Tag: پاک چین دوستی

  • پاک چین دوستی پائیدار ہے کبھی ختم نہیں ہوگی، شہباز شریف

    پاک چین دوستی پائیدار ہے کبھی ختم نہیں ہوگی، شہباز شریف

    بیجنگ(31 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاک چین دوستی پائیدار ہے کبھی ختم نہیں ہوگی، اختلافات پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب میں کہا پاکستان اور چین کا مستقبل مشترکہ ہے، کرپشن کیخلاف چینی صدر کے وژن کی حمایت کرتے ہیں، میں نے بھی پاکستان میں یہی پالیسی اپنائی اور ڈیڑھ سال ہوگیا کوئی میری حکومت پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔

    تیانجن یونیورسٹی میں نیشنل فیسلٹی فار ارتھ کوئیک انجینئرنگ سمولیشن کے دورے کے دوران، وزیر اعظم شہباز شریف کو جدید ترین ٹیکنالوجیز بشمول میڈیکل ریسکیو گاڑیاں اور آفات سے نمٹنے کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں چین کی ٹیکنالوجی کے جدید استعمال اور جدید تکنیکوں کی تعریف کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی حفاظتی اور ردعمل کی حکمت عملیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اس مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اختراعات کو اپنانے سے پاکستان قدرتی آفات کے خلاف موثر احتیاطی تدابیر اختیار کر سکے گا، دوطرفہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چین پاکستان جوائنٹ لیب فار ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی میڈیسن اور انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سینٹر جیسے منصوبوں کو مزید فعال بنایا جائے۔

    وزیر اعظم نے دورے کے بعد خطاب میں کہا کہ تیانجن یونیورسٹی دوبارہ آنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے میں پہلی بار 2017 میں تیانجن یونیورسٹی آیا تھا، انہپوں نے اپنے دور ے میں پاکستانی طلبا سمیت بہترین پروفیسرز سے ملاقات کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی پاکستانی طلبا کیلئے بہترین تعلیم  حاصل کرنے کا مرکز ہے، تیانجن یونیورسٹی میں پاکستانی طلبا کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی پائیدار ہےکبھی ختم نہیں ہوگی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلا اسلامک ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا، ہمیں چین کے ساتھ اپنی مضبوط دوستی پر فخر ہے، شاہراہ قراقرم دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا عظیم منصوبہ ہے، چین آج دنیا کی بڑی معاشی اور فوجی طاقت ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان چینی صدر کے ویژن کی بھرپور حمایت کرتا ہے، کرپشن کیخلاف چینی صدر کے ویژن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، چین اور پاکستان کا مشترکہ مستقبل ہے۔

  • پاک چین دوستی سے متعلق چینی وزارت خارجہ کا بڑا اعلان

    پاک چین دوستی سے متعلق چینی وزارت خارجہ کا بڑا اعلان

    بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خراب کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

    یہ بات انہوں نے بیجنگ میں پریس بریفنگ میں کہی، ترجمان وزارت خارجہ لین جیان نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

    China

    انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات خراب کرنے والے دہشت گرد سزا سے نہیں بچ سکیں گے، دہشت گردی پوری انسانیت کی دشمن ہیں۔ اس کا مقابلہ کرنا اور سانحات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنا بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مضبوطی سے آگے بڑھائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فوائد پہنچائے جائیں۔

  • چین میں پاکستان کیلئے تیار ہونیوالی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ تقریب

    چین میں پاکستان کیلئے تیار ہونیوالی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ تقریب

    راولپنڈی : چین میں پاکستان کیلئےتیارہونیوالی پہلی ہنگورکلاس آبدوزکی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، یہ پروجیکٹ پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کااضافہ کرے گا۔

    مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین میں پاکستان کیلئےتیارہونیوالی پہلی ہنگورکلاس آبدوزکی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تقریب چین کے ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈشوانگلیوبیس میں ہوئی ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نویداشرف تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔

