اسلام آباد: پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کل ہوں گے۔ مذاکرات میں چینی وزیر خارجہ وانگ ثی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کل ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ثی مذاکرات میں شرکت کے لیے کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے شرکت کرنے والے وفد میں ایک بار پھر تبدیلی کی گئی ہے، افغان مشیر سلامتی حمد اللہ افغان صدر کے ساتھ واشنگٹن جا رہے ہیں لہٰذا ان کی جگہ افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
سہ فریقی مذاکرات میں افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ افغان مفاہمتی عمل پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی افغانستان تک توسیع بھی اس اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ افغانستان میں ترقیاتی عمل میں پاکستان اور چین کے کردار پر بھی بات چیت ہوگی۔
دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق سہ فریقی اجلاس کی صدارت شاہ محمود قریشی کریں گے، مذاکرات کے ایجنڈے میں سیاسی تعلقات، امن عمل، سیکیورٹی تعاون و انسداد دہشت گردی اور ترقیاتی تعاون پر بات چیت ہوگی۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک کے درمیان ڈائیلاگ کا 2017 میں آغاز ہوا تھا۔ مذاکرات کا پہلا دور بیجنگ میں 2017 میں ہوا تھا۔ ڈائیلاگ کا مقصد باہمی مفادات، اقتصادی تعاون اور امن و سلامتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سیاسی اعتماد سازی اور تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے، مشترکہ تشویش کے امور پر وسیع تر مفاہمت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان میں امن کے قیام اور دونوں ممالک کے مابین عدم اعتماد کی فضا ختم کرنے کے لیے جون میں مری بھوربن میں پہلی افغان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاک افغان تعلقات پر پروپیگنڈا یا منفی تاثر پھیلانے کے حوالے سے معاملات دیکھے گئے تھے۔
اپریل میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ مسٹر وانگ ژی سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک، خطے کی سیکیورٹی سمیت افغان امن عمل پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