیر سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور قوم پاک فوج کو ہر مشکل میں اپنے ساتھ پائے گی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل نے کہا کہ بلوچستان کا ہر شہری پاکستان کی شان اور ہمارا فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لئے اچھا مواصلاتی نظام اہمیت کا حامل ہے۔  انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ملکی دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کونقصان پہنچانے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

  • پاک فوج کے حوالدارمسعود شہید کی نمازِجنازہ وتدفین

    پاک فوج کے حوالدارمسعود شہید کی نمازِجنازہ وتدفین

    ٹیکسلا : شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدارمسعودشہید کی نمازِجنازہ اداکردی گئی۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران اب تک کئی فوجی جوان ملک کے بقا کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔

    ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے حوالدارمسعودبھی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہوئے۔ حوالدارمسعودشہید کی نمازِجنازہ اُن کے آبائی گاؤں ٹیکسلا میں اداکی گئی۔

    نمازِجنازہ میں فوج کے اعلیٰ افسران سمیت کئی افرادنے شرکت کی۔۔ شہید کی بیٹی کا کہنا ہے کہ اُسے اپنے والد کی شہادت پرفخرہے۔ شہید کے بھائی نے بھی حوالدارمسعودکی شہادت کو قابلِ فخرقراردیا۔حوالدارمسعودشہید کو فوجی اعزازکے ساتھ سُپردِ خاک کردیا گیاہے۔

  • جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کاروائی، القاعدہ کا اہم کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک

    جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کاروائی، القاعدہ کا اہم کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک

    اسلام آباد: جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کاروائی کے دوران القاعدہ کمانڈر عدنان الشکری جمعہ ساتھی سمیت مارا گیا۔ کارروائی میں پانچ دہشتگردو ں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے خفیہ اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے ورسک میں دہشتگردوں کیخلاف کاروائی کی ہے، جس میں القاعدہ رہنما عدنان الشکری جمعہ ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔

    پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

    آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران سعودی شہری اور القاعدہ کے بیرونی آپریشنز کا انچارج عدنان الشکری اور اس کے ساتھیوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ہر جگہ پر دہشت گردوں کا پیچھا کیا جائے گا اور ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، دہشت گردوں کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا۔

    ادھر پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فوج نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف گھیرا تنگ کررکھا ہے اور دہشتگردوں سے کئی علاقے خالی کرالئے گئے ہیں۔

  • اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارتوں کاحصول جوانوں کاطرہ امتیازہوناچاہئے، آرمی چیف

    اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارتوں کاحصول جوانوں کاطرہ امتیازہوناچاہئے، آرمی چیف

    جہلم: پاک فوج کےسالانہ فائرنگ مقابلوں کااختتام ہوگیا، اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے تربیت کے نئے دور کاآغاز کیا ہے۔

     فائرنگ مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نےکہا کہ جوان اپنی مہارت نکھارنےکیلئے تربیتی عمل جاری رکھیں، جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارتوں کا حصول جوانوں اورافسروں کاطرہ امتیازہوناچاہئے۔

     آرمی چیف نےٹریننگ رینج میں جوانوں سے بات کرتے ہوئےانہیں پیشہ ورانہ مہارت اورتربیت کامعیارخصوصی امتیازکیساتھ برقراررکھنےکی ہدایت کی، انہوں نے فائرنگ کی استعدادبڑھانےکے لئےنئے تربیتی طریقہ کار متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آرمی چیف نے مقابلے میں حصہ لینے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور اچھی کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

  • ضرب عضب: سیکیورٹی فورسز کی فضائی کاروائی، اہم کمانڈر سمیت 17شدت پسند ہلاک

    ضرب عضب: سیکیورٹی فورسز کی فضائی کاروائی، اہم کمانڈر سمیت 17شدت پسند ہلاک

    میرانشاہ: شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں طالبان کے اہم کمانڈر سمیت سترہ شدت پسند مارے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا شدت پسندوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک سیکڑوں شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ پاک فوج نے کئی علاقے دہشتگردوں سے خالی بھی کرا لئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تازہ کارروائی میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب شدت پسندوں کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے، جس میں شدت پسندوں کو بڑے جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں شدت پسند ازبک کمانڈر اسد منصور محصود اورکمانڈر عمر بھی شامل ہیں جبکہ بمباری سے دہشتگردوں کی تین گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔

    ادھر پاک فوج کے آپریشن کے بعد شدت پسند فرار کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں اور دوسرے علاقوں میں جانے کی کوششیں بھی کر رہے ہیں۔

  • تھر متاثرین، پاک فوج نے 80ٹن امدادی سامان روانہ کردیا

    تھر متاثرین، پاک فوج نے 80ٹن امدادی سامان روانہ کردیا

    لاہور: پاک فوج نے تھر کے قحط سے متاثرہ افراد کے لئے بارہ ٹرکوں پر مشتمل اسی ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ لاہور گیریژن کی جانب سے اب تک 148ٹن سامان بھیجا جا چکا ہے۔

    فورٹریس سٹیڈیم لاہور گیریژن سے بھیجے جانے والے ٹرکوں میں کھانے پینے کی اشیائ، ادویات اور دیگر گھریلو استعمال کا سامان موجود ہے۔ بریگیڈئر مظہر کیانی نے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    سامان بھیجنے کی تقریب کے دوران امریکن بزنس فورم کی جانب سے پندرہ لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی پاک فوج کے حوالے کیا گیا۔ لاہور گیریژن کے زیر اہتمام سات مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ جو فورٹریس سٹیڈیم، ایوب سٹیڈیم، قذافی سٹیڈیم، والٹن روڈ، ڈی ایچ اے اور شیخوپورہ میں قائم کئے گئے ہیں۔

  • بھارت کا مخالف نہیں ، پاکستان کے مفادات ذیادہ عزیز ہیں، پرویز مشرف

    بھارت کا مخالف نہیں ، پاکستان کے مفادات ذیادہ عزیز ہیں، پرویز مشرف

    کراچی: سابق صدرپرویز مشرف کہتے ہیں مجھ سے بدلہ لیا جا رہا ہے، غداری کے الزامات سیاست زدہ ہیں، پاکستان میں مغربی جمہوریت نافذ نہیں ہو سکتی۔

    سابق صدرجنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف نے خود پر غداری کے الزامات کو سیاست زدہ اور انتقامی کارروائی قرار دےد یا۔کہتے ہیں الزامات تراشے گئے ہیں،برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزمشرف کا کہنا تھا پاکستان میں برطانیہ اورامریکا جیسی جمہوریت نافذ نہیں کی جاسکتی۔ مغربی نظام کو مقامی رنگ میں ڈھالنا ہوگا۔

    سابق صدر کا کہناتھا انہوں نے اہم دہشت گردوں کی موجودگی کے شواہد دکھائے جانے پرصرف ایک ڈرون حملے کی اجازت دی تھی، پرویزمشرف نے بتایا وہ بھارت مخالف نہیں۔ ان کا کہنا تھا کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ اس کی بے عزتی ہو، اس کی تذلیل ہو، اس کو تیوریاں دکھائی جائیں اور پھر بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں فرق صرف اتنا ہی ہے۔

  • پاک فوج کا تھرپارکر متاثرین کیلئے لاہور میں ریلیف کیمپ قائم

    پاک فوج کا تھرپارکر متاثرین کیلئے لاہور میں ریلیف کیمپ قائم

    لاہور: پاک فوج کی جانب سے تھرپارکر میں متاثرینِ خشک سالی کی امداد کیلیے لاہور میں سات ریلیف کیمپ قائم کردئیے ہے۔ کیمپوں میں امدادی سامان، ادویات اور نقد عطیات اکھٹا کئے جارہے ہیں۔

    تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے معصوم بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھر کے باسیوں کیلئے مختلف سیاسی جماعتیں اور فلاحی اداروں سمیت پاک فوج  کی جانب سے امدادی سامان بھیجا جارہا ہے۔

    پاک فوج نے لاہور میں تھر کے متاثرین کی امداد کیلئے سات ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔ کیمپوں میں امدادی سامان، ادویات اور نقد عطیات اکھٹا کے جارہے ہیں۔ ریلیف کیمپ فورٹرس اسٹیڈیم، ایوب اسٹیڈیم، قذافی اسٹیڈیم، والٹن روڈ، مسجد چوک ڈی ایچ اے، وطین چوک ڈی ایچ اے اور شیخوپورہ روڈ پر قائم کیے گئے ہیں۔

    متاثرین تھر کیلئے نقد عطیات عسکری بینک طفیل روڈ لاہور کینٹ برانچ اور آرمی ریلیف اکاؤنٹ جی ایچ کیو میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