Tag: پاک نیوی

  • پاک بحریہ کو تمام وسائل مہیا کریں گے، صدر عارف علوی

    پاک بحریہ کو تمام وسائل مہیا کریں گے، صدر عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بیش بہا بحری وسائل سے نوازا ہے جس کو فروغ دے کر ہم روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافہ کرسکتے ہیں، حکومت پاک بحریہ کو تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی ودیگر بھی موجود تھے۔

    عارف علوی نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے منصوبے سے پاکستان کی بحری حدود میں تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ان تمام تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک مستحکم بحریہ ناگزیر ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے اور بحری شعبے کے فروغ کے لیے تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی، پاکستان اور ترقی کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات قائم ہیں اور پی این ایس معاون جیسے مشترکہ منصوبوں سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ بحری جنگی جہازوں کی تعمیر کے میدان میں خود انحصاری کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

    پاک بحریہ میں فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون شامل

    پاک بحریہ میں 1700 ٹن فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کردیا گیا، پی این ایس معاون کراچی شپ یارڈ اینڈ انجیئنرنگ ورکس میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا بحری جہاز ہے جسے ترکی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

    یہ جہاز کئی مختلف قسم کے میری ٹائم آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کا حامل ہے جن میں سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو تیل اور دیگر فوجی سازو سامان کی فراہمی شامل ہے۔

    جہاز پر دو ہیلی کاپٹرز کی گنجائش موجود ہے، پی این ایس معاون پر جدید ترین طبی سہولیات بھی موجود ہیں جس کی بدولت یہ جہاز کسی بھی قسم کی قدرتی آفات کے دوران سمندر میں محو سفر دوست ممالک کے بحری جہازوں کو فوری امداد بھی فراہم کرسکتا ہے۔

  • ملک بھرمیں یومِ بحریہ آج ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

    ملک بھرمیں یومِ بحریہ آج ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

    کراچی : جنگِ ستمبرمیں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

    انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بری اورفضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن آٹھ ستمبرکا دن پاک بحریہ کے نام رہا، آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں آٹھ ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔

    طیارہ بردارجہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی، پاکستان کی واحد آبدوز’غازی‘ نے اپنے نام کی لاج رکھی اورغازی رہ کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ دنیا اس پر حیران ہوئی۔

    غازی آبدوز نے تن تنہا بھارتی بیڑے کو عالمی سمندر میں پیش قدمی سے روکے رکھا۔

    معرکہ’’دوارکا‘‘میں پا ک بحریہ کے جہازوں نے کموڈور ایس ایم انور کی زیر قیادت دشمن کے چھکے چھڑا دیے، سات اور آٹھ ستمبر کی درمیانی شب کیے گئے حملوں سے دشمن کے اوسان خطا ہوگئے، یہی وجہ ہے کہ بھارت آج تک انیس سوپینسٹھ کی جنگ کے بعد بحری محاذ پر کسی کارروائی کی جرأت نہ کرسکا۔

    یوم بحریہ 8ستمبر کے موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام

    واضح رہے کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ کے اُس سنہری باب کی یاد دلاتا ہے جب پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوانوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم نے دشمن کے قبیح خوابوں کو ریزہ ریزہ کیا اور اُن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔

  • پاکستان خطےمیں امن واستحکام کےلیےکوشاں ہے‘ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی

    پاکستان خطےمیں امن واستحکام کےلیےکوشاں ہے‘ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی

    کراچی : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ نے بحرہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس سے بحری دہشت گردی، بحری قذاقی اوراسمگلنگ کی روک تھام ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 109 ویں مڈشپ میں اور 18 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔

    اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا کہنا تھا کہ قومی مفادات اور دفاعی خود مختاری کے حصول کے لیے بحرہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولز کے قیام کا بہت اہم فیصلہ کیا ہے۔

    نیول چیف کے مطابق ریجنل میری ٹائم پٹرولز کے قیام کا مقصد بحرہند میں بحری دہشت گردی، بحری قذاقی اوراسمگلنگ کی روک تھام ہے۔

    پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے کوشاں ہے اورقومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خودمختاری ہماری ترجیحات ہیں۔

    ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے تقریب سے خطاب کے دوران واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک بحریہ کے سربراہ کو اعلیٰ ترین سعودی عسکری ایوارڈ تفویض

    پاک بحریہ کے سربراہ کو اعلیٰ ترین سعودی عسکری ایوارڈ تفویض

    ریاض: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ کو سعودی عرب میں اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ ’کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینس‘ سے نوازا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ایوارڈ کی تقریب سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہوئی جہاں رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک بحریہ کے سربراہ کو ایوارڈ سے نوازا۔

    سعودی عرب کا یہ اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ سابق سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کو بھی تفویض کیا جا چکا ہے۔

    اس موقع پر ایڈمرل ذکا اللہ اور رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف جنرل عبدالرحمٰن بن صالح کے درمیان دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ عبد الرحمٰن بن صالح نے امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ذکا اللہ کی سعودی نیول فورسز کے سربراہ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے بحری تعاون اوربحیرہ عرب کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ 8 اکتوبر سنہ 2017 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف سے پاک بحریہ کے سربراہ کی الوداعی ملاقات

    انہیں سابق سربراہ پاک بحریہ محمد آصف سندیلہ کے بعد سنہ 2014 میں پاک بحریہ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

    پاک بحریہ میں اپنی خدمات کے دوران ایڈمرل ذکا اللہ کو نشان امتیاز، ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز، پرائڈ آف پرفارمنس اور اعزازی شمشیر (سورڈ آف آنر) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں‌ کئی گنا بڑھ جائیں‌ گی، سربراہ بحریہ

    سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں‌ کئی گنا بڑھ جائیں‌ گی، سربراہ بحریہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا ہے کہ سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں‌ کئی گنا بڑھ جائیں‌ گی، ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے۔

    ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ پاکستان کو قدرت نے طویل ساحلی پٹی اور بے پناہ آبی وسائل سے نوازا ہے، ملکی سطح پر ان وسیع بحری امکانا ت کا مناسب ادراک نہیں پایا جاتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے آغاز کے ساتھ پاکستان میں بحری سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی  لہذا ہمارے بحری شعبے کی منظم ترقی کے ضمن میں بندرگاہوں اور جہاز رانی کی صنعت کے درمیان موجودہ اشتراک مزید اہمیت اختیار کرجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اولین ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے اور اپنے عوام بالخصوص نوجوان نسل اور میر ی ٹائم انفرا اسٹرکچر کی استعداد کو بڑھانے کے لیے مناسب مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ملکی بحری وسائل سے دیرپا فوائد حاصل کیے جاسکیں۔

    میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی ملک کے بحری شعبے کی مستقبل کی ضروریات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے جو کہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔

    دریں اثنا سربراہ پاک بحریہ نے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جن میں ہاربر کی صفائی، ٹاک شوز، مضمون نویسی کے مقابلے، خصوصی لیکچرز، بوٹ ریلیز، پاک بحریہ کے اسکولز اور کالجز میں مختلف پروگرامز اور عوام الناس کے لیے پاکستان میری ٹائم میوزیم میں فری انٹری اور میری ٹائم گالا کا انعقاد،  جس میں خصوصی اسٹالز کا قیام شامل تھے۔

    پاکستان نیوی نے پی این وار کالج لاہور میں ’محفوظ سمندر۔ خوشحال پاکستان‘ کے عنوان سے 15 روزہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا۔

  • گوادر پورٹ پر سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی، سربراہ بحریہ

    گوادر پورٹ پر سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی، سربراہ بحریہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے گوادر میں تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ہیڈ کوارٹرز اور دیگر انفرا اسٹرکچر کے تعمیراتی کام کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے باعث گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ نے گوادر میں تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا افتتاح کردیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک منصوبوں کا استحکام اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد اس عظیم منصوبے کے بحری جزو کی سیکیورٹی سے ہی وا بستہ ہیں لہذا میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی اہم ذمہ داری ہے۔

     انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی اس چیلنج سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے، پاک بحریہ مغربی ساحل پر قائم بحری اثاثوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ سی پیک کے بحری جزو کو بھی بھر پور سیکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔

    پاک بحریہ کے سربراہ نے بتایا کہ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین پاک میرینز کے قیام کا مقصد گوادر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر شہر اور ساحلی علاقوں میں قائم حساس تنصیبات سمیت خشکی پر قائم بحری تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

    نیول چیف نے اورماڑہ  اور گوادر میں قائم پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے حوالے سے ان کے بلند حوصلے اور لگن کو سراہا۔

  • نیوی کا کھلے سمندر میں‌ ہدف کو میزائل سے نشانہ بنانے کا شاندار مظاہرہ

    نیوی کا کھلے سمندر میں‌ ہدف کو میزائل سے نشانہ بنانے کا شاندار مظاہرہ

    کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحریہ عرب میں سی کنگ ہیلی کاپٹر سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا، کھلے سمندر میں فائر کیے گئے میزائل نے ہدف کامیابی سے نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا جس میں نیوی نے کھلے سمندر میں میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا، نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل کو فائر کیا جس نے ہدف کو مکمل کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

    ویڈیو دیکھیں:


    چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکا اللہ نے ویپن فائرنگ کا یہ مظاہرہ دیکھا اور پاکستان نیول فلیٹ کی جنگی طیاروں کو سراہا، انہوں نے نیول فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سمندر میں تعینات فلیٹ یونٹس کا دورہ کرنے سمیت جاری مشقوں کا معائنہ کیا۔

  • پاک بحریہ کا سی کنگ ہیلی کاپٹر سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ

    پاک بحریہ کا سی کنگ ہیلی کاپٹر سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ

    کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سی کنگ ہیلی کاپٹر سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر سی کنگ سے کامیاب میزائل فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے آج شمالی بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

    چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے کھلے سمندر میں ویپن فائرنگ کا یہ مظاہرہ دیکھا اور پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاریوں کو سراہا۔

    فائر پاور کے اس بھرپور مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضا سے سطح آب پر مار کرنے والا اینٹی شپ میزائل فائر کیا جس نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا جو ہتھیاروں کی ہلاکت خیزی اور نیول فلیٹ کی حربی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

    نیول ہیلی کاپٹر سی کنگ سے کامیاب میزائل فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

    چیف آف دی نیول اسٹاف نے سمندر میں تعینات فلیٹ یونٹس کا دورہ بھی کیا اور جاری بحری مشقوں کا معائنہ کیا۔

    سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے نیول فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور فائرنگ کے اس کامیاب مظاہرے میں شامل تمام افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بلند عزم و حوصلے کو سراہا۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ وطن عزیز کی بحری سرحدوں اور مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دو امریکی جہاز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی کے بیڑے میں‌ شامل

    دو امریکی جہاز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی کے بیڑے میں‌ شامل

    کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے دو امریکی جہازوں کو بحری بیڑے میں شامل کرلیا، پی ایم ایس ایس ’’سبقت‘‘ اور پی ایم ایس ایس ’’رفاقت‘‘ سمندری حدود میں گشت، نگرانی سرچ، ریسکیو اور نفاذ قانون جیسے آپریشن کو موثر انداز میں نبھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اس ضمن میں پی این ایس ڈاکیارڈ میں پی ایم ایس ایس سبقت اور رفاقت کی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری بیڑے میں شمولیت کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے آغاز میں پی ایم ایس اے کے چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل (ر) طیب علی ڈوگر کو سلامی پیش کی۔

    وائس ایڈمرل (ر) طیب علی ڈوگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ایس ایس سبقت اور رفاقت کی شمولیت سے پی ایم ایس اے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

    ریئر ایڈمرل راجہ جمیل اختر نے بتایا کہ پی ایم ایس اے کے بحری بیڑے میں ہیلی کاپٹر کی شمولیت کے لیے وزارت دفاع کو پی سی ون ارسال کردیا ہے۔

    ڈی جی پی ایم ایس اے کا کہنا تھا کہ سمندری حدود کی نگرانی کو مزید موثر بنانے کے لیے یاک اور کولاچی جہاز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا حصہ بن جائیں گے جبکہ اگلے سال مارچ تک 600 سو اور 1500 سو ٹن وزنی جہاز بھی شامل کیے جائیں گے۔

  • پی این ایس شفا میں جدید کارڈیک یونٹ کا افتتاح

    پی این ایس شفا میں جدید کارڈیک یونٹ کا افتتاح

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے پی این ایس شفاء کراچی میں امراض قلب کے لیے جدید انٹروینشنل کارڈیک یونٹ کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیوی کے زیر انتظام اسپتال پی این ایس شفا میں امراض قلب کے بہتر علاج کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ انٹروینشنل کارڈیک یونٹ نے کام شروع کردیا، آج پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے یونٹ کا افتتاح کردیا۔

    افتتاحی تقریب کارڈیک یونٹ میں منعقد ہوئی جس میں ایڈمرل ذکا اللہ سمیت دیگرافسران اور اسپتال انتظامیہ نے شرکت کی۔

    پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے مختصر وقت میں کارڈیک یونٹ کے قیام پر پی این ایس شفاء کی انتظامیہ کو خراج  تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اسپتال مسلح افواج کے افراد اور مقامی شہریوں کو یکساں طور پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جار ی رکھے گا۔

    ترجمان کے مطابق 25 بستروں پر مشتمل انٹروینشنل کارڈیک یونٹ کا قیام شہر میں دستیاب طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاک بحریہ کی ایک نمایاں کاوش ہے،  اس یونٹ کے قیا م کے بعد تینوں مسلح افواج کے افراد اور عام شہریوں کو جدید طریقہ علاج انجییو گرافی، انجیو پلاسٹی اورسی ٹی انجیوکی سہولیات میسر ہوں گی۔