Tag: پاک چین تعلقات

  • چین نے سیلاب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر بنانے کا ذمہ اٹھا لیا

    چین نے سیلاب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر بنانے کا ذمہ اٹھا لیا

    اسلام آباد: دوست ملک چین نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے گھر بنانے کا ذمہ اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے سیلاب سے متاثرہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے گھر بنانے کا فیصلہ کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر بنانے کے لیے فنڈنگ چین کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق چینی حکومت لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ادویات، ٹیسٹ کٹس بھی فراہم کرے گی، مجموعی طور پر چین لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 307 ملین یوآن فراہم کرے گا۔

    چینی حکومت گھر بنانے کے لیے 25 کروڑ 94 لاکھ ملین یوآن، ایک سال کی ادویات کے لیے 4 کروڑ 48 لاکھ 4444 یوآن، مائیکرو فلیوڈ ٹیسٹ کٹس کی فراہم کے لیے 74 لاکھ 54032 یوآن فراہم کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 7878 گھر بنائے جائیں گے، یہ گھر پری فیبریکیٹڈ ہوں گے، جس کا تخمینہ 12 لاکھ 54 ہزار روپے ہے، یہ گھر ایک کمرے، کچن، واش روم پر مشتمل ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے چین کو ایل ایچ ڈبلیوز کے لیے گھر تعمیر کی درخواست کی تھی، ملک بھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے 7878 گھر سیلاب سے متاثرہ ہیں، 6415 گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔

    سندھ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 4434 گھر تعمیر ہوں گے، بلوچستان میں 1272، پنجاب میں 203، کے پی کے میں 8 اضلاع کی 506 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر تعمیر ہوں گے۔

    چین کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو نمکول، پیراسیٹامول، اینٹی بائیوٹک دوا، زنک، آئرن، فالک ایسڈ کی گولیاں بھی فراہم کی جائیں گی، لیڈی ہیلتھ ورکرز کو کِٹ بیگ، اسٹیتھو اسکوپ، پینسل ٹارچ بھی فراہم کی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈنیشن سینٹر نے اس سلسلے میں صوبوں کی مشاورت سے فیزیبیلٹی اسٹڈی پلان تیار کر لیا ہے۔

  • معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے: معید یوسف

    معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے: معید یوسف

    اسلام آباد: سابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ اچھے تعلقات ہونے کی وجہ سے ہم چین سے زیادہ معاشی فائدے اٹھا سکتے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہیں، زیادہ معاشی فائدے اٹھا سکتے ہیں۔

    معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بڑا مسئلہ بیرون ممالک ترسیلات کا آنا ہے، تکنیکی ماہر بیرون ممالک بھجوانے سے ترسیلات زر دگنی ہوسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں امن کی ضرورت ہے، ہمسایہ ممالک میں امن قائم کرنا ہمارے کنٹرول میں نہیں، ہمیں اپنے ملک میں امن قائم کرنا ہوگا۔

    معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ فیصلوں کا اختیار نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوگا، معیشت کو نجی شعبہ ہی بہتر کر سکتا ہے۔

  • پاکستان کو کرونا ویکسین کی فراہمی، چینی سفیر کا اہم بیان سامنے آ گیا

    پاکستان کو کرونا ویکسین کی فراہمی، چینی سفیر کا اہم بیان سامنے آ گیا

    اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کو کرونا ویکسین فراہم کی جا رہی ہے، ایسے میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے اسے اپنے لیے فخر قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیر نونگ رونگ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہمیں فخر ہے کہ چین پاکستان کو کرونا ویکسین فراہم کرنے والا پہلا ملک ہے۔

    چینی سفیر نے لکھا ہم اپنے آہنی برادر ملک پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں، خوشی ہوئی چین کی طرف سے ویکسین پاکستانی جہاز میں لوڈ کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سےکرونا ویکسین لانے کے لیے روانہ ہوا تھا جس پر اب بیجنگ کے ایئر پورٹ پر ویکسین کی کھیپ لوڈ کر دی گئی ہے۔

    اسد عمر نے کرونا ویکسین کی “لوڈنگ” کی ویڈیو شیئر کردی

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چینی ویکسین کو پاکستان کے حوالے کرنے سے قبل بیجنگ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، تقریب کے مہمان خصوصی چینی وزیراعظم ہوں گے، جہاں وہ کرونا ویکسین کو پاکستانی وفد کے حوالے کریں گے۔

