Tag: پاک چین

  • چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    اسلام آباد: کرونا کے باعث پابندیوں میں نرمی کے بعد پاکستانی طلبہ کی پہلی پرواز چین روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع ہو گئیں، پہلی پرواز اسلام آباد ایئر پورٹ سے 105 طلبہ کو لے کر آج صبح پیر کو روانہ ہو گئی۔

    وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے پاکستانی طلبہ کے وفد کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے الوداع کیا، پی آئی اے کا خصوصی طیارہ طلبہ کو لے کر چین کے شہر ژیانگ پہنچے گا۔

    رانا تنویر حسین نے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خصوصی کوششوں کے باعث پاکستانی طلبہ وبا کے بعد اب چین جا کر اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے، کرونا کے باعث چین میں پڑھنے والے طلبہ کا کافی نقصان ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم چین کے صدر شی جن پنگ کی خصوصی کوششوں پر ان کے شکر گزار ہیں، چین کی حکومت اور چین کا ایمبیسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    رانا تنویر نے کہا حج آپریشن کے باعث طیاروں اور فلائٹس کی کمی تھی، اس لیے طلبہ کے لیے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کا انتظام کیا گیا، طلبہ کے پہلے بیچ کا جانا خوش آئند ہے، اس کے بعد مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے طلبہ کی واپسی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایت کی تھی۔

  • خوش خبری، سی پیک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا

    خوش خبری، سی پیک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا

    کراچی: چین پاکستان اقتصادی راہ داری (سی پیک) کا ایک اور منصوبہ مکمل ہو گیا ہے، 660 کلو واٹ مٹیاری – لاہور ٹرانسمیشن لائن نے بجلی کی ترسیل شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک کے فلیگ شپ منصوبے چھ سو ساٹھ کے وی ایچ وی ڈی سی مٹیاری۔لاہور ٹرانسمیشن لائن نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) اور پاک مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کمپنی (پی ایم ایل ٹی سی) کے مابین طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق آج یکم ستمبر 2021 سے کمرشل بنیادوں پر بجلی کی ترسیل شروع کر دی ہے۔

    کمرشل آپریشن ڈیٹ (COD) کے حصول سے پہلے مختلف وولٹیج لیولز پر بجلی کی ترسیل کے 8 مختلف کامیاب ٹیسٹ کیے گئے، ٹرائل آپریشن کا 168 گھنٹوں پر مبنی آخری ٹیسٹ اور صلاحیت کے مظاہرے کا ٹیسٹ 18 اگست کو کیا گیا۔

    واپڈا ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی اعزاز احمد نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر چینی کمپنی پی ایم ایل ٹی سی کی خدمات کو سراہا، انھوں نے کہا اس منصوبے سے اب این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں مزید استحکام آئے گا۔ تقریب میں چینی کمپنی کی خاتون صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مس ژانگ لی (Zhang Lei) بھی شریک تھیں۔

    پاور منصوبہ

    واضح رہے کہ 878 کلومیٹر، 4000 میگا واٹ کا یہ منصوبہ پاک مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے 25 سال کی مدت کے لیے بلٹ اون آپریٹ ٹرانسفر (BOOT) کی بنیاد پر مکمل کیا ہے، اس منصوبے سے ملک کے جنوبی حصوں میں واقع بجلی گھروں سے بجلی کی ترسیل کی جائے گی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 25 جولائی 2017 کو سیکیورٹی پیکج دستاویزات یعنی نفاذ کا معاہدہ (ایل اے) اور ٹرانسمیشن سروسز معاہدہ (ٹی ایس اے) کی منظوری دی تھی، جو بعد میں 14 مئی 2018 کو عمل میں لائی گئی۔ اس معاہدے کے تحت این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوگی۔

    ایچ وی ڈی سی ٹیکنالوجی ملک کے قومی گرڈ میں پہلا اضافہ ہے، جو دنیا بھر میں طویل عرصے سے وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہی ہے، یہ منصوبہ این ٹی ڈی سی کے لیے بھی ایک سنگ میل ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم کا خط

    وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم کا خط

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم نے خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی ہم منصب لی کَچیانگ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    چینی وزیر اعظم نے خط میں لکھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کرونا کے خلاف جنگ ضرور جیتے گا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ ہیں، انھوں نے چند دن قبل چین سے منگوائی گئی کرونا ویکسین بھی لگوائی ہے۔

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    کرونا پازیٹیو ہونے کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں اور سفرا نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

    پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے عمران خان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، مودی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا، برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر، جرمن سفیر برنہارڈ شلاگیک، سری لنکن وزیر نمل راجا پکسکا، پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لِس روزن ہوم، اور پاکستان میں امریکی اور فرانسیسی سفارت خانوں نے ٹوئٹس کر کے وزیر اعظم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری، حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی

    چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری، حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی

    لاہور: چینی کمپنیوں کے ساتھ علامہ اقبال اسپشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لیے معامعلات طے ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں حکومت پنجاب نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے حوالےسے ایک رپورٹ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جس کی انھوں ںے منظوری دے دی۔

     6 چینی کمپنیاں علامہ اقبال اسپشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کریں گی، چینی سرمایہ کاروں کے لیے لاہور میں اسپشل ون ونڈو سینٹر بھی قائم کر دیاگیا۔

    نئی چینی کمپنیوں کو بھی سرمایہ کاری کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چینی قونصل جنرل نے مارچ میں مزید چینی کمپنیوں کے پاکستان آنے کی خوش خبری سنا دی، مجموعی طور پر 200 چینی کمپنیاں ری لوکیٹ ہو کر پنجاب میں سرمایہ کاری کریں گی، جب کہ اب تک چینی کمپنیوں سے ایک ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری پنجاب آ چکی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس سلسلے میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسپشل اکنامک زونز معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے، حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا، فیڈمک کے پلیٹ فارم سے اسپشل اکنامک زونز پر تیزی سے کام جاری ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

    چیئرمین فیڈمک کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کو ری لوکیشن کے لیے 1 ہزار ایکڑ زمین مختص کر دی گئی ہے، ان کو اسپشل اکنامک زون میں مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چینی کمپنیاں چین سے اپنا کارربار اسپشل اکنامک زون میں منتقل کر رہی ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا ویکسین کلینیکل ٹرائلز کے حوالے سے ایک اور بڑی خبر

    پاکستان میں کرونا ویکسین کلینیکل ٹرائلز کے حوالے سے ایک اور بڑی خبر

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے لیے ایک اور چینی کمپنی نے خواہش کا اظہار کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک اور چینی کمپنی نے بیجنگ میں پاکستانی مشن سے رابطہ کر کے پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

    چینی کمپنی نے پاکستانی مشن سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

    پاکستانی مشن کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ زافائی لانگ کام چینی صوبے اینوئی کی مقامی دوا ساز کمپنی ہے، جس نے چائینز سائنس اکیڈمی کے تعاون سے کرونا ویکسین تیار کی ہے، اب یہ کمپنی پاکستان میں ممکنہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی خواہش مند ہے۔

    پاکستان کی بڑی کامیابی ، کورونا ویکسین کے تیسرے کلینیکل ٹرائل 

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز مقامی فارما کمپنی کے تعاون سے ہوں گے، ٹرائلز کے لیے یہ کمپنی ویکسین اور ٹیسٹ کٹس پاکستان منتقل کرنا چاہتی ہے، چین سے آلات کی پاکستان منتقلی میں سفارت خانہ تعاون کرے۔

    مراسلے کے مطابق چینی کمپنی نے درخواست کی ہے کہ پاکستان میں کلینیکل ٹرائلز کے لیے آلات کی ترجیحی بنیاد پر کسٹم کلیئرنس کی جائے۔ جس پر وزارت خارجہ نے متعلقہ حکام سے مؤقف مانگ لیا ہے۔

    ادھر پاکستانی فارما کمپنی نے بھی چینی کمپنی کے ساتھ مجوزہ کلینیکل ٹرائلز کی تصدیق کر دی ہے، فارما کمپنی کے نمائندے ڈاکٹر احمد عاطف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ویکسین کلینیکل ٹرائلز کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری ہیں، ٹرائلز کا آغاز حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

    ڈاکٹر احمد عاطف نے بتایا کہ کلینیکل ٹرائلز کے لیے جلد ڈریپ کو باضابطہ درخواست دی جائے گی، ڈریپ سے ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی اجازت جلد ملنے کی امید ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں چینی کمپنی کین سائینو کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز پہلے ہی سے جاری ہیں۔

  • ٹائیگرز فورس کی مقبولیت چین تک پہنچ گئی

    ٹائیگرز فورس کی مقبولیت چین تک پہنچ گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگرز فورس کی عالمی سطح پر پذیرائی ہونے لگی ہے، چین تک بھی اس کی گونج پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے ٹائیگرز فورس قائم کرنے کے اقدام کی تعریف کر دی ہے، اور پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ٹائیگرز فورس سے متعلق معلومات اور تجربے کا تبادلہ کیا جائے۔

    اس سلسلے میں آل چائنا یوتھ فیڈریشن کے عہدے داران نے پاکستانی حکام کو ایک خط بھیجا ہے جس میں رضاکاروں پر مشتمل ٹائیگرز فورس پر آپریشنل تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ عثمان ڈار کی سربراہی میں کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی فورس بنائی گئی ہے، پاکستان میں اس فورس کے اقدامات کو عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، چائینز یوتھ بھی پاکستان کی ٹائیگرز فورس کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش مند ہے۔

    ٹائیگر فورس ڈے: نوجوان ایک دن میں ملین درخت لگائیں گے

    خط میں کہا گیا ہے کہ چین کو بھی کرونا وبا کے باعث معاشی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے چین وبائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹائیگرز فورس کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، پاکستان ٹائیگرز فورس سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرے تو شکر گزار ہوں گے۔

    خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ چین ٹائیگرز فورس کے مثبت اقدام کی اپنے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیر کے لیے تیار ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے خط پر رد عمل میں کہا ہے کہ خوشی ہے وزیر اعظم کے اقدام کی عالمی سطح پر تعریف ہو رہی ہے، ٹائیگرز فورس کے قیام کا فیصلہ زمینی حقائق اور دور اندیشی پر مبنی تھا، ہم خط کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد اس کا جواب دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین میں یوتھ ایکسچینج پروگرام پر کام پہلے سے جاری ہے، دونوں ممالک میں نوجوانوں کی تربیت سے متعلق معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔

  • سندھ کی بڑی یونی ورسٹی میں چینی زبان پر ڈگری پروگرام کا معاہدہ ہو گیا

    سندھ کی بڑی یونی ورسٹی میں چینی زبان پر ڈگری پروگرام کا معاہدہ ہو گیا

    کراچی: جامعہ کراچی میں چینی زبان اور ثقافت پر مبنی 4 سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی یونی ورسٹی میں ڈگری پروگرام کے لیے پہلے 2 سال کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جب کہ آخری 2 سال کی کلاسز سچوان نارمل یونی ورسٹی چین میں ہوں گی۔

    یہ پروگرام جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونی ورسٹی کے اشتراک اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن (چین) کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے، جامعہ کراچی میں چینی زبان اور ثقافت پر مبنی چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔

    جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جب کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی ڈائریکٹر شاؤپنگ نے معاہدے پر دستخط کیے، دستخط کے سلسلے میں ڈائریکٹر شاؤپنگ نے سچوان نارمل یونی ورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر وانگ مینگی (Professor Dr Wang Mingyi) اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن (چین) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ماجیانفی (Professor Dr Ma Jianfei) کی نمائندگی کی۔

    پاکستان اور چین کے درمیان ایک اور بڑا معاہدہ طے پاگیا

    مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلبہ پہلے دو سال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جب کہ آخری دو سال کا تدریسی عمل سچوان نارمل یونی ورسٹی چین میں مکمل کریں گے، یہ پروگرام شروع کر کے جامعہ کراچی پاکستان کی پہلی جامعہ بن گئی ہے۔

    اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو چینی زبان اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے، عصر حاضر میں چین ایک بڑی عالمی معیشت بن کر ابھرا ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی نئے سنگ میل عبور کر رہا ہے اس ضمن میں چینی زبان اور کلچر سے آگاہی انتہائی ناگزیر ہے۔

    انھوں نے کہا اس ضمن میں طلبہ اور اساتذہ کے ایکس چینج پروگرامز اور ریجنل اسٹڈی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے، چین میں دوران تدریس سینٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن طلبہ کو اسکالر شپ فراہم کرے گا جس میں ٹیوشن اور رہائش کے اخراجات شامل ہیں۔

    چینی ڈائریکٹر پروفیسر ژانگ شاؤپنگ (Zhang Xiaoping) نے کہا کہ جامعہ کراچی میں قائم کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ ملک کا سب سے بڑا انسٹی ٹیوٹ بن چکا ہے جس میں 30 چینی اساتذہ، 2 مقامی اساتذہ اور جامعہ کراچی سمیت 6 ٹیچنگ سائٹز ہیں جس میں 7 ہزارسے زائد طلبہ انرولڈ ہیں۔

    دستخط تقریب میں رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان، ممبر سنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحب زادہ معظم قریشی، ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین، ناظم مالیات طارق کلیم، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت اور چائنیز فیکلٹی ممبران اور دیگر بھی موجود تھے۔

  • صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین روانہ

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین روانہ

    اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے، ڈاکٹر عارف علوی چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں، دورے کا مقصد چینی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا ہے۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیاتی امور اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان کل بیجنگ میں مزید معاہدے ہوں گے، انھوں نے آج اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے خبر دی کہ کل بیجنگ میں مزید پاک چین معاہدے ہوں گے، اور نئے معاہدوں کے تحت 2 نئے ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔

