Tag: پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ

  • پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ :  چینی وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ آمد پر پُرتپاک استقبال

    پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ : چینی وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ آمد پر پُرتپاک استقبال

    اسلام آباد :چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی وزارتِ خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پرتپاک استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزارتِ خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا ، اس موقع پر روایتی ملبوسات پہنے بچوں نے بھی معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور آج اسلام آباد میں ہوگا، اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے چینی ہم منصب کریں گے۔

    مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنا اور دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کو فروغ دینا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہمذاکرات میں اسٹریٹجک، سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی سطح کے روابط کو فروغ دینے کے اقدامات بھی زیر غور آئیں گے۔ علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    سالانہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے وزارت خارجہ نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔

    خیال رہے گزشتہ برس اس مذاکراتی عمل کا پانچواں دور 15 مئی 2024 کو بیجنگ میں منعقد ہوا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا، پاکستان اور چین کے درمیان چھٹے سٹریٹجک ڈائیلاگ سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے.