Tag: پاک چین معاہدہ

  • سرحدی شہر میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز واپس بھیجے جائیں گے

    سرحدی شہر میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز واپس بھیجے جائیں گے

    گلگت: گلگت بلتستان کے علاقے اپر ہنزہ میں سرحدی شہر سوست میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز واپس بھیجے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کے ساتھ سرحد پر خنجراب پاس 23 دسمبر کو ایک دن کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے سرحدی شہر سوست میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز کو واپس بھیجا جائے گا۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ 80 سے زائد کنٹینرز پر پاکستانی تاجروں نے چین سے مال منگوایا تھا، جو اَب پاکستان کے سرحدی شہر سوست میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاک چین معاہدے کے تحت سرحد 30 نومبر کو بند کی جاتی ہے، سرحد کی بندش سے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز سوست میں پھنسے ہوئے تھے، دوسری طرف پاک چین سرحد سیاحتی مقاصد کے لیے یکم اپریل 2020 کو کھولی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک چین معاہدہ : یکم جنوری سے پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی ہوگی

    خیال رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ ہوا ہے، جس میں طے پایا ہے کہ پاکستان کی 313 مصنوعات کو یکم جنوری سے ڈیوٹی فری رسائی ہوگی اور پاکستان کو آسیان ممالک کے برابرمراعات ملیں گی۔ جب کہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدہ دوئم یکم دسمبر سے شروع ہو گیا ہے، تجارتی معاہدہ دوئم کے تحت مصنوعات پر مراعات کا اطلاق دو طرفہ ہوگا۔

    وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چین پاک آزاد تجارتی معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے مابین دیرینہ دوستی اور لازوال رشتے کا مظہر ہے بلکہ اس سے پاکستانی تاجروں کو چین کی منڈیوں میں زیرو ڈیوٹی شرح سے مصنوعات برآمد کرنے کی سہولت بھی ملے گی۔

  • سی پیک کی رفتار سے مطمئن ہیں، پاک چین معاہدہ اکتوبر میں فائنل ہوجائے گا، چینی سفیر

    سی پیک کی رفتار سے مطمئن ہیں، پاک چین معاہدہ اکتوبر میں فائنل ہوجائے گا، چینی سفیر

    اسلام آباد : پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک سی پیک پر کام کی رفتار سے مطمئن ہے، پاکستان اور چین کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے کا دوسرا مرحلہ اگلے ماہ حتمی شکل اختیار کر لے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل کی قیادت میں آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد پاکستان کی زرعی پیداوار اور سی فوڈ سمیت نوے فیصد اشیاء پر صفر ڈیوٹی عائد ہو گی جس سے تجارت متوازن کرنے میں مدد ملے گی۔

    چین کے سفیر یاؤ جنگ کا مزید کہنا تھا کہ ایف ٹی اے ٹو کے آپریشنل ہونے کے بعد پاکستان کی برامدات میں پانچ سو ملین ڈالر تک کا اضافہ ہو جائے گا۔

    پاکستان کے تعلیم صحت زراعت آبپاشی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس پر جلد عمل درامد ہو گا۔

    وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی تاجر خواتین کو قریب لانے کی کوشش کریں گے اور چینی تاجر خواتین کو نومبر میں منعقد ہونے والے پانچویں اسلام آباد ایکسپو میں بلائیں گے جبکہ پاکستانی تاجر خواتین کو چین میں منعقد ہونے والے مختلف نمائشوں میں بھیجا جائے گا۔

    اس موقع پر ثمینہ فاضل نے کہا کہ سی پیک کے نتیجہ میں ملکی ترقی کے علاوہ ستر ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں جن میں مزید اضافہ ہو گا جبکہ اس سے غربت میں بھی کمی آئی ہے۔