Tag: پاک ملائیشیا

  • ویمنز ایشیا کپ، پاکستان نے بنگلا دیش کو بھی 9 وکٹ سے شکست دے دی

    ویمنز ایشیا کپ، پاکستان نے بنگلا دیش کو بھی 9 وکٹ سے شکست دے دی

    سلہٹ: ویمنز ایشیا کپ 2022 میں پاکستان نے بنگلا دیش کو بھی 9 وکٹ سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ویمنز ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز ملائیشیا کے خلاف اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اسے 9 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کر دیا تھا۔

    آج بھی سلہٹ کے اسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے پاکستان خواتین کرکٹرز نے بنگلادیش کو نو وکٹوں کی شکست سے دوچار کر دیا۔ قومی ویمنز ٹیم نے 71 رنز کا ہدف 12.2 اوورز میں پورا کیا، بنگلادیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 70 رنز بنائے تھے۔

    پاکستان ٹیم کی جانب سے سدرہ امین نے 36 ناقابل شکست رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ منیبہ علی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جب کہ بسمہ معروف 12 رنز کے ساتھ کریز پر فتح تک جمی رہیں۔

    گزشتہ روز سلہٹ میں ملائیشین ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے نو وکٹوں پر صرف 57 رنز بنا سکی تھی، جس کے جواب میں گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف بہ آسانی 9 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کیا۔

    دو وکٹیں حاصل کرنے والی طوبیٰ حسن میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں تھیں۔

  • حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حکومت کی ایک اور محنت رنگ لے آئی ہے، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سوشل سیکورٹی ملائیشیا میں اہم معاہدہ طے پا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سیکورٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا، پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور سی ای او ملائیشین سوشل سیکورٹی نے معاہدے پر دستخط کیے، یہ تقریب سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

    وزارت اوورسیز کے مطابق پاکستانی محنت کشوں کی ملائشین سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے، اب ملائشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائشین سوشل سیکورٹی کو دیں گے، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جب کہ انتقال کی صورت میں اہل خانہ کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

    وزارت اوورسیز کا کہنا ہے کہ سالانہ 15 ہزار پاکستانی کام کی غرض سے ملائیشیا جاتے ہیں، ملائیشیا میں کام کرنے والے 82000 پاکستانی اس اہم معاہدے سے مستفید ہوں گے۔ سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے سی ای او نے کہا کہ پاکستان کی ملائیشیا میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر سنجیدگی قابل ستائش ہے۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے اس معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ملائیشیا میں اس معاہدے کی یاد دہانی کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔

  • وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی ملاقات

    پتراجایا: وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، مہاتیر محمد نے عمران خان کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دفتر پہنچے، مہاتیر محمد نے عمران خان کی آمد پر پُرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان اس اہم ملاقات میں کئی شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان مہاتیر محمد کے دفتر میں اپنے تاثرات قلم بند کر رہے ہیں

    پتراجایا میں مہاتیر محمد کے دفتر پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے.

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو کی ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے وفود بھی موجود تھے، جس میں دفاعی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دل چسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