    اسد عمر نے لکھا کہ ورکنگ گروپس سی پیک، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ہوں گے، معاہدوں سے سی پیک معاہدہ انفرا اسٹرکچر سے اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوگا، سی پیک کا نیا مرحلہ باہمی تعاون اور شراکت کو مزید وسعت دے گا، نئے معاہدوں سے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز ہوگی۔

    چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل کراچی پہنچیں گے، سخت حفاظتی اقدامات

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ توسیع کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، اور اب تعاون کے شعبہ جات بھی بڑھ رہے ہیں اور شراکت داری کے منصوبے بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

  • سمندری پانی سے برف بنانے کا پاکستان کا پہلا منصوبہ

    سمندری پانی سے برف بنانے کا پاکستان کا پہلا منصوبہ

    کراچی: فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی اور چینی کمپنی فجیان فشریز کے درمیان اہم معاہدے ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اور چینی کمپنی کے درمیان سی فوڈ پروسیسسنگ پلانٹ، سمندر کے پانی سے برف بنانے والی فیکٹری، چھوٹے ماہی گیروں کے لیے فائبر کی جدید کشتیوں کی فراہمی اور ٹریننگ سمیت اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔

    معاہدوں پر فشر مینز سوسائٹی کے چیئرمین عبدالبر اور چینی فجیان فشریز آف چائنا کے چیئرمین زہنگ شوئی منگ نے دستخط کیے۔ چیئرمین فجیان فشریز نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مشترکہ منصوبوں سے پاک چین دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

    زہنگ شوئی منگ کا کہنا تھا کہ ایف سی ایس اور فجیان فشریز کے جدید ترین آلات کی فراہمی کے مشترکہ منصوبوں کے بعد پاکستانی ماہی گیری صنعت میں انقلاب آ جائے گا۔

    چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے ایف سی ایس فجیان فشریز کو فیکٹریز لگانے کے لیے زمین فراہم کرے گی، سمندری پانی کو صاف کر کے اس سے برف بنانے کا یہ پاکستان میں پہلا منصوبہ ہوگا، ماہی گیروں کو آسان شرائط اور آسان اقساط پر فائبر کی جدید ترین چھوٹی لانچیں فراہم کی جائیں گی۔

    چیئرمین عبدالبر کا کہنا تھا کہ ہم 2021 تک پاکستان کو فشریز سیکٹر سے 100 کروڑ ڈالرز زرمبادلہ کما کر دیں گے۔

  • چین کے لیے فضائی آپریشن بحال، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

    چین کے لیے فضائی آپریشن بحال، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

    اسلام آباد: چین کے لیے فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، پہلی پرواز نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان فضائی آپریشن آج سے بحال ہوگیا، فضائی آپریشن کرونا وائرس کے باعث بند کیا گیا تھا، آج 9 بجے ارومچی سے سدرن چائنا ایئر کی پرواز سی زیڈ 6007 اسلام آباد پہنچی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چین سے آنے والی پرواز کے ذریعے 61 پاکستانی وطن واپس پہنچے ہیں، ایئرپورٹ پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے جو اسکریننگ کی نگرانی کر رہے ہیں، ان کے ساتھ سیکریٹری ہیلتھ اللہ بخش بھی موجود تھے۔ چین سے دوسری پرواز صبح ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے گی، خیال رہے کہ 40 طلبہ رات گئے دوحا سے پرواز کیو آر 632 میں اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے تھے۔ مجموعی طور پر چین سے 101 پاکستانی اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ

    چین سے پہنچنے والے مسافروں کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر اسکریننگ کی جا رہی ہے

    گئے ہیں۔

    پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے چین کے لیے 29 جنوری کو فضائی آپریشن عارضی طور بند کر دیا تھا، براہ راست فضائی آپریشن معطلی کا لیٹر 2 فروری تک کے لیے جاری کیا گیا تھا۔

    کرونا وائرس کے علاج میں ابتدائی کامیابی، حوصلہ افزا نتائج

    سینئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن عبدالستار کھوکھر نے بتایا کہ فضائی آپریشن پر پابندی میں مزید اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چین میں موجود پاکستانیوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے، کراچی کے رہایشی محمد آفتاب نے اہلیہ اور دو بیٹیوں کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا کہ یہاں صحت کی بہتر سہولتیں ہیں، علاج ہو رہا ہے، کراچی آئے تو وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، دعا کریں کہ جلد یہ وائرس ختم ہو۔

    خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 304 ہو گئی ہے، جب کہ 15 ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں، چینی ماہرین نے ان تھک محنت سے آٹھ روز میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال تیار کر لیا ہے۔