    یہ پروجیکٹ پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کااضافہ کرےگا، حکومت پاکستان نےچینی صدرکےدورہ پاکستان میں معاہدےپردستخط کیےتھے، پاکستان نے8ہنگورکلاس آبدوزوں کےحصول کےمعاہدےپردستخط کیےتھے۔

    معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تیارکی جائیں گی، دیگر4 آبدوزیں کراچی شپ یارڈاینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیارہوں گی ، یہ آبدوزیں جدیدترین ہتھیاروں اورسینسرز سے لیس ہوں گی، آبدوزوں سے دور تک اہداف کونشانہ بنایا جاسکے گا۔

  • واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے شانگلا واقعے پر کہا ہے کہ یہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا واقعہ تھا، انھوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    صدر آصف زرداری نے آج بدھ کو چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے ان کا استقبال کیا، صدر مملکت نے چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    صدر آصف زرداری نے کہا پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوش حالی اور سلامتی کے لہے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔

    ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق انھوں نے کہا کہ دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر انھیں پکڑنے کی ضرورت ہے۔

    چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے لیے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

  • پاک چین دوستی کی لازوال مثال، سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل

    پاک چین دوستی کی لازوال مثال، سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل

    بیجنگ نے سی پیک کی 10ویں سالگرہ پر تاریخی بی آرآئی کا جائزہ لینے کیلئے ایک جامع دستاویزجاری کی ، بی آرآئی21ویں صدی کاایک طویل المدتی،بین الاقوامی اورمنظم منصوبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین دوستی کی لازوال مثال سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل ہوگئے ، 2013 میں پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے لئے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی گئی اور سال 2023 میں سی پیک منصوبے کو ایک دہائی مکمل ہو چکی ہے۔

    بیجنگ نے اس سال سی پیک کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر تاریخی بی آر آئی (بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو) کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع دستاویز جاری کیا۔

    بی آر آئی 21 ویں صدی کا ایک طویل المدتی، بین الاقوامی اور منظم منصوبہ ہے، بی آر آئی پراجیکٹس کے تحت چین نے قرضوں کی فراہمی کے علاوہ ماحولیاتی اور سماجی فوائد کو بھی اولین ترجیح دی۔

    سال 2013 سے 2022 تک چین اور مختلف ممالک کے بی آر آئی پارٹنر کے درمیان درآمدات اور برآمدات کی مجموعی قدر % 6.4 کی اوسط سالانہ شرح نمو کے ساتھ، US$19.1 ٹریلین تک پہنچ گئی ہے۔

    پاکستان میں سی پیک کے زیرِ اہتمام بڑے منصوبے جاری ہیں جن میں پشاور کراچی موٹروے (سکھر – ملتان سیکنڈ)، قراقرم ہائی وے فیز 2 (حویلیاں – بتھاکوٹ سیکنڈ)، اور لاہور اورنج لائن میٹرو کے منصوبے شامل ہیں۔

    سی پیک کے تحت ساہیوال، پورٹ قاسم، تھر اور حب میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کے منصوبے مستقل کام کر رہے ہیں، رشکائی اسپیشل اکنامک زون جامع ترقی کے مراحل پر پہنچ چکا ہے۔

    سی پیک کے تحت پاکستان میں گوادر پورٹ ترقی کی نئی منازل طے کررہا ہے، چینی انٹرپرائز پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی میں بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔

    سی پیک کی مد میں چین نے پاکستان اور دیگر شراکت دار ممالک کے ساتھ ایک "سنگل ونڈو” آپریشن کا آغاز کیا ہے، جس سے سرحدی بندرگاہوں پر کسٹم کلیئرنس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے، چین کی ہوالونگ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے K2 اور K3 یونٹ مکمل ہو چکے ہیں۔

  • پاک چین دوستی، سی پیک سبوتاژ کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

    پاک چین دوستی، سی پیک سبوتاژ کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

    بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارتِ خارجہ وینگ بن ون نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کام جاری رکھے گا، اور پاکستان میں چینی اہلکاروں اور منصوبوں اور تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہری، ادارے اور کمپنیاں محتاط رہیں۔

  • پاک چین دوستی پر مبنی شاندار گیت جاری

    پاک چین دوستی پر مبنی شاندار گیت جاری

    اسلام آباد: پاک چین دوستی پر مبنی شاندار گیت جاری کردیا گیا ، نغمے میں پاک چین دو طرفہ محبت کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین دوستی پرمبنی شاندار گیت ‘نی ہاؤ۔۔ دوست میں اور تم’ جاری کردیا گیا، دیرینہ پاک چین دوستی کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی نغمہ تیار کیا گیا۔

    اس نغمہ کا مقصد دونوں ممالک کی باہمی ہم آہنگی اورمحبت کوظاہرکرنا ہے، اس نغمےمیں دونوں ممالک کے باہمی تعاون اورمحبت کونہایت عمدگی سے ادا کیا گیا ہے۔

    خیال رہے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو 10 سال مکمل ہوگئے ہیں، پاکستان اورچین نے10 سال قبل 5جولائی2013کوسی پیک منصوبے کا آغاز کیا تھا، حکام کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی اور سی پیک منصوبوں سےلاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے۔

    حکام کے مطابق سی پیک منصوبوں کے تحت 8 ہزار میگاواٹ بجلی پیداہوئی اور چین کےاشتراک سے معاشی و اقتصادی ترقی کے منصوبے لگائے گئے۔

  • 1200 میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی کا ایک اور سنگ میل ہے: وزیر اعظم

    1200 میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی کا ایک اور سنگ میل ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے 1200 میگا واٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدے کو پاک چین دوستی کے لیے ایک اور سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو بہترین دوست ملکوں کے لیے آج اہم دن ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 1200 میگا واٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، دو بہترین دوست ملکوں کے لیے آج اہم دن ہے، 4.8 ارب ڈالرز کا منصوبہ یہ پیغام ہے کہ چینی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔

    چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خرم دستگیر بھی موجود تھے، خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، چین کے صدر شی جن پنگ کے بے حد مشکور ہیں، چینی حکومت کے ساتھ سمجھوتے کے لیے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کا بھی مشکور ہوں۔

    شہباز شریف کے مطابق اس منصوبے کو گزشتہ حکومت نے سرد خانے میں ڈال دیا تھا، اس معاہدے سے پاکستان چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا، چین کی طرف سے 4.8 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، پاکستان کےعوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ چشمہ فائیو منصوبے میں چینی کمپنی نے 30 ارب روپے کی رعایت دی ہے، پاکستان کی موجودہ فوجی قیادت کی جانب سے منصوبے میں گہری دلچسپی لینے پرشکر گزار ہوں، نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے ترقی کے وژن کو لے کر ہم آگے بڑھ رہے ہیں، نوازشریف نے 1990 میں پہلی بار چین کے ساتھ جوہری توانائی کا معاہدہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ چین کی نیشنل کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کے درمیان اس معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جبکہ اس منصوبے کی کل لاگت 400 ارب ڈالرز ہے۔

  • مثالی دوستی، چین کا پاکستان کے لیے ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    مثالی دوستی، چین کا پاکستان کے لیے ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان کے ساتھ مثالی دوستی کے پیش نظر چین نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ ویکسین کے حصول کے لیے 100 سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان سے مثالی دوستی نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر ویکسین مہیا کریں گے۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کو اکتیس مارچ تک مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوا دے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے کرونا صورت حال، دو طرفہ تعلقات باہمی دل چسپی کے امور اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    شاہ محمود نے چینی قیادت کی وزیر اعظم کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کرونا وبا میں چین نے جس طرح پاکستان کی معاونت کی وہ فقید المثال ہے۔

    وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں ویکسی نیشن کی صورت حال سے آگاہ کیا، اور کہا پاکستان نے شہریوں کو کرونا سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسی نیشن کا منصوبہ تشکیل دیا ہے، اس جامع منصوبے کی تشکیل کے لیے جلد ویکسین کی مزید ڈوز درکار ہوں گی۔ وزیر خارجہ نے تحفتاً کرونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوا دیں گے، اگرچہ ویکسین کے حصول کے لیے سو سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان سے مثالی دوستی نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر ویکسین مہیا کریں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس جذبہ خیر سگالی پر چینی ہم منصب وانگ ژی کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین میں اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

  • چین، امریکا: کشیدگی کا سورج، پابندیوں کی دھوپ

    چین، امریکا: کشیدگی کا سورج، پابندیوں کی دھوپ

    اگر آپ عالمی سیاست، بالخصوص امریکا اور چین کے معاملات، تعلقات میں دل چسپی لیتے ہیں تو چند ہفتوں‌ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تناؤ اور کشیدگی سے بھی واقف ہوں گے۔

    خبر گرم ہے کہ چین گیارہ امریکیوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرنے والا ہے جن میں سینیٹروں کے علاوہ امریکی ایوانِ نمائندگان کے اراکین بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل امریکا نے ہانگ کانگ سے متعلق چینی اقدام کے بعد چین کے حکام پر پابندیاں لگائی تھیں۔ یہی نہیں بلکہ ان ممالک میں الزامات کا سلسلہ بھی زور شور سے جاری ہے۔

    تجارتی اور معاشی میدان میں سخت حریف، تنازعات کے ساتھ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ کے دوران امریکا اور چین میں کشیدگی بڑھتی جارہی ہے اور بظاہر حالات سخت اور نہایت خراب ہیں۔

    اگر آپ بین الاقوامی سیاست اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیو‌ں میں‌ دل چسپی رکھتے ہیں تو یہ چند حقائق آپ کی توجہ چاہتے ہیں۔

    کہا جاتا ہے کہ عالمی معیشت کا 40 فی صد انحصار امریکا اور چین پر ہے۔

    امریکا کے بعد چین دوسری بڑی معیشت ہے اور دونوں ممالک جوہری طاقت بھی ہیں۔

    رواں برس امریکا چین کے مابین تجارتی کھینچا تانی میں دونوں‌ ممالک نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر اضافی ٹیکسز اور ڈیوٹیاں عائد کی تھیں اور یہ ممالک اربوں ڈالر کا خسارہ برداشت کررہے ہیں۔

    چین سے امریکا کی ناراضی کی ایک بڑی وجہ وہ موبائل کمپنی ہے جو فائیو جی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں دنیا بھر کی کمپنیوں سے آگے نکل چکی ہے۔ اس حوالے سے چین پر جاسوسی کا الزام لگایا جاتا ہے۔ امریکا اور اس کے اتحادیوں کا جو مؤقف ہے اسے چین مسترد کرچکا ہے اور بے بنیاد قرار دیتا ہے۔

    دونوں ملکوں میں جہاں ہانگ کانگ میں‌ چین کے بعض اقدامات یا فیصلے کشیدگی کا سبب بنے، وہیں‌ کرونا جیسی وبا پر بھی الزامات کا تبادلہ ہوا۔

    کووڈ 19 کے معاملے پر ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے مخالفت اور کشیدگی کے دوران ایک مہرے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

    اسی طرح امریکا کی جانب سے ویزا فراڈ، جاسوسی اور اہم معلومات تک رسائی کے لیے کوششیں کرنے کا بھی الزام لگایا جاچکا ہے۔

    عالمی امور کے ماہرین اور غیر جانب دار تجزیہ کاروں‌ کے مطابق امریکا اور چین عظیم طاقت بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں اور موجودہ حالات میں اس کے لیے تجارتی میدان اور جدید ٹیکنالوجی پر مکمل اختیار ان کی اوّلین خواہش ہے۔