    چند گھنٹے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹوئٹ کر کے خبر دی کہ بیجنگ میں پاک فضائیہ کے طیارے پر ویکسین لوڈ کر دی گئی ہے، جو چند گھنٹے بعد پاکستان پہنچ جائے گی، انھوں نے لوڈنگ کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

  • چین نے امریکی نائب وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

    چین نے امریکی نائب وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

    بیجنگ: چین نے ایلس ویلز کے پاک چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اسے نہایت غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین امریکی نائب وزیر خارجہ کے بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ، بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے۔

    چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ یہ بیان پاک چین تعلقات کو بدنام کرنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے، آج (گزشتہ روز) پاک چین سفارتی تعلقات کی 69 ویں سال گرہ ہے، کو وِڈ 19 کے خلاف جنگ میں چین اور پاکستان ساتھ ہیں۔

    چینی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ چین اب تک 55 ملین امریکی ڈالر مالیت کا طبی سامان پاکستان کو مہیا کر چکا ہے، دونوں ممالک کی دوستی ایک دوسرے کے احترام اور حمایت پر مبنی ہے، ہم نے علاقائی امن کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ مل کر کام کیا ہے۔

    ایلس ویلز کی افغان امن عمل میں تعاون پر پاکستان کے کردار کی تعریف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی نائب وزیر خارجہ جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے پاک چین تعلقات سے ہٹ کر افغان امن عمل میں تعاون پر پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے زلمے خلیل زاد کو پاکستان کا بھرپور تعاون ملا۔

  • کرونا وائرس کے بعد پاکستان پہلا ملک تھا جس نے ہمارا ساتھ دیا: چینی حکومت

    کرونا وائرس کے بعد پاکستان پہلا ملک تھا جس نے ہمارا ساتھ دیا: چینی حکومت

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد پاکستان پہلا ملک تھا جس نے ہمارا ساتھ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی حکومت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد پاکستان پہلا ملک تھا جس نے چین کی حمایت کی، پاکستانی پارلیمان نے چینی حکومت کی کوششوں کی حمایت میں قراردادیں بھی پاس کیں۔

    چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستانی پارلیمان میں چینی کوششوں پر قرارداد دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے، ہم اپنے شہریوں کی طرح چین میں موجود پاکستانیوں کا بھی اچھا خیال رکھیں گے۔

    کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا، اموات 2619 ہو گئیں

    خیال رہے کہ نہایت مہلک کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے، چین، جاپان، تائیوان، ایران، اٹلی، فلپائن سمیت متعدد ملکوں میں کرونا وائرس سے اب تک اموات کی تعداد 2619 ہو چکی ہے، جب کہ 79 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    قاتل وائرس نے ایران میں بھی 12 افراد کی زندگیاں نگل لیں، جب کہ 61 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، تہران سمیت کئی شہروں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہے، عالمی ادارہ صحت نے صورت حال تشویش ناک قرار دے دی، ترکی،عراق اور افغانستان نے ایران کے ساتھ سرحد بند کر دی، افغان صوبے ہرات میں پہلے کیس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے جس کےبعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

  • سمندری پانی سے برف بنانے کا پاکستان کا پہلا منصوبہ

    سمندری پانی سے برف بنانے کا پاکستان کا پہلا منصوبہ

    کراچی: فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی اور چینی کمپنی فجیان فشریز کے درمیان اہم معاہدے ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اور چینی کمپنی کے درمیان سی فوڈ پروسیسسنگ پلانٹ، سمندر کے پانی سے برف بنانے والی فیکٹری، چھوٹے ماہی گیروں کے لیے فائبر کی جدید کشتیوں کی فراہمی اور ٹریننگ سمیت اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔

    معاہدوں پر فشر مینز سوسائٹی کے چیئرمین عبدالبر اور چینی فجیان فشریز آف چائنا کے چیئرمین زہنگ شوئی منگ نے دستخط کیے۔ چیئرمین فجیان فشریز نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مشترکہ منصوبوں سے پاک چین دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

