Tag: پاک چین

  • ’چین کی جانب سے یہ اسکول بیگ نہیں محبت کا تحفہ ہے‘

    ’چین کی جانب سے یہ اسکول بیگ نہیں محبت کا تحفہ ہے‘

    اسلام آباد: انجمن ہلال احمر اور چین کی جانب سے دیہی علاقوں کے بچوں میں اسکول بیگ تقسیم کیے گئے، اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج انجمن ہلال احمر اور چین کی جانب سے بچوں میں 20 ہزار اسکول بیگ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس سے چیئرمین ہلال احمر سوسائٹی ابرار الحق نے خطاب کیا۔

    ابرار الحق نے کہا کہ یہ اسکول بیگ نہیں بلکہ محبت کا بہترین تحفہ ہے، چین کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔

    اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے تعلقات کا نیا دور ہے، سی پیک کے تحت اسپتال اور ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان نے ایجوکیشن فار آل کا ویژن دیا ہے، چین کی کمپنیاں اسکل ڈیولپمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو تیارہیں۔

    عدالت نے ابرار الحق کو بہ طور چیئرمین ہلال احمر بحال کر دیا

    یاد رہے کہ معروف گلو کار ابرار الحق کو 15 نومبر کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، تاہم عدالت میں ان کی تعیناتی کے خلاف دی جانے والی درخواست پر 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے انھیں معطل کر دیا تھا۔

    بعد ازاں 26 دسمبر 2019 کو کیس کی متعدد سماعتوں کے بعد عدالت نے ابرار الحق کی بہ طور چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی درست قرار دے دی تھی، اور انھیں عدالتی حکم کے ذریعے بحال کر دیا۔

  • سرحدی شہر میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز واپس بھیجے جائیں گے

    سرحدی شہر میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز واپس بھیجے جائیں گے

    گلگت: گلگت بلتستان کے علاقے اپر ہنزہ میں سرحدی شہر سوست میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز واپس بھیجے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کے ساتھ سرحد پر خنجراب پاس 23 دسمبر کو ایک دن کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے سرحدی شہر سوست میں پھنسے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز کو واپس بھیجا جائے گا۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ 80 سے زائد کنٹینرز پر پاکستانی تاجروں نے چین سے مال منگوایا تھا، جو اَب پاکستان کے سرحدی شہر سوست میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاک چین معاہدے کے تحت سرحد 30 نومبر کو بند کی جاتی ہے، سرحد کی بندش سے چینی ڈرائیورز اور کنٹینرز سوست میں پھنسے ہوئے تھے، دوسری طرف پاک چین سرحد سیاحتی مقاصد کے لیے یکم اپریل 2020 کو کھولی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک چین معاہدہ : یکم جنوری سے پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی ہوگی

    خیال رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ ہوا ہے، جس میں طے پایا ہے کہ پاکستان کی 313 مصنوعات کو یکم جنوری سے ڈیوٹی فری رسائی ہوگی اور پاکستان کو آسیان ممالک کے برابرمراعات ملیں گی۔ جب کہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدہ دوئم یکم دسمبر سے شروع ہو گیا ہے، تجارتی معاہدہ دوئم کے تحت مصنوعات پر مراعات کا اطلاق دو طرفہ ہوگا۔

    وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چین پاک آزاد تجارتی معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے مابین دیرینہ دوستی اور لازوال رشتے کا مظہر ہے بلکہ اس سے پاکستانی تاجروں کو چین کی منڈیوں میں زیرو ڈیوٹی شرح سے مصنوعات برآمد کرنے کی سہولت بھی ملے گی۔

  • مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    بیجنگ: مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    چین نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاک چین قیادت اس بات پر متفق تھی کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، چین نے کہا دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات تسلیم کرے۔

    پاکستان اور چین نے سی پیک کی جلد سے جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا، چین نے اس حوالے سے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی ہوگی، گوادر پورٹ بہتر سہولتوں کے بعد جلد خطے کا تجارتی مرکز بنے گا۔

    دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے مفادات پر مکمل تعاون کا عزم بھی کیا،وزیر اعظم عمران خان چین کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

  • پاک چین دوستی امن و ترقی کی علامت ہے: فردوس عاشق اعوان

    پاک چین دوستی امن و ترقی کی علامت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ اور وزیر اعظم عمران خان کا گرمجوشی کا انداز آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیر اعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال دونوں سدا بہار دوستوں کے لازوال اور گہرے رشتے کا درخشاں باب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔ چینی وزیر اعظم نے عمران خان کے سی پیک منصوبوں پر تیز رفتاری سے تکمیل کے عزم اور پیشرفت پر شکریہ ادا کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت سی پیک منصوبوں پر تیز تر اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی بحران پر گفتگو آئینہ دار ہے کہ عمران خان ہر محاذ پر کشمیریوں کے حق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

  • خیبر پختون خوا کا دارالحکومت پشاور اور چین کا شہر زازو جڑواں قرار

    خیبر پختون خوا کا دارالحکومت پشاور اور چین کا شہر زازو جڑواں قرار

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور اور چین کے شہر زازو کو جڑواں شہر قرار دے دیا گیا، دونوں شہر جڑواں قرار دینے سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت اور چینی حکام کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کے سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    مفاہمت کی یادداشت پر دستخط زازو شہر کے نائب میئر زو ڈونگائی اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے کیے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت میں اس کی تصدیق کی۔

    ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کے تحت دونوں شہروں کو جڑواں قرار دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں کےبہترنتائج سامنےآرہے ہیں، چینی نیوزپورٹل

    انھوں نے مزید کہا کہ زازو شہر کے سرمایہ کار پشاور میں سرمایہ کاری کریں گے، پشاور الیکٹرک کار اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں دارالحکومت معیشت اور تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی، ثقافت، تعلیم اور عوامی صحت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

    انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کے پی صوبہ زازو شہر کی ٹرانسپورٹ اور اقتصادی زونز کی تعمیر میں مہارتوں سے بھی مستفید ہوگا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل چینی نیوزپورٹل سینا نیوز کا کہنا تھا کہ پاکستانی معشیت میں بہتری کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں کے بہتر نتایج سامنے آ رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات

    وزیر اعظم سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکورٹی اور قیام امن سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یہ ملاقات وزیر اعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی سمیت سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

    یاد رہے گزشتہ روز وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین جنرل ژو کلیانگ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی، اس دوران پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی تھی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کی حمایت کو سراہا۔ چینی جنرل نے اس موقع پر کہا تھا کہ ہم پاکستان سے اپنے مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    ادھر آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجیم کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے انھیں آگاہ کیا، بیلجیم کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

  • چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین جنرل ژو کلیانگ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کی حمایت کو سراہا۔

    چینی جنرل نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان سے اپنے مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    دریں اثنا، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دفاعی تعاون کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے، چینی جنرل نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

  • چین کے نائب صدر وانگ کشان تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاہ محمود نے استقبال کیا

    چین کے نائب صدر وانگ کشان تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاہ محمود نے استقبال کیا

    اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر وانگ کشان تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے نائب صدر پاکستان پہنچ گئے ہیں، شاہ محمود نے ان کا استقبال کیا، وانگ کشان صدر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    چینی نائب صدر کے دورے میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، چینی نائب صدر لاہور بھی جائیں گے جہاں وہ تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے چینی نائب صدر وانگ کشان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

    دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورے میں مختلف معاہدوں اور یادواشتوں پر دستخط ہوں گے، چین کے نائب صدر مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ 3 روزہ دورہ ظاہر کرتا ہے کہ پاک چین باہمی تعلقات کتنے گہرے ہیں۔

  • چینی سرمایہ کار گروپ کا اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان

    چینی سرمایہ کار گروپ کا اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان

    کراچی: پاکستان کے لیے ایک اچھی خبر آ گئی، چینی سرمایہ کار گروپ نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سرمایہ کار گروپ پاور چائنا نے کوئلے اور ونڈ انرجی میں اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس سلسلے میں آج پاور چائنا اور پورٹ قاسم الیکڑک پاور کمپنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کی۔

    گروپ کے نمائندے شینگ یومنگ نے میڈیا کو بتایا کہ پاور چائنا کمپنی توانائی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے۔

    شینگ یومنگ نے پاکستان کے موجودہ معاشی بحران کو عارضی قرار دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی خلانوردوں کو خلا میں بھیجنے کی راہ ہموار، چین نے معاہدہ کرلیا

    یاد رہے کہ چند دن قبل بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان خلائی ٹیکنالوجی منتقلی کا معاہدہ بھی ہو گیا ہے، معاہدے کے تحت دونوں ممالک مل کر سائنسی اور تیکنیکی ترقی کے تجربات کریں گے۔

    اس معاہدے کے بعد پاکستانی خلا نوردوں کو خلا میں بھیجنے کی راہ ہم وار ہوگئی ہے، پاکستانی اور چینی خلا نوردوں کو مشترکہ طور پر اب خلائی مشن پر بھیجا جائے گا اور چین پاکستان کی خلائی تحقیق میں مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔

  • پاکستانی اور چینی وزرائے خارجہ ملاقات، پاک چین تعلقات، سی پیک اور خطے کی سیکیورٹی پر بات چیت

    پاکستانی اور چینی وزرائے خارجہ ملاقات، پاک چین تعلقات، سی پیک اور خطے کی سیکیورٹی پر بات چیت

    بیجنگ: وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمودقریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی.

    تفصیلات کے مطابق آج بیجنگ میں وزیر خارجہ پاکستان کی چین کے وزیر خارجہ مسٹر وانگ ژی سے ملاقات ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین خطےمیں امن و امان کی صورت حال پر گفتگو ہوئی.

    ملاقات میں کثیرالجہتی امور میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، پاک چین تعلقات، سی پیک، خطے کی سیکیورٹی، افغان امن عمل پر بات چیت ہوئی.

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، دونوں ممالک خطے میں تعمیروترقی کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں. وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے.

    خیال رہے کہ چین کے دورے سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ نے جاپان کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے جاپانی وزیر خارجہ سمیت اہم ملاقاتیں کیں.

    مزید پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    ٹوکیو میں چیئرمین جاپان پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی کی طرف سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا.

    اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت امن و استحکام، تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