راولپنڈی: وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ ملائشیا میں قید پاکستانیوں کے مسئلے کو وزیر اعظم نے سنجیدگی سے دیکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال میں ملائشیا سے پاکستانیوں کی واپسی پر پریس کانفرنس منعقد ہوئی، وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا کہ ملائشیا کی جیلوں میں ساڑھے 3 سو پاکستانی قید تھے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ فضائی حدود پر پابندی کی وجہ سے ملائشیا میں قید پاکستانی وطن واپس نہ آ سکے تھے، لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھا، اور آج یہ قیدی وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
غلام سرور کا کہنا تھا کہ واپس آنے والے پاکستانی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں گے، ملائشیا میں زیادہ تر افراد کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے، فلائٹ کوالا لمپور سے براہ راست پاکستان آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائیشیا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی آج ہوگی
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائشیا میں قید پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے آج وطن واپس پہنچایا جائے گا، قیدیوں کو لانے کے لیے دو خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
خصوصی پرواز اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے روانہ ہوگی جو کہ تین سو سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لے کر آئے گی۔ پی کے 9894/9895 بدھ 29 مئی کی صبح ڈھائی بجے روانہ ہو گی اور پاکستانی قیدیوں کو لے کر رات ساڑھے نو بجے اسلام آباد واپس پہنچے گی۔