    زہنگ شوئی منگ کا کہنا تھا کہ ایف سی ایس اور فجیان فشریز کے جدید ترین آلات کی فراہمی کے مشترکہ منصوبوں کے بعد پاکستانی ماہی گیری صنعت میں انقلاب آ جائے گا۔

    چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے ایف سی ایس فجیان فشریز کو فیکٹریز لگانے کے لیے زمین فراہم کرے گی، سمندری پانی کو صاف کر کے اس سے برف بنانے کا یہ پاکستان میں پہلا منصوبہ ہوگا، ماہی گیروں کو آسان شرائط اور آسان اقساط پر فائبر کی جدید ترین چھوٹی لانچیں فراہم کی جائیں گی۔

    چیئرمین عبدالبر کا کہنا تھا کہ ہم 2021 تک پاکستان کو فشریز سیکٹر سے 100 کروڑ ڈالرز زرمبادلہ کما کر دیں گے۔

  • مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    بیجنگ: مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    چین نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاک چین قیادت اس بات پر متفق تھی کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، چین نے کہا دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات تسلیم کرے۔

    پاکستان اور چین نے سی پیک کی جلد سے جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا، چین نے اس حوالے سے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی ہوگی، گوادر پورٹ بہتر سہولتوں کے بعد جلد خطے کا تجارتی مرکز بنے گا۔

    دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے مفادات پر مکمل تعاون کا عزم بھی کیا،وزیر اعظم عمران خان چین کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

  • پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، انھوں نے کہا پاک چین شراکت داری بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے۔

    چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال

    دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شان دار استقبال کیا گیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں میں تیزی سے متعلق آگاہ کیا۔

    ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، دونوں رہنماؤں نے ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، دو طرفہ حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔

    دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو تقویت دینے کےعزم کا بھی اظہار کیا گیا، دریں اثنا، چینی وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے، دو طرفہ مذاکرات کے بعد چینی وزیر اعظم نے گریٹ ہال میں ظہرانہ دیا۔ جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کے 70 ویں قومی دن پر مبارک باد پیش کی۔

  • چین کو بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے: شاہ محمود قریشی

    چین کو بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے: شاہ محمود قریشی

    بیجنگ: وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بہترین ہیں، چین کو بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، سی پیک کے تحت کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بیجنگ میں پریس کانفرنس میں کیا، شاہ محمود نے کہا وزیر اعظم عمران خان کا چین کا یہ تیسرا دورہ ہے، پاکستان کا چین کے ساتھ اعتماد کا رشتہ ہے، چین نے وزیر اعظم کا بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہم اہم علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہیں، سی پیک سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ خطہ بھی مستفید ہوگا، چین کو اس سلسلے میں بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    تازہ ترین:  چاہتے ہیں چینی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع حاصل کریں: وزیر اعظم

    شاہ محمود قریشی نے کہا سی پیک کے تحت کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی ہم پر لازم ہے، چینی اعلیٰ قیادت کو بتایا اب سی پیک اتھارٹی قائم کرنی ہے، چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی بھی دعوت دی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہم راہ چین کے تیسرے دورے پر بیجنگ میں ہیں، آج انھوں نے پاک چین تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں کہا چینی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع حاصل کریں، چین نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا، ہم بھی سیکھ رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی وفد کے ساتھ ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ اور اسٹیٹ کونسلر وانگ ئی نے وفد کے ہم راہ ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ئی نے نائب وزیر خارجہ لو زاہوئی، پاکستان میں چینی سفیر یاو جِنگ اور دیگر سینئر چینی حکام کے ہم راہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر پلاننگ خسرو بختیاراور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سمیت علاقائی امور زیر بحث آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان، افغانستان اور چین کا انسداد دہشت گردی کے لئے مشترکہ اقدامات کا اعلان

    واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور چین نے مل کر انسداد دہشت گردی کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سہ ملکی مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔

    مذاکرات کے تیسرے دور کو حکومت نے مفید قرار دیا، جس میں باہمی تعلقات اور افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اور آیندہ سہ فریقی مذاکرات بیجنگ میں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات میں سیکورٹی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی، کہا چین ہمارا دوست اور بہترین ہم سایہ ہے، خطے میں استحکام کے لیے افغان امن عمل ناگزیر ہے، افغان امن عمل کی کام یابی کے لیے دعا گو ہیں۔